جشنِ چراغاں: مغلوں کے روشنیوں کے جشنِ سے جدید دیوالی تک

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-10-2025
 جشنِ چراغاں: مغلوں کے روشنیوں کے جشنِ  سے جدید دیوالی تک
جشنِ چراغاں: مغلوں کے روشنیوں کے جشنِ سے جدید دیوالی تک

 



زیبا نسیم ۔ ممبئی 

دیوالی یا دیپاولی ملک کا ایک عظیم تہوار ہے جو پورے ملک میں جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اگرچہ اس کی جڑیں ہندو اساطیر میں گہری ہیں لیکن اس کی اصل تاریخ اس سے کہیں پرانی ہے۔ قدیم ہندوستان میں یہ تہوار فصلوں کی کٹائی کے جشن کے طور پر منایا جاتا تھا اور یہ صرف ہندو مذہب تک محدود نہیں رہا۔ملک کے مختلف علاقوں میں مختلف برادریاں اپنی اپنی روایات کے مطابق دیوالی کو مختلف معنوں میں مناتی ہیں۔ ہندو اسے اس دن کے طور پر مناتے ہیں جب رام چودہ سال کی جلاوطنی کے بعد ایودھیا واپس آئے۔ جین برادری کے نزدیک یہ دن اس وقت کی یاد دلاتا ہے جب چوبیسویں تیرتھ کر مہاویر نے نروان یعنی روحانی نجات حاصل کی۔ سکھوں کے لیے یہ بندی چھوڑھ دیوس ہے جب گرو ہرگوبند صاحب اور 52 دیگر قیدی 1611–12 میں مغل قید سے آزاد ہوئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مغل بادشاہ، خود بھی دیوالی کے رنگ میں رنگ گئے۔ مغل بادشاہ اکبر نے آگرہ کے دربار میں دیوالی منانے کی روایت قائم کی۔ اس موقع پر گھیور، پیٹھا، کھیر، پیڑا، جلیبی اور شاہی ٹکڑا جیسی مٹھائیاں تقسیم کی جاتیں۔ اکبر کے درباری وزیر ابوالفضل کے مطابق اکبر کے دور میں دیوالی کے جشن دسویں کے دن سے شروع ہو کر کئی روز تک جاری رہتے تھے۔اکبر مذہبی ہم آہنگی کے علمبردار تھے۔ انہوں نے مختلف مذاہب کی روایات کا احترام کیا۔ رامائن کا فارسی ترجمہ بھی ان ہی کے حکم پر ہوا تاکہ اس کے پیغام کو بہتر سمجھا جا سکے۔ ابوالفضل کی آئین اکبری میں لکھا ہے کہ دیوالی کے ایام میں دربار میں رامائن کے ابواب پیش کیے جاتے تھے۔اکبر کے بعد ان کے پوتے شہنشاہ شاہجہان نے بھی دیوالی کے تہوار کو دربار کا حصہ بنایا۔ دہلی کے لال قلعے میں دیے جلائے جاتے اور آتش بازی کی جاتی۔ کہا جاتا ہے کہ شاہجہان نے دربار میں آتش بازی کے رواج کو عام کیا۔ اگرچہ بعد میں اورنگ زیب جیسے سخت گیر بادشاہوں نے ہولی اور دیوالی جیسے تہواروں پر پابندی لگائی لیکن ان کے بعد آنے والے مغل بادشاہوں نے اس روشنی کے جشن کو جاری رکھا۔

محمد شاہ رنگیلا کی دیوالی

مورخ رانا صفوی اپنی کتاب "شاہجہان آباد: دی لیونگ سٹی آف اولڈ دہلی" میں لکھتی ہیں کہ محمد شاہ رنگیلا کے دور میں دیوالی شاندار انداز میں منائی جاتی تھی۔ لال قلعے کا رنگ محل دیوں سے جگمگا اٹھتا۔ بادشاہ خود بھی جشن میں شریک ہوتے۔ انہیں سونے اور چاندی کے وزن کے برابر تولا جاتا اور یہ قیمتی دھاتیں غریبوں میں بانٹی جاتیں۔ مغل خواتین قطب مینار سے آتش بازی کا نظارہ کرتیں۔ لال قلعے کے قریب آتش بازی میر آتش کی نگرانی میں ہوتی۔ ایک عظیم آکاش دیا بھی جلایا جاتا جو چالیس گز اونچے کھمبے پر نصب ہوتا اور تیل کی روشنی سے پورا دربار روشن کر دیتا۔

دہلی کے معروف صحافی آر وی اسمتھ کے مطابق محمد شاہ رنگیلا کے زمانے میں دیوالی اتنی شاندار ہوتی کہ چندنی چوک کی دیوالی کو "رنگیلا کی دیوالی" کہا جانے لگا۔ بادشاہ ہر سال درباریوں اور شاہی خواتین کے ساتھ وہاں تشریف لاتے۔یوں کہا جا سکتا ہے کہ مغلوں کے دور کا جشن چراغاں شمالی ہندوستان کی جدید دیوالی کی بنیاد بن گیا۔ انہی شاہی روایات نے آج کے "روشنی کے تہوار" کو اپنی شان اور رنگ عطا کیے۔

لیکن بہت سے دوسرے لوگوں کے لیے یہ تہوار صرف مذہبی عقیدت نہیں بلکہ ساتھ رہنے، خوشی منانے اور اس اجتماعی رشتے کا جشن ہے جو ہم آج کے زمانے میں بڑی مشکل سے سنبھالے ہوئے ہیں۔ہندوستانی گھروں میں دیے جلتے ہیں، ایک ایک کونا روشنی سے بھر جاتا ہے۔ یہ منظر صرف خوبصورتی نہیں، بلکہ ہمارے اتحاد اور سیکولر روایت کی علامت ہے۔ ہمارا ماضی مختلف مذاہب کے میل جول سے بھرا ہوا ہے، اور اگر وہ کبھی ختم ہوا تو یقیناً وہ انجام بھی بڑا دردناک ہوگا۔ ج۔ ایک ایسی تاریخ جس میں صرف مذہبی برداشت نہیں، بلکہ قبولیت، ربط اور باہمی احترام بھی شامل تھا۔

ہندو مسلم کشیدگی کی تاریخ یقینا پرانی ہے، لیکن اس کی جڑیں ہمیشہ سے برطانوی سیاست کے بیجوں میں تلاش نہیں کرنی چاہئیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہندو مسلم بھائی چارے کی جڑیں ان قدیم ادوار میں ہیں جب ہندوستان میں بادشاہتیں تھیں۔ انگریزوں نے دشمنی کو ہوا دی، مگر تعلقات کی پرانی تاریخ ان سے بہت پہلے کی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ محمد بن تغلق وہ پہلا مسلم بادشاہ تھا جس نے اپنے دربار میں ہندو تہوار منایا۔ اس کی حکومت (1324–1351) کے دوران ہندو بیویاں اکثر اس طرح کے تہواروں کا اہتمام کرتی تھیں۔

اکبر نے شان بخشی

یہ روایت آگے چل کر مغلوں تک پہنچی۔ بادشاہ اکبر نے دیوالی کو بڑے پیمانے پر منانے کی روایت ڈالی۔ لال قلعے کے رنگ محل کو شاہی جشن کا مرکز بنایا گیا ، اور اسی دور میں دیوالی کو جشنِ چراغاں کہا جانے لگا۔اکبر نے یہ سب اپنے ہندو رعایا کے احترام میں کیا۔ اگر آج کوئی مسلمان حکمران ایسا کرے، تو شاید اس کے جذبے کو غلط معنی پہنائے جائیں، اسے پروپیگنڈا بنا کر پیش کیا جائے کہ وہ ہندو تہوار کو "اسلامی رنگ" دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ اکبر نے دیوالی پر مٹھائیاں بانٹنے کی روایت بھی شروع کی۔ شاہی محل میں دیوالی کی دعوت میں گھور، پیٹھا، کھیر، پیڑا، جلیبی، فرنی اور شاہی ٹکڑا جیسے لذیذ پکوان پیش کیے جاتے تھے۔اسی دوران رامائن کے فارسی ترجمے کے کچھ حصے دربار میں پڑھے اور اسٹیج پر ادا کیے جاتے تھے، جیسے رام کا ایودھیا واپسی کا منظر۔ ابوالفضل کی آئینِ اکبری میں لکھا ہے کہ ان تقریبات نے اکبر کی سلطنت میں ہم آہنگی کو مزید مضبوط کیا۔یہ روایت بعد کے مغل بادشاہوں تک جاری رہی، حتیٰ کہ آخری مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کے زمانے تک۔ وہ لال قلعے میں دیوالی پر ڈرامے پیش کرواتے اور لکشمی پوجن کی تقریب عوام کے لیے کھلی رکھتے تھے۔

درگاہوں پر چراغ 

آج کے ہندوستان میں بھی دیوالی ہندوؤں اور مسلمانوں دونوں کا تہوار بن چکی ہے۔ ممبئی کی حاجی علی درگاہ کی روشنیوں میں، یا دہلی کی حضرت نظام الدین اولیاء کی درگاہ پر جگمگاتے دیوں میں یہی ہم آہنگی جھلکتی ہے۔پونے کے شنیوار واڑہ کے قریب حضرت مقبول حسین مدنیؒ کی درگاہ پر بھی ایک خاص روایت ہے۔ بیس سال پہلے ایک ہندو خاندان نے وہاں دیوالی کے موقع پر ایک دیا جلانے کی اجازت مانگی۔ وقت کے ساتھ یہ روایت مقامی لوگوں میں پھیل گئی۔ آج وہاں کے ہندو اور مسلمان مل کر ہر سال درگاہ کو دیوں اور سجاوٹ سے روشن کرتے ہیں۔

اسی طرح راجستھان کے جھنجھنو میں حضرت قمرالدین شاہؒ کی درگاہ پر بھی دیوالی مشترکہ طور پر منائی جاتی ہے۔ تقریباً 250 سال پہلے صوفی بزرگ حضرت کمرالدین شاہؒ اور ہندو سنت چندچل ناتھ جی ایک ہی غار میں ملا کرتے تھے، جو درگاہ اور آشرم کو جوڑتی تھی۔ اسی دوستی کی یاد میں آج بھی وہاں ہندو اور مسلمان اکٹھے ہو کر چراغاں کرتے ہیں — محبت اور اتحاد کی وہی پرانی روشنی زندہ رکھتے ہیں۔