ایشیا کپ 2025 ۔ شیڈول کا اعلان،ہند۔پاک ٹکر 14 ستمبر کو

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 27-07-2025
ایشیا کپ 2025 ۔ شیڈول کا اعلان،ہند۔پاک ٹکر 14 ستمبر کو
ایشیا کپ 2025 ۔ شیڈول کا اعلان،ہند۔پاک ٹکر 14 ستمبر کو

 



ڈھاکہ ۔ رواں برس ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ 2025 کو کسی غیر جانبدار (نیوٹرل) مقام پر منعقد کرنے پر ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ میڈیا کے مطابق ایشیا کپ 2025 کے لیے ہندوستان اور پاکستان کو ایک ہی گروپ میں رکھا جائے گا۔ جمعرات کے روز بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں کونسل کے رکن ممالک نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئی۔ ہندوستان نے اس اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔

رپورٹس کے مطابق ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی ہے کہ ٹورنامنٹ کو کسی نیوٹرل وینیو پر منعقد کیا جائے۔ دبئی اور ابوظبی کو ممکنہ مقامات کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرکٹ بورڈ کے ساتھ تین وینیوز کے استعمال پر معاہدہ ہو چکا ہے، تاہم امکان ہے کہ صرف دو اسٹیڈیمز استعمال کیے جائیں گے۔یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 کی میزبانی کے حقوق ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے پاس ہیں، لیکن مئی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے باعث یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ نہ تو ہندوستان ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا اور نہ ہی شرکت کرے گا۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کے درمیان آئندہ چند روز میں ملاقات متوقع ہے۔ اسی ملاقات میں ٹورنامنٹ کے وینیوز اور مکمل شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی۔یہ ٹورنامنٹ ستمبر میں شیڈول ہے اور اسے آئندہ برس فروری میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے ایک اہم ایونٹ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ٹورنامنٹ کی مالی معاونت کا بڑا انحصار ہندوستانی اسپانسرز اور نشریاتی اداروں پر ہے۔ سال 2024 میں ہندوستانی نشریاتی ادارے 'سونی پکچرز نیٹ ورکس' نے ایشیا کپ کے میڈیا حقوق آٹھ سال کے لیے 17 کروڑ ڈالر کے معاہدے کے تحت حاصل کیے تھے۔

ایشیا کپ کے لیے ستمبر میں 19 دن مختص کیے گئے ہیں، جس دوران ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دو میچز ممکن ہیں، جبکہ فائنل یا سیمی فائنل میں بھی دونوں ٹیموں کے آمنے سامنے آنے کا امکان ہے، جس سے نشریاتی اداروں کو اشتہارات کے ذریعے بھاری آمدنی حاصل ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو اطلاع دی تھی کہ اگر اجلاس ڈھاکہ میں منعقد ہوا تو وہ شرکت نہیں کرے گا، جس کی وجہ بنگلہ دیش کے ساتھ جاری سیاسی کشیدگی بتائی گئی۔ تاہم بعد ازاں راجیو شکلا نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی تصدیق کر دی۔