نئی دہلی: ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔ ان کی قربانیاں نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بناتی ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو حب الوطنی، فرض شناسی اور ایثار کا سبق بھی دیتی ہیں۔ حالیہ صدارتی اعزازات کی تقریب میں ایسے ہی پانچ مسلم وردی پوشوں کی بے مثال خدمات اور جرات کو سراہتے ہوئے انہیں ویر چکر اور شوریہ چکر جیسے اعلیٰ فوجی اعزازات سے نوازا گیا۔
ان بہادر سپوتوں میں بارڈر سکیورٹی فورس کے شہید سب انسپکٹر محمد امتیاز، ہندوستانی فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر رضوان ملک، سی آر پی ایف کے کانسٹیبل صدام حسین، آسام رائفلز کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ محمد شفیق اور سی آر پی ایف کے سپاہی فدا حسین ڈار شامل ہیں۔ ان کی داستانیں یہ ثابت کرتی ہیں کہ ملک کی خدمت اور قومی سلامتی کے لیے قربانی دینے والوں کا سب سے بڑا تعارف ان کا کردار اور جذبۂ وطن دوستی ہوتا ہے۔
LIVE: President Droupadi Murmu presents Gallantry Awards in Defence Investiture Ceremony - 2026 (Phase-1) https://t.co/GndtrI8rXl
— President of India (@rashtrapatibhvn) June 8, 2026
شہید سب انسپکٹر محمد امتیاز: سرحد کی حفاظت کرتے ہوئے جان قربان کرنے والا عظیم سپوت
بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے سب انسپکٹر محمد امتیاز کو بعد از مرگ ویر چکر سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انہیں غیر معمولی جرات، بے لوث قیادت اور وطن کے لیے عظیم قربانی کے اعتراف میں دیا گیا۔
یاد رہے 10 مئی 2025 کو جموں و کشمیر کے آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستان کی جانب سے شدید گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔ دشمن کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے درمیان محمد امتیاز اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مصروف تھے۔ صورتحال انتہائی خطرناک تھی اور کسی بھی لمحے جانی نقصان کا اندیشہ موجود تھا، مگر انہوں نے پسپائی اختیار کرنے کے بجائے اپنی ٹیم کی قیادت خود سنبھالی۔
بی ایس ایف حکام کے مطابق محمد امتیاز اگلی صف میں موجود رہ کر نہ صرف دشمن کی کارروائیوں کا مؤثر جواب دیتے رہے بلکہ اپنے ساتھی اہلکاروں کا حوصلہ بھی بلند کرتے رہے۔ شدید فائرنگ کے دوران وہ شہید ہو گئے، مگر ان کی بہادری اور فرض شناسی کی مثال ہمیشہ زندہ رہے گی۔
President Droupadi Murmu confers Vir Chakra (Posthumous) on Sub Inspector (GD) Mohd. Imteyaj, BSF, for his act of exceptional gallantry and courage. When BOP Kharkola came under intense firing involving heavy cross-border mortar shelling, he sensed danger from aerial threat,… pic.twitter.com/ypMi7KyR9l
— President of India (@rashtrapatibhvn) June 8, 2026
بہار کے ضلع سارن کے گڑکھا بلاک کے نارائن پور گاؤں سے تعلق رکھنے والے محمد امتیاز کی شہادت کی خبر نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا تھا۔ جب ان کی میت آبائی گاؤں پہنچی تو ہزاروں افراد نے اشک بار آنکھوں کے ساتھ انہیں آخری سلام پیش کیا۔ فوجی اعزاز کے ساتھ ان کی تدفین عمل میں آئی اور پورا علاقہ وطن پرستی کے نعروں سے گونج اٹھا۔محمد امتیاز اپنے پیچھے اہلیہ، دو بیٹوں اور دو بیٹیوں کو چھوڑ گئے ہیں، مگر ان کی قربانی انہیں ہمیشہ کے لیے قوم کا ہیرو بنا گئی۔
اسکواڈرن لیڈر رضوان ملک: آپریشن سندور کے سورما
ہندوستانی فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر رضوان ملک کو ویر چکر سے نوازا گیا ہے۔ منی پور سے تعلق رکھنے والے رضوان ملک نے آپریشن سندور کے دوران غیر معمولی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
آپریشن سندور کا آغاز سات مئی 2025 کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد کیا گیا تھا، جس میں 26 شہری جان بحق ہوئے تھے۔ اس حملے کے جواب میں ہندوستانی افواج نے پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں موجود دہشت گردی کے مبینہ مراکز کو نشانہ بنایا۔
President Droupadi Murmu presents Vir Chakra to Squadron Leader Rizwan Malik, Flying (Pilot), for his act of exceptional gallantry and courage. Flying as Deputy Mission Leader of an unescorted strike package, he undertook a mission to neutralise predesignated targets. Despite… pic.twitter.com/tyywlNlvTM
— President of India (@rashtrapatibhvn) June 8, 2026
اس حساس اور پیچیدہ فوجی کارروائی میں فضائیہ کا کردار انتہائی اہم تھا۔ اسکواڈرن لیڈر رضوان ملک نے ایسے مشنز میں حصہ لیا جو انتہائی خطرناک اور تکنیکی اعتبار سے پیچیدہ سمجھے جاتے ہیں۔ دشمن کے فضائی خطرات اور جنگی دباؤ کے باوجود انہوں نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔دفاعی ماہرین کے مطابق جدید فضائی جنگ میں صرف جرات ہی کافی نہیں ہوتی بلکہ بروقت فیصلہ سازی، تکنیکی مہارت اور اعصابی مضبوطی بھی درکار ہوتی ہے۔ رضوان ملک نے ان تمام خصوصیات کا بہترین مظاہرہ کیا، جس کے اعتراف میں انہیں ویر چکر سے نوازا گیا۔ان کے اعزاز نے منی پور سمیت پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے اور نوجوان نسل کے لیے وہ ایک نئی مثال بن کر سامنے آئے ہیں۔
کانسٹیبل صدام حسین: جس کی نشانہ بازی نے دہشت گردوں کے منصوبے خاک میں ملا دیے
مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے کانسٹیبل صدام حسین کو شوریہ چکر سے نوازا گیا ہے۔ انہوں نے پانچ نومبر 2024 کو جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں ایک دہشت گردی مخالف کارروائی کے دوران غیر معمولی جرات اور عسکری مہارت کا مظاہرہ کیا۔
مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کی ٹیم پر بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے اچانک شدید فائرنگ شروع کر دی۔ اس اچانک حملے نے صورت حال کو انتہائی خطرناک بنا دیا، مگر صدام حسین نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر مورچہ سنبھالے رکھا۔
شدید فائرنگ کے درمیان انہوں نے دہشت گردوں کے مزید قریب جانے کا فیصلہ کیا تاکہ مؤثر کارروائی کی جا سکے۔ صرف 25 میٹر کے فاصلے سے انہوں نے انڈر بیرل گرینیڈ لانچر (UBGL) استعمال کیا اور انتہائی درست نشانہ لگاتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔سیکورٹی حکام کے مطابق اس قسم کی کارروائی میں غیر معمولی مہارت، اعتماد اور حاضر دماغی درکار ہوتی ہے۔ صدام حسین کی بروقت کارروائی نے نہ صرف دہشت گردوں کے منصوبے ناکام بنائے بلکہ ساتھی اہلکاروں کی جانیں بھی بچائیں۔
President Droupadi Murmu presents Shaurya Chakra to Constable/GD Saddam Hussain, CRPF, for his conspicuous gallantry, indomitable courage and devotion to duty which resulted in the elimination of a terrorist. During a joint operation in Bandipora in November 2024, he held his… pic.twitter.com/pi6wjnc0ui
— President of India (@rashtrapatibhvn) June 8, 2026
ان کی بہادری آج سی آر پی ایف کے لیے فخر اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک روشن مثال سمجھی جاتی ہے۔
اسسٹنٹ کمانڈنٹ محمد شفیق: قیادت اور جرات کی درخشاں مثال
آسام رائفلز کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ محمد شفیق، جو اب ڈپٹی کمانڈنٹ کے عہدے پر فائز ہیں، کو شوریہ چکر سے نوازا گیا۔پانچ نومبر 2024 کو ایک اہم انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران انہیں اپنی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سیکورٹی حصار توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا۔
اس موقع پر محمد شفیق نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔ شدید فائرنگ کے باوجود وہ دہشت گرد کے تعاقب میں آگے بڑھتے رہے۔ خطرات سے بے نیاز ہو کر انہوں نے قریب سے مقابلہ کیا اور دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔
President Droupadi Murmu presents Shaurya Chakra to Assistant Commandant (Now Deputy Commandant) Mohd Shafiq, 26 Assam Rifles, for displaying bravery of the highest order and exceptional tactical acumen during an encounter with terrorists in November 2024. He eliminated the… pic.twitter.com/8UACsFyTJM
— President of India (@rashtrapatibhvn) June 8, 2026
ان کی اس بروقت کارروائی نے نہ صرف دہشت گرد کے فرار کو ناکام بنایا بلکہ پورے آپریشن کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ کارروائی کے بعد سیکورٹی فورسز نے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔
دفاعی ماہرین کا ماننا ہے کہ محمد شفیق کی قیادت، فوری فیصلہ سازی اور پیشہ ورانہ مہارت اس کامیابی کی بنیادی وجہ تھی۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں شوریہ چکر جیسے باوقار اعزاز سے نوازا گیا۔
سپاہی فدا حسین ڈار: زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے سامنے ڈٹ جانے والا جانباز
جموں و کشمیر کے ضلع سرینگر کے علاقے اسکندر پورہ سے تعلق رکھنے والے سی آر پی ایف کے سپاہی فدا حسین ڈار کو بھی شوریہ چکر سے نوازا گیا۔
دو نومبر 2024 کی صبح خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ ایک غیر ملکی دہشت گرد سرینگر کے خانیار علاقے میں ایک رہائشی مکان میں چھپا ہوا ہے۔ اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔
آپریشن کے دوران فدا حسین ڈار اور ان کے ساتھی کانسٹیبل سنجے تیواری جیسے ہی عمارت کے قریب پہنچے، دہشت گرد نے شدید فائرنگ شروع کر دی اور دستی بم بھی پھینکے۔ اس حملے میں دونوں جوان زخمی ہو گئے۔
राष्ट्रपति द्रौपदी मुर्मु ने सिपाही/जीडी फिदा हुसैन डार, सीआरपीएफ, को नवंबर 2024 में एक अभियान के दौरान अदम्य साहस और असाधारण वीरता का परिचय देने के लिए शौर्य चक्र प्रदान किया। एक रूम इंटरवेंशन अभियान के दौरान, एक अत्यंत तीव्र लड़ाई में गोली लगने के बावजूद, गंभीर खतरे का सामना… pic.twitter.com/IMYe75Q7Wc
— President of India (@rashtrapatibhvn) June 8, 2026
شدید زخمی ہونے کے باوجود فدا حسین ڈار نے ہمت نہیں ہاری۔ خون بہنے اور شدید تکلیف کے باوجود وہ آگے بڑھتے رہے۔ آخرکار وہ عمارت کے اندر داخل ہوئے اور دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔
ان کی اس غیر معمولی جرات نے نہ صرف ایک بڑے خطرے کو ٹال دیا بلکہ بے شمار شہریوں کی جانیں بھی محفوظ بنائیں۔ ان کا کارنامہ آج بھی سیکورٹی فورسز میں بہادری کی مثال کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔
حب الوطنی، قربانی اور قومی یکجہتی کی روشن مثال
سب انسپکٹر محمد امتیاز، اسکواڈرن لیڈر رضوان ملک، کانسٹیبل صدام حسین، اسسٹنٹ کمانڈنٹ محمد شفیق اور سپاہی فدا حسین ڈار کی داستانیں اس حقیقت کی روشن مثال ہیں کہ ملک کی حفاظت کے لیے قربانی دینے والے سپوت کسی ایک علاقے، زبان یا مذہب کے نمائندہ نہیں ہوتے بلکہ پوری قوم کے فخر اور سرمایہ ہوتے ہیں۔
ان بہادر جوانوں نے ثابت کیا کہ جب وطن کی سلامتی کا سوال ہو تو فرض شناسی، جرات اور قربانی ہی سب سے بڑی شناخت بن جاتی ہے۔ ویر چکر اور شوریہ چکر جیسے اعزازات نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے یہ پیغام بھی ہیں کہ حب الوطنی اور قومی خدمت کا جذبہ ہمیشہ زندہ رہنا چاہیے۔یہ پانچوں ہیروز قوم کے لیے باعثِ افتخار ہیں اور ان کے کارنامے تاریخ کے صفحات میں سنہری حروف سے درج رہیں گے۔