ایک یا دو اسپنر: انگلینڈ کے خلاف ہندوستا ن کی کشمکش میں

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-07-2025
ایک یا دو اسپنر: انگلینڈ کے خلاف ہندوستا ن کی  کشمکش میں
ایک یا دو اسپنر: انگلینڈ کے خلاف ہندوستا ن کی کشمکش میں

 



برمنگھم (پی ٹی آئی)ہندوستان کو انگلینڈ کے خلاف بدھ سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں اپنے محتاط سلیکشن کے رویے کو ترک کرنا ہوگا اور ایسی حکمت عملی اپنانا ہوگی جس سے انہیں ایک اور بیٹنگ وکٹ پر 20 وکٹیں لینے کا بہترین موقع مل سکے۔ٹیم انتظامیہ نے خود تسلیم کیا کہ لیڈز میں ہندوستان نے ایک اسپیشلسٹ بولر، خاص طور پر کلدیپ یادو کو نہ کھلا کر غلطی کی، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ انگلینڈ نے پانچویں دن ریکارڈ 371 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر لیا، حالانکہ یہ میچ ہندوستان کے حق میں جانا چاہیے تھا۔

اسسٹنٹ کوچ ریان ٹن ڈوسکاٹے نے کہا کہ ہندوستان ایسی ٹیم کمبی نیشن تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو بیٹنگ کی گہرائی کو بھی برقرار رکھے اور ساتھ ہی بولنگ میں 20 وکٹیں لینے کی صلاحیت بھی ہو۔ان کے الفاظ میں"حکمت عملی کو سنبھالنے کے حوالے سے ہم ہر بولر کو الگ الگ دیکھ رہے ہیں، اندازہ لگا رہے ہیں کہ وہ کتنی وکٹیں لے سکتا ہے۔ پھر ہم بیلنس بنانے اور اس بات کا حساب لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ میچ میں جیتنے کا سب سے اچھا امکان کیسے بنایا جائے۔لیکن آپ کو 20 وکٹیں لینی ہی ہوں گی۔ چنانچہ اصل کوشش یہی ہے کہ ایسے بولر کھیلیں جو وکٹیں بھی لے سکیں۔ ہم اسی معاملے سے دوچار ہیں۔ ہم اس پر بات کرنا نہیں چھوڑتے اور اس کا حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔"

برمنگھم میں موسم کافی گرم رہا ہے اور پچ کے اوپر گھاس کی اچھی تہہ ہے لیکن اندر سے یہ خشک ہے۔اسی میدان پر تین برس پہلے انگلینڈ نے 378 رنز کا مشکل ہدف باآسانی حاصل کرکے سیریز برابر کر دی تھی۔ حالیہ عرصے میں انہی 22 گز کی پچ پر کاؤنٹی کرکٹ میں بھی بیٹرز نے خوب رنز بنائے ہیں۔آہستہ آہستہ اسپنرز کا کردار میچ میں نمایاں ہو گا اور ہندوستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ رویندر جڈیجا کی مدد کے لیے واشنگٹن سندر جیسے بولر کو شامل کریں یا وکٹیں لینے کی زیادہ صلاحیت رکھنے والے کلدیپ یادو کو کھلائیں۔ اتنا طے ہے کہ ہندوستان دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گا۔

لیڈز میں شاردل ٹھاکر فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کے طور پر کھیلے تھے لیکن اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ اس بار نیتیش ریڈی بطور بیٹنگ آل راؤنڈر موقع پائیں گے۔ٹھاکر کی کارکردگی خاص نہیں رہی لیکن اگر انہیں صرف ایک میچ کے بعد باہر کر دیا جائے تو یہ ان کے ساتھ زیادتی ہو گی۔میچ سے قبل سب سے بڑا سوال جسپریت بمراہ کی دستیابی پر ہے۔ اگر وہ اپنی طے شدہ تین ٹیسٹ کی سیریز کا دوسرا میچ نہیں کھیلتے تو محمد سراج، آکاش دیپ اور پرسید کرشنا کی پیس لائن اپ میدان میں اتریں گی۔بمراہ کے دوسرے اینڈ سے دباؤ ڈالنے کے باوجود باقی پیسرز نے انگلش بیٹروں کو پرکھنے کے لیے درست لائن و لینتھ برقرار نہ رکھی۔

اس تجربے سے انہوں نے سیکھا ہو گا اور اگر بمراہ نہ کھیلیں تو انہیں اپنی صلاحیت ثابت کرنا ہو گی۔جڈیجا، جو ہیڈنگلے کی آخری دن کی اسپننگ پچ پر زیادہ اثر نہیں ڈال سکے، بھی نمایاں کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہوں گے۔ہندوستان کی فیلڈنگ خاص طور پر کیچنگ میں بھی بہتری ناگزیر ہے جو لیڈز میں مایوس کن تھی اور یشسوی جیسوال کو سلپ سے باہر بٹھانا پڑا۔بیٹنگ آرڈر نسبتاً متوازن نظر آتا ہے لیکن ہندوستان کو اننگز کے اختتامی حصے میں رنز جوڑنے کی سخت ضرورت ہے کیونکہ گزشتہ دونوں میچوں میں نچلے آرڈر کے انہدام نے انہیں نقصان پہنچایا۔کے ایل راہل، جیسوال، رشبھ پنت اور کپتان شبھمن گل کی کوشش ہو گی کہ سیریز کے پہلے میچ میں حاصل کردہ اعتماد کو برقرار رکھیں۔

نوآموز سائی سدرشن اور واپسی کرنے والے کرون نائر کو بھی ایک اور موقع ملنا طے ہے حالانکہ وہ آغاز میں متاثر نہیں کر پائے۔دوسری جانب انگلینڈ نے اپنی جارحانہ بیٹنگ حکمت عملی ‘باز بال’ کو مزید نکھارا ہے جو حالات اور بولرز کا احترام کرتے ہوئے کھیلی جا رہی ہے۔واپسی کی توقع رکھنے والے جوفرا آرچر خاندانی ایمرجنسی کی وجہ سے میچ سے دستبردار ہو چکے ہیں لیکن کرس ووکس کی قیادت میں پیس اٹیک پُر اعتماد ہے جس نے ہندوستان کی دم کو دو بار جلد سمیٹا۔گھریلو میدان پر ووکس سے نئی گیند سے بروقت بریک تھرو کی توقع کی جا رہی ہے۔ جوش ٹنگ ہندوستان کے نچلے آرڈر کے خلاف اپنی کارکردگی دہرانے کو بے تاب ہوں گے۔بریڈن کارسے نے بھی پچھلے میچ میں بہتر بولنگ کی جبکہ کپتان بین اسٹوکس نے سب سے زیادہ اثر ڈالا۔کھیل کی پچز انگلینڈ کی جارحانہ بیٹنگ کے لیے سازگار رہی ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

اسکواڈز:

انگلینڈ:
زیک کرالی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (کپتان)، جیمی اسمتھ (وکٹ کیپر)، کرس ووکس، بریڈن کارسے، جوش ٹنگ، شعیب بشیر۔

ہندوستان :
شبھمن گل (کپتان)، رشبھ پنت (نائب کپتان و وکٹ کیپر)، یشسوی جیسوال، کے ایل راہل، سائی سدرشن، ابھیمنیو ایسوران، کرون نائر، نیتیش ریڈی، رویندر جڈیجا، دھرو جورل (وکٹ کیپر)، واشنگٹن سندر، شاردل ٹھاکر، جسپریت بمراہ، محمد سراج، پرسید کرشنا، آکاش دیپ، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادو۔