دبئی: ایشیا کپ ٹی20 کے سپر فور مرحلے کے چوتھے مقابلے میں ہندوستان نے بنگلہ دیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ابوظبی کے شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے گئے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے چھ وکٹیں کھو کر 169 رنز بنائے۔جواب میں بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن مقررہ ہدف کے تعاقب میں آخری اوور تک جدوجہد کرتی رہی لیکن پوری ٹیم 127 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئی۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹیں گنوا کر 168 رنز اسکور کیے۔
بنگلہ دیش کی اننگز
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 127 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ سیف حسن 51 گیندوں پر 69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ پرویز حسین ایمون نے 21، توحید ہردوائے نے سات، ذاکر علی اور محمد سیف الدین نے چار چار جبکہ رشاد حسین اور ناسوم احمد نے دو دو رنز جوڑے۔
ہندوستان کی جانب سے کلدیپ یادو نے تین، جسپریت بمرا اور ورون چکرورتھی نے دو دو جبکہ اکشر پٹیل اور تلک ورما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہندوستان کی اننگز
ہندوستان کی طرف سے ابھیشیک شرما نے 37 گیندوں پر 75 رنز کی شاندار اور جارحانہ اننگز کھیلی۔ شبھمن گل نے 29، ہاردک پانڈیا نے 38 رنز بنائے، جبکہ شیوم دوبے صرف دو، کپتان سوریا کمار یادیو اور تلک ورما پانچ پانچ رنز پر آؤٹ ہوئے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس فتح کے ساتھ ہندوستان ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا جبکہ سری لنکا فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔ تاہم، سپر فور مرحلے کا آخری میچ جمعے کو ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ہندوستان کے فائنل میں پہنچنے کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جمعرات کو ہونے والا میچ فیصلہ کن ہوگا، اور جیتنے والی ٹیم فائنل میں ہندوستان کا سامنا کرے گی۔