مکہ مکرمہ:حج 2026 کے دوران ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے نوجوان یوسوف اعظمین کی کہانی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی جہاں ایک ماں نے اپنے بیٹے کے مستقبل اور آخرت کی فکر کرتے ہوئے بچپن ہی سے اس کے حج کے لیے بچت شروع کر دی تھی۔
یوسوف اعظمین نے بتایا کہ ان کی والدہ نے 2008 میں جب وہ ابھی بہت چھوٹے تھے تب ہی ان کا نام “لمباگا تابونگ حاجی” میں درج کرا دیا تھا اور برسوں تک مسلسل رقم جمع کرتی رہیں تاکہ ایک دن وہ حج کی سعادت حاصل کر سکیں۔
انہوں نے اپنی والدہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی ماں نے اتنی کم عمری میں منصوبہ بندی اور بچت شروع نہ کی ہوتی تو شاید انہیں آج یہ موقع نہ ملتا۔
“میری ماں آخرت کی تیاری کر رہی تھیں”
یوسوف کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ پہنچنے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ ان کی والدہ صرف دنیاوی مستقبل نہیں بلکہ ان کی آخرت کی کامیابی کے لیے بھی فکر مند تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اب جا کر سمجھ آیا کہ ان کی ماں بچپن ہی سے ان کے لیے آخرت کی تیاری کر رہی تھیں۔
پہلی بار خاندان کے بغیر بیرون ملک سفر
رائل ملٹری کالج کے سابق طالب علم یوسوف نے بتایا کہ یہ ان کی زندگی کے سب سے بامعنی تجربات میں سے ایک ہے۔ یہ پہلا موقع بھی تھا جب وہ اپنے خاندان کے بغیر بیرون ملک سفر کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین اور خاندان کے کئی افراد پہلے ہی حج ادا کر چکے ہیں جبکہ اس سال ان کی باری آئی۔
بزرگ عازمین نے تنہائی محسوس نہیں ہونے دی
اگرچہ یوسوف اکیلے حج پر آئے تھے لیکن انہوں نے کہا کہ انہیں کبھی تنہائی محسوس نہیں ہوئی کیونکہ ان کے گروپ کے بزرگ عازمین نے انہیں اپنے بیٹے کی طرح محبت دی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ گروپ میں سب سے کم عمر ہیں جبکہ ان کے کمرے کے ساتھی 50 اور 60 برس کی عمر کے ہیں۔ وہ مسلسل ان کا خیال رکھتے ہیں اور پوچھتے رہتے ہیں کہ انہوں نے کھانا کھایا یا نہیں اور کمرے میں واپس آ گئے یا نہیں۔
“حج نے بھائی چارے کا مطلب سکھایا”
یوسوف نے کہا کہ حج کے سفر میں وہ صرف عبادت ہی نہیں بلکہ زندگی۔ بزرگوں کے احترام اور بھائی چارے کا حقیقی مطلب بھی سیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب انہیں اپنے والدین کی خاموش قربانیوں کا احساس ہو رہا ہے جو برسوں تک تھوڑی تھوڑی رقم جمع کرتے رہے تاکہ وہ ایک دن حج کر سکیں۔
یوسوف نے امید ظاہر کی کہ ان کی کہانی دوسرے والدین کو بھی اپنے بچوں کے حج کے لیے جلد منصوبہ بندی اور بچت کی ترغیب دے گی۔