آزاد ہندوستان میں ممتاز مسلم ماہرین قانون کی خدمات

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-08-2025
آزاد  ہندوستان میں ممتاز مسلم ماہرین قانون کی خدمات
آزاد ہندوستان میں ممتاز مسلم ماہرین قانون کی خدمات

 



آواز دی وائس : نئی دہلی 

ہندوستان کی آزادی کے بعد عدلیہ کے شعبے میں مسلم شخصیات نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں جو نہ صرف قابل فخر ہیں بلکہ قوم کے لیے مشعل راہ بھی ہیں۔ جسٹس فاطمہ بیوی ملک کی پہلی خاتون جج بنیں جنہیں سپریم کورٹ میں تعینات ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ وہ نہ صرف ہندوستان بلکہ ایشیا کی بھی پہلی خاتون جج تھیں۔ انہوں نے کیرالہ کے پتنم‌تیتا سے تعلق رکھتے ہوئے بار کونسل کے امتحان میں اول مقام حاصل کر کے تاریخ رقم کی۔اسی طرح جسٹس اے ایم احمدی نے ہندوستان کے 26ویں چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کا فیصلہ ایس آر بومئی بنام یونین آف انڈیا (1994) ایک آئینی سنگ میل مانا جاتا ہے، جس نے مرکز کو ریاستی حکومتوں کو برخاست کرنے کے اختیارات پر حدود مقرر کیں۔ انہوں نے او بی سی ریزرویشن کے حق میں بھی اہم رول ادا کیا، مگر 50 فیصد کی حد اور 'کریم لیئر' کی وضاحت کے ساتھ۔مزید برآں، ایم سی چھاگلہ، جو آزادی کے بعد بمبئی ہائی کورٹ کے پہلے ہندوستانی چیف جسٹس بنے، انہوں نے بعد میں وزیر تعلیم، وزیر خارجہ اور امریکہ و برطانیہ میں سفیر کی حیثیت سے بھی ملک کی خدمت کی۔یہ تمام شخصیات ہندوستانی عدلیہ میں مسلمانوں کی بصیرت، دیانت اور حب الوطنی کی روشن مثالیں ہیں۔آئیے ایسی ہی کچھ شخصیات سے کراتے ہیں آپ کو روبرو 

ایم سی چھاگلہ

محمد علی کریم چھاگلہ، آزادی کے بعد بمبئی ہائی کورٹ کے پہلے بھارتی چیف جسٹس تھے۔ انہوں نے جدید ہندوستانکے قانونی اور سیاسی منظرنامے کو تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ 1900 میں بمبئی میں پیدا ہونے والے چھاگلہ نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور لنکنز اِن سے وکالت کی سند حاصل کی۔ وہ نہ صرف ایک ماہر قانون دان تھے بلکہ ان کی سوچ صاف، دیانت دارانہ اور روشن خیال تھی۔ ان کے فیصلے اکثر شہری آزادیوں اور آئینی اخلاقیات سے گہری وابستگی ظاہر کرتے تھے۔ وہ امریکہ میں ہندوستانکے سفیر، برطانیہ میں ہائی کمشنر، اور بعد ازاں مرکزی کابینہ میں وزیر تعلیم اور وزیر خارجہ بھی رہے۔ وہ جمہوری اقدار اور شفافیت کے بھرپور حامی تھے۔ ان کی خودنوشت "Roses in December" ان کی عوامی زندگی اور اصولوں کی ایک بے باک اور بصیرت افروز جھلک پیش کرتی ہے۔ چھاگلہ کا ورثہ آج بھی ایک ایسے مدبر کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جس نے عقل و دانش کو اخلاقی جرات کے ساتھ جوڑ دیا۔

اے ایم احمدی

چیف جسٹس عزیز مشبر احمدی ہندوستانکے سب سے قابل احترام ججوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کا تعلق گجرات کے شہر سورت سے تھا اور وہ ایک داؤدی بوہرہ خاندان میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ماتحت عدالت کے جج تھے۔ احمدی نے 1954 میں احمد آباد کی عدالتوں میں وکالت کا آغاز کیا۔ مارچ 1964 میں، جب وہ محض 32 برس کے تھے، انہیں سول جج مقرر کیا گیا، اور اس سطح پر وہ واحد مسلم جج تھے، جس پر احتجاج بھی ہوئے۔ دسمبر 1988 میں وہ سپریم کورٹ کے جج بنے اور 25 اکتوبر 1994 کو ہندوستانکے چیف جسٹس مقرر ہوئے۔ اپنے دور میں انہوں نے 232 سے زائد فیصلے لکھے اور 800 سے زیادہ بنچوں کا حصہ رہے۔ ان کے مشہور فیصلوں میں ایس۔آر۔ بومئی بنام یونین آف انڈیا (1994) شامل ہے۔ وہ اس نو رکنی بینچ کا حصہ تھے جس نے او بی سی ریزرویشن کو برقرار رکھتے ہوئے 50 فیصد کی حد مقرر کی اور 'کریمی لیئر' کی وضاحت کی۔

ایم فاطمہ بی بی

جسٹس ایم فاطمہ بی بی  6 اکتوبر 1989 کو ہندوستانکی سپریم کورٹ کی جج مقرر ہوئیں، یوں وہ نہ صرف ہندوستانکی پہلی خاتون جج بلکہ ایشیا کی بھی پہلی خاتون جج بن گئیں۔ ان کا تعلق کیرالہ کے ضلع پتھنم‌تھیٹا سے تھا۔ 1950 میں انہوں نے بار کونسل کا امتحان اول درجہ میں پاس کیا، گولڈ میڈل حاصل کیا اور کولیّم میں وکالت شروع کی۔ 1958 میں وہ کیرالہ کی ماتحت عدلیہ میں منصف مقرر ہوئیں اور ترقی کرتے ہوئے 1983 میں کیرالہ ہائی کورٹ کی جج بنیں، یوں وہ ہندوستانکی اعلیٰ عدلیہ میں پہلی مسلم خاتون جج بن گئیں۔ انہوں نے اپنی تقرری کو خواتین کے لیے "بند دروازے کے کھلنے" سے تعبیر کیا۔ بعد میں وہ تمل ناڈو کی گورنر بھی بنیں۔

ایم ایچ بیگ

جسٹس مرزا حمید اللہ بیگ نے جنوری 1977 سے فروری 1978 تک ہندوستانکے 15ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وہ اپنے علمی انداز اور آئینی قانون میں مہارت کے لیے جانے جاتے تھے۔ چیف جسٹس بننے سے قبل وہ الہ آباد ہائی کورٹ اور بعد ازاں سپریم کورٹ کے جج تھے۔ ان کے کیریئر کا ایک متنازعہ پہلو ADM جبلپور کیس (1976) میں ان کا وہ فیصلہ تھا جس میں انہوں نے ایمرجنسی کے دوران بنیادی حقوق کی معطلی کی حمایت کی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ ہندوستانکے اقلیتی کمیشن کے چیئرمین بھی رہے۔

محمد ہدایت اللہ

محمد ہدایت اللہ ہندوستانکے 11ویں چیف جسٹس تھے اور انہوں نے 1968 سے 1970 تک یہ منصب سنبھالا۔ وہ اپنے غیر معمولی فہم و فراست اور آئینی قانون کی گہری سمجھ کے لیے مشہور تھے۔ 1905 میں لکھنؤ میں پیدا ہوئے، ان کا تعلیمی ریکارڈ شاندار تھا اور وہ سپریم کورٹ میں شامل ہونے سے پہلے ہی ایک ممتاز قانون دان تھے۔ عدالتی خدمات کے علاوہ انہوں نے 1969 میں ہندوستانکے قائم مقام صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور 1979 سے 1984 تک ہندوستانکے نائب صدر بھی رہے۔ ان کی دیانت داری، علمی برتری اور انصاف پسندی آج بھی وکلاء اور ججوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

التمش  کبیر

جسٹس التمش کبیر ہندوستانکے 39ویں چیف جسٹس تھے۔ ان کا تعلق ایک ممتاز بنگالی مسلم خاندان سے تھا۔ انہوں نے کلکتہ یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ 1973 میں قانونی پیشہ اختیار کیا اور 1990 میں کلکتہ ہائی کورٹ کے جج بنے۔ بعد میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بنے اور 2005 میں سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔ ستمبر 2012 میں وہ چیف جسٹس بنے۔ وہ انسانی حقوق اور سماجی انصاف سے متعلق فیصلوں کے لیے جانے جاتے تھے اور پسماندہ طبقات کے لیے انصاف کی فراہمی میں ان کی گہری دلچسپی تھی۔ جسٹس کبیر 19 فروری 2017 کو وفات پا گئے۔

بہاول اسلام

جسٹس بہاول اسلام ایک معروف بھارتی جج اور پارلیمنٹیرین تھے۔ ان کا تعلق 1918 میں آسام سے تھا۔ انہوں نے بطور وکیل اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا رہے اور بعد ازاں گوہاٹی ہائی کورٹ کے جج بنے۔ 1980 میں وہ سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے، اور وہ چند ان ججوں میں شامل تھے جنہوں نے عدلیہ میں خدمات سے قبل قانون ساز اداروں میں بھی کام کیا۔ ان کے فیصلے انصاف، شفافیت اور انسانی حقوق کی حمایت میں ہوتے تھے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ دوبارہ سیاست میں آئے اور راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے۔

احسن الدین امان اللہ

جسٹس احسن الدین امان اللہ اس وقت سپریم کورٹ آف انڈیا کے جج ہیں۔ ان کی شہرت دیانت داری، قانونی بصیرت اور انصاف پسندی کی بنا پر ہے۔ 1963 میں پیدا ہونے والے جسٹس امان اللہ کا تعلق ایک ایسے خانوادے سے ہے جو قانون اور عوامی خدمت کے شعبے سے وابستہ رہا ہے۔ انہوں نے پٹنہ ہائی کورٹ میں وکالت کا آغاز کیا، جہاں انہوں نے آئینی اور دیوانی مقدمات میں مہارت حاصل کی۔ 2011 میں وہ پٹنہ ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے، بعد ازاں آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں خدمات انجام دیں۔ فروری 2023 میں وہ سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔ ان کے فیصلے توازن، ترقی پسند سوچ اور قانونی نظام میں شفافیت اور احتساب کو فروغ دیتے ہیں۔

فیضان مصطفیٰ

  فیضان مصطفیٰ ایک معروف ماہر قانون اور ماہر تعلیم ہیں۔ وہ نالسار یونیورسٹی آف لا، حیدرآباد کے سابق وائس چانسلر اور نیشنل لا یونیورسٹی اوڈیشہ(NLUO) کے بانی وائس چانسلر ہیں۔ وہ T-Hub جیسے ٹیکنالوجی انکیوبیٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا حصہ بھی ہیں۔ حال ہی میں وہ چندرائنکا نیشنل لا یونیورسٹی، پٹنہ کے وائس چانسلر بھی رہے۔

 صبیح الحسنین شاستری

جسٹس صبیح الحسنین نے 1980 میں لکھنؤ یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ 1984 میں بطور وکیل اندراج کیا اور بنیادی طور پر آئینی، سروس اور دیوانی مقدمات میں مہارت حاصل کی۔ مئی 2008 میں انہیں الہ آباد ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا، اور 19 اپریل 2010 کو مستقل جج بنے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ دہلی الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن (DERC) کے چیئرمین مقرر ہوئے۔