حسینی برہمن: سنیل دت خاندان کا حضرت امام حسین سے تعلق کی دلچسپ تاریخی حقیقت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 01-08-2023
حسینی برہمن: سنیل دت خاندان کا حضرت امام حسین سے تعلق کی دلچسپ تاریخی حقیقت
حسینی برہمن: سنیل دت خاندان کا حضرت امام حسین سے تعلق کی دلچسپ تاریخی حقیقت

 

شکیل حسن شمسی

راہب دت کے خاندان کے حوالے سے مشہور فلم ادکار سنیل دت بے حد احترام کے ساتھ اپنا اور اپنے آباؤ اجداد کا امام حسین سے عقیدت کا اظہار کرتے تھے۔

ہم آپ کو پچھلے حصوں میں بتا چکے ہیں کہ ہندوستان اور عرب ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات اسلام کے عروج سے بھی پہلے قائم تھے اور اسلام کے عروج کے بعد یہ تعلقات مزید قریب تر ہوتے گئے۔ ہندوستان کے تاجر وہاں جاتے تھے اور عرب سے تاجر یہاں آتے تھے۔ اسی سلسلے میں ہندوستان کے پنجاب کے علاقے کے برہمن خاندان کے تاجر حضرت محمد ﷺ کے عہد میں مدینہ شہر گئے۔ ان تاجروں کا سردار راہب دت نام کا ایک ہندوستانی شخص تھا۔

راہب دت کا کوئی بیٹا نہیں تھا۔ ایک دن وہ حضرت محمد ﷺ کے پاس گئے اور ان سے درخواست کی کہ آپ ﷺ ان کو بیٹا ہونے کے لئے دعا فرمائیں۔ کہا جاتا ہے کہ حضرت محمد نے اپنے نواسے حضرت امام حسین جوکہ پاس ہی کھیل رہے تھے ہ راہب دت کے لئے دعا کرنے کو کہا۔ اس کے بعد امام حسین نے اپنے ننھے ہاتھوں کو اٹھا کر دعا مانگی، اور پھر راہب دت کو بیٹا ہوا۔ اس معجزے کے بعد دت خاندان نے خود کو حسینی برہمن کہنا شروع کر دیا۔

680ء میں کربلا کے میدان میں جب امام حسین کے محاصرے اور شہید ہونے کی خبر ملی تو ہندوستان سے حسینی برہمنوں کی 700 سپاہیوں کی ایک فوج عراق کی طرف روانہ ہوئی اور ان بہادر مجاہدین نے حضرت مختار بن ابی عبید ثقفی کی فوج کو شکست دی۔ فوج نے یزید کے ان سپاہیوں (جنہوں نے حضرت امام حسین اور ان کے خاندان کے افراد کو ستایا تھا) کو چن چن کر قتل کرنے میں حضرت مختار کا ساتھ دیا اور ان کی مدد کی۔ عراق سے واپس آنے کے بعد ان لوگوں نے محرم کے دنوں میں امام حسینؑ کی یاد میں مجالس اور لنگر وغیرہ کا اہتمام شروع کیا جو آج تک دت خاندان کے لوگ کرتے ہیں۔

سنیل دت اور راہب دت کا حضرت امام حسین کے ساتھ تعلق

مشہور فلم اداکار سنیل دت کا تعلق بھی راہب دت کے خاندان سے تھا، وہ کئی مواقع پر اپنے اور اپنے آباؤ اجداد کے لئے امام حسین کا ذکر کیا کرتے تھے۔ ہمارا ملک جن اعلیٰ روایات کے لیے مشہور ہے، حسینی برہمنوں کی طرف سے امام حسین کی یاد میں منعقدہ تقریب اس کی بہترین مثال ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ دت خاندان کے لوگوں نے اپنا مذہب نہیں چھوڑا اور ہندو ہوتے ہوئے دنیا کو بتا دیا کہ انسانیت مذہب کا عظیم حصہ ہے۔

سوچنے کی بات ہے کہ یزید کی فوج مسلمانوں پر مبنی تھی پھر بھی اسے اپنے ہی نبی کی آل پر ظلم کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں ہوئی کیونکہ اس کے لئے مذہب سے زیادہ طاقت اہم تھی جب کہ حسینی برہمنوں کا مذہب الگ تھا لیکن انہوں نے سچائی پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا۔

ہندوستان میں پناہ لینے والے عربوں اور ایرانیوں کی ہجرت

بنو امیہ کے اقتدار کے آخری چند سالوں میں بنو عباس نامی قبیلے نے ان کے خلاف جنگ شروع کر دی جس کی وجہ سے پورے ملک میں بدامنی پھیل گئی اور عام شہری ملک چھوڑ کر قریبی ممالک میں پناہ لینے لگے۔ بنو عباس نے 750ء میں بنو امیہ کو اقتدار سے معزول کردیا۔

جب بنو عباس نے اپنی حکومت قائم کی تو انہوں نے بھی اپنے مخالفین پر بہت مظالم کئے جس کی وجہ سے عرب اور ایران سے مسلمانوں کی بڑی تعداد ہندوستان میں پناہ لینے کے لئے آنے لگی۔

چونکہ ہندوستان میں مختلف ریاستیں تھیں اس لئے ہر حکمران مقامی طور پر اپنے علاقے میں آباد ہونے والوں پر نظر رکھتا تھا۔ پرامن طریقے سے ملک میں آنے والوں سے کسی حکمران کو کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔

جب پیغمبر اسلام کی اولاد اور شیعہ طبقے کے آٹھویں امام حضرت علی رضا کو عباسی سلطنت کے دور میں زہر دیا گیا تو ان کے ایک بیٹے حضرت علی ولی اپنے خاندان کے ساتھ شروع میں ایران کے شہر مشہد سے فرار ہوگئے۔ 9ویں صدی میں ہندوستان آئے اور پٹیالہ کے قریب ایک گاؤں میں رہے۔ پٹیالہ اس وقت تھانیسر کے بادشاہ کے ماتحت تھا، بادشاہ نے اپنے سپاہیوں کو یہ معلوم کرنے کے لئے بھیجا کہ کون آیا ہے، تو سپاہیوں نے بتایا کہ ایران سے کچھ مہاجرین آئے ہیں، ان کے ساتھ خواتین اور بچے بھی ہیں۔ اس کے بعد تھانیسر کے حکمران نے انہیں وہاں رہنے کی اجازت دے دی، جس کے بعد وہ آس پاس کے لوگوں سے زمین خرید کر وہاں رہنے لگے اور ایک نیا گاؤں قائم کیا جس کا نام انہوں نے اپنی والدہ حضرت سمانہ کے نام پر رکھا (سمانہ پٹیالہ سے 28 کلومیٹر دور واقع ہے)۔

سمانہ کی درگاہ حضرت علی ولی

خاص بات یہ ہے کہ 1947 کے فسادات کے بعد سمانہ میں کوئی مسلمان نہیں بچا، سب یا تو پاکستان چلے گئے یا مارے گئے، لیکن وہاں کے ہندو اور سکھ پورے پچاس سال تک درگاہ حضرت علی ولی کی دیکھ بھال کرتے رہے اور پھر 2003 میں یہ درگاہ مسلم وقف بورڈ پنجاب کے حوالے کر دی گئی، جہاں اب بھی مجالس اور محفلیں منعقد ہوتی ہیں۔

حضرت علی ولی کا مزار ان لوگوں کو بھی جواب ہے جو کہتے ہیں کہ ہندوستان میں اسلام بیرونی حملہ آوروں کے ساتھ آیا۔ ہمارا ماننا ہے کہ ہندوستان میں اسلام کو وہ لوگ اپنے ساتھ لے کر آئے جن لوگوں نے پر امن طریقے سے یہاں آکر رہائش اختیار کی اور اس عظیم ملک کو اپنا گھر سمجھ کر یہیں کے ہوکر رہ گئے۔ ویسے بھی ان دنوں ہجرت بہت آسان تھی کیونکہ کسی بھی ملک میں داخلے کے لئے ویزا اور پاسپورٹ کی ضرورت نہیں پڑتی تھی۔ اسی وجہ سے مسلمان ہندوستان میں آباد ہوتے گئے۔