آواز دی وائس : نئی دہلی
وندے ماترم کا میوزیکل سفر ہندوستان کی قومیت اور ثقافتی تاریخ کا ایک باوقار اور جذبہ خیز باب ہے۔ یہ نظم بنکم چندر چٹوپادھیائے نے تخلیق کی تھی اور وقت کے ساتھ یہ محض ایک نظم نہیں رہی بلکہ ایک قومی احساس میں ڈھل گئی۔ اس کے الفاظ میں مادر وطن سے محبت احترام اور قربانی کا جذبہ صاف جھلکتا ہے۔موسیقی کے سفر میں وندے ماترم نے کئی رنگ اختیار کیے۔ رابندر ناتھ ٹیگور نے اسے دھن میں ڈھال کر اسے ایک روحانی نغمہ بنا دیا۔ بعد کے زمانے میں کلاسیکی موسیقی کے بڑے فنکاروں نے اسے راگوں میں سمویا اور ہر پیشکش نے اس کے معنی کو مزید گہرا کیا۔ کہیں یہ خاموش وقار کے ساتھ پیش ہوا اور کہیں جوش اور ولولے کے ساتھ ۔ مگر جدید دور میں وندے ماترم کو نئے سازوں اور نئی آوازوں کے ساتھ پیش کیا گیا۔ جبکہ اے آر رحمان کی دھن نے اسے عالمی سطح پر ایک نئی شناخت دی۔ نئی نسل کے گلوکاروں نے بھی اسے اپنے انداز میں گایا اور اس کی روح کو برقرار رکھا۔وندے ماترم کا میوزیکل سفر اس بات کی علامت ہے کہ ایک گیت وقت کے ساتھ بدلتے ہوئے بھی اپنی اصل پہچان قائم رکھ سکتا ہے۔ یہ سفر آج بھی جاری ہے اور ہر نئی آواز میں وطن سے محبت کی بازگشت سنائی دیتی ہے۔
وندے ماترم کا سفر
آوازوں اور راگوں کی جادوئی ہم آہنگی اس کے بعد وندے ماترم ایک رنگین سنگیت کا سفر بن گیا، جس میں بے شمار آوازیں اور راگ شامل ہو گئے۔ کیسر بائی کیرکر نے راگ کھمباوتی میں گایا اور جے پور-اتراولی گھرانے کی موسیقی کے فن کی باریکیوں کو اجاگر کیا۔ پنن لال گھوشنے راگ میان مالہار میں اس کی بانسری پر ایک روحانی پیشکش دی، جو سننے والے کو وجد میں لے جاتی ہے۔ کچھ عرصے بعد پنڈت بھیم سین جوشی نے راگ دیش میں گایا، جس نے اس نغمے کو ایک نئی لطافت اور کشش بخشی۔ مرہٹی موسیقار اور اداکار وِشو پنت پاگنس، جو خیال اور ٹھمری کے ماہر تھے، نے 1930 کی دہائی میں راگ سارنگ میں وندے ماترم گا کر اسے ایک نیا ذائقہ دیا۔
اسی طرح پنڈت پریم کمار ملک نے دھروپد طرز میں اس نغمے کو پیش کیا، جو اپنی سنجیدگی اور وقار کے لیے یاد رکھا جاتا ہے۔ ان کے علاوہ بھی درجنوں موسیقاروں نے اپنی منفرد طرز میں وندے ماترم گایا ، جن میں دیش داس، ستیہ بھوشن گپتا، بھونی چرن داس، کیشور راؤ بھولے، ہیم چندر سین، ہرندر ناتھ دت، جی ایم درانی، واسنت دیسائی، مغوبائی کرڈیکر، ڈی واسنتا اور ڈی وِملہ شامل ہیں۔ یوں وندے ماترم صرف ایک گیت نہیں رہا ، یہ ہندوستان کے سنگیت، جذبے اور اتحاد کا ایک مسلسل گونجتا ہوا استعارہ بن گیا۔ گیتا دت اور ان کے ہم آہنگوں کی خالص سنسکرت میں گائی گئی پیشکش بھی ’’وندے ماترم‘‘ کی موسیقی کے ورثے میں ایک خاص مقام رکھتی ہے۔
دلیپ کمار رائے ایک اور علمبردار تھے جنہوں نے بنگال اور آسام کی لوک اور کلاسیکی دھنوں پر تجربے کیے۔ ان کی انفرادی پیشکش مشرقی بھارت کے جذبے اور جوش کی نمائندہ تھی، لیکن ان کا مشہور ترین گیت مدرِ وطن کی بلبل ایم ایس سبھالکشمی کے ساتھ گایا گیا دوگانا تھا، جس میں بیلاول اور باگیشوری جیسے راگوں کو ملا کر ایک دلکش راغ مالا تخلیق کی گئی۔
ایم ایس سبھالکشمی کی تمل زبان میں ’’وندے ماترم‘‘ کی پیشکشیں بھی نہایت معروف ہیں۔ اس کا تمل ترجمہ قوم پرست شاعر سبرامنیہ بھارتی نے کیا تھا جو ’’وندے ماترم‘‘ سے اس قدر متاثر تھے کہ انہوں نے اس کے دو الگ الگ تراجم کیے۔ پہلا ترجمہ زیادہ لفظی تھا، جب کہ دوسرا موسیقی کے آہنگ اور تمل ثقافتی محاورے کے لحاظ سے ڈھالا گیا تھا۔ یہ دوہرا ورژن بھارتی کی لسانی خلوص اور موسیقی سے ہم آہنگی کی جستجو کو ظاہر کرتا ہے، جو ایک طرف تمل فخر کا مظہر تھا تو دوسری طرف اس گیت کی ہمہ بھارتی روح کی نمائندگی بھی کرتا تھا۔ایم ایس سبھالکشمی کی پُرسکون آواز میں پیش کیا گیا یہ دوسرا ورژن اسی روایت کا تسلسل تھا۔
بھارتی کے اپنے بھی چند گیت ’’وندے ماترم‘‘ کے عنوان کے تحت مشہور ہوئے۔ ان میں سب سے معروف وہ گیت ہے جو 1961 کی فلم کپالوٹیا تملن میں موسیقار جی رمناتھن کی دھن پر شامل کیا گیا۔ اس کے بول ’’وندے ماترم‘‘ کے اصل جذبے اور احساس کو منعکس کرتے ہیں۔ اسی عنوان کے تحت ایک اور نغمہ ’’جئے وندے ماترم‘‘ بھی تھا، جسے بھارتی نے خود راگ بہاگ (کرناتک) میں کمپوز کیا تھا۔ اس گیت کو کے جے یسوداس نے اپنی مخصوص توانائی اور جوش کے ساتھ گا کر امر کر دیا۔ یسوداس ہی نے بعد میں 1979 کی ملیالم فلم ویدرنا موٹّوکل میں دیگر گلوکاروں کے ساتھ اصل ’’وندے ماترم‘‘ بھی گایا، جس میں موسیقی دیوراجن نے ترتیب دی تھی۔ اسی فلم میں ایک اجتماعی کورس ورژن بھی شامل تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یسوداس اور دیوراجن نے کچھ عرصے بعد، تقریباً 1980 میں، ایک اور گیت پر کام کیا جو ’’وندے ماترم‘‘ کے الفاظ سے شروع ہوتا تھا، لیکن یہ کوئی قومی یا حب الوطنی نغمہ نہیں تھا بلکہ ایک مذہبی گیت تھا جو فلم سری دیوی درشنم کے لیے بنایا گیا تھا ، یہ فلم البتہ کبھی ریلیز نہ ہو سکی۔ جب بات فلموں کی آتی ہے تو ’’وندے ماترم‘‘ کا جادو چاندی کے پردے پر بھی پوری شان سے چمکا۔ یہ گیت آزادی کی جدوجہد پر مبنی فلموں میں اکثر ایک جذباتی ستون کی طرح استعمال ہوا، جو ناظرین کے دلوں کو جوڑ دیتا تھا۔اس فقرے کا پہلا فلمی استعمال خاموش دور میں نظر آتا ہے، 1926 کی فلم وندے ماترم آشرم میں۔ لیکن اصل گیت پہلی بار 1935 کی بنگالی فلم بندے ماترم میں شامل کیا گیا۔
جنوبی ہند میں اس عنوان پر بننے والی پہلی فلم 1939 کی تیلگو پروڈکشن وندے ماترم تھی، جس کے پروڈیوسر بومّی ریڈی نرسمہا ریڈی تھے۔ یہ فلم مشہور واوہنی فلمز کے بینر تلے بننے والی پہلی پروڈکشن مانی جاتی ہے، جو جنوبی ہند میں اتنی ہی معتبر تھی جتنی بنگال میں نیو تھیٹرز اور مغربی ہندوستان میں پربھات فلم کمپنی۔ باصلاحیت چتور وی نگوئیہ نے نہ صرف فلم میں اداکاری کی بلکہ اس کی موسیقی بھی ترتیب دی۔ مرہٹی سنیما میں 1948 کی فلم وندے ماترم میں پی ایل دیش پانڈے مرکزی کردار میں نظر آئے۔ اس فلم میں ود منترہون وندیا وندے ماترم کے عنوان سے ایک حب الوطنی گیت شامل تھا، جس کی دھن سدھیر پھڈکے نے بنائی تھی۔ لیکن سب سے یادگار اور لازوال فلمی ورژن 1952 کی ہندی فلم آنند مٹھ میں پیش کیا گیا، جس کی ہدایت کاری ہیمنت گپتا نے کی تھی۔ موسیقار ہیمنت کمار (ہیمنت مکھرجی) نے اس کے لیے ایسی دھن ترتیب دی جو مالکنسہ اور بھیرویں جیسے راگوں کا حسین امتزاج تھی۔ اس نے انقلابی سنتوں کے لیے ایک روح پرور گیت تخلیق کیا، جو آج بھی حب الوطنی کا ایک لازوال نشان ہے۔ وقت کے ساتھ ’’وندے ماترم‘‘ پورے بھارت کا مشترکہ گیت بن گیا۔
سال1966 کی تیلگو فلم رنگولا رتناں میں لیجنڈری گھنٹ سالا کی آواز میں اس گیت نے دکھا دیا کہ یہ نغمہ کس طرح آسانی سے ہر زبان، ہر خطے، ہر دل میں گھر کر گیا ہے۔ یہ نغمہ دراصل اس ملک کی ثقافت، عقیدت اور جمہوری روح کے خوبصورت ملاپ کی علامت ہے۔ اگرچہ ابتدا میں کچھ ناقدین نے اسے ایک مذہبی گیت سمجھا جو قومی پکار کے روپ میں پیش کیا گیا، لیکن زیادہ تر ہندوستانیوں نے اسے ماں دھرتی کی شاعرانہ علامت کے طور پر دیکھا۔
وقت گزرنے کے ساتھ فنکاروں نے موسیقی کے ذریعے اس نظریاتی فاصلہ کو مٹا دیا۔بیسویں صدی کے وسط تک ’’وندے ماترم‘‘ ہر جگہ تھا، آل انڈیا ریڈیو کے صبح کے پروگرام کی شروعات میں، اسکولوں کی اسمبلیوں میں،ہندوستانی فلموں کے مناظر میں بار بار سنائی دینے والا ایک آہنگ بن کر۔ قوم کا نغمہ حالیہ برسوں میں لتا منگیشکر سے لے کر اے آر رحمان تک کئی فنکاروں نے ’’وندے ماترم‘‘ کو نئے انداز میں پیش کیا۔ لتا جی کا ورژن دراصل ان کی فلم آنند مٹھ کی یاد دلاتا ہے،
رحمان کا جادو
سال 1997 میں آزادی کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر انہوں نے وندے ماترم کے عنوان سے ایک البم تیار کیا جو بے حد مقبول ہوا۔ اس البم نے رحمان کو گھر گھر پہچان دلائی۔ آج کے دور میں بالی ووڈ میں یہ تصور عام ہے کہ اگر فلم کی موسیقی اے آر رحمان دے رہے ہوں تو کامیابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ان کے گائے ہوئے وندے ماترم گیت کو جو مقبولیت ملی اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ سڑکوں سے لے کر کھیل کے میدانوں تک ہر جگہ اے آر رحمان کی موسیقی کی گونج سنائی دیتی ہے۔جبکہ رحمان نے اس گیت کو بالکل نیا رنگ دیا۔ ان کا ورژن، جس میں کچھ نئے بول بھی شامل تھے، راگ دیش اور یمن کے امتزاج پر مبنی تھا، کلاسیکی اور جدید موسیقی کا خوبصورت ملاپ۔ یہ نغمہ نئی نسل کے لیے ایک بار پھر زندہ ہواور آج کئی اسٹیڈیموں میں یہ کامیاب بھارتی کھلاڑیوں کے لیے جوش و جذبے کا گیت بن چکا ہے۔ ’’وندے ماترم‘‘ کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ گیت ہر ساز پر آسانی سے ڈھل جاتا ہے۔
نادسوارم پر مائیلائی کارتکین کی پیشکش اس کی ایک دلکش مثال ہے۔ بھارتی سنیما میں ’’وندے ماترم‘‘ ہمیشہ ایک جذباتی چنگاری کی طرح رہا ہے۔ صرف اس کے ابتدائی دو الفاظ ہی حب الوطنی کا جذبہ بھڑکانے کے لیے کافی ہوتے ہیں۔ فلم سازوں نے بارہا اس فقرے کو قربانی اور قومیت کی علامت کے طور پر استعمال کیا ہے۔ چاہے دھن یا بول بنکم چندر چٹرجی کے اصل ورژن سے مختلف ہوں، مگر ’’وندے ماترم‘‘ کے یہ دو الفاظ آج بھی دلوں کو اسی شدت سے چھو لیتے ہیں۔ چند معروف فلمی ورژنز پر ایک تیز نظر: 2015 کی فلم ABCD 2میں سچن-جگر کا ورژن۔ 2024 کی فلم Fighterمیں وشال-شیکھر کا جوش بھرا گیت۔ اسی سال تیلگو فلم Operation Valentineمیں بھی ’’وندے ماترم‘‘ کے جذبے پر مبنی گیت شامل کیا گیا۔ 2001 کی بلاک بسٹر کبھی خوشی کبھی غم میں اوشا اتھوپ اور کویتا کرشن مورتی نے سندیش شندلیہ کی دھن پر اس گیت کو گایا۔
سال 2021 میں موسیقار ویشال مشرا نے ایک خصوصی ورژن تیار کیا جسے اداکار ٹائیگر شروف نے گایا، یہ بھارتی فوج کے جوانوں کو خراجِ عقیدت کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ اسی طرح بیلا شندے نے اس کا ایک مراٹھی ورژن گایا، جبکہ مشہور گلوکارہ کے ایس چترا نے 1988 کی ملیالم فلم 1921 کے لیے نہایت پُرسوز انداز میں ’’وندے ماترم‘‘ پیش کیا۔بعد میں انہوں نے ملیالم البم بھارتھییم میں بھی ایک حب الوطنی نغمے کے طور پر اس گیت کو گایا، جس کے بول کے سی کیسوا پیلے نے لکھے تھے۔ ٹیلی ویژن چینلز نے بھی وقتاً فوقتاً اس ترانے کے مختلف ورژن تیار کیے ہیں۔سال 2019 میں ایک خصوصی پیشکش میں انوراڈھا پوڈوال، سادھنا سرگم، کے ایس چترا، جسپندر نرولا، ہیما سردیسائی، مہالکشمی ایر، سریش واڈکر، ابھیجیت بھٹاچاریہ، شان اور کیلاش کھیر جیسے فنکاروں نے مل کر ’’وندے ماترم‘‘ گایا، ایک ایسا لمحہ جو ملک کی روح کو ایک نغمے میں باندھ دیتا ہے۔
ازل سے امر نغمہ ’’وندے ماترم‘‘ کے بے شمار ورژن بھارت کی مختلف زبانوں اور طرزوں میں ملتے ہیں۔ تھوڑی سی تلاش انٹرنیٹ یا یوٹیوب پر کی جائے تو موسیقی کی ایک دنیا کھل جاتی ہے، جہاں ہر دور، ہر فنکار نے اس ترانے کو اپنے احساس اور رنگ میں ڈھالا ہے۔ ڈیڑھ صدی گزرنے کے بعد بھی ’’وندے ماترم‘‘ محض ایک گیت نہیں بلکہ ایک بھرپور موسیقی روایت بن چکا ہے۔ یہ نغمہ کئی پرتوں سے بنا ہوا ہے، دلوں سے جڑا، اور ہر دور کے سانچے میں ڈھلنے والا۔ راگ ملہار سے کاپی، دیش سے لے کر بے ساختہ ہم ہماتے ہوئے سروں تک، محلوں سے اسٹوڈیوز تک، اس کی دھن ہر زمانے کے ساتھ بدلتی رہی مگر اس کی دھڑکن ہمیشہ ایک سی رہی۔ اگر ’’جَن گن من‘‘ جمہوریہ ہند کا باقاعدہ چہرہ ہے تو ’’وندے ماترم‘‘ اس کی روح ہے۔ اس کی اصل کامیابی اس بات میں نہیں کہ اسے پالوسکر، کرشن راؤ، سبھالکشمی یا رحمان نے گایا، بلکہ اس میں ہے کہ اسے ہر ہندوستانی نے اپنی آواز میں گایا اور محسوس کیا۔