ڈاکٹر شجاعت علی قادری
ہندوستانی آئین کی تشکیل میں کئی مسلم رہنماؤں نے سرگرم کردار ادا کیا، مگر بدقسمتی سے مذہبی خطیبوں نے مسلمانوں کو اس دستاویز سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہونے سے باز رکھا۔آئین، جو جمہوریت کی روح ہے، ایک ایسا معاہدہ ہے جس پر ملک کے تمام شہری متفق ہوئے ہیں۔ یہ قانون کی نظر میں مساوات کی ضمانت دیتا ہے، کمزوروں کا محافظ اور طاقتوروں کا محاسب ہے۔اگرچہ اسے دبانے اور کمزور کرنے کی بہت سی کوششیں کی گئیں، پھر بھی یہ چراغ روشن ہے۔
ہندوستانی مسلمان آئینی فریم ورک کی پیروی کرتے آئے ہیں، مگر ان کی ترجیح یا عقیدت عموماً فرقہ وارانہ رجحان پر مبنی مذہبی متون کے ساتھ رہی ہے، حالانکہ اصل اسلامی تعلیمات آئین سے متصادم نہیں بلکہ ہم آہنگ ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ مسلمانوں نے آئین کا حوالہ عوامی سطح پر صرف چند برس پہلے شہریت ترمیمی قانون (CAA) کے خلاف احتجاج کے دوران دینا شروع کیا، جب انھیں اپنی شہریت کے چھن جانے کا اندیشہ ہوا۔
یہ افسوسناک حقیقت ہے کہ ایک ایسی قوم جس کے عظیم رہنما خود آئین ساز اسمبلی میں پیش پیش تھے، اس آئین سے دوری اختیار کر گئی جسے بڑی تحقیق اور عالمی قوانین کے نچوڑ سے تشکیل دیا گیا۔مولانا آزاد، سر سید محمد سعداللہ، اور تجمل حسین جیسے آئین ساز اراکین نے نہ صرف آئین کی تشکیل میں حصہ لیا بلکہ اسلامی تعلیمات کے ماہر ہوتے ہوئے بھی اس میں کوئی ایسی شق نہیں دیکھی جو اسلام کی روح سے متصادم ہو۔
ان رہنماؤں کی کوششوں سے آئین میں کچھ بنیادی دفعات شامل ہوئیں، جیسے:
سب کے لیے قانون کے سامنے برابری (آرٹیکل 14)
مذہب، نسل، ذات، جنس یا جائے پیدائش کی بنیاد پر امتیاز کی ممانعت (آرٹیکل 15)
مذہبی آزادی کی ضمانت (آرٹیکلز 25 تا 28)
یہ دفعات مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے تعلیمی، ثقافتی اور لسانی حقوق کی محافظ ہیں۔
لیکن پچھلے 75 سالوں میں مسلمانوں نے ایسے مذہبی رہنماؤں کی پیروی کی جو آج بھی ذہنی طور پر نوآبادیاتی اور مغلیہ دور میں مقید ہیں۔ان علما نے جدید ہندوستان کے وژن سے مسلمانوں کو جوڑنے کے بجائے انھیں ایسے تشریحات کی طرف مائل کیا جو ذاتی مفادات یا فرقہ وارانہ سوچ پر مبنی تھیں۔اصلاحات کی تمام کوششوں کو مسترد کیا گیا۔
کسی بھی مسلم اکثریتی علاقے کا دورہ یہ واضح کر دیتا ہے کہ کس طرح مذہبی خطیب عوامی ذہنوں پر غالب ہیں۔ یہ نام نہاد اسلامی علما (سنی اور شیعہ دونوں مکاتب فکر سے) آج کل میڈیا، سوشل میڈیا اور عوامی اجتماعات پر چھائے ہوئے ہیں۔ بعض پاکستانی علما کی بھی ہندوستان میں اندھا دھند پیروی کی جاتی ہے۔ایسا طرزِ فکر مسلمانوں کو ایسے سیاسی و فکری نظریات کی طرف لے جاتا ہے جو ہندوستانی تناظر میں خطرناک ہیں۔جماعتِ اسلامی جیسے گروہ نے طویل عرصے تک جمہوریت کو اسلامی اصولوں سے متصادم قرار دیا، جبکہ کچھ وہابی نظریات کے حامل علما نے خلافت کے قیام اور غیر مسلموں کی "دعوتِ اسلام" کو مقصد بنایا۔
یہ سوچیں اب زوال پذیر ہیں، لیکن ان کی باقیات کہیں نہ کہیں سر اٹھاتی رہتی ہیں۔ایسے حالات میں آئین سے جڑنا، سیکولرازم کو فروغ دینا اور اندرونی اصلاحات و تحریک دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔یہی راستہ مسلمانوں کی سماجی حیثیت کو مضبوط کر کے بھارت کی یکجہتی اور ترقی میں ان کا کردار نمایاں کر سکتا ہے۔اصلاحات کو آئین کے دائرے میں اور اسلامی اصولوں کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے اختیار کرنا چاہیے۔
مثلاً، خواتین کو مساوی مقام، تعلیم، اور معاشرتی آواز دینا، اسلام کی اصل روح اور قرآن کے پیغام ، انصاف، برابری اور انسانی عظمت، سے ہم آہنگ ہے۔یہی اقدار ہندوستانی آئین کے بنیادی اصولوں میں شامل ہیں، خاص طور پر "ڈائریکٹو پرنسپلز" میں۔اسلامی اصولوں کی روشنی میں اصلاحات کو غداری نہیں بلکہ دین کی اصل روح کی تکمیل سمجھا جانا چاہیے۔وقت کا تقاضا ہے کہ مسلمان خوداحتسابی کریں، جدید دور کے تقاضوں کو سمجھیں اور ایک نئے وژن کے ساتھ سماج کا حصہ بنیں۔تاہم یہ اصلاحات مسلمانوں کے اندر سے شروع ہونی چاہئیں، نہ کہ حکومت کی طرف سے زبردستی مسلط کی جائیں۔مسلمانوں کے لیے ذاتی قوانین انتہائی حساس معاملہ ہیں، اس لیے ان کی نزاکت کو مدنظر رکھنا ہوگا۔جب مسلمان اپنی مذہبی شناخت کو آئینی روشنی میں ڈھال لیں گے تو وہ ان تمام تحفظات کا فائدہ حاصل کر سکیں گے جو آئین نے اقلیتوں کو دیے ہیں: جان و مال کی حفاظت، برابری کا حق، اور عزت سے جینے کا حق۔
مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ آئینی ضمانتوں کے لیے مضبوط آواز بلند کریں، اپنی ترقی کو قابلیت کی بنیاد پر ممکن بنائیں، نہ کہ سیاسی سہاروں پر۔اس حوالے سے پارسی برادری ایک بہترین مثال ہے: وہ اقلیت میں ہوتے ہوئے بھی ہندوستانی معاشرت میں ایسے رچ بس گئے جیسے دودھ میں شکر۔پارسی، آئینی شعور میں سرفہرست ہیں، ان کی قانونی مہارت انہیں معاشرے میں احترام کا مقام دلاتی ہے۔ وہ بغیر کسی خوف کے ہندوستان میں زندگی گزارتے ہیں۔یہ ضروری نہیں کہ مسلمان یکایک آئین کے ماہر بن جائیں، لیکن آئین کو اپنی اجتماعی زندگی کا مرکز بنانا ہوگا۔ان کے مباحثوں کا مرکز آئینی مسائل ہوں تاکہ علم پر مبنی سوچ پروان چڑھے اور پرانے مذہبی کلیشوں سے نجات حاصل ہو۔مسلمانوں کو یہ بات سمجھنا ہوگی کہ وہ ہندوستانی قوم کا ناقابلِ تقسیم حصہ ہیں۔آئین کے جامع اور شمولیتی جذبے کے تحت مسلم قیادت کو قومی دھارے میں ضم ہونے کی ضرورت ہے۔مسلمانوں کو تکثیریت، انصاف اور مساوات کو باہمی زندگی کا اصول تسلیم کرنا ہوگا۔یہی اقدار ہندوستانی آئین اپنے پیروکاروں میں پیدا کرتا ہے۔اگر مسلمان آئینی اقدار کو مشنری جذبے کے ساتھ اپنائیں، تو یہی سمت انہیں تاریخ کے اہم موڑ پر صحیح راہ دکھائے گی۔
مصنف مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آف انڈیا (MSO) کے قومی صدر ہیں اور صوفی ازم، عوامی پالیسی، عالمی سیاست اور انفارمیشن وارفیئر پر مضامین لکھتے ہیں۔