نئی دہلی : آواز دی وائس
یوم اساتذہ کے موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے نئی دہلی کے وگیان بھون میں ملک بھر کے منتخب اساتذہ کو قومی اساتذہ ایوارڈ 2026 سے نوازا۔ ان اعزاز یافتہ اساتذہ میں چار مسلم اساتذہ بھی شامل ہیں جنہوں نے تعلیم کے میدان میں اپنی غیر معمولی خدمات اور منفرد تدریسی کوششوں سے نمایاں شناخت قائم کی ہے۔
اتر پردیش کے بلیا سے تعلق رکھنے والے آرٹ کے استاد ڈاکٹر افتخار خان گزشتہ 25 برس سے اپنے گھر پر غریب اور ضرورت مند بچوں کو مفت فنون لطیفہ کی تعلیم دے رہے ہیں۔
جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول دالہوری کے نباتیات کے لیکچرر محمد ایاز رئینا کو 13 برس کی مسلسل تعلیمی خدمات اور تدریسی جدت کے اعتراف میں یہ اعزاز ملا ہے۔
ضلع کارگل کے یو ٹی لداخ کے گاؤں وخہ کے رہائشی محمد مصطفیٰ کمال بھی ایسے ہی ایک استاد ہیں جنہیں قومی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
جبکہ اڑیسہ کے مایوربھنج میں ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول کرنجیا کے پرنسپل محمد ظفر عالم کو دور دراز قبائلی علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم سے جوڑنے کی خدمات پر قومی اعزاز سے نوازا گیا۔ تینوں اساتذہ کی یہ کامیابی مسلم اساتذہ کی تعلیمی خدمات اور ملک کی نئی نسل کی تعمیر میں ان کے اہم کردار کی روشن مثال ہے۔
قومی اساتذہ ایوارڈ 2026 کے لیے ملک بھر سے 48 اسکولی اساتذہ کا انتخاب کیا گیا ۔ ان میں 27 ریاستوں، 7 مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور مرکزی حکومت کے 6 اداروں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ شامل ہیں۔ منتخب اساتذہ میں 26 مرد اور 22 خواتین ہیں۔یہ ایوارڈ ہر سال ایسے اساتذہ کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے جنہوں نے اسکولی تعلیم کو بہتر بنانے اور طلبہ کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے نمایاں کام کیا ہو۔
हम सभी देशवासी, विकसित भारत के निर्माण के लक्ष्य की ओर आगे बढ़ रहे हैं। विश्व-स्तरीय शिक्षा व्यवस्था के बल पर ही, विकसित राष्ट्र का निर्माण संभव है। pic.twitter.com/z6x6mEHp52
— President of India (@rashtrapatibhvn) September 5, 2026
آئیے نظر ڈالتے ہیں ان چار مسلم ٹیچرز کی زندگی اور کارناموں پر ۔۔

ڈاکٹر افتخار خان غریب بچوں کے لیے گھر کو بنا دیا مفت آرٹ اسکول
تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے بڑھتے اخراجات کے دور میں اتر پردیش کے ضلع بلیا کے ایک استاد نے اپنے گھر کے دروازے ان بچوں کے لیے کھول دیے جو فنون لطیفہ سیکھنے کی خواہش تو رکھتے تھے لیکن مالی مشکلات کے باعث آگے نہیں بڑھ سکتے تھے۔ گورنمنٹ انٹر کالج بلیا میں آرٹ کے استاد ڈاکٹر افتخار خان گزشتہ 25 برس سے غریب اورضرورت مند بچوں کو ہر اتوار اپنے گھر پر مفت فنون لطیفہ کی تعلیم دے رہے ہیں۔سال 2000 میں شروع ہونے والا یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ ڈاکٹر افتخار نہ صرف بچوں کو مصوری اور فنون لطیفہ کی عملی تربیت دیتے ہیں بلکہ انہیں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلے کے لیے بھی تیار کرتے ہیں۔ ان کی یہ مسلسل خدمت اب قومی سطح پر بھی تسلیم کی گئی ہے۔
وزارت تعلیم کے محکمہ اسکولی تعلیم و خواندگی نے سال 2026 کے قومی اساتذہ ایوارڈ کے لیے ملک بھر سے 48 اساتذہ کا انتخاب کیا ہے۔ صدر دروپدی مرمو 5 ستمبر کو یوم اساتذہ کے موقع پر نئی دہلی کے وگیان بھون میں منتخب اساتذہ کو اعزاز سے نوازا۔ تاہم یہ ان کا پہلا اعزاز نہیں ہے۔ وہ اب تک 50 سے زیادہ اعزازات حاصل کر چکے ہیں۔ سابق وزیر اعظم چندر شیکھر اور سابق نائب صدر بھیرن سنگھ شیخاوت سمیت کئی اہم شخصیات بھی ان کے فن اور خدمات کی تعریف کر چکی ہیں۔
بلیا میں فن کی تعلیم کا خلا پُر کیا
بلیا ضلع میں فنون لطیفہ کی باقاعدہ تعلیم طویل عرصے تک اسکولی نصاب تک محدود رہی۔ معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے ہونہار بچوں کے لیے فنون لطیفہ کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا یا بڑے اداروں کے داخلہ امتحانات کی تیاری کرنا آسان نہیں تھا۔ صلاحیت رکھنے کے باوجود مناسب وسائل، تربیت اور رہنمائی نہ ملنے کے باعث بہت سے بچے اپنی منزل تک نہیں پہنچ پاتے تھے۔ڈاکٹر افتخار نے اسی خلا کو محسوس کیا اور اسے پُر کرنے کا فیصلہ کیا۔ اپنی باقاعدہ تدریسی ذمہ داریوں کے ساتھ انہوں نے اپنے گھر کو ہی ایک مفت آرٹ کلاس میں تبدیل کر دیا۔ بلیا کے علاوہ گورکھپور، ماؤ اور یہاں تک کہ بہار سے بھی بچے ان کے پاس فنون لطیفہ کے داخلہ امتحانات کی تیاری کے لیے آنے لگے۔وہ ہر سال گرمیوں کی چھٹیوں میں مصوری کی خصوصی ورکشاپ بھی منعقد کرتے ہیں جہاں بچوں کو مسلسل مشق کے ساتھ انفرادی رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔
دو سو سے زائد طلبہ نے بنائی اپنی پہچان
ڈاکٹر افتخار کی رہنمائی میں اب تک 200 سے زائد طلبہ فنون لطیفہ کے میدان میں اسکولی تعلیم سے آگے بڑھ چکے ہیں۔ ان میں سے کئی طلبہ ملک کی معروف کمپنیوں میں کام کر رہے ہیں جبکہ کچھ بیرون ملک ہندوستانی فنون کو فروغ دے رہے ہیں۔بلیا کے نیرج سنگھ بھی انہی طلبہ میں شامل ہیں۔ 2007 میں دادری میلے میں ڈاکٹر افتخار کی ایک نمائش دیکھنے کے بعد نیرج کی مصوری میں دلچسپی پیدا ہوئی۔ انہوں نے ڈاکٹر افتخار سے ملاقات کی اور فن سیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ ڈاکٹر افتخار نے انہیں بغیر کسی فیس کے تربیت دینا شروع کردی۔نیرج نے پہلی ہی کوشش میں بنارس ہندو یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ویژول آرٹس میں داخلہ حاصل کیا اور بیچلر آف فائن آرٹس کی ڈگری مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے پونے کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا سے پروڈکشن ڈیزائن میں ڈپلومہ حاصل کیا۔ آج وہ کئی فلموں میں پروڈکشن ڈیزائنر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔نیرج کے مطابق ڈاکٹر افتخار سے حاصل ہونے والی تعلیم نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر انہوں نے اس دن میلے میں ڈاکٹر افتخار کی نمائش نہ دیکھی ہوتی تو شاید ان میں فنون لطیفہ کے لیے دلچسپی ہی پیدا نہ ہوتی۔
فیس نہیں مانگی، گرو دکشینہ میں درخت مانگا
ڈاکٹر افتخار کا ماننا ہے کہ صلاحیت کسی کی مالی حیثیت کی محتاج نہیں ہوتی۔ ضرورت صرف اس صلاحیت کو پہچاننے اور اسے صحیح سمت دینے کی ہے۔ یہی سوچ ان کی برسوں سے جاری مفت تدریسی خدمت کی بنیاد ہے۔ایک مرتبہ ایک طالب علم کے والدین نے ان سے گرو دکشینہ قبول کرنے پر اصرار کیا۔ ڈاکٹر افتخار نے رقم یا کوئی تحفہ لینے کے بجائے ان سے ایک درخت لگانے کو کہا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے طلبہ کو بھی یہی پیغام دینا شروع کیا کہ اگر وہ استاد کو کچھ دینا چاہتے ہیں تو عوامی مقام پر ایک درخت لگائیں اور اس وقت تک اس کی دیکھ بھال کریں جب تک وہ بڑا نہ ہوجائے۔ان کے نزدیک استاد کے لیے اس سے بہتر تحفہ کوئی اور نہیں کہ اس کا شاگرد معاشرے کے لیے کچھ اچھا کرے۔
سابق وزیر اعظم اور نائب صدر بھی کر چکے ہیں تعریف
ڈاکٹر افتخار خان کی فنی صلاحیتوں اور خدمات کو کئی اہم شخصیات سراہ چکی ہیں۔ سابق وزیر اعظم چندر شیکھر، سابق نائب صدر بھیرن سنگھ شیخاوت اور سابق گورنر ڈاکٹر وشنوکانت شاستری ان شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے ان کے کام کی تعریف کی۔50 سے زیادہ اعزازات حاصل کرنے کے بعد اب قومی اساتذہ ایوارڈ ان کی طویل تعلیمی اور فنی خدمات کے اعتراف کی ایک اور اہم کڑی بن گیا ہے۔ڈاکٹر افتخار کی کہانی صرف ایک استاد کی کامیابی کی داستان نہیں بلکہ اس سوچ کی مثال ہے کہ اگر ایک باصلاحیت استاد اپنے علم اور وقت کو معاشرے کے ضرورت مند بچوں کے لیے وقف کردے تو وہ کئی زندگیوں کا رخ بدل سکتا ہے۔ انہوں نے اپنے گھر کو صرف آرٹ کلاس نہیں بنایا بلکہ ایسے بچوں کے لیے امید کا مرکز بنا دیا جن کے خواب وسائل کی کمی کے باعث ادھورے رہ سکتے تھے۔

راجوری : محمد ایاز رئینا کو قومی اساتذہ ایوارڈ
سری نگر: جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے ایک دور افتادہ علاقے میں تدریسی خدمات انجام دینے والے محمد ایاز رئینا کو قومی اساتذہ ایوارڈ 2026 دیا گیاہے۔ وہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول دہلوری میں نباتیات کے لیکچرار ہیں اور رواں سال جموں و کشمیر سے اس قومی اعزاز کے لیے منتخب ہونے والے واحد استاد ہیں۔محمد ایاز رئینا کو یہ اعزاز 5 ستمبر کو یوم اساتذہ کے موقع پر نئی دہلی کے وگیان بھون میں صدر دروپدی مرمو پیش کریں گی۔ ملک بھر سے منتخب کیے گئے 48 اسکولی اساتذہ میں رئینا بھی شامل ہیں۔ان کا انتخاب راجوری کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کی پوری تعلیمی برادری کے لیے باعث فخر قرار دیا جا رہا ہے۔ رئینا نے تعلیم کے شعبے میں گزشتہ 13 برس کے دوران اپنی تدریسی ذمہ داریوں کے ساتھ طلبہ کی رہنمائی اور تعلیمی سرگرمیوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
اعزاز کو اجتماعی کامیابی قرار دیا
قومی اعزاز کے لیے منتخب کیے جانے پر محمد ایاز رئینا نے اس اعتراف پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ محض ان کا ذاتی اعزاز نہیں بلکہ ان کے طلبہ، ساتھی اساتذہ، تعلیمی اداروں، اہل خانہ اور ان تمام لوگوں کی مشترکہ کوششوں کا اعتراف ہے جنہوں نے ان کے تعلیمی سفر کے دوران ان کی حوصلہ افزائی اور حمایت کی۔ان کا کہنا ہے کہ ایک استاد کی کامیابی صرف اس کی اپنی محنت کا نتیجہ نہیں ہوتی بلکہ اس میں طلبہ کی محنت، ساتھیوں کا تعاون اور خاندان کی حمایت بھی شامل ہوتی ہے۔
پہلے بھی کئی اعزازات حاصل کرچکے ہیں
محمد ایاز رئینا کی تدریسی خدمات کو اس سے قبل بھی مختلف قومی اور عالمی سطح پر سراہا جا چکا ہے۔ انہیں 2017 میں قومی اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 2021 میں جموں و کشمیر مرکز کے زیر انتظام علاقے کے بہترین استاد کا ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔ان کے اعزازات میں 2021 کا گلوبل ٹیچر ایوارڈ اور 2020 کا گلوبل بیسٹ ایجوکیشنل پوسٹر ایوارڈ بھی شامل ہیں۔ ان اعزازات سے ظاہر ہوتا ہے کہ تدریس کے ساتھ ساتھ تعلیمی ٹیکنالوجی اور جدید تدریسی طریقوں میں بھی ان کی دلچسپی نمایاں رہی ہے۔
دور افتادہ راجوری میں 13 برس کی خدمت
محمد ایاز رئینا کا انتخاب اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ وہ راجوری جیسے سرحدی اور جغرافیائی اعتبار سے دشوار گزار ضلع میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس علاقے کے کئی اسکول پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں واقع ہیں جہاں طلبہ تک تعلیمی سہولتیں پہنچانا اساتذہ کے لیے ایک مسلسل چیلنج ہوتا ہے۔ایسے علاقوں میں بنیادی ڈھانچے، آمدورفت، رابطے اور دیگر سہولتوں کی صورتحال مختلف ہوسکتی ہے۔ اس کے باوجود رئینا نے گزشتہ 13 برس کے دوران تدریس سے اپنی وابستگی برقرار رکھی اور طلبہ کی تعلیمی ترقی کے لیے کام کیا۔ان کا سابقہ قومی اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی ایوارڈ اس بات کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ انہوں نے تعلیم میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو اپنی تدریسی سرگرمیوں کا حصہ بنایا۔
سرکاری اسکولوں میں جدت کی اہمیت
احمد ایاز رئینا کا قومی سطح پر انتخاب دور افتادہ علاقوں میں سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کی خدمات کی جانب بھی توجہ مبذول کراتا ہے۔ ایسے اساتذہ نہ صرف معمول کی تدریسی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں بلکہ محدود وسائل کے باوجود طلبہ کے لیے نئے تدریسی طریقے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے امکانات بھی تلاش کرتے ہیں۔ رئینا کی سابقہ کامیابیاں بھی اس بات کی مثال ہیں کہ سرکاری اسکولوں میں تدریس کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور تخلیقی طریقوں کو اختیار کرکے طلبہ کے تعلیمی تجربے کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ان کا قومی اساتذہ ایوارڈ کے لیے انتخاب جموں و کشمیر کے تعلیمی شعبے کے لیے ایک اہم اعزاز ہے۔ خاص طور پر راجوری جیسے پہاڑی اور دور افتادہ ضلع میں طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے ایک استاد کی قومی سطح پر پذیرائی اس بات کا اعتراف ہے کہ محدود جغرافیائی سہولتوں کے باوجود محنت اور مستقل مزاجی سے تعلیم کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا جاسکتا ہے۔5 ستمبر کو وگیان بھون نئی دہلی میں ہونے والی تقریب میں محمد ایاز رئینا سمیت ملک بھر کے 48 اساتذہ کو قومی اساتذہ ایوارڈ پیش کیے جائیں گے۔ رئینا کی صورت میں رواں سال جموں و کشمیر کو اس قومی اعزاز کی فہرست میں واحد نمائندگی حاصل ہوئی ہے۔

قبائلی بچوں کی تعلیم کے لیے وقف محمد ظفر عالم کو قومی اساتذہ ایوارڈ
نئی دہلی: اڑیسہ کے مایوربھنج ضلع میں واقع ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول (EMRS) کرنجیا کے پرنسپل محمد ظفر عالم کو تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں قومی اساتذہ ایوارڈ 2026 سے نوازا گیا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے 5 ستمبر 2026 کو نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ قومی اساتذہ ایوارڈ تقریب میں انہیں یہ باوقار اعزاز عطا کیا۔
محمد ظفر عالم وزارت قبائلی امور کے تحت چلنے والے EMRS کرنجیا، بنوریہ (ٹاٹو)، مایوربھنج میں پرنسپل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کے زیر انتظام یہ ادارہ دور دراز علاقوں کے درج فہرست قبائلی طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے اور انہیں اعلیٰ و پیشہ ورانہ تعلیمی مواقع کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
EMRS کرنجیا کا آغاز تعلیمی سال 2017-18 میں کیا گیا تھا۔ یہ ایک مکمل رہائشی اور مخلوط تعلیمی ادارہ ہے، جہاں جماعت ششم سے بارہویں تک کے تقریباً 410 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ اسکول کی مجموعی گنجائش تقریباً 480 طلبہ کی ہے۔ ادارے کا بنیادی مقصد دور دراز علاقوں میں رہنے والے قبائلی بچوں کو ایسی معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے جس کے ذریعے وہ اعلیٰ اور پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔اسکول میں تعلیم کو محض نصابی سرگرمیوں تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کھیل، ہنر مندی اور مقامی فنون و ثقافت کے تحفظ کو بھی اسکول کے تعلیمی نظام کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کو ملک کے دور دراز قبائلی علاقوں میں تعلیمی مواقع کی کمی کو دور کرنے کے مقصد سے قائم کیا گیا ہے۔ ان اسکولوں کو تعلیمی معیار اور سہولتوں کے اعتبار سے جواہر نوودیہ ودیالیہ کے ہم پلہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے، تاکہ قبائلی طلبہ کو بھی معیاری تعلیم اور مسابقتی مواقع میسر آسکیں۔EMRS کرنجیا میں مقامی فنون اور ثقافت کو محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی سہولتوں کے ساتھ کھیل اور ہنر کی تربیت پر بھی زور دیا جاتا ہے۔ اس طرح ادارہ طلبہ کی علمی صلاحیتوں کے ساتھ ان کی تخلیقی، جسمانی اور عملی صلاحیتوں کو بھی فروغ دینے کی کوشش کرتا ہے۔محمد ظفر عالم کو قومی اساتذہ ایوارڈ سے نوازا جانا نہ صرف ان کی ذاتی تعلیمی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ دور دراز قبائلی علاقوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

کارگل کے محمد مصطفیٰ کمال کو اعزاز
کارگل لداخ میں گزشتہ چند برسوں کے دوران سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے معیار میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ اس دوران کئی ماڈل اسکول قائم ہوئے ہیں اور ان میں طلبہ کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس پیش رفت میں بعض بہترین اساتذہ کی کوششوں کا اہم کردار رہا ہے جنہیں اپنے خیالات اور تجربات کو عملی شکل دینے میں حکومت کا تعاون حاصل ہوا۔ضلع کارگل کے یو ٹی لداخ کے گاؤں وخہ کے رہائشی محمد مصطفیٰ کمال بھی ایسے ہی ایک استاد ہیں جنہوں نے اپنی خدمات کے ذریعے ضلع کا نام روشن کیا ہے۔ جو اب قومی ایوارڈز کے حقدار بنے ہیں ۔
محمد مصطفیٰ کمال نے جولائی 2011 میں محکمہ اسکولی تعلیم میں بطور استاد ملازمت شروع کی تھی۔ وہ اس وقت مڈل اسکول لاناکرچی تھانگ سانکو میں تعینات ہیں۔ اس کے علاوہ وہ جنرل لائن ٹیچرز فورم کارگل لداخ کے ضلعی صدر کی ذمہ داری بھی سنبھال رہے ہیں۔
ضلعی صدر کی حیثیت سے انہوں نے اساتذہ کی تنظیم کے ذریعے ماڈل اسکول کے منصوبے کو مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔محمد مصطفیٰ کمال نے موجودہ وبا کے دوران بھی اپنی خدمات جاری رکھیں اور طلبہ تک ویڈیو اور ریڈیو کلاسز کے ذریعے تعلیم پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس وقت وہ اپنی تدریسی ذمہ داریوں کے ساتھ محکمہ اسکولی تعلیم کارگل میں نویں اور دسویں جماعت کی ٹیلی اور ریڈیو کلاسز کے نوڈل افسر کی ذمہ داری بھی انجام دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2020 میں باوقار ایشین ایجوکیشن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ وہ ضلع سلیکشن کمیٹی کی جانب سے 2020 کے قومی ایوارڈ کے لیے کارگل ضلع سے نامزد کیے گئے 3 اساتذہ میں بھی شامل تھے۔