دبئی : ایشیا کپ 2025 کا فائنل ہندوستان اور روایتی حریف پاکستان کے درمیان 28 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔یہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہے کہ ہندوستان اور پاکستان فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے، جس سے اس مقابلے کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ اس سے قبل ہندوستان ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان کو دو بار شکست دے چکا ہے۔
گروپ مرحلے میں ہندوستان نے کلدیپ یادو کی شاندار گیند بازی (3/18) کی بدولت سات وکٹوں سے آسان فتح حاصل کی تھی۔
سپر فور کے معرکے میں ابھیشیک شرما کی 39 گیندوں پر دھواں دھار 74 رنز کی بدولت ہندوستان نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔
ابھیشیک شرما ہندوستان کے لیے ٹورنامنٹ کے سب سے نمایاں بلے باز رہے ہیں۔ انہوں نے لگاتار تیسری نصف سنچری اسکور کی اور سری لنکا کے خلاف 31 گیندوں پر 61 رنز بنائے، جس میں آٹھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ وہ 204.63 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 309 رنز بنا کر ایشیا کپ کی تاریخ میں سب سے کامیاب بیٹر بن گئے ہیں، جو اس سے پہلے پاکستان کے محمد رضوان (281 رنز، 2022) کے پاس تھا۔
ٹیم انڈیا کے دیگر نمایاں بیٹرز میں تلک ورما (144)، نائب کپتان شبھمن گل (115) اور وکٹ کیپر سنجو سیمسن (108) شامل ہیں۔ تاہم کپتان سوریا کمار یادو کی فارم تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال کپتانی سنبھالنے کے بعد سے مسلسل جدوجہد کی ہے اور 2025 میں اب تک صرف 99 رنز بنا سکے ہیں۔
بولنگ میں کلدیپ یادو شاندار فارم میں ہیں۔ انہوں نے چھ میچوں میں 13 وکٹیں حاصل کر کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر کی پوزیشن پر قبضہ جمایا ہے۔ تین مزید وکٹیں لے کر وہ ہاردک پانڈیا (14) کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں، جب کہ پانچ وکٹیں لے کر سری لنکا کے ونیندو ہسارنگا (17) کو بھی پیچھے چھوڑنے کا موقع مل سکتا ہے۔
پاکستان کے لیے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نمایاں بولرز رہے ہیں، دونوں نے چھ میچوں میں 9، 9 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ شاہین نے 6.91 کی شاندار اکانومی ریٹ برقرار رکھی ہے جبکہ رؤف کی اکانومی 7.84 رہی ہے۔
بیٹنگ میں صاحبزادہ فرحان سب سے آگے رہے ہیں جنہوں نے چھ اننگز میں 160 رنز بنائے ہیں۔ ان کے ساتھ فخر زمان (135) اور محمد حارس (131) نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایشیا کپ کے سنسنی خیز فائنل کے تمام ٹکٹس فروخت ہو گئے۔
منتظمین نے جیو نیوز کو تصدیق کی کہ 28 ہزار ناظرین کی گنجائش رکھنے والا اسٹیڈیم مکمل طور پر "ہاوس فل" ہے اور اس تاریخی مقابلے کے لیے ہر نشست پر تماشائی موجود ہوں گے۔ٹورنامنٹ میں اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچز میں بھی شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔ جیو نیوز کے مطابق 14 ستمبر کو گروپ میچ میں 20 ہزار تماشائی موجود تھے جبکہ 21 ستمبر کو سپر فور کے میچ میں 17 ہزار شائقین نے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔
سال1984 میں ایشیا کپ کے آغاز کے بعد سے اب تک 41 برسوں میں پہلی بار ہندوستان اور پاکستان فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ 2025 کے اس ایشیا کپ میں دونوں بار ہندوستان نے پاکستان کو یکطرفہ انداز میں شکست دی ہے۔
اعداد و شمار کے لحاظ سے بھی پاکستان اس فائنل میں انڈر ڈاگ ہے کیونکہ ہندوستان کے خلاف اب تک کھیلے گئے 15 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کو 12 میں شکست ہوئی ہے۔ تاہم پاکستان نے فائنل تک پہنچنے کے سفر میں کئی نشیب و فراز دیکھے۔ سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش کے خلاف ایک وقت پر شکست کے دہانے پر پہنچنے کے بعد کپتان سلمان آغا کی قیادت میں ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے 11 رنز سے کامیابی حاصل کی اور فائنل میں رسائی پائی۔
ادھر ہندوستان کو فائنل سے قبل ایک انجری کا خدشہ لاحق ہوا تھا جب ابھیشیک شرما اور ہاردک پانڈیا سری لنکا کے خلاف آخری سپر فور میچ میں کریمپس کا شکار ہو کر زیادہ وقت میدان سے باہر گزارنے پر مجبور ہوئے، تاہم بعد ازاں میڈیکل ٹیم نے دونوں کو فٹ قرار دے دیا ہے
کم غلطیاں جیت دلائیں گی
پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے اعلان کیا ہے کہ ہندوستان کے خلاف ایشیا کپ فائنل، جو شدید دباؤ کے ساتھ آتا ہے، میں وہ ٹیم ٹرافی اپنے نام کرے گی جو سب سے کم غلطیاں کرے گی۔ یہ مقابلہ اتوار کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کو اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان نے دونوں میچز میں آسانی سے شکست دی ہے۔ گروپ مرحلے اور سپر فورز دونوں میں ہندوستان نے پاکستان کا ہدف بآسانی حاصل کر لیا۔ اس کے باوجود سلمان آغا کا ماننا ہے کہ شکست کی اصل وجہ ہندوستانی برتری نہیں بلکہ پاکستان کی اپنی زیادہ غلطیاں تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ٹیم اپنی غلطیوں پر قابو پا لے تو کامیابی ان کے قدم چومے گی۔
انہوں نے پری میچ پریس کانفرنس میں کہا کہ "پاکستان اور ہندوستان دونوں پر بہت دباؤ ہے، اور اگر کوئی کہے کہ دباؤ نہیں ہے تو یہ غلط ہوگا۔ لیکن ہاں، ہم نے ان سے زیادہ غلطیاں کی ہیں، اسی لیے ہم میچز نہیں جیت پائے۔ میرا خیال ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے میچ میں جو ٹیم کم غلطیاں کرے گی، وہی کامیاب ہوگی۔"
ایشیا کپ میں اب تک کھیلے گئے 18 میچز میں سے 11 بار ٹاس جیتنے والی ٹیم فاتح رہی ہے۔ تاہم سلمان آغا کے نزدیک فائنل میں ٹاس کا زیادہ کردار نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم اپنی حکمتِ عملی پچ یا ٹاس کی بنیاد پر نہیں بلکہ مجموعی کارکردگی پر بناتی ہے۔
انہوں نے کہ ہم سب کو اندازہ ہو گیا ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں ہم نے وہ بیٹنگ نہیں کی جو کرنی چاہیے تھی۔ تو ممکن ہے کہ ہم نے اپنی بہترین کارکردگی فائنل کے لیے بچا رکھی ہو، اور ان شاء اللہ فائنل میں سب سے اچھا کھیل دکھائیں گے۔ میں نہیں سمجھتا کہ کسی میچ میں ٹاس اتنا اہم رہا ہے کیونکہ یہ آپ کے ہاتھ میں نہیں ہوتا۔ ٹاس تو صرف کھیل شروع کرنے کا طریقہ ہے، اور کل بھی یہی ہوگا۔"
ہندوستان کے حق میں امکانات زیادہ ہونے کے باوجود سلمان آغا پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "ہم جیتیں گے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم بہترین کرکٹ کھیلیں۔ اور ہمیں معلوم ہے کہ اگر ہم بہترین کھیل پیش کریں اور 40 اوورز تک اپنی منصوبہ بندی پر عمل کریں، تو ہم کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں۔"
ہندوستان کی ٹیم: سوریا کمار یادو (کپتان)، شبھمن گل، ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوَم دوبے، جیتیش شرما، اکشر پٹیل، جسپریت بمراہ، ورون چکرورتی، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادو، سنجو سیمسن، ہرشت رانا، رنکو سنگھ۔
پاکستان کی ٹیم: سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد حارس، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان مرزا، شاہین آفریدی، سفیان مقیم۔