محمد ناظم شیخ: ’پاو بیچنے والا‘ جو سمندر کنارے زندگی بچانے والا فرشتہ ہے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-07-2025
محمد ناظم شیخ:  ’پاو بیچنے والا‘ جو سمندر کنارے زندگی بچانے والا فرشتہ ہے
محمد ناظم شیخ: ’پاو بیچنے والا‘ جو سمندر کنارے زندگی بچانے والا فرشتہ ہے

 



کولابہ، ممبئی — 51 سالہ محمد ناظم شیخ دن کے وقت کولابہ میں پاو بیچتے ہیں، لیکن جیسے ہی فارغ ہوتے ہیں، وہ سمندر کنارے جا کھڑے ہوتے ہیں—ایک خاموش نگہبان کی طرح۔ گیٹ وے آف انڈیا کے خطرناک سمندر کنارے پر وہ گزشتہ 35 سالوں سے پہرا دے رہے ہیں، اور اب تک 300 سے زائد افراد کی جانیں بچا چکے ہیں۔

ناظم نے صرف 16 برس کی عمر میں سمندر میں ڈوبنے والوں کو بچانا شروع کیا۔ تربیت یافتہ لائف گارڈ کی مہارت اور ایک مشن کی طرح جذبے کے ساتھ وہ اُن لوگوں کو پانی سے باہر نکالتے ہیں جو بے خبری یا لاپرواہی میں موت کے دہانے تک جا پہنچتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں، "وہ لوگ صرف چھینٹے محسوس کرنے یا نظارہ کرنے آتے ہیں، لیکن ایک پھسلن کافی ہے، اور لہر انہیں کھینچ لے جاتی ہے۔ اگر فوراً کارروائی نہ کی جائے تو اُنہیں بچانا ممکن نہیں ہوتا۔"

ناظم کا کہنا ہے کہ انہوں نے اب تک تقریباً 25 سے 30 لاشیں بھی نکالی ہیں—زیادہ تر مردوں کی۔ وہ تہواروں کے دوران ہونے والے حادثات، مہم جوئی کرنے والوں کی غلطیاں اور بچوں کے گرنے جیسے کئی واقعات کے چشم دید گواہ رہے ہیں۔

ناظم کی سب سے یادگار ریسکیو کارروائی 1996 میں ہوئی، جب انہوں نے اونچی لہروں کے دوران ایک زیرآب علاقے کو تیر کر پار کیا۔ اس کارنامے پر انہیں ’بہترین تیراک‘ کا خطاب دیا گیا۔ حالیہ برسوں میں بھی، جیسے 2022 کے گنپتی وسرجن کے دوران، انہوں نے دو افراد کو ڈوبنے سے بچایا۔

گیٹ وے آف انڈیا کے آس پاس چھابڑی لگانے والے ہاکرز کے مطابق ناظم ہمیشہ سب سے پہلے پہنچنے والے شخص ہوتے ہیں۔ آج کل سوشل میڈیا کی وجہ سے سیاح اکثر سیفٹی بیرئیر پار کرکے ویڈیوز بنانے لگتے ہیں، جو خطرناک ثابت ہوتا ہے۔ ایسے میں جب کوئی سمندر میں گرتا ہے تو پہلا نام جو سب کے ذہن میں آتا ہے، وہ ناظم کا ہوتا ہے—پولیس یا فائر بریگیڈ سے بھی پہلے۔

تاج ہوٹل کے سامنے اسٹال چلانے والی 60 سالہ خاتون کہتی ہیں:
"میں ناظم کو برسوں سے دیکھ رہی ہوں۔ اُنہوں نے بے شمار لوگوں کی جان بچائی ہے۔ گیٹ وے پر کام کرنے والے سبھی لوگ جانتے ہیں کہ ایمرجنسی میں فوراً انہیں بلایا جاتا ہے۔"

ایک مقامی فوٹوگرافر کے مطابق:"پہلے وہ گیٹ وے کے بالکل سامنے بچاؤ کرتے تھے، لیکن اب سکیورٹی وجوہات کی بنا پر وہ علاقہ بند ہے۔ آج کل وہ تاج ہوٹل کے سامنے نظر آتے ہیں جہاں لوگ سمندر کی لہروں سے لطف اندوز ہونے آتے ہیں۔"

ایک اور 51 سالہ کیمرہ مین کا کہنا ہے:"گیٹ وے پر کام کرنے والے سبھی لوگ ناظم کو پہچانتے ہیں اور جانتے ہیں کب اُن سے رابطہ کرنا ہے۔ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ چاہے اُسے بلاؤ یا نہ بلاؤ، وہ خود پہنچ جاتا ہے۔"

تاہم افسوس کی بات یہ ہے کہ ناظم کو اب تک کسی قسم کی باضابطہ حکومتی شناخت یا اعزاز حاصل نہیں ہوا۔ ناظم نے بتایا کہ وہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ (دیویندر فڑنویس) کو خط لکھ چکے ہیں، لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔


"ابھی بھی انتظار کر رہا ہوں، کچھ بھی نہیں ہوا،" وہ کندھے اچکا کر کہتے ہیں۔ناظم کے کئی ایوارڈز اور اخباری تراشے بھی اُن کے گھر کی مرمت کے دوران ضائع ہو چکے ہیں۔ وہ دوپہر تک پاو بیچنے کا کام ختم کر لیتے ہیں، لیکن جیسے ہی مد و جزر کا وقت ہوتا ہے، وہ الرٹ ہوجاتے ہیں۔

"جب کوئی مشکل میں ہو، چاہے مقامی لوگ ہوں یا پولیس، وہ مجھے بلاتے ہیں۔ مجھے سمندر سے ڈر نہیں لگتا۔ اللہ نے مجھے یہ طاقت دی ہے، میں بس اپنا کام کرتا ہوں،" وہ عاجزی سے کہتے ہیں۔ناظم 2003 کے گیٹ وے بم دھماکے کے دوران بھی ریسکیو ٹیم کا حصہ تھے، اور وہاں سے لاشوں کو نکالنے میں مدد کی تھی۔

آج جب کہ سمندر کنارے حفاظتی انتظامات بہتر ہو چکے ہیں اور خودکشی کے واقعات میں کمی آئی ہے، ناظم اب بھی ممبئی کے ساحل پر ایک خاموش محافظ کی طرح موجود ہیں۔"اگر کچھ ہوا تو میں تیار ہوں،" وہ پُرعزم انداز میں کہتے ہیں۔

کولابہ کے سینئر پولیس انسپکٹر پرمود بھاؤٹے نے بتایا"ناظم ہمارے لیے بطور لائف گارڈ کام کرتے ہیں۔ وہ ہمیشہ فعال اور مستعد رہتے ہیں۔ اُن کی مدد کئی معاملات میں قیمتی ثابت ہوئی ہے۔ وہ جیٹی علاقے میں رہتے ہیں اور بس ایک فون کال کی دوری پر ہیں۔ ممبئی پولیس اُن کی بہادری کی سچائی سے شکر گزار ہے۔