پاکستان کی میزبانی : افغانستان تیار؟

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
افغان کرکٹ کومل سکتا ہے پاکستان میں کھیلنے کا موقع
افغان کرکٹ کومل سکتا ہے پاکستان میں کھیلنے کا موقع

 


آواز دی وائس، ایجسنی

افغانستان کرکٹ کے نئے چیئرمین عزیز اللہ فضلی نے بدھ کو کہا ہے کہ وہ رواں ہفتے کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ ایک روزہ سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کو مدعو کیا جا سکے۔

تازہ ترین پیش رفت پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے عزیز اللہ فضلی نے کہا کہ وہ کرکٹ کھیلنے والے دیگر علاقائی ملکوں کا دورہ کرنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

جنگ سے تباہ حال افغانستان نے گذشتہ چند سالوں کے دوران بین الاقوامی کرکٹ میں مسلسل ترقی کی ہے۔ دنیا کے ٹاپ سپنر راشد خان جیسے ستارے اس کی قومی ٹیم میں موجود ہیں لیکن گذشتہ ماہ سخت گیر طالبان کے ملک پر قبضے کے بعد مردوں کی قومی ٹیم کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

حکومت کی تبدیلی نے ٹیسٹ میچوں میں افغانستان کی شرکت کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضوابط کے تحت کسی ملک کے پاس خواتین کی بھی ایک فعال ٹیم ہونی چاہیے۔

طالبان نے ابھی تک خواتین کرکٹ کے بارے میں پالیسی کا اعلان نہیں کیا لیکن ایک سینیئر عہدے دار نے کہا ہے کہ یہ ’ضروری نہیں‘ ہوگی۔ انہوں نے کابل سے فون پر اے ایف پی کو بتایا کہ ’میں 25 ستمبر سے پاکستان کا دورہ کر رہا ہوں اور پھر کرکٹ بورڈز کے عہدے داروں سے ملاقات کے لیے بھارت، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات جاؤں گا۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کریں گے اور اس سیریز کے لیے پاکستان کی میزبانی کی پیشکش کریں گے جو انہیں ستمبر میں سری لنکا میں کھیلنا تھی۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز لاجسٹک مسائل اور سری لنکا میں کوویڈ-19 کی وبا کی وجہ سے منسوخ کردی گئی تھی۔ یہ ایک روزہ لیگ کا حصہ تھا جو 2023 کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفکیشن کا عمل ہے۔

عزیز فضلی نے مزید کہا کہ ’ہم افغانستان کرکٹ کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں تاکہ دوسرے ممالک کے تعاون سے یہ کام ہو سکے۔‘ رمیز راجہ نے تصدیق کی ہے کہ عزیز اللہ فضلی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

پاکستان کو بھی نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے ملک میں کھیلنے سے انکار کے بعد مسائل کا سامنا ہے۔

عزیز اللہ فضلی نے ستمبر 2018 سے جولائی 2019 تک بورڈ کی خدمات انجام دینے کے بعد چیئرمین کی حیثیت سے اپنی دوسری مدت میں کہا کہ وہ افغانستان میں سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ افغانستان 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مراحل کے گروپ 2 میں شامل ہے۔

ادھر آسٹریلیا نے دھمکی دی ہے کہ جب تک طالبان خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دیتے وہ نومبر میں برسبین میں افغانستان کے ساتھ ٹیسٹ میچ منسوخ کردے گا۔

نئے افغان حکمرانوں نے منگل کو حامد شنواری کو افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے برطرف کر دیا اور ان کی جگہ حقانی نیٹ ورک سے منسلک نصیر زدران خان کو شامل کر لیا۔