بٹھنڈہ: ملک میں خواہ ماحول کچھ بھی ہو ،مگر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثالیں سامنے آتی رہتی ہیں۰ گنگا جمنی تہذیب کے نمونے سامنے آتے ہیں جو ہمارے سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا پر یقین مضبوط ہوجاتا ہے۔ اب پنجاب میں ایک ایسی مسجد سامنے آئی ہے جس کو ہندو اور سکھوں نے اپنے گاوں کے مسلمانوں کے لیے تعمیر کرایا ہے۔
یہ واقعہ ہے پنجاب کے ضلع مکتسر کے گاؤں کھنان خورد کا ۔ جہاں کے ہندو اور سکھ باشندوں کے اس عمل نے بتا دیا ہے کہ ہندوستان میں سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کا جذبہ زندہ ہے۔
دونوں برادریوں نے گاؤں میں رہنے والے پانچ مسلم خاندانوں کے لیے، جن کے پاس نماز پڑھنے کی جگہ نہیں تھی، مسجد بنانے کے لیے رقم اور تعمیراتی سامان کا عطیہ کیا۔ جب بالآخر منگل کو مسجد تیار ہو گئی۔ تو تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے باشندے اس کا افتتاح کرنے کے لیے مسلمانوں کے ساتھ شامل ہوئے۔
مسلم خاندانوں نے گاؤں والوں کی موجودگی میں منگل کو نئی تعمیر شدہ مسجد میں پہلی نماز ادا کی۔ گاؤں میں صرف پانچ مسلمان خاندان تھے اور ان کے پاس نماز پڑھنے کی جگہ نہیں تھی۔ وقف بورڈ نے زمین کا ایک چھوٹا ٹکڑا فراہم کیا تھا لیکن ان خاندانوں کے پاس مسجد کی تعمیر کے لیے وسائل نہیں تھے۔
گاؤں کے رہائشی، ہندو اور سکھ دونوں، پھر آگے آئے اور مسجد کی تعمیر میں اپنے مسلمان بھائیوں کی مدد کی گاؤں کا دورہ کرنے والے پنجاب کے شاہی امام محمد عثمان رحمانی نے کو بتایا۔
کھنان خورد کے رہائشی مہندر سنگھ نے کہا کہ مسلمان اپنے طور پر مسجد بنانے کی پوزیشن میں نہیں تھے اور منگل کو جب عبادت گاہ کا افتتاح کیا گیا تو دیگر رہائشیوں نے خوشی سے حصہ لیا ۔
گزشتہ سال دسمبر میں برنالہ ضلع کے بخت گڑھ گاؤں کے ایک سکھ خاندان نے گاؤں کے 15 مسلم خاندانوں کو مسجد کی تعمیر کے لیے زمین کا ایک ٹکڑا عطیہ کیا تھا۔ اس سے قبل، سکھ اور ہندو دونوں ہی مساجد کی تعمیر کے لیے زمین فراہم کر چکے ہیں، بشمول موگا ضلع کے ماچھیکے گاؤں میں، جب سڑک کو چوڑا کرنے کے لیے پرانی مسجد کو منہدم کیا گیا تھا۔