عید کے چاند کی سائنسی حقیقت ایک جامع جائزہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 18-03-2026
عید کے چاند کی سائنسی حقیقت ایک جامع جائزہ
عید کے چاند کی سائنسی حقیقت ایک جامع جائزہ

 



زیبا نسیم : ممبئی 

ارے بھائی ، چاند کب نظر آئے گا؟  ہر سال رمضان اور عید کے موقع پر یہ سوال عام سننے کو ملتا ہے۔

اس کے بعد جو کچھ ہوتا ہے اس سے ایک بحث جنم لیتی ہے جو صدیوں سے جاری ہے ۔ ہلال کمیٹی پر الزامات ۔مساجد پر الزامات  اور مختلف کمیٹیوں پر سوال ۔ بہرحال اس بحث اور تکرار میں عید تو بن جاتی ہے مگر یہ سوال چھوڑ جاتی ہے کہ اس کا کوئی اور راستہ ہے یا نہیں ۔۔ اگر اس معاملے کو تھوڑا سا سمجھنے کی کوشش کی جائے تو واضح ہوتا ہے کہ چاند دیکھنا محض آنکھ سے نظر آنے کا معاملہ نہیں بلکہ اس میں فلکیاتی حسابات، موسمی حالات اور سائنسی اصول بھی شامل ہوتے ہیں۔آج کے دور میں جدید سائنسی آلات اور فلکیاتی ڈیٹا ہمیں یہ پیشگی بتا سکتے ہیں کہ چاند کب اور کہاں نظر آ سکتا ہے۔ درحقیقت اگر سائنسی معلومات اور شرعی اصولوں کو ساتھ لے کر چلا جائے تو یہ مسئلہ اتنا پیچیدہ نہیں جتنا اسے بنا دیا گیا ہے۔

نئے چاند کا مشاہدہ صدیوں سے مختلف مذاہب اور تہواروں کے آغاز کے لیے کیا جاتا رہا ہے۔ آج بھی یہ روایت دنیا بھر کی مقامی مسلم برادریوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے لیکن اس کے ساتھ ایک بڑا مسئلہ عالمی سطح پر عدم یکسانیت کا ہے۔ خاص طور پر رمضان کے آغاز اور اختتام یعنی عید الفطر کے موقع پر مختلف ممالک اور علاقوں کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔ اسی لیے ضروری ہے کہ ہم چاند کے سائنسی پہلو کو سمجھیں اور دیکھیں کہ یہ اختلاف کیوں پیدا ہوتا ہے۔

نیا چاند کیا ہوتا ہے

نیا چاند اس وقت ہوتا ہے جب چاند کا وہ حصہ جو زمین کی طرف ہوتا ہے سورج کے بالکل مخالف سمت میں ہوتا ہے۔ اس حالت میں سورج کی روشنی چاند کے اس حصے پر نہیں پڑتی جو ہمیں نظر آتا ہے اس لیے چاند دکھائی نہیں دیتا۔ بعض اوقات اگر چاند سورج کے بالکل سامنے آجائے تو سورج گرہن بھی ہو سکتا ہے لیکن ایسا بہت کم ہوتا ہے۔

ہلال کا ظہور کب ہوتا ہے

قمری مہینے کا آغاز اس وقت ہوتا ہے جب پہلی بار باریک چاند یعنی ہلال نظر آتا ہے۔ چونکہ نئے چاند کے وقت روشنی نظر نہیں آتی اس لیے ہمیں انتظار کرنا پڑتا ہے کہ چاند اپنی گردش میں کچھ آگے بڑھے۔ عام طور پر چاند کو نظر آنے کے لیے اپنے مدار میں تقریباً سات درجے آگے بڑھنا پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حقیقی نئے چاند کے بعد عموماً گیارہ سے پندرہ گھنٹے کے بعد ہی ہلال نظر آتا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض اوقات زمین کی سطح سے منعکس ہونے والی روشنی چاند کے تاریک حصے کو بھی ہلکا سا روشن کر دیتی ہے جسے ارضی روشنی کہا جاتا ہے اور مناسب حالات میں یہ ننگی آنکھ سے بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

چاند ہر جگہ ایک ساتھ کیوں نظر نہیں آتا

اگرچہ نیا چاند پوری دنیا میں تقریباً ایک ہی وقت میں ہوتا ہے لیکن اس کا نظر آنا ہر جگہ ممکن نہیں ہوتا۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ زمین گول ہے اور ہم مختلف مقامات سے آسمانی منظر دیکھتے ہیں۔ اس لیے بعض جگہوں پر چاند افق کے نیچے ہوتا ہے یا روشنی اور زاویے کی وجہ سے نظر نہیں آتا۔

چاند کی گردش کے ادوار

چاند کی گردش کے دو اہم ادوار ہوتے ہیں۔ ایک کو سائیڈیریل پیریڈ کہا جاتا ہے جو تقریباً ستائیس اعشاریہ تین دن کا ہوتا ہے اور اس میں چاند زمین کے گرد ایک مکمل چکر لگاتا ہے۔ دوسرا سائنودک پیریڈ ہے جو تقریباً انتیس اعشاریہ پانچ دن کا ہوتا ہے اور یہی قمری مہینے کی بنیاد ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ زمین بھی سورج کے گرد گھوم رہی ہوتی ہے اس لیے چاند کو دوبارہ اسی حالت میں آنے کے لیے زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔

چاند کے مدار کا جھکاؤ

چاند کا مدار زمین کے محور کے ساتھ سیدھا نہیں بلکہ تقریباً پانچ اعشاریہ چودہ درجے جھکا ہوا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر نیا چاند مختلف زاویے پر ظاہر ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ زمین کے محور کا جھکاؤ بھی شامل ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے سال کے مختلف حصوں میں چاند کی پوزیشن بدلتی رہتی ہے۔

دیگر عوامل

چاند کی رویت پر دیگر عوامل بھی اثر انداز ہوتے ہیں جیسے زمین کے محور کا طویل مدتی جھکاؤ اور اس کی حرکت جو ہزاروں سال میں تبدیل ہوتی ہے۔ اسی طرح چاند کا مدار بھی آہستہ آہستہ بدلتا رہتا ہے جسے اپسائیڈل پریسیشن کہا جاتا ہے۔ اگرچہ یہ طویل مدتی عوامل ہیں لیکن مجموعی طور پر چاند کی پوزیشن اور رویت پر اثر ڈالتے ہیں۔

چونکہ ہر مقام پر چاند ایک ہی وقت میں نظر نہیں آتا اس لیے بعض اوقات رمضان کے آغاز یا اختتام کی تاریخ میں فرق آ جاتا ہے۔ اگر کسی جگہ چاند نظر نہیں آتا تو اگلے دن اسے دیکھا جاتا ہے جس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ وہاں قمری مہینہ اصل میں دوسرے یا تیسرے دن میں داخل ہو چکا ہو

یسی صورت میں اہم سوال یہ ہے کہ جب چاند کا براہ راست مشاہدہ ممکن نہ ہو تو پھر صحیح تاریخ کے تعین کے لیے کون سا طریقہ اختیار کیا جائے۔ کیا صرف آنکھ سے دیکھنے پر اصرار کیا جائے یا سائنسی حساب اور فلکیاتی معلومات کو بھی شامل کیا جائے۔ یہی وہ بنیادی بحث ہے جو آج بھی دنیا بھر میں جاری ہے