ایشیا کپ - ہند - پاک ٹکر، کون ہوگا سیر کون ہوگا سوا سیر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-09-2025
ایشیا کپ - ہند - پاک ٹکر،  کون ہوگا سیر کون ہوگا سوا سیر
ایشیا کپ - ہند - پاک ٹکر، کون ہوگا سیر کون ہوگا سوا سیر

 



 دبئی :: کرکٹ کی دنیا میں ہندوستان اور پاکستان کا میچ سب سے بڑا اور سنسنی خیز مقابلہ مانا جاتا ہے، مگر دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث گزشتہ کئی برسوں سے یہ ٹیمیں صرف عالمی ٹورنامنٹس میں ہی آمنے سامنے آتی رہی ہیں۔ رواں برس مئی میں چار روز تک جاری رہنے والی جھڑپ کے بعد اتوار کو پہلی بار ہندوستان اور پاکستان ایشیا کپ کے شیڈول گروپ میچ میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔

دونوں ملکوں کی کروڑوں عوام اس میچ کے شدت سے منتظر ہیں، البتہ ہندوستان کی جانب سے کئی بار اس میچ کو منسوخ کرنے اور بائیکاٹ کی خبریں بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان یہ تاریخی مقابلہ اتوار کی شام دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ساڑھے سات بجے شروع ہوگا جبکہ ٹاس سات بجے ہوگا۔

ہندوستان اس وقت ٹی20 کرکٹ کا موجودہ چیمپئن ہے جبکہ پاکستان نے حالیہ پانچ ٹی20 سیریز میں سے تین اپنے نام کی ہیں۔

ای ایس پی این کے مطابق ہندوستان اور پاکستان اب تک ٹی20 کرکٹ فارمیٹ میں 13 بار ایک دوسرے کے مد مقابل آ چکے ہیں جن میں نو بار ہندوستان نے کامیابی حاصل کی، تین میچوں میں پاکستان فاتح رہا جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا۔

کرکٹ کے امور پر گہری نظر رکھنے والے ماہر شاکر عباسی کا کہنا ہے کہ اگرچہ حالیہ کشیدگی کے بعد اس میچ کی اپنی اہمیت ہے، لیکن ٹی20 کرکٹ کو ممکنات کا کھیل کہا جاتا ہے۔ اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’ہمارے پاس کھونے کو کچھ نہیں، ہم ٹی20 رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہیں، نہ کوئی دباؤ ہے نہ بوجھ۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے مقابلے میں ہندوستان پر زیادہ دباؤ ہے۔ وہ موجودہ عالمی چیمپئن ہے اور اس وقت دنیا کی نمبر ون ٹی20 ٹیم بھی۔ اس لیے سارا دباؤ انہی پر ہے، ہندوستان کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ نمبر ون ہے، جبکہ پاکستان کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں، بس کھیلنا اور جیتنا ہے۔‘‘

سوشل میڈیا پر شائقینِ کرکٹ اس بڑے مقابلے کو لے کر ملے جلے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایکس پر صارف موہت چوہان نے ایک میم شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’ہندوستان اور پاکستان کے میچ کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔

امنے سامنے کا ریکارڈ

 دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی میچوں میں شاندار فتوحات حاصل کر چکی ہیں۔ ہندوستان نے میزبان متحدہ عرب امارات کو نو وکٹوں سے باآسانی شکست دی، جبکہ پاکستان نے ہانگ کانگ، چین کو 93 رنز کے بڑے فرق سے مات دی۔ان نتائج کے بعد اتوار کا میچ سپر فور تک رسائی کی دوڑ میں نہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ اس مقابلے میں فتح جہاں اعزاز کا باعث ہوگی، وہیں ابتدائی مرحلے میں کوالیفکیشن کے امکانات بھی مزید مضبوط کرے گی۔

اس وقت ہندوستان مردوں کی ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگ میں نمبر 1 ٹیم ہے اور وہ موجودہ عالمی اور براعظمی چیمپئن بھی ہے۔ ایشیا کپ کی تاریخ میں ہندوستان سب سے کامیاب ٹیم ہے جس نے آٹھ مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

سوریا کمار یادو کی قیادت میں 15 رکنی ہندوستانی اسکواڈ متحدہ عرب امارات میں کھیل رہا ہے، جبکہ شبمن گل نائب کپتان کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اسکواڈ میں فارم میں موجود نوجوان کھلاڑی ابھیشیک شرما اور تلک ورما، انڈین پریمیئر لیگ کے ستارے رنکو سنگھ اور جیتیش شرما، اور جسپریت بمراہ کی قیادت میں خطرناک باؤلنگ یونٹ بھی شامل ہے۔

پاکستان کی ٹیم اس وقت ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے۔ وہ دو مرتبہ ایشیا کپ جیت چکی ہے اور اس بار کپتان سلمان علی آغا کی قیادت میں تیسری ٹرافی کی تلاش میں ہے۔

بابر اعظم اور محمد رضوان کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، تاہم پاکستانی ٹیم کے پاس اب بھی مضبوط کھلاڑی موجود ہیں، جن میں فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، محمد حارث، محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

ٹی20 انٹرنیشنل فارمیٹ میں اب تک ہندوستان اور پاکستان کی 13 بار ٹکر ہوئی ہے، جن میں ہندوستان نے 9 جبکہ پاکستان نے 3 میچ جیتے ہیں۔ ان میں سے ایک فتح پاکستان نے 2022 کے ایشیا کپ میں دبئی میں حاصل کی تھی، جو ہندوستان کے خلاف ٹی20 میں ان کی آخری کامیابی تھی۔

2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں نیویارک میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلے میں ہندوستان نے پاکستان کو چھ رنز سے ہرایا تھا۔ اس میچ میں جسپریت بمراہ نے جادوئی باؤلنگ کر کے پاکستان کی جیت کے امکانات کو خاک میں ملا دیا تھا۔ایشیا کپ کی تاریخ میں ہندوستان اور پاکستان 19 بار ون ڈے اور ٹی20 فارمیٹ میں آمنے سامنے آ چکے ہیں، جن میں ہندوستان نے 10، پاکستان نے 6 میچ جیتے، جبکہ تین مقابلے منسوخ ہوئے

بات جذبات کی 

 ہندوستان کے اسسٹنٹ کوچ رائن ٹین ڈوسکاٹے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کھلاڑی اپنے متنازعہ مقابلے کے حوالے سے عوامی جذبات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ یہ مقابلہ اتوار کو دبئی میں ایشیا کپ کے دوران روایتی حریف پاکستان کے خلاف ہوگا۔ انہوں نے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے پیغام کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کھلاڑیوں کو اپنی جذباتیت قابو میں رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔

پبلک غصے کی اصل وجہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گرد حملہ ہے، جس میں پاکستان کی سرپرستی میں مذہب کے نام پر 22 اپریل کو 26 سیاح جاں بحق ہوئے۔ اس پس منظر میں اس میچ کے حوالے سے جذبات ملے جلے ہیں اور پاکستان کے خلاف بائیکاٹ کی آوازیں بھی اٹھتی رہی ہیں۔

میچ سے پہلے شائقین سوشل میڈیا پر یہ اعلان کر رہے ہیں کہ وہ یہ مقابلہ دیکھنے کے لیے ٹی وی نہیں کھولیں گے۔ اس معاملے پر حکومتِ ہند نے گزشتہ ماہ ایک نئی پالیسی بنائی تھی، جس کے مطابق ہندوستانی کھلاڑی ان بین الاقوامی ایونٹس میں حصہ لے سکتے ہیں جن میں پاکستانی ٹیمیں بھی شامل ہوں، لیکن ہندوستان پاکستان میں کسی ایونٹ میں شریک نہیں ہوگا اور نہ ہی کسی دو طرفہ سیریز کا حصہ بنے گا۔

 ٹین ڈوسکاٹے نے اس تنازعہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ذاتی طور پر انہیں یقین نہیں تھا کہ ٹیم واقعی ایشیا کپ کے لیے سفر کرے گی کیونکہ طویل عرصے تک شیڈول غیر یقینی رہا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ "سنجیدہ معاملہ" ٹیم میٹنگ میں زیرِ بحث آیا ہے اور کھلاڑی جتنا ممکن ہو سکے گا پیشہ ورانہ رویہ اپنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ یقینی طور پر حساس مسئلہ ہے اور مجھے کوئی شک نہیں کہ کھلاڑی ہندوستانی عوام کے جذبات کو سمجھتے ہیں۔ ایشیا کپ طویل عرصے تک غیر یقینی میں رہا، اور ہمیں لگ رہا تھا کہ شاید ہم نہیں جائیں گے۔ لیکن حکومتِ ہند کے مؤقف کے بعد اب کھلاڑیوں کو اپنی ذاتی جذباتیت پیچھے چھوڑ کر ملک کے لیے کھیلنا ہوگا۔"

انہوں نے مزید کہا:"یہ موضوع آج ٹیم میٹنگ میں زیر بحث آیا۔ ہم عوام کے احساسات جانتے ہیں لیکن ساتھ ہی کھلاڑیوں کو کل ایک بار پھر ملک کے لیے کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، اس لیے وہ زیادہ سے زیادہ فوکسڈ اور پروفیشنل رہیں گے۔" انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ گوتم گمبھیر کا پیغام یہی ہے کہ کھلاڑی "بے جذباتی" کے ساتھ میچ میں اتریں اور ایسی باتوں کی فکر نہ کریں جو ان کے کنٹرول میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیاری میں کوئی خاص تبدیلی نہیں کی گئی، بس کھلاڑیوں کو کرکٹ پر توجہ دینے اور غیر ضروری دباؤ سے بچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

پہلگام حملے پر کسی بیان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ٹین ڈوسکاٹے نے کہا کہ کھلاڑی ہندوستانی حکومت اور بی سی سی آئی کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق:"کچھ لوگ کھیل اور سیاست کو الگ رکھنے کے قائل ہیں۔ ہم حکومت اور بورڈ کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں، اور ہمارا کھیل ہی اس وقت عوام کے جذبات کی نمائندگی کرے گا

پچ کا معائنہ

  ایشیا کپ میں اتوار کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف ہونے والے میچ سے ایک روز قبل ہندوستانی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور کپتان سوریہ کمار یادو نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی پچ کا بغور معائنہ کیا۔

گمبھیر اور سوریہ کمار پچ کے قریب گئے، گمبھیر نے جھک کر اپنے دونوں ہاتھوں سے سطح کو چھوا تاکہ پچ کی سختی کا اندازہ لگایا جا سکے۔

بدھ کو ہندوستان نے اپنے مہم کا آغاز شاندار انداز میں کیا، جب انہوں نے یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر کلدیپ یادو کی گھومتی گیندوں نے کمال دکھایا اور یو اے ای کی ٹیم محض 57 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جو اس ٹورنامنٹ کی تاریخ کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔ جواب میں ہندوستان نے صرف 4.3 اوورز میں ہدف حاصل کر کے فاتحانہ آغاز کیا۔

ادھر پاکستان کی بیٹنگ لائن عمان کے خلاف جدوجہد کرتی نظر آئی، جب اوپنر صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ آخر میں چند کھلاڑیوں کی کارکردگی کے باعث پاکستان 160/7 تک پہنچ سکا۔

پہلی اننگز کے دوران وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کھلاڑیوں کی کارکردگی پر نوٹس لیتے ہوئے پریشان نظر آئے۔ تاہم اسپنرز محمد نواز، سفیان مقیم اور ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 93 رنز کی بڑی جیت دلوائی۔

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے اس مقابلے کے حوالے سے جذبات ملے جلے ہیں۔ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ میچ ہونا چاہیے، جب کہ دوسرا حلقہ اس کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہا ہے۔ یہ غصہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو پاکستان کی سرپرستی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد بڑھا ہے، جس میں 26 سیاح مارے گئے تھے۔

سوشل میڈیا پر میچ سے قبل ہی کئی مداحوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ یہ ٹاکرا نہیں دیکھیں گے۔

ایشیا کپ کے لیے ہندوستان کی ٹیم: سوریہ کمار یادو (کپتان)، شبھمن گل، ابھیشیک شرما، تلاک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، جیتیش شرما، اکشر پٹیل، جسپریت بمرا، ورن چکرورتی، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادو، سنجو سیمسن، ہرشت رانا، رنکو سنگھ۔

ایشیا کپ کے لیے پاکستان کی ٹیم: سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فاران، صائم ایوب، سلمان مرزا، شاہین آفریدی، سفیان مقیم۔ (