مغربی بنگال ۔ داس خاندان کرتا ہے سید شاہ پیر کے مزار کی دیکھ ریکھ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 30-08-2025
 مغربی بنگال ۔ داس خاندان کرتا ہے سید شاہ پیر کے مزار  کی   دیکھ ریکھ
مغربی بنگال ۔ داس خاندان کرتا ہے سید شاہ پیر کے مزار کی دیکھ ریکھ

 



شمپی چکرورتی

فرقہ وارانہ ہم آہنگی آج بھی بنگال کی سرزمین پر قائم ہے۔ انسانیت کا سبق دیتے ہوئے نسل در نسل لوگ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ اور ٹھیک یہی سبق دے رہا ہے مغربی بنگال کے ہوگلی ضلع کے بھدرشور کے پال پاڑہ کا داس خاندان۔ ایک بے مثال فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام لے کر چل رہا ہے یہ خاندان۔ علاقے میں واقع سید شاہ پیر کی مزار کی دیکھ بھال اور نگہداشت کی ذمہ داری یہ خاندان کئی نسلوں سے نبھا رہا ہے۔

1967 سے بھدرشور کے پال پاڑہ کا داس خاندان سید شاہ پیر کی مزار کی دیکھ بھال کرتا آ رہا ہے۔ دن میں دو بار مزار کی صفائی، باقاعدگی سے دھوپ اور موم بتی جلانے کا کام سبھی داس خاندان کے افراد انجام دیتے ہیں۔ تاہم، اس کے پیچھے بھی ایک ہم آہنگی کی کہانی چھپی ہے۔

تقریباً 120 سال پہلے یہ علاقہ جنگلوں سے بھرا ہوا تھا۔ بھدرشور کا پال پاڑہ اور ہندوستان پارک ایک مسلم اکثریتی علاقہ تھا۔ اس وقت یہاں کئی پیروں کی مزاریں قائم ہوئی تھیں۔ بعد میں، تقسیمِ ہند کے وقت، لوگ مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) سے آئے، اور کئی غیر بنگالی لوگ بھی اس علاقے میں آ کر بسنے لگے۔ تب سے یہ علاقہ مکمل طور پر ہندو آبادی والا بن گیا۔ اسی طرح 1967 میں پال پاڑہ میں شری دھام چندر داس نے ایک مسلمان شخص سے زمین خریدی تھی۔ تب ہی سے سید شاہ پیر کی مزار کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ان کے حصے میں آئی۔ اس وقت سے یہ خاندان مزار کی خدمت کرتا آ رہا ہے۔ پورے سال وہ مزار کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ عید، شب برات جیسے مواقع پر مسلم برادری کے لوگ یہاں آ کر دعا کرتے ہیں۔

داس خاندان کے رکن دیباسیش داس کہتے ہیں،میرے والد نے مزار سمیت ایک مسلمان شخص سے یہ زمین خریدی تھی۔ تب سے میرے والد پوجا کرتے آئے ہیں۔ ان کے انتقال کے بعد ہمارا پورا خاندان اس پیر کی خدمت کر رہا ہے۔ ہر سال 26 جنوری کو مسلم برادری کے لوگ آتے ہیں دعا کرنے۔ پہلے یہ مزار مٹی کی تھی۔ اب ٹین کی چھت سے اسے تیار کیا گیا ہے۔ یہاں ہندو-مسلمان سب برابر ہیں۔ کبھی بھی تفریق نہیں ہونی چاہیے۔ ذات، مذہب سے بالاتر ہو کر سبھی ایک ہیں۔ یہ مغربی بنگال میں ہی دکھائی دیتا ہے۔اس مزار کی دیکھ بھال کے لیے داس خاندان کسی قسم کی مالی مدد نہیں لیتا۔ اور یہ بات دیباسیش بابو فخر کے ساتھ کہتے ہیں۔

انہوں نے’’آواز دی وائس‘‘ کو بتایا:’پورے سال مزار پر جو کچھ نذرانہ کے طور پر دیا جاتا ہے، وہ سب وہ لوگ جمع رکھتے ہیں۔ اور تہوار یا موقع پر وہ سب مزار کے مولوی صاحب کے ہاتھ میں دے دیتے ہیں۔ سال بھر مختلف تہواروں پر مسلم برادری کے لوگ گروہ در گروہ اس مزار پر آتے ہیں۔ صرف یہی نہیں، علاقے کے ہندو بھی مزار پر آتے ہیں، باقاعدگی سے چادر چڑھاتے ہیں اور دھوپ جلاتے ہیں۔عید اور دیگر تہواروں پر مزار کو روشنیوں اور سجاوٹ سے خوبصورتی سے آراستہ کرتے ہیں داس خاندان کے افراد۔ داس خاندان نے گہری عقیدت اور محبت سے خود کو اس مزار سے جوڑ لیا ہے۔