یمن میں نرس کی پھانسی کیسے ٹل سکی: جانیں مفتی اعظم شیخ ابوبکر احمد، کی زبانی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-07-2025
یمن میں نرس کی پھانسی کیسے ٹل سکی: جانیں مفتی اعظم شیخ ابوبکر احمد، کی زبانی
یمن میں نرس کی پھانسی کیسے ٹل سکی: جانیں مفتی اعظم شیخ ابوبکر احمد، کی زبانی

 



نیو دہلی :یمن میں سزائے موت کا سامنا کرنے والی کیرالا کی نرس نمیشا پریا کی سزائے موت، جو 16 جولائی 2025 کو مقرر تھی، کو عارضی طور پر ملتوی کر دیا گیا ہے۔سزائے موت میں یہ تاخیر اس وقت ہوئی ہے جب دھمار میں صوفی رہنما شیخ حبیب عمر بن حفیظ کے نمائندوں اور مقتول مہدی کے خاندان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ اس ملاقات کا بندوبست ہندوستان کے ممتاز سنی رہنما کانتھاپورم اے پی ابوبکر مسلیار المعروف شیخ ابوبکر احمد کی مداخلت سے ممکن ہوا۔

منگل کو گرانڈ مفتی شیخ ابوبکر احمد  نے  ایک بیان میں اس پوری دوڑ بھاگ کی تفصیل دی ہے جو حسب ذیل ہے

گزشتہ جمعہ کو پتھوپلی کے ایم ایل اے جناب چنڈی اوومن میرے پاس تشریف لائے اور یمن کی ایک جیل میں سزائے موت کا سامنا کرنے والی کیرالا کی نرس نمیشا پریا کے معاملے میں مداخلت کی درخواست کی۔ انہوں نے یہ درخواست اس بنیاد پر کی کہ میری یمنی صوفی علما سے قریبی وابستگی ہے۔

میں نے اس معاملے میں مداخلت کا فیصلہ اس پختہ یقین کے ساتھ کیا کہ جب کسی ہندوستانی شہری کو کسی غیر ملکی سرزمین پر سزائے موت کا سامنا ہو، تو انسانیت کی بنیاد پر اس کے لیے راہِ نجات تلاش کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ اس سے قبل بھی خلیجی ممالک اور دیگر خطوں میں ایسی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہو چکے ہیں۔ چونکہ یمن ان ممالک میں شامل ہے جہاں اس وقت ہندوستان کی سفارتی رسائی محدود ہے، اس لیے مجھے محسوس ہوا کہ اس طرح کی کوشش ہماری طرف سے ضروری ہے۔

اسی پس منظر میں میں نے یمن کے مشہور شہر تریم سے تعلق رکھنے والے اپنے قریبی دوست اور بین الاقوامی شہرت یافتہ صوفی اسکالر حضرت حبیب عمر بن حفیظ سے اس مسئلے پر گفتگو کی، جو یمن کے مسلمانوں میں خاصے بااثر ہیں۔ جب انہیں اس معاملے سے آگاہ کیا گیا، تو انہوں نے فوراً سنجیدگی سے اسے دیکھنے کا وعدہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ فوری اقدام کیا جائے گا۔ ان کے دفتر نے شمالی یمن کی متعلقہ حکام اور مقتول کے اہل خانہ سے رابطہ کر کے مفاہمت کی کوششیں شروع کیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنے جاننے والے ججوں اور قانونی ماہرین سے مشورہ بھی شروع کر دیا تاکہ سزائے موت میں تاخیر کے قانونی راستے تلاش کیے جا سکیں۔

اس معاملے میں ایک اہم پیش رفت وہ ہنگامی اجلاس تھا جو حال ہی میں شیخ حبیب عمر کی ہدایت پر شمالی یمن میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں حضرت حبیب عبدالرحمٰن علی مشہور (شیخ حبیب عمر کے نمائندے)، یمنی حکومت کے اہلکار، صنعاء کی فوجداری عدالت کے چیف جج، مقتول طلال کے بھائی، اور قبائلی رہنما شریک ہوئے۔ گفتگو کے دوران طلال کے خاندان نے مزید مشاورت کی ضرورت ظاہر کی اور کہا کہ وہ اپنا موقف جلد واضح کریں گے۔

آج کا دن اس حوالے سے انتہائی فیصلہ کن رہا۔ صبح کے وقت قبائلی رہنماؤں، مقتول کے قانونی مشیروں اور اہل خانہ کے درمیان بات چیت جاری رہی۔ حتمی فیصلے تک حضرت حبیب عبدالرحمٰن مشہور کی سربراہی میں وفد شمالی یمن کے شہر دھمار میں قیام پذیر رہے گا، جہاں مقتول طلال کا خاندان مقیم ہے۔ اہل خانہ کے درمیان متحدہ موقف پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

اسی دوران جسٹس محمد بن امین، جو مقتول طلال کے قریبی رشتہ دار، ہودیدہ ریاستی عدالت کے چیف جسٹس اور یمنی شوریٰ کونسل کے رکن ہیں، نے بھی شیخ حبیب عمر کے مشورے پر اس معاملے میں مداخلت کی۔ انہوں نے طلال کے اہل خانہ کو سمجھانے اور سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی۔ معاملہ باضابطہ طور پر گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا، جس کے بعد عدالت نے سزائے موت پر عمل درآمد کو ملتوی کرنے کا حکم جاری کیا۔

یہ مقدمہ شمالی یمن کے قبائلی معاشرے میں انتہائی حساس اور جذباتی نوعیت اختیار کر چکا تھا۔ اب تک مقتول کے خاندان سے کسی قسم کی بات چیت بھی ممکن نہیں ہو پائی تھی۔ لیکن اب جب کہ بات چیت کا دروازہ کھل چکا ہے، اور یمن کے قانونی نظام سے وابستہ ممتاز شخصیات اس میں شریک ہو چکی ہیں، تو یہ ہمارے لیے واقعی امید کی کرن ہے۔

یمنی پبلک پراسیکیوشن کی اسپیشل فوجداری عدالت کے جج رضوان احمد الوجری اور سوری مدین مفدّل کے دستخط شدہ عدالتی فیصلے کے مطابق، 16 جولائی 2025 کو طے شدہ پھانسی ملتوی کر دی گئی ہے۔ اب بھی مقتول کے خاندان کے ساتھ مزید بات چیت اور رحم کی اپیل کی کوششیں جاری رکھنا ضروری ہیں۔ جو کچھ اب تک حاصل ہوا ہے، وہ اجتماعی کوششوں، مسلسل محنت اور مخلص دعاؤں کا نتیجہ ہے۔یہ پیش رفت باقاعدہ طور پر وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دفتر کو بھی مطلع کر دی گئی ہے۔

شیخ ابوبکر احمد
مفتی اعظم ہند