انگلینڈ۔ہندوستان میچ کے دوران عادل رشید سفر حج پر ہونگے

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 24-06-2022
انگلینڈ۔ہندوستان میچ کے دوران عادل رشید سفر حج پر ہونگے
انگلینڈ۔ہندوستان میچ کے دوران عادل رشید سفر حج پر ہونگے

 

 

لندن: انگلینڈ کے سپنر عادل رشید اگلے ماہ ،ہندوستان کے خلاف انگلینڈ میں ہونے والی ون ڈے اور ٹی20 میچوں میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے کیونکہ وہ حج کرنے سعودی عرب جارہے ہیں۔

’کرک انفو‘ کے مطابق 34 سالہ عادل رشید کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ اور ان کی ٹیم یارک شائر نے حج کے لیے چھٹیاں دے دی ہیں اور ان کی حج کے لیے روانگی ہفتے کو متوقع ہے۔

عادل رشید کا کہنا ہے کہ ’میں یہ (حج) کرنے کی کوشش پچھلے کچھ عرصے سے کررہا تھا لیکن وقت کی وجہ سے مشکلات آرہی تھیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس سال میں نے سوچا حج ضرور کرنا چاہیے کیونکہ میں یہی چاہتا ہوں۔‘ انگلینڈ کے سپنر کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اس حوالے سے انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے بات کی اور حکام نے نہ صرف ان کی بات کو سمجھا بلکہ ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

حج کے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’یہ میرے لیے ایک بڑا لمحہ ہے۔ یہ میرے ایمان اور میرے لیے ایک بڑا موقع ہے۔‘

انہوں نے انگلینڈ ٹیم کے کپتان آئن مورگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ٹیم میں مسلمان کھلاڑیوں بشمول معین علی اور ثاقب محمود کے لیے اچھا ماحول بنایا ہوا ہے۔

’ڈریسنگ روم میں ہر شخص ہمارے مذہب اور عقیدے کی عزت کرتا ہے اور اب میری اور معین علی کی موجودگی کے سبب وہ اسے سمجھے بھی لگے ہیں۔‘

انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان سیریز 7 جولائی سے 17 جولائی سے جاری رہے گی جس میں تین ٹی20 اور تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔‘ (ایجنسی)