عامر اقبال : نئی دہلی
مدھیہ پردیش کے ڈی ایس پی سنتوش کمار پٹیل کی زندگی کی جدوجہد اور کامیابی اب ملک بھر میں سوشل میڈیا کے سبب گھر گھر پہنچ چکی ہے ۔اپنی سادگی اور ایمانداری کے سبب سنتوش کمار نے سوشل میڈیا پر زبردست شہرت اور مقبولیت حاصل کی ہے اب ان کا ایک نیا ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں وہ اپنے والد کے ساتھ ان کے ایل مسلم استاد سے ملاقات کرنے گئے ہیں ۔جنہوں نے ان کے والد کو کچھ سال پڑھایا تھا ۔بلکہ اس بات کا زور دیا تھا کہ تم لوگ تو مویشیوں کو چرانے لگے ہو لیکن اپنے بچوں کو اسکول بھیجو ۔جس کے بعد سنتوش کمار کے چاچا نے انہیں اسکول پہچانا شروع کیا تھا اور اس تحریک کا نتیجہ یہ ہوا کہ آج وہ ڈی ایس پی ہیں ۔
سنتوش کمار پٹیل اپنی جیپ میں سوار تھے جبکہ ان کے والد اگلی سیٹ پر بیٹھے ہوئے تھے ۔ اس سفر کے دوران وہ کہتے ہیں کہ میرے والد کو پڑھائی میں زیادہ کچھ نہیں آتا تھا مگر گنتی ضرور سیکھی تھی۔ والد صاحب کبھی کبھار ایک دو سال کے لیے اسکول گئے تھے۔ والد صاحب کے استاد حبیب علی سر بچوں کو زبردستی اسکول بلاتے تھے۔
ویڈیو میں ڈی ایس پی کہتے ہیں کہ ماسٹر صاحب میرے والد صاحب سے کہا کرتے تھے کہ تم لوگ گائے چرانے میں لگ گئے ہو مگر اپنے بچوں کو ضرور اسکول بھیجا کرو۔ اسی وجہ سے چچا ہمیں زبردستی اپنے ساتھ اسکول لے جانے لگے۔ مجھے لگتا ہے کہ حبیب ماسٹر صاحب کا زبردستی اسکول بلانا ہماری زندگی میں ایک بڑا احسان ثابت ہوا۔
حبیب ماسٹر صاحب کا کردار
سنتوش کی زندگی میں ایک خاص نام حبیب ماسٹر صاحب کا ہے۔ تقریباً 30 سال پہلے گاؤں میں پڑھانے آنے والے استاد حبیب علی سر سائیکل سے 10 سے 20 کلومیٹر کا سفر طے کر کے بچوں کو تعلیم دینے آتے تھے۔ اس زمانے میں دیہی علاقوں میں تعلیم پہنچانا آسان کام نہیں تھا۔سنتوش بتاتے ہیں کہ حبیب ماسٹر صاحب نے انہیں براہ راست نہیں پڑھایا مگر وہ بچوں کو پکڑ کر اسکول ضرور بھیجتے تھے۔ گاؤں کے بچے اکثر اسکول جانے سے کتراتے تھے مگر حبیب سر انہیں اسکول لے جاتے اور کہتے تھے کہ تعلیم ہی زندگی بدل سکتی ہے۔ یہی چھوٹی سی کوشش آگے چل کر ایک بڑے بدلاؤ کی بنیاد بن گئی۔
ایک کال سے ملی خبر
ڈی اس پی سنتوش کمار نے کہا کہ پچھلے دنوں حبیب سر کے بیٹے سید فیروز اختر کا فون آیا تو معلوم ہوا کہ حبیب ماسٹر ابھی زندہ ہیں۔ پھر ہم والد صاحب کے ساتھ ان کے گھر گئے اور ان سے دعا لی۔استاد کو کوئی مہنگا تحفہ نہیں چاہیے ہوتا۔ انہیں صرف کامیاب شاگرد مل جائیں تو وہی ان کے لیے سب سے بڑی خوشی ہوتی ہے۔انسان میں ایک ہی کمی نہیں ہونی چاہیے اور وہ ہے احسان فراموشی۔ میں ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ جن لوگوں نے میری زندگی میں کوئی اہم کردار ادا کیا ہے ان کا شکریہ ادا کروں۔
اس خبر کے بعد سنتوش کمار پٹیل فوراً اپنے والد کے ساتھ ان سے ملنے پہنچے۔ جب وہ ان کے گھر پہنچے تو سنتوش کماراور ان کے والد نے ان کے پیر چھو کرآشیرواد لیا۔ اس وقت شام کا وقت تھا اور حبیب سر افطار کررہے تھے مگر جیسے ہی انہوں نے اپنے پرانے شاگرد کو دیکھا انہوں نے سب کچھ چھوڑ کر ان کے سروں پر ہاتھ رکھا اور دعا دی۔ یہ منظر صرف استاد شاگرد کی ملاقات نہیں تھا بلکہ انسانیت اور احترام کی ایک خوبصورت تصویر تھا۔
سنتوش کمار کی کہانی
مدھیہ پردیش کے ضلع پنا کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے نکل کر پولیس افسر بننے تک کا سفر آسان نہیں تھا۔ مگر ڈی ایس پی سنتوش کمار پٹیل کی کہانی صرف غربت سے کامیابی تک کی داستان نہیں ہے۔ یہ کہانی استاد کی دعا تعلیم کی طاقت اور ہندو مسلم بھائی چارے کی بھی مثال ہے۔
آج سنتوش کمار پٹیل ضلع گوالیار کے گھاٹی گاؤں میں سب ڈویژنل پولیس آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کے لاکھوں چاہنے والے ہیں جہاں وہ نوجوانوں کو محنت اور ایمانداری سے زندگی بدلنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ مگر اس کامیابی کے سفر میں ایک ایسا باب بھی ہے جو انسانیت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔
غربت میں پیدا ہوئے اور مشکل بچپن گزارا
سنتوش کمار پٹیل کی پیدائش مدھیہ پردیش کے ضلع پنا کی تحصیل اجے گڑھ کے قریب دیو گاؤں میں ایک انتہائی غریب خاندان میں ہوئی۔ ان کے والد راج مستری تھے اور والدہ کھیتوں میں مزدوری کرتی تھیں۔ گھر کی مالی حالت اتنی کمزور تھی کہ بچپن ایک چھوٹی سی جھونپڑی میں گزرا جہاں بارش کے موسم میں چھت ٹپکتی تھی اور کتابیں بھیگ جاتی تھیں۔
گھر چلانے کے لئے کبھی چاول ملتے اور کبھی جوار کی روٹی یا دلیہ کھا کر دن گزارنا پڑتا تھا۔ بچپن میں سنتوش بھی خاندان کی مدد کرتے تھے۔ کبھی تندو پتا جمع کرتے کبھی کھیتوں میں کام کرتے اور کبھی اپنے والد کے ساتھ اینٹیں اٹھاتے تھے۔ مگر ان تمام مشکلات کے باوجود ان کے دل میں ایک بات ہمیشہ واضح رہی کہ تعلیم ہی غربت سے نکلنے کا راستہ ہے۔
تعلیم نے نسلوں کی تقدیر بدل دی
سنتوش بتاتے ہیں کہ ان کے والد صرف چند دن اسکول گئے تھے پھر مویشی چرانے لگے۔ مگر انہی چند دنوں کی تعلیم نے ان کے دل میں علم کی اہمیت پیدا کر دی۔ حبیب مارساب جیسے اساتذہ 10 سے 20 کلومیٹر سائیکل چلا کر دیہات میں تعلیم کی روشنی پہنچاتے تھے۔ ان کے کئی شاگرد بعد میں استاد بنے اور بعض نے سرکاری ملازمتیں حاصل کیں۔
سنتوش کے مطابق ایسے اساتذہ ہی معاشرے کی اصل طاقت ہوتے ہیں۔ حبیب مارساب سے ملاقات کے بعد سنتوش نے ایک جذباتی پیغام بھی لکھا کہ جو شخص ذات اور مذہب سے اوپر اٹھ کر علم کی روشنی پھیلائے وہی سچا استاد ہوتا ہے۔ان کی یہ کہانی بتاتی ہے کہ ایک سچے استاد کا مذہب صرف تعلیم ہوتا ہے۔ ایک مسلم استاد کی چھوٹی سی کوشش نے ایک غریب خاندان کی زندگی بدل دی اور آج وہی خاندان معاشرے کے لئے مثال بن گیا ہے۔
ڈی ایس پی سنتوش کمار پٹیل کی کہانی ہمیں دو بڑے سبق دیتی ہے۔ پہلا یہ کہ تعلیم اور محنت کسی بھی غریب بچے کی زندگی بدل سکتی ہے۔ دوسرا یہ کہ انسانیت اور استاد کا احترام مذہب سے کہیں زیادہ اہم ہوتا ہے۔ آج جب معاشرے میں اکثر مذہب کے نام پر بحث ہوتی ہے تو یہ کہانی یاد دلاتی ہے کہ ہندوستان کی اصل طاقت اس کی مشترکہ تہذیب اور بھائی چارے میں ہے۔