ایک گاؤں، ایک گنپتی کی روایت میں حبیب شیخ کا کردار

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 30-08-2025
ایک گاؤں، ایک گنپتی کی روایت میں حبیب شیخ کا کردار
ایک گاؤں، ایک گنپتی کی روایت میں حبیب شیخ کا کردار

 



گنیش دھیپے

گنیش اُتسو صرف ایک مذہبی تہوار ہی نہیں بلکہ سماجی یکجہتی کی علامت بھی مانا جاتا ہے۔ مہاراشٹر کے دیہاتوں میں یہ تہوار کہیں بڑی دھوم دھام سے اور کہیں سادگی کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ لیکن نندید ضلع کے لوہا تعلقہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں ’’سوگاو‘‘ میں گزشتہ 63 برسوں سے ’’ایک گاؤں، ایک گنپتی‘‘ (ایک گاو، ایک گنپتی) کی ایک انوکھی روایت قائم ہے۔ یہ روایت دکھاوے یا نمود و نمائش سے بالاتر ہے بلکہ حقیقی عوامی جذبات اور اتحاد کا آئینہ دار ہے۔

اس تہوار کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ گاؤں کے سبھی ذات پات اور مذاہب کے لوگ مل جل کر اس میں شریک ہوتے ہیں۔ کسی سے چندہ نہیں لیا جاتا، اس طرح یہ ایک حقیقی عوامی تہوار (لوک اُتسو) بن جاتا ہے۔ اس سے بھی زیادہ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گنیش کی مورتی بنانے کے لیے درکار سرخ مٹی ہر سال گاؤں کے ایک مسلمان باشندے حبیب مولا صاحب شیخ اپنی خوشی سے اور بغیر کسی معاوضے کے فراہم کرتے ہیں۔ ان کی یہ بے غرض خدمت گاؤں کے گنیش اُتسو کو سماجی ہم آہنگی اور باہمی بھائی چارے کی ایک انوکھی پہچان دیتی ہے۔

1962 سے چلی آتی روایت

سوگاو کی آبادی لگ بھگ تین ہزار ہے۔ 1962 سے یہاں گنیش اُتسو ایک ماحولیاتی دوست (ایکو فرینڈلی) مٹی کی مورتی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اُس وقت کے سرپنچ موہن راؤ پاٹل، مرحوم رام راؤ پاٹل اور مرحوم گلاب پاٹل نے ’’شری یشونت گنیش منڈل‘‘ (منتظمہ کمیٹی) کی بنیاد ڈالی تھی۔ اُن کے شروع کردہ ’’ایک گاؤں، ایک گنپتی‘‘ کی روایت آج تک برقرار ہے۔یہاں ماحولیاتی دوست سرخ مٹی سے بنی گنیش کی مورتی تہوار کی سب سے نمایاں خصوصیت ہے۔ گاؤں کے ہنر مند کاریگر نامدیو لوکھنڈے، اُتم یمولواڑ اور شیوانند پنچال یہ مورتی تیار کرتے ہیں۔ اس کے لیے درکار سرخ مٹی حبیب مولا صاحب شیخ ہر سال عقیدت کے ساتھ فراہم کرتے ہیں اور کبھی کوئی ادائیگی قبول نہیں کرتے۔

ہر گھر میں مٹی کی مورتی

گنیش چتُرتھی کے موقع پر گاؤں کے ہر گھر میں بھی مٹی کی چھوٹی مورتی بنائی اور پوجی جاتی ہے۔ مرکزی گاؤں کے تہوار میں ہر مذہب کے لوگ شامل ہوتے ہیں۔ منتظمہ کمیٹی میں گیارہ مَنکاری (معزز سرپرست) مختلف ذاتوں اور مذاہب سے تعلق رکھتے ہیں۔ عوام سے کوئی چندہ نہیں لیا جاتا بلکہ یہی گیارہ سرپرست ذاتی طور پر گیارہ دنوں تک صبح و شام کی پوجا، آرتی، پرساد اور اننا دان (عام لوگوں کو کھانے کی تقسیم) کے تمام اخراجات برداشت کرتے ہیں۔

سماجی خدمت کی فضا

گنیش اُتسو کے دوران شَرم دان (رضاکارانہ محنت) کے ذریعے گاؤں کی گلیوں اور جگہوں کی صفائی کی جاتی ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ بھجن، کیرتن، سونگی بھاروڈے (لوک ناٹک)، اسکولی بچوں کی تقاریر، مقابلے اور ڈرامے پیش کیے جاتے ہیں۔اس موقع پر سماجی بیداری کے پیغامات بھی عام کیے جاتے ہیں، مثلاً توہم پرستی کا خاتمہ، لڑکیوں کے قتلِ قبل از پیدائش کے خلاف آگاہی، منشیات سے نجات کی مہم، خواتین کی بااختیاری کے پروگرام، شجرکاری مہم اور طبی کیمپ وغیرہ۔گنیش منڈل کے صدر بالاجی چنچلے کے مطابق گیارہ دن کا یہ تہوار محض عبادت و پوجا تک محدود نہیں رہتا بلکہ سماجی اور اصلاحی سرگرمیوں کے ساتھ ایک ہمہ جہت عوامی تحریک کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔