خان سر کا نیا عزم: صرف تعلیم ہی نہیں، بہار کو صحت کے میدان میں بھی بنایا جائے گا بہتر و برتر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-09-2025
خان سر کا نیا عزم: صرف تعلیم ہی نہیں، بہار کو صحت کے میدان میں بھی  بنایا جائے گا بہتر و برتر
خان سر کا نیا عزم: صرف تعلیم ہی نہیں، بہار کو صحت کے میدان میں بھی بنایا جائے گا بہتر و برتر

 



ابھشیک کمار سنگھ/وارانسی

یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ہندوستان میں کوئی بھی طالب علم ایسا نہیں جو خان سر کو نہ جانتا ہو۔ ہر طالب علم نے یا تو خان سر کو دیکھا ہے یا ان کا نام ضرور سنا ہے۔ خان سر بہار کے پٹنہ کے ایک مشہور استاد اور یوٹیوبر ہیں۔ اپنی منفرد تدریسی انداز اور غریب طلبہ کو مفت یا انتہائی کم خرچ میں تعلیم فراہم کرنے کی وجہ سے وہ ملک بھر میں مشہور ہیں۔ لیکن اب وہ ایک نئے رخ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ تعلیم کے شعبے میں انقلاب برپا کرنے کے بعد خان سر نے اب صحت کے میدان میں قدم رکھا ہے۔خان سر کا مقصد یہ ہے کہ بہار کے ہر ضلع کے عوام کو سستی، آسان اور جدید طبی سہولیات فراہم ہوں۔ تاکہ عام لوگ علاج کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہ کریں اور بھاری خرچ سے بچ سکیں۔ حال ہی میں ایک انٹرویو میں خان سر نے کہا کہ وہ بہار کے ہر ضلع میں ڈائلیسس سینٹر، بلڈ بینک، ڈائگنوسٹک سینٹر اور ایک عالمی معیار کا اسپتال قائم کریں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ خان سر یہ سب کچھ کسی سرکاری امداد کے بغیر کریں گے۔ وہ تعلیم دینے کے عوض جو رقم حاصل کرتے ہیں، اسی سے یہ عظیم مقصد پورا کرنے نکلے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ یہ فیس صرف تعلیم کے بدلے لی جانے والی رقم نہیں بلکہ سماج کو لوٹانے کی ایک ذمہ داری بھی ہے۔

خان سر کے مطابق گردوں کے مریضوں کے لیے ڈائلیسس ایک بڑا چیلنج ہے۔ ایک بار ڈائلیسس کرانے پر تقریباً 4000 روپے خرچ آتا ہے اور مہینے بھر میں یہ خرچ 50 ہزار روپے تک پہنچ جاتا ہے، جو کسی غریب خاندان کے لیے ناممکن ہے۔اسی لیے خان سر نے فیصلہ کیا ہے کہ بہار کے ہر ضلع میں ڈائلیسس سینٹر قائم کیا جائے گا، جہاں جدید ترین مشینوں کے ذریعے نہایت کم خرچ میں یہ سہولت فراہم ہوگی۔ ہر ضلع میں کم از کم 10 ڈائلیسس مشینیں لگائی جائیں گی۔ ان میں سے پہلی 10 مشینیں منگوائی جا چکی ہیں اور انہیں نصب کرنے کا کام بھی شروع ہو گیا ہے۔

یہ جدید آلات جرمنی اور جاپان سے منگوائے گئے ہیں۔ لیکن خان سر کی منصوبہ بندی یہیں تک محدود نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ بہار کے عوام کو ہر بڑے تہوار پر ایک نئی طبی سہولت کا تحفہ دیا جائے گا۔نو راتری کے پہلے دن خان سر جاپانی بین الاقوامی ٹیکنالوجی سے لیس ایک بلڈ بینک کا افتتاح کریں گے۔ یہ بلڈ بینک اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ خون کی کمی کی وجہ سے کوئی جان ضائع نہ ہو، اور مریضوں کو فوری اور بآسانی خون دستیاب ہو سکے۔

اسی طرح دیوالی کے دن خان سر بہار کو ایک عالمی معیار کا اسپتال تحفے میں دیں گے۔ یہ اسپتال سرکاری نرخ پر خدمات فراہم کرے گا، لیکن اس کی سہولیات نجی اسپتالوں کے برابر ہوں گی۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس اسپتال میں وہی ڈاکٹر خدمات انجام دیں گے جو کبھی خان سر کے شاگرد رہ چکے ہیں اور اب میڈیکل پروفیشن میں مصروف ہیں۔ تعلیم اور خدمت کا یہ امتزاج یقیناً سماج کے لیے زبردست تحریک کا باعث ہوگا۔

اس کے بعد چھٹھ پوجا کے موقع پر خان سر ایک جدید ڈائگنوسٹک سینٹر قائم کریں گے، جہاں تمام ضروری طبی جانچ دستیاب ہوگی۔ اس مرکز کے آلات جاپان، جرمنی اور امریکہ سے منگوائے جا رہے ہیں، اس لیے ٹیکنالوجی کے اعتبار سے یہ کسی بین الاقوامی ادارے سے کم نہیں ہوگا۔

ان منصوبوں کے لیے خان سر نے آرا ضلع کے کوئلوار موضع میں 99 کٹھا زمین خریدی ہے، جہاں ان سہولیات کی بنیاد رکھی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے کسی تشہیر کے بغیر رجسٹری دفتر جا کر محض 30 منٹ میں یہ رجسٹری مکمل کر لی۔ یہی ان کی سادگی اور خلوص کی مثال ہے۔خان سر کی کلاس روم سے نکل کر خدمتِ خلق کی طرف بڑھنے کی یہ سوچ اس لیے بھی منفرد ہے کہ وہ ہر تہوار کو خدمت کے ساتھ جوڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جیسے لوگ تہوار کے موقع پر اپنے پیاروں کو تحفے دیتے ہیں، ویسے ہی وہ ہر تہوار پر بہار کی عوام کو صحت کا تحفہ دیں گے۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ اس پورے مشن میں کوئی سرکاری سرمایہ یا امداد شامل نہیں۔ یہ سب کچھ ان کے طلبہ کی فیس کے ذریعے ممکن ہو رہا ہے۔ اس اعلان کے دوران خان سر نے خود کو ایک عقیدت مند کی صورت میں پیش کیا۔ پیشانی پر تلک اور تری پُنڈ لگا کر ساون کے آخری سوموار کو انہوں نے یہ عہد کیا:


 

اگر تعلیم کے ذریعے تبدیلی ممکن ہے تو خدمت کے ذریعے کیوں نہیں؟

بہار جیسے صوبے میں، جہاں اب بھی دیہی علاقوں میں طبی سہولیات محدود ہیں، خان سر کا یہ قدم ایک صحت مند مستقبل کی طرف بڑی پیش رفت ہے۔ تعلیم کے ذریعے وہ نوجوانوں کو خود کفیل بنا چکے ہیں اور اب صحت کی سہولتوں کے ذریعے سماج میں نئی جہت پیدا کر رہے ہیں۔خان سر کی یہ کاوش صرف بہار کے لیے ہی نہیں، بلکہ پورے ہندوستان کے لیے ایک مثالی تحریک بن سکتی ہے۔ یہ کسی ایک فرد کا خواب نہیں، بلکہ پورے معاشرے کا آئینہ ہے کہ استاد صرف تعلیم تک محدود نہیں رہتے بلکہ وقت پڑنے پر سماج کی سب سے بڑی ضرورتوں کو بھی اپنا فریضہ بنا لیتے ہیں۔ یہ ہے تعلیم سے خدمت تک کا وہ سفر جو آنے والے دنوں میں لاکھوں انسانوں کی زندگیاں بدل سکتا ہے۔خان سر نے یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ اگر نیت صاف ہو اور مقصد عظیم، تو نہ سرکاری امداد کی ضرورت ہے اور نہ ہی بڑے پلیٹ فارم کی۔ ایک استاد بھی سماج میں انقلاب برپا کر سکتا ہے۔