کولکتہ:ایک پان والا ،ودیا کا ساگر ہے،جس کا ثبوت ہے اس لکھی 12کتابیں ۔۔۔ جنہوں نے انہیں بنا دیا ہے صاحب کتاب پان والا ،خوشیوں کے شہرکولکتہ میں اس پان کی دکان کا ڈنکا بج رہا ہے ، وہ بھی بیہالا کے علاقے میں ،جو ریاست کی وزیراعلی ممتا بنرجی کا حلقہ ہے،اسی حلقے کے راجہ رام موہن رائے روڈ پر ایک چھوٹی سی پان کی دکان ہے، جو بظاہر عام سی لگتی ہے، مگر حقیقت میں یہ دکان ایک ادبی خواب کی تعبیر ہے۔ 47 سالہ پنٹو پوہن اسی معمولی سی دکان سے اب تک بارہ سے زائد بنگالی کتابیں لکھ چکے ہیں۔ تازہ پان کے پتوں کی خوشبو اور چونا لگاتے ہاتھوں کے ساتھ، وہ ایک الگ ہی دنیائے الفاظ اور خوابوں کی تشکیل میں مصروف ہیں۔
بچپن کی جدوجہد اور عزم
پنٹو پوہن کا بچپن مدن موہنتالا میں گزرا، جو بیہالا چوراستہ سے قریب دو کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ اُس وقت یہ علاقہ زیادہ تر دلدلی ہوا کرتا تھا۔ غربت ان کے بچپن کا سچ تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم صرف لڑ کر ہی زندہ رہ سکتے ہیں۔ جو غربت کی لکیر کے نیچے جیتے ہیں، جن کے کاندھوں پر خاندان اور ذمہ داریاں ہیں، اُن کے لیے زندگی ایک مسلسل جدوجہد ہے۔
پان کی دکان سے ادبی دنیا تک
تحریر کا شوق بچپن سے تھا، گیتوں کی لائنیں، اسکول میگزین میں نظمیں۔ مگر اصل سفر شروع ہوا ان کے تیسویں سال میں، جب وہ دکان پر بیٹھے لوگوں کو دیکھتے اور ان کی زندگیوں سے کہانیاں کشید کرتے۔میری غذا میرے اردگرد کے لوگ ہیں۔ اس دنیا کو جاننا، سمجھنا ۔ یہی مجھے توانائی دیتا ہے۔ کتابوں نے مجھے ایک اور دنیا کا راستہ دکھایا، وہ کہتے ہیں۔ ان کی مشہور کتابوں میں پارول ماشیر چھاگول چھھانا، جھنکوکمار، ٹھاکردار اشچرجو گولپو شامل ہیں۔ ان کی کہانیاں سوناندا، دیش، آنندمیلا جیسے معروف رسائل میں شائع ہو چکی ہیں۔
پان، شاعری اور درد کے بیچ زندگی
وہ کہتے ہیں کہ پوہن کے طویل دکان کے اوقات نے ان کی صحت پر اثر ڈالا۔ ڈاکٹر نے لمبراسپونڈیلائٹس اور سروائیکل اسپونڈیلائٹس کی تشخیص کی۔ کہا چھ ماہ آرام کرو، لیکن میں کیسے کرتا؟ ذمہ داریاں تھیں، خواب تھے۔انہوں نے کمپیوٹر سیکھا، انگریزی و ہندی کے ڈپلومے کیے۔ ائپنگ تک نہیں آتی تھی، ایک دکان پر جا کر کمپیوٹر چلانا سیکھتا، پھر واپس آ کر پان بیچتا۔مگر لکھنا کبھی نہیں چھوڑا۔ لکھنا میرے اندر تھا۔ میں ہمیشہ کچھ ایسا لکھنا چاہتا تھا جو معنی رکھتا ہو، دیرپا ہو۔
پتوں پر لپٹے خواب
اہم بات یہ ہے کہ غربت، درد، لمبے اوقات، ناکام نوکریاں، پولیس کی چھیڑ چھاڑ ۔ کچھ بھی پوہن کو نہ روک سکا۔ صبح چھ بجے سے آدھی رات تک کام کرتا تھا۔ آج اتنا کما لیتا ہوں کہ گھر چلا سکوں اور کتابیں بھی چھپوا سکوں۔ان کے خاندان میں بیوی، اسکول جانے والا بیٹا اور کالج جانے والی بیٹی شامل ہیں۔ میں صرف چاول مچھلی سے پیٹ بھرنے نہیں آیا تھا، میں چاہتا تھا یہ پیٹ معنی سے بھرے، وہ بڑی سنجیدگی سے کہتے ہیں۔ان کی نئی کہانیاں بچوں اور بڑوں دونوں کو متاثر کرتی ہیں۔ "میں ان بچوں کو راستہ دکھانا چاہتا ہوں جو نہیں جانتے کہ ان کے کل کا کوئی وجود ہے یا نہیں، ان لوگوں کو امید دینا چاہتا ہوں جو خواب دیکھنے سے ڈرتے ہیں۔"
الفاظ سے اندھیرے کا مقابلہ
غریب ہونا جرم نہیں، اصل جرم یہ ہے کہ آدمی خواب دیکھنا چھوڑ دے۔ میری زندگی اسی دکان پر بنی ہے۔ اگر کوئی پوچھے کہ میں نے کیا سیکھا، تو کہوں گا۔ہدف تک نہ پہنچنا بُری بات نہیں، لیکن لڑنا چھوڑ دینا برا ہے۔میں ہزار بار ہارا ہوں، مگر آج بھی لڑنے کا حوصلہ رکھتا ہوں۔ وہ کہتے ہیں، ایک گاہک کو پان اور دوسرے کو کتاب تھماتے ہوئے۔