رام پور رضا لائبریری علم، رواداری اور گنگا جمنی تہذیب کی علامت : ڈاکٹر پشکر مشرا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-06-2026
رام پور رضا لائبریری علم، رواداری اور گنگا جمنی تہذیب کی علامت  : ڈاکٹر پشکر مشرا
رام پور رضا لائبریری علم، رواداری اور گنگا جمنی تہذیب کی علامت : ڈاکٹر پشکر مشرا

 



آواز دی وائس/ نئی دہلی

دنیا کو آج سب سے زیادہ رواداری، مکالمے اور باہمی احترام کی ضرورت ہے۔ اگر ہم یہ تسلیم کرلیں کہ مختلف عقائد، زبانیں اور تہذیبیں ایک ساتھ رہ سکتی ہیں تو آنے والی نسلوں کو ایک بہتر اور محفوظ دنیا دی جا سکتی ہے۔ رام پور رضا لائبریری کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پشکر مشرا نے ان خیالات کا اظہارممتاز نوجوان مورخ ثاقب سلیم کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کیے، جو آواز دی وائس کے لیے لیا گیا۔

اس تفصیلی گفتگو میں ڈاکٹر پشکر مشرا نے رضا لائبریری کے علمی ورثے، نادر مخطوطات، جدید منصوبوں اور مستقبل کے وژن پر روشنی ڈالی۔ڈاکٹر مشرا نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں میں رضا لائبریری کی عالمی سطح پر شناخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مختلف ممالک کے سفیروں اور جامعات سے روابط کے نتیجے میں جاپان، امریکہ، منگولیا اور دیگر ممالک کے محققین یہاں تحقیق کے لیے آرہے ہیں۔ ان کے مطابق اصل مسئلہ معلومات کی کمی تھا، لیکن اب دنیا کو معلوم ہو رہا ہے کہ اس ادارے میں کتنا نادر اور قیمتی علمی سرمایہ محفوظ ہے۔

گفتگو کے دوران انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ رضا لائبریری اپنے مزاج اور ذخیرے دونوں اعتبار سے ایک کثیر لسانی اور کثیر الثقافتی ادارہ ہے، جہاں 21 سے زیادہ زبانوں کے مخطوطات موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں رامائن کے نادر نسخوں سے لے کر عربی، فارسی، اردو اور سنسکرت کے قیمتی مخطوطات تک محفوظ ہیں۔ڈاکٹر پشکر مشرا نے لائبریری کی ڈیجیٹلائزیشن، مصنوعی ذہانت پر مبنی ’’ٹاکنگ بکس‘‘ منصوبے اور عالمی معیار کے تحقیقی مراکز کے قیام کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق رضا لائبریری کا بنیادی پیغام یہی ہے کہ علم، ثقافت اور تہذیب کے ذریعے انسانوں کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے اور ایک زیادہ پُرامن دنیا کی تعمیر کی جائے۔

آئیے جانتے ہیں ڈاکٹر پشکرمشرا نے اپنے انٹرویو میں کن خیالات تجربات اورامکانات کا اظہار کیا ہے

سوال: ڈاکٹر صاحب! جب ہم تحقیق کے زمانے میں مختلف لائبریریوں کا رخ کرتے تھے تو عموماً دہلی کی لائبریریوں، کولکاتا کی نیشنل لائبریری یا پٹنہ کی خدا بخش لائبریری کا نام سننے میں آتا تھا۔ لیکن رام پور رضا لائبریری کا رخ بہت کم لوگ کرتے تھے۔ گزشتہ چند برسوں میں صورتحال بدلی ہے اور لوگ یہاں بھی آنے لگے ہیں۔ یہ تبدیلی کیسے آئی اور پہلے ایسا کیوں نہیں تھا؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: رام پور رضا لائبریری کے بارے میں لوگوں کو معلومات تو تھیں، لیکن یہ معلومات صرف علمی حلقوں اور محققین تک محدود تھیں۔ جو لوگ اعلیٰ سطح کی تحقیق کرتے تھے، وہ جانتے تھے کہ یہاں غیر معمولی نوعیت کا ذخیرہ موجود ہے۔بیرون ملک سے، خاص طور پر ایران سے، محققین یہاں آیا کرتے تھے۔ جب میں نے یہاں کی ذمہ داری سنبھالی تو میری کوشش رہی کہ مختلف ذرائع سے اس ادارے کا زیادہ سے زیادہ تعارف کرایا جائے۔

ہم نے مختلف سفارت خانوں سے رابطہ کیا اور انہیں بتایا کہ ہمارے پاس کتنا نادر اور اہم ذخیرہ موجود ہے۔ متعدد ممالک کے سفیر یہاں کا دورہ کر چکے ہیں۔ جلد ہی تاجکستان کے سفیر بھی آنے والے ہیں۔ اس سے پہلے آذربائیجان، لبنان اور دیگر ممالک کے سفیر بھی یہاں آ چکے ہیں۔ یورپی ممالک کے سفیروں کا ایک وفد بھی یہاں آیا تھا۔اس طرح اس لائبریری کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی میں اضافہ ہوا۔اس کے علاوہ ہم نے وزارت خارجہ ہند کے تحت مختلف ثقافتی تبادلہ پروگراموں کے ذریعے بھی کئی ممالک سے رابطے قائم کیے۔ قازقستان، سعودی عرب، انڈونیشیا، ایران اور متحدہ عرب امارات سمیت متعدد ممالک کے اداروں کے ساتھ تعاون کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔سعودی عرب کے سرکاری عجائب گھر کے شعبے کے ساتھ ہماری آن لائن دوطرفہ میٹنگ بھی ہوئی۔ اسی طرح وسطی ایشیائی ممالک کے سفیروں کی ایک تقریب میں بھی مجھے رام پور رضا لائبریری کے بارے میں تفصیلی گفتگو کا موقع ملا۔

ملک کے اندر بھی ہم نے مختلف جامعات میں پروگرام منعقد کیے، جن میں جے این یو، جامعہ ہمدرد اور جامعہ ملیہ اسلامیہ شامل ہیں۔ ان پروگراموں میں اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ان تمام کوششوں کا نتیجہ یہ نکلا کہ اب جاپان، امریکہ اور منگولیا سمیت مختلف ممالک کے محققین یہاں آ رہے ہیں۔

سوال: یعنی اب محققین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: جی ہاں، نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ حال ہی میں جاپان سے ایک محققہ آئی تھیں۔ امریکہ کی کیلیفورنیا یونیورسٹی سے بھی ایک محققہ آئی تھیں۔ منگولیا میں بھی ہمارے ذخیرے کے حوالے سے خاصی دلچسپی پیدا ہوئی ہے کیونکہ ہمارے پاس منگول تاریخ سے متعلق ایک منفرد اور نادر مواد موجود ہے۔اصل مسئلہ معلومات کی کمی تھا۔ اب جب لوگوں کو معلوم ہو رہا ہے کہ یہاں کیا کچھ موجود ہے تو وہ یہاں آنے لگے ہیں۔

سوال: جب ہم آپ کے دفتر میں آئے تو وہاں ایک تصویر دیکھی جس میں دکھایا گیا تھا کہ اس عمارت کا ڈیزائن مختلف مذاہب کی نمائندگی کرتا ہے۔ اسی طرح یہاں مختلف زبانوں، ثقافتوں اور مذاہب سے متعلق مخطوطات موجود ہیں۔ ماضی میں اس پہلو کو اتنا نمایاں نہیں کیا جاتا تھا، لیکن آپ کے دور میں اس پر خاص زور دیا جا رہا ہے۔ آپ کے خیال میں اسے اجاگر کرنا کیوں ضروری ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: آج آپ پوری دنیا کی صورتحال دیکھ رہے ہیں۔ دنیا ایک طرح سے بڑے تصادم اور جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے۔ آنے والی نسلوں کے پرامن، خوشحال اور محفوظ مستقبل کے لیے ضروری ہے کہ ہم "بھی منیشا" کو اپنائیں اور "ہی منیشا" کو ترک کریں۔ "بھی منیشا" کا مطلب یہ ہے کہ میرا سچ بھی درست ہو سکتا ہے اور آپ کا سچ بھی۔ ہم دونوں اپنے اپنے عقائد اور نظریات پر قائم رہتے ہوئے ایک دوسرے کی بھلائی کر سکتے ہیں اور ترقی حاصل کر سکتے ہیں۔ جبکہ "ہی منیشا" کا مطلب یہ ہے کہ صرف میرا ہی نظریہ درست ہے، باقی سب غلط ہیں، اور دوسروں کو میرے راستے پر چلنا ہوگا، ورنہ انہیں جینے کا حق نہیں۔ یہی سوچ تشدد اور تصادم کو جنم دیتی ہے۔

اگر یہ ذہنیت ایک خاندان میں آجائے تو خاندان بھی نہیں چل سکتا، معاشرہ اور دنیا تو بہت دور کی بات ہے۔میں جب جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں طالب علم تھا تب سے اس نظریے پر یقین رکھتا ہوں۔ جب میں پہلی بار رام پور رضا لائبریری آیا تو مجھے بتایا گیا کہ اس کی آٹھ میناروں میں پہلی مینار مسجد کی، دوسری چرچ کی، تیسری گردوارے کی اور چوتھی مندر کی نمائندگی کرتی ہے۔ تب میں نے کہا کہ "بھی منیشا" کی اس سے زیادہ خوبصورت مثال اور کیا ہو سکتی ہے؟

سوال: یعنی یہ فلسفہ صرف عمارت تک محدود نہیں بلکہ ادارے کے پورے مزاج میں شامل ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: بالکل۔ صرف عمارت ہی نہیں، اس کے ذخیرے میں بھی یہی جذبہ موجود ہے۔یہ ادارہ ابتدا ہی سے کثیر لسانی، کثیر الثقافتی اور کثیر الموضوعی رہا ہے۔ یہاں 21 سے زیادہ زبانوں کے مخطوطات اور کتابیں موجود ہیں۔عربی، فارسی، اردو، ہندی، سنسکرت کی بڑی تعداد میں مخطوطات موجود ہیں۔ فارسی مخطوطات سب سے زیادہ ہیں، اس کے بعد عربی کے۔اس کے علاوہ تامل، تیلگو، سنہالی، کنڑ زبانوں کے تالی پتر (کھجور کے پتوں پر لکھے ہوئے مخطوطات) بھی ہمارے پاس محفوظ ہیں۔ ترکی اور پشتو زبان کے مخطوطات بھی موجود ہیں۔اسی لیے یہ ایک حقیقی کثیر لسانی ادارہ ہے۔

سوال: صرف زبانوں کی بات نہیں، مختلف علوم کے حوالے سے بھی یہ ادارہ بہت متنوع ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: جی ہاں۔آج کل لوگ "ملٹی ڈسپلنری" یا "انٹر ڈسپلنری" تعلیم کی بات کرتے ہیں، لیکن رام پور رضا لائبریری میں یہ روایت بہت پہلے سے موجود ہے۔ یہ ذخیرۂ کتب آیوروید، علمِ نجوم، فلسفہ، مذاہب، تاریخ، ادب اور بے شمار دیگر موضوعات پر نایاب اور اہم کتابوں کا خزانہ ہے۔

سوال: محققین یہاں کن چیزوں کے لیے سب سے زیادہ آتے ہیں؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: ہمارے پاس مغل دور کے اصل فرامین موجود ہیں جن پر مغل بادشاہوں کی مہریں ثبت ہیں۔اسی طرح ہمارے پاس نایاب منی ایچر پینٹنگز ہیں جنہیں دیکھنے کے لیے عدسے کی ضرورت پڑتی ہے۔فنِ مصوری اور تاریخ کے محققین خاص طور پر ان ذخائر کے مطالعے کے لیے یہاں آتے ہیں۔

سوال: آپ مسلسل کثیر الثقافتی اور کثیر لسانی پہلو کو اجاگر کر رہے ہیں۔ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ موجودہ دور میں اس کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: بالکل۔یہ لائبریری تقریباً 250 سال پرانی ہے۔ اس کی بنیاد 1774ء میں رام پور ریاست کے قیام کے ساتھ رکھی گئی تھی۔یہ ادارہ ڈھائی سو برس سے کثیر الثقافتی، کثیر لسانی اور کثیر الموضوعی اقدار کو فروغ دیتا آ رہا ہے۔آج اگر ہم ایک دوسرے کو قبول نہیں کریں گے تو ہماری آنے والی نسلوں کے ہاتھوں میں کتابوں کی جگہ بندوقیں اور پتھر ہوں گے۔ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ رہنا سیکھنا ہوگا، ایک دوسرے کے خیالات اور عقائد کا احترام کرنا ہوگا۔میرا ماننا ہے کہ مستقبل کی پرامن، خوشحال اور محفوظ دنیا اسی سوچ سے وجود میں آئے گی۔

سوال: آپ نے ذکر کیا کہ یہاں مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے متعلق مخطوطات محفوظ ہیں۔ کیا رامائن کے بھی نادر نسخے یہاں موجود ہیں؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: جی ہاں، ہمارے یہاں رامائن کے کئی نادر نسخے محفوظ ہیں، اور یہ ہمارے اہم ترین ذخائر میں شامل ہیں۔مثال کے طور پر 1627ء کی "مسیح پانی پتی رامائن" ہمارے پاس موجود ہے۔ اسی طرح سمیَر چند کی اٹھارہویں صدی کی رامائن بھی محفوظ ہے، جو اورنگزیب کے دور کے بعد کی تصنیف ہے، اور غالباً اس کی تحریر مغل دربار ہی میں شروع ہوئی تھی۔اس کے علاوہ اردو زبان میں لکھی گئی رامائن بھی ہمارے ذخیرے میں موجود ہے۔

سوال: عام طور پر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ چونکہ رام پور کے نواب مسلمان تھے، اور وہ بھی شیعہ مسلمان، اس لیے اگر مذہبی ذخیرہ ہوگا تو وہ اسلامی نوعیت کا ہوگا۔ ایسے میں رامائن جیسے متون کی موجودگی کیا ظاہر کرتی ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: میں ہمیشہ یہ بات کہتا ہوں اور ہم نے مختلف مواقع پر اس پر زور بھی دیا ہے کہ نوابوں کی جو عالمی فکر (World View) تھی، وہ صرف ایک مذہب یا ایک ثقافت تک محدود نہیں تھی۔ہم نے ہمیشہ اس بات کو سراہا ہے اور دنیا تک پہنچانے کی کوشش کی ہے کہ یہ کثیر الثقافتی، کثیر لسانی اور کثیر الموضوعی نقطۂ نظر ہی دنیا کا مستقبل ہے۔یہ کوئی نئی بات نہیں ہے جو ہم آج کر رہے ہیں، بلکہ یہ اسی روایت کا تسلسل ہے جو نوابوں نے قائم کی تھی۔

سوال: آج کے سیاسی ماحول میں اکثر قطبیت (Polarization) کی بات ہوتی ہے۔ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ اس کا اثر ایسے اداروں پر بھی پڑا ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: ممکن ہے پڑا ہو، اگرچہ میں نے اس پر کوئی باضابطہ تحقیق نہیں کی۔لیکن اتنا ضرور ہے کہ جب میں نے دیکھا کہ رام پور کے نواب نسل در نسل اسی جامع اور ہم آہنگ عالمی نقطۂ نظر کو فروغ دیتے رہے ہیں تو مجھے محسوس ہوا کہ میرا فرض ہے کہ میں اس پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچاؤں۔جسے ہم گنگا جمنی تہذیب کہتے ہیں، اس کی آبیاری یہاں بہت خوبصورتی سے کی گئی ہے۔

سوال: نوابوں کے بارے میں ایک عام تصور پایا جاتا ہے کہ وہ صرف عیش و عشرت، رقص و موسیقی اور شاہانہ زندگی میں مصروف رہتے تھے۔ لیکن جب ہم اتنی عظیم لائبریری دیکھتے ہیں، جس کے لیے انہوں نے اپنے محل تک وقف کر دیے، تو یہ تصور بدلتا نظر آتا ہے۔ آپ اس بارے میں کیا کہیں گے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: یہ درست ہے کہ نواب موسیقی اور فنونِ لطیفہ کے سرپرست تھے۔مثال کے طور پر مشہور فنکارہ جدّن بائی یہاں آکر نوابوں کے لیے اپنے فن کا مظاہرہ کرتی تھیں۔ رنگ محل اسی قسم کی تقریبات کے لیے استعمال ہوتا تھا۔لیکن نوابوں کی شخصیت کا صرف یہی ایک پہلو نہیں تھا۔1857ء کی جنگِ آزادی کے بعد جب دہلی اور لکھنؤ کے ادبی مراکز تباہ ہوئے اور شاعروں و ادیبوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تو رام پور کے نوابوں نے انہیں پناہ دی۔

سوال: کیا مرزا غالبؔ کا بھی رام پور سے تعلق رہا ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: جی ہاں، مرزا غالبؔ بھی رام پور آئے تھے اور کچھ عرصہ یہاں مقیم رہے تھے۔ہمارے پاس غالبؔ سے متعلق قیمتی ذخیرہ موجود ہے۔نوابوں کی سرپرستی کے نتیجے میں رام پور میں ایک ایسی ادبی روایت پروان چڑھی جس کے اثرات آج بھی یہاں کے لوگوں کے مزاج میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔آپ رام پور کے لوگوں کو عموماً شائستہ، نرم گفتار اور تہذیب یافتہ پائیں گے۔

سوال: رام پور کا علاقہ برج بھاشا اور کھڑی بولی کے اثرات رکھنے والا خطہ بھی ہے۔ کیا ان زبانوں کا مواد بھی لائبریری میں موجود ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: جی ہاں۔ہمارے پاس برج بھاشا، اودھی اور اس پورے خطے کی تاریخ سے متعلق متعدد کتابیں اور مخطوطات محفوظ ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ نواب رضا علی خان خود برج بھاشا میں شاعری کرتے تھے اور ان کی شاعری نہایت اعلیٰ معیار کی ہے۔میرے پاس ان کی بعض تخلیقات کی نقول موجود ہیں۔اس سے واضح ہوتا ہے کہ نواب صرف سرپرست ہی نہیں تھے بلکہ خود بھی مختلف زبانوں اور ثقافتوں سے گہرا تعلق رکھتے تھے۔

سوال: حال ہی میں خبریں آئی تھیں کہ ایودھیا کے رام کتھا سنگرہالیہ اور رام پور رضا لائبریری کے درمیان تعاون کی بات ہوئی ہے۔ اس کی حقیقت کیا ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: رام کتھا سنگرہالیہ نے ہم سے درخواست کی تھی کہ رامائن اور رام کتھا سے متعلق ہمارے نادر ذخائر کو وہاں نمائش کے لیے پیش کیا جائے۔لیکن ایک قانونی رکاوٹ موجود ہے۔پارلیمنٹ کے قانون کے تحت ہم اپنے اصل مخطوطات اور نوادرات کو لائبریری کے احاطے سے باہر نہیں لے جا سکتے۔لہٰذا ہم نے یہ طے کیا کہ اصل مخطوطات کے بجائے ان کی اعلیٰ معیار کی نقول اور فیکس مائل ایڈیشن نمائش کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔اسی طرح دیگر اداروں کے ساتھ بھی تعاون جاری  ہے

سوال: آج کل بعض لوگ یہ الزام لگاتے ہیں کہ رام پور رضا لائبریری کو اس کی اصل شناخت سے ہٹایا جا رہا ہے یا اسے ایک نئے رنگ میں رنگنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جب آپ ایسے اعتراضات سنتے ہیں تو آپ کیا جواب دیتے ہیں؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: میں ان اعتراضات کو منفی انداز میں نہیں دیکھتا۔حقیقت یہ ہے کہ ایک خاص قسم کی شبیہ برسوں کے دوران رام پور رضا لائبریری کے بارے میں قائم ہو گئی تھی۔ ہم نے نہ کسی زبان کو ختم کیا ہے، نہ کسی ذخیرے کو نقصان پہنچایا ہے اور نہ ہی کسی روایت کو مٹایا ہے۔جو کچھ پہلے موجود تھا، وہ آج بھی اسی طرح محفوظ ہے۔ ہم نے صرف اس میں اضافہ کیا ہے۔

مثال کے طور پر سنسکرت کا ذخیرہ یہاں بہت کم تھا، ہم نے اسے بڑھایا۔ ہم نے کثیر لسانیت (Multilingualism) کو فروغ دینے کی کوشش کی تاکہ لوگوں میں وسعتِ نظر پیدا ہو۔اسی طرح پروگراموں کو بھی کثیر الثقافتی بنایا گیا۔ پہلے بعض سرگرمیاں محدود نوعیت کی تھیں، اب مختلف زبانوں، ثقافتوں اور روایات کو شامل کیا جا رہا ہے۔جو لوگ صرف ایک ثقافت کے دائرے میں سوچتے ہیں، انہیں شاید یہ تبدیلی عجیب لگتی ہو، لیکن حقیقت یہ ہے کہ کسی چیز کو ختم نہیں کیا گیا بلکہ اس میں وسعت پیدا کی گئی ہے۔

سوال: آپ کے خیال میں کیا یہ سب کچھ نوابوں کے اصل وژن کے مطابق ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: بالکل۔ میں بار بار یہی کہتا ہوں کہ اگر آپ اس عمارت کے فنِ تعمیر کو دیکھیں تو خود نوابوں کا پیغام واضح ہو جاتا ہے۔یہاں مسجد بھی ہے، چرچ بھی، گردوارہ بھی اور مندر بھی۔یہ صرف عمارت نہیں، ایک فکر کی نمائندگی ہے۔اسی طرح اگر آپ ذخیرے کو دیکھیں تو 21 زبانوں کے مخطوطات موجود ہیں۔ اگر نواب صرف ایک ہی ثقافت یا ایک ہی روایت کے حامی ہوتے تو وہ مختلف زبانوں اور مختلف تہذیبوں کے اتنے بڑے ذخیرے جمع نہ کرتے۔

سوال: کیا نوابوں کی ذاتی زندگی میں بھی اس جامع فکر کی مثالیں ملتی ہیں؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: جی ہاں، بہت سی مثالیں موجود ہیں۔نواب رضا علی خان کی شاعری میں ہولی کا تفصیلی ذکر ملتا ہے۔ انہوں نے مختلف رنگوں اور تہواروں کی خوبصورتی کو اپنی شاعری کا حصہ بنایا۔اسی طرح نواب فیض اللہ خان نے مہاتما گاندھی کے لیے احترام کا مظاہرہ کیا۔آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ گاندھی جی کی سمادھی دنیا میں دو مقامات پر معروف ہے؛ ایک نئی دہلی کے راج گھاٹ میں اور دوسری رام پور میں۔یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ رام پور کے نواب صرف اپنے مذہب یا طبقے تک محدود نہیں تھے بلکہ ایک وسیع تر انسانی اور قومی شعور رکھتے تھے۔

سوال: آپ بار بار "انکلیوسیو" اور "ملٹی کلچرل" وژن کی بات کر رہے ہیں۔ کیا یہی پیغام آپ دنیا تک پہنچانا چاہتے ہیں؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: بالکل۔رام پور کے نواب نسل در نسل جامع اور فراخ دل فکر کے حامل تھے۔ہم صرف اسی پیغام کو مزید وسیع پیمانے پر دنیا تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سوال: اب زمانہ بدل رہا ہے۔ دنیا بھر کی بڑی لائبریریاں ڈیجیٹلائز ہو رہی ہیں۔ رام پور رضا لائبریری اس میدان میں کہاں کھڑی ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: الحمدللہ، ہم نے اپنے تقریباً 70 فیصد ذخیرے کو ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کر لیا ہے۔شاید ملک کی بہت کم لائبریریاں ایسی ہوں گی جنہوں نے اتنے بڑے پیمانے پر ڈیجیٹلائزیشن کی ہو۔

سوال: کیا محققین کو ان ڈیجیٹل مواد تک رسائی حاصل ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: جی ہاں۔جو لوگ قواعد و ضوابط کے مطابق درخواست دیتے ہیں، انہیں ضرورت کے مطابق ڈیجیٹل نقول فراہم کی جاتی ہیں۔

سوال: کیا اس مقصد کے لیے کوئی ویب سائٹ بھی بنائی جا رہی ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: جی ہاں، ویب سائٹ زیرِ تعمیر ہے اور جلد مکمل ہو جائے گی۔

سوال: آپ نے مصنوعی ذہانت  کا بھی ذکر کیا تھا۔ اس سلسلے میں کیا منصوبے ہیں؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: حال ہی میں روس میں "انڈیا-رشیا لائبریری ڈائیلاگ" کے دوران میں نے ایک پریزنٹیشن دی تھی۔اس میں ہم نے یہ تصور پیش کیا کہ رام پور رضا لائبریری کو مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور مشین لرننگ جیسی جدید ٹیکنالوجیز سے جوڑا جائے۔ہم "ٹاکنگ بکس" یا "کنورسیشنل بکس" کا تصور تیار کر رہے ہیں۔

سوال: "ٹاکنگ بکس" سے آپ کی کیا مراد ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: فرض کریں آپ کسی کتاب کے بارے میں سوال پوچھتے ہیں۔مستقبل میں ایک ایسا چیٹ بوٹ ہوگا جو اسی کتاب کے مواد کی بنیاد پر جواب دے گا، اور جواب ایسا محسوس ہوگا جیسے خود مصنف آپ سے گفتگو کر رہا ہو۔ہم اس تصور کو حقیقت بنانے کی سمت میں کام کر رہے ہیں۔

سوال: لائبریری کی توسیع کے حوالے سے بھی ایک بڑا منصوبہ زیر غور ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: جی ہاں۔

15 اکتوبر 2024 کو ہم نے فیصلہ کیا کہ رام پور قلعے کی باقی 43 ایکڑ زمین حاصل کرکے اسے علمی اور تحقیقی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔اس زمین پر عالمی معیار کا ترجمہ مرکز، مطالعاتی ادارے اور تحقیقی مراکز قائم کیے جائیں گے۔

سوال: کیا اس منصوبے کو حکومت کی حمایت حاصل ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: جی ہاں۔وزیر اعظم نریندر مودی  نے اس منصوبے کی تعریف کی ہے اور اس کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہےہمارے وژن دستاویز میں ان کا پیغام بھی شامل ہے۔

سوال: آج کل یہ کہا جاتا ہے کہ لوگ کتابیں کم پڑھتے ہیں اور لائبریریوں کی اہمیت کم ہو رہی ہے۔ ایسے میں آپ رام پور رضا لائبریری کا مستقبل کس طرح دیکھتے ہیں؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: میں نے یہ بات روس میں منعقد ہونے والے "انڈیا-رشیا لائبریری ڈائیلاگ" میں بھی کہی تھی کہ اب لائبریریوں کے کردار میں تبدیلی آ رہی ہے اور یہ تبدیلی ضروری بھی ہے۔اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ آج کتابیں پہلے کے مقابلے میں بہت زیادہ آسانی سے دستیاب ہیں۔ پہلے کسی مخصوص کتاب کو حاصل کرنے کے لیے لائبریری جانا پڑتا تھا، کیٹلاگ دیکھنا پڑتا تھا اور پھر معلوم کرنا پڑتا تھا کہ کتاب دستیاب بھی ہے یا نہیں۔آج آن لائن خریداری کے ذریعے تقریباً ہر کتاب گھر بیٹھے حاصل کی جا سکتی ہے۔میں اپنی مثال دیتا ہوں۔ دہلی میں میرے گھر سے تقریباً تین چار کلومیٹر کے فاصلے پر وزیر اعظم میوزیم تھا، جہاں میں باقاعدگی سے جاتا تھا۔ لیکن بعد میں میں نے حساب لگایا کہ وہاں آنے جانے میں جتنا پٹرول خرچ ہوتا ہے، اتنی رقم میں تو میں نئی کتاب خرید سکتا ہوں۔اس لیے اب لوگوں کے لیے کتابوں تک رسائی آسان ہو گئی ہے۔

سوال: کیا آن لائن مطالعے نے بھی لائبریریوں پر اثر ڈالا ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: یقیناً۔بہت سی کلاسیکی اور نایاب کتابیں اب آن لائن دستیاب ہیں۔ لوگ گھر بیٹھے انہیں پڑھ سکتے ہیں۔اسی وجہ سے لائبریریوں میں آنے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

سوال: پھر مستقبل میں لائبریریوں کا کردار کیا ہوگا؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: میرا ماننا ہے کہ مستقبل میں لائبریریاں صرف کتابوں کے ذخیرے نہیں رہیں گی۔اصل مخطوطات اور نادر کتابوں کی حفاظت بہرحال ضروری رہے گی، کیونکہ محققین کو اصل دستاویزات کی تصدیق اور مطالعہ کرنا ہوتا ہے۔ لائبریریوں کو صرف کتابوں کے ذخیرے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں علم و تحقیق کے فعال مراکز بننا ہوگا۔ انہیں ایسے اداروں کی صورت اختیار کرنی چاہیے جہاں علمی سرگرمیاں پروان چڑھیں، سماجی روابط مضبوط ہوں، ثقافتی ورثے کو فروغ ملے اور سنجیدہ مکالمے و مباحثے کے مواقع میسر آئیں۔اسی وژن کو عملی شکل دینے کے لیے ہم یہاں باقاعدگی سے علمی نشستوں، سیمیناروں، کانفرنسوں، مذاکروں اور نمائشوں کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ علم، فکر اور ثقافت کے فروغ کے لیے ایک مؤثر اور متحرک ماحول تشکیل دیا جا سکے۔

سوال: گزشتہ چند برسوں میں آپ نے کتنے پروگرام منعقد کیے ہیں؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: اگر اوسط نکالی جائے تو گزشتہ دو برسوں میں تقریباً ہر ماہ دو سے تین بڑے پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔نمائشوں کا سلسلہ بھی مسلسل جاری ہے کیونکہ نمائشیں لوگوں کی دلچسپی پیدا کرتی ہیں۔ جب لوگ کسی موضوع کو دیکھتے اور سمجھتے ہیں تو اس کے بارے میں مزید جاننے کی خواہش پیدا ہوتی ہے۔

سوال: ان سرگرمیوں کے نتیجے میں لائبریری میں آنے والوں کی تعداد میں کیا فرق پڑا ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: جب میں نے یہاں ذمہ داری سنبھالی تھی تو سالانہ زائرین کی تعداد ðتقریبا 67 ہزار تھی۔اب یہ تعداد بڑھ کر تقریباً ایک لاکھ پینتالیس ہزار ہو چکی ہے۔یعنی صرف دو برسوں میں تقریباً ڈھائی گنا اضافہ ہوا ہے۔

سوال: اس اضافے کی بنیادی وجہ کیا ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: سب سے بڑی وجہ آگاہی ہے۔رام پور کے بہت سے لوگوں کو بھی معلوم نہیں تھا کہ ان کے شہر میں اتنا عظیم علمی خزانہ موجود ہے۔جب ہم نے بڑے پروگرام منعقد کیے، میڈیا میں خبریں آئیں، نمائشیں لگیں اور مختلف سرگرمیاں شروع ہوئیں تو لوگوں میں تجسس پیدا ہوا۔وہ یہاں آئے، انہوں نے عمارت دیکھی، نادر مخطوطات دیکھے، تاریخی ذخائر کا مشاہدہ کیا اور پھر دوسروں کو بھی اس کے بارے میں بتایا۔اسی طرح زائرین کی تعداد مسلسل بڑھتی گ۔

سوال: آخر میں گنگا جمنی تہذیب اور آنے والی نسلوں کے حوالے سے آپ کیا پیغام دینا چاہیں گے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: میں ہمیشہ نوجوانوں سے ایک ہی بات کہتا ہوں۔

آنے والی نسلوں کا خوشحال، پُرامن، محفوظ اور ترقی یافتہ مستقبل "بھی منیشا" میں ہے، "ہی منیشا" میں نہیں۔اگر ہم یہ کہیں کہ صرف میرا راستہ درست ہے اور باقی سب غلط ہیں، صرف میرا عقیدہ صحیح ہے اور دوسروں کو جینے کا حق نہیں، تو یہ سوچ نفرت، تشدد اور جنگ کو جنم دے گی۔آج دنیا میں جو بڑے بحران پیدا ہو رہے ہیں، ان کی جڑ میں بھی یہی ذہنیت کارفرما ہے۔

سوال: پھر "بھی منیشا" کا پیغام کیا ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: "بھی منیشا" یہ کہتی ہے کہ:میرا عقیدہ بھی درست ہو سکتا ہے، تمہارا عقیدہ بھی۔میرا فلسفہ بھی اپنی جگہ درست ہو سکتا ہے، تمہارا فلسفہ بھی۔میرا راستہ بھی قابلِ احترام ہے اور تمہارا راستہ بھا۔ہم دونوں اپنے اپنے راستوں پر چلتے ہوئے ایک دوسرے کی بہتری اور ترقی کا سبب بن سکتے ہیں۔

سوال: کیا یہی رام پور رضا لائبریری کا بنیادی پیغام ہے؟

ڈاکٹر پشکر مشرا: جی ہاں۔رام پور رضا لائبریری کا بنیادی پیغام یہی ہے کہ مختلف مذاہب، زبانیں، ثقافتیں اور تہذیبیں ایک دوسرے کے ساتھ احترام، رواداری اور تعاون کے ساتھ رہ سکتی ہیں۔اسی سوچ کے ذریعے ہم آنے والی نسلوں کو ایک خوشحال، محفوظ، پُرامن اور روشن مستقبل دے سکتے ہیں۔