جلیل شیخ
مہاراشٹر کے سب سے بڑے مسلم اکثریتی شہروں میں سے ایک اور پاورلوم انڈسٹری کے بڑے مرکز مالیگاؤں میں ایک اجتماعی نکاح کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں سو غریب اور نادار جوڑوں کی شادیاں کی گئیں۔ یہ تقریب نبی اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی 1500 ویں سالگرہ کی یاد میں شہر کے درگاؤں علاقے میں ہیرا انگلش میڈیم اسکول میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا اہتمام سنی دعوتِ اسلامی اور ورلڈ میمن آرگنائزیشن نے مشترکہ طور پر کیا، تاکہ علاقے کے غریب مزدور طبقے کی مدد کی جا سکے۔
سنی دعوتِ اسلامی کے مولانا امین القادری نے کہا کہ یہ نکاح کی تقریب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی 1500 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی ہے۔ اسی مناسبت سے اتوار (31 اگست) کو کسومبا روڈ پر غریبوں کے لیے ایک 100 بستروں پر مشتمل فری اسپتال کا بھی افتتاح کیا گیا۔
یہ شہر چونکہ ٹیکسٹائل کا ایک بڑا مرکز ہے، اس لیے یہاں غریب لوگوں کی بڑی تعداد آباد ہے جن میں پاورلوم مزدور، کباڑ چننے والے اور دیگر محنت کش شامل ہیں۔اجتماعی شادی کی تیاری کئی دنوں سے جاری تھی۔ اس تقریب کے لیے جوڑوں کا انتخاب غریب اور مستحق خاندانوں میں سے کیا گیا۔ یہ اجتماعی شادی بہت سی نادار فیملیوں کے لیے بڑا سہارا بنی۔ مولانا نے مزید کہاکہ موجودہ مہنگائی کو دیکھتے ہوئے عام اور غریب آدمی کے لیے بچوں کی شادی کرنا آسان نہیں رہا۔ اسی لیے اجتماعی شادیاں وقت کی اہم ضرورت بن گئی ہیں۔ معاشرے کے صاحبِ حیثیت افراد کو چاہیے کہ وہ آگے بڑھ کر ایسی تقریبات کا اہتمام کریں۔
انہوں نے لوگوں کو فضول خرچی سے بچنے کی تلقین کی اور کہ جب مالدار لوگ اپنے بچوں کی شادی کریں تو انہیں چاہیے کہ تین غریب بچوں کی شادیاں بھی کرائیں۔ اس طرح بہت سے غریب نوجوان اور لڑکیاں اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز کر سکیں گے۔ مزید یہ کہ ہمیں بے جا اخراجات سے بچ کر غریب بچوں کو تعلیم کے دھارے میں لانا چاہیے۔ اگر غریب بچے تعلیم حاصل کریں گے تو معاشرہ ترقی کرے گا۔" اس نصیحت کے بعد انہوں نے اجتماعی طور پر 100 نکاح پڑھائے۔
گھر کے سامان اور کھانے کا انتظام
اس اجتماعی شادی میں مالیگاؤں کے علاوہ پڑوسی ریاست گجرات کے شہر سورت اور مہاراشٹر کے ضلع چھترپتی سامبھاجی نگر کے سلود شہر سے بھی جوڑے شریک ہوئے۔ ہر جوڑے کو شادی کے بعد گھریلو ضروری سامان مفت دیا گیا تاکہ وہ اپنی نئی زندگی شروع کر سکیں۔ اس کے ساتھ تقریب میں شریک تین ہزار مہمانوں کے لیے کھانے کا انتظام بھی کیا گیا۔تقریب میں ممبئی کے مولانا شاکر نوری اور ورلڈ میمن جماعت کے کثیر تعداد میں عہدیداران بھی موجود تھے۔