از: ڈاکٹر عظمٰی خاتون
ہندوستانی مسلم معاشرے میں ایک خاموش مگر گہری تبدیلی جنم لے رہی ہے۔ ایک ایسی تبدیلی جس نے پورے وجود کے سوال اٹھا دیے ہیں: کیا مسلم اکثریتی ممالک، خاص طور پر خلیجی ریاستوں کا بڑھتا ہوا اثر، اُس منفرد اور صدیوں پرانی مشترکہ تہذیب کو کمزور کررہا ہے جو ہندوستانی مسلمانوں نے ایک ہزار سال کے عرصے میں ترتیب دی؟ یہ بحث اب صرف علمی حلقوں تک محدود نہیں رہی۔ یہ ہمارے روزمرہ کے سماجی رویّوں میں بھی صاف دکھائی دیتی ہے۔ لباس میں یہ تبدیلی یوں محسوس ہوتی ہے کہ روایتی اور رنگارنگ شلوار قمیض کی جگہ کالے عبایا نے لینا شروع کردی ہے۔ کھانے پینے میں بھی یہی صورت ہے۔ مقامی کھانوں کی جگہ مندی اور شاورما جیسے مشرقِ وسطیٰ کے پکوان مقبول ہورہے ہیں۔
یہ مضمون اس ابھرتے ہوئے رجحان، یعنی ’’عربائزیشن‘‘ یا ’’گلفائزیشن‘‘، کا جائزہ لیتا ہے کہ آیا یہ مذہب کے کسی ’’خالص‘‘ تصور کی طرف واپسی ہے یا پھر ہندوستانی مسلمانوں کی تہذیبی وراثت سے دوری۔ اس پس منظر میں ہندوستان کی صدیوں پرانی مشترکہ روایت، مذہبی فکر، پدر شاہی نظام، اور پس ماندہ طبقات۔ سب کا کردار سامنے آتا ہے، جو اس تبدیلی کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے۔
.webp)
سنکرے تزم بمقابلہ خلیجی بیانیہ
ہندوستانی اسلام کبھی بھی ایک جامد یا یکساں روایت نہیں رہا۔ اس کی بنیاد صدیوں کی ثقافتی آمیزش پر ہے، درآمد شدہ سختی پر نہیں۔ اگرچہ جنوبی ساحلوں پر عرب تاجروں نے ابتدائی روابط قائم کیے، مگر اصل میں صوفیا نے شمالی ہند میں اسلام کو مقامی رنگ دیا۔ یوں گنگا-جمنی تہذیب وجود میں آئی، جس نے ’زندہ اسلام‘ پر زور دیا۔ ایسا اسلام جو مقامی زبان، رسم و رواج اور مشترکہ تہذیب کو گلے لگاتا ہے۔
’’عربائزیشن‘‘ سے مراد وہ رجحان ہے جو مقامی روایت چھوڑ کر اُن طریقوں کو اپنانے کو ترجیح دیتا ہے جو ’’زیادہ خالص‘‘ سمجھے جاتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ عرب دنیا کی مختلف ثقافتوں کا اپنانا نہیں بلکہ ایک مخصوص ’’گلفائزیشن‘‘ ہے۔ پیٹرول ڈالر سے تقویت پانے والے سخت گیر سلفی اثرات کا پھیلاؤ۔ خلیج میں کام کرنے والے مزدور صرف پیسہ ہی نہیں لاتے، وہ نئے سماجی اور مذہبی معیار بھی ساتھ لاتے ہیں۔ خاص طور پر نچلے متوسط طبقے کے لیے خلیج نہ صرف مذہبی سختی بلکہ معاشی ترقی اور جدیدیت کی علامت ہے۔ اس تاثر کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ مقامی ثقافت کو ’’کم درجہ‘‘ اور خلیجی انداز کو ’’اعلیٰ‘‘ سمجھا جانے لگتا ہے۔اسی دوران عالمی اسلامی تنظیموں کا اثر، سیٹلائٹ ٹی وی، اور انٹرنیٹ نے ایک عالمی اُمت کا احساس مضبوط کیا ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کے مذہبی رجحانات نمایاں ہوتے ہیں۔
اس تبدیلی کی سب سے واضح علامت پردہ یا نقاب ہے۔ قرآن میں اصل زور تقویٰ پر ہے، نہ کہ مخصوص لباس پر۔ لفظ ’’حجاب‘‘ (42:51) کپڑے کے بجائے دیوار یا پردے کے معنوں میں آیا ہے۔ اکثر پیش کیے جانے والے دلائل۔ جیسے 24:31 اور 33:59۔ تاریخی سیاق کے بغیر بیان کیے جاتے ہیں، حالانکہ بہت سے محققین انہیں اُس دور کی سماجی ضرورت سے جوڑتے ہیں، جب شناخت اور حفاظت کا مسئلہ درپیش تھا۔ پردے کی روایت اسلام سے صدیوں پہلے بھی رائج تھی، اور اکثر طبقاتی تفریق کی علامت تھی۔ آزاد عورتیں نقاب پہنتی تھیں، غلام عورتیں نہیں۔
.webp)
ذات، پدر شاہی اور شناخت
آج کے ہندوستان میں پردے کی بحث کو ذات اور طبقے کی سیاست کے بغیر سمجھنا مشکل ہے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ سخت پردہ زیادہ تر اشراف (بالائی ذات) کا رواج تھا۔ وقار اور ’’غیرملکی‘‘ نسب کا نشان۔ پس ماندہ طبقے (پسماندہ) کی خواتین تو محنت کش تھیں، گھر سے باہر کام کرتی تھیں؛ وہ پردہ نہیں کر سکتی تھیں۔ پسماندہ مفکرین بارہا اس بات کی نشاندہی کرتے رہے ہیں کہ اشراف نے ہمیشہ مقامی، کھلی اور ہنرمند طبقے کی مسلم ثقافت کو کم تر سمجھا۔ آج کی گلفائزیشن اسی پرانے سماجی فرق کو ایک نئے روپ میں دہرا رہی ہے۔
پدر شاہی بھی اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ بچیوں کو چھوٹی عمر سے ہی سکھایا جاتا ہے کہ حجاب ’’ضروری‘‘ ہے، یوں یہ مذہبی کم اور سماجی رواج زیادہ بن جاتا ہے۔ ایران میں مہسا امینی کی موت نے پوری دنیا کو دکھا دیا کہ لباس کا نفاذ مذہب سے زیادہ اختیار اور کنٹرول کا معاملہ ہوتا ہے۔ اسلامی نسائی مفکرین، جیسے آمنہ ودود، اس بات پر زور دیتی ہیں کہ قرآن کو مساویانہ نظر سے پڑھا جائے، تاکہ پدر شاہی تشریحات کو چیلنج کیا جاسکے۔بیرونی دنیا میں، یہ ’’عربائزیشن‘‘ سیاسی مسائل بھی پیدا کرتی ہے۔ ہندوستانمیں ہر عبایا کو بعض حلقے ’’غیر ملکی‘‘ شناخت کے ثبوت کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ اور یہی ردعمل کئی مسلمان خاندانوں میں پردے کو ’’مذہبی آزادی‘‘ سے بڑھ کر ’’مزاحمت‘‘ کی علامت بنا دیتا ہے۔
ہندوستانی مسلمان کی بدلتی تصویر
اس سب کے باوجود، ہندوستانی مسلم شناخت پوری طرح ختم نہیں ہوئی؛ بلکہ ایک نئی شکل اختیار کر رہی ہے۔ مقامی لباس۔ چاہے ساڑھی ہو یا شلوار قمیض۔ قرآنی حیا کے تصور سے پوری طرح ہم آہنگ ہے۔ جب عرب لباس کو ’’زیادہ اسلامی‘‘ کہا جاتا ہے تو اس سے مقامی روایتیں غیر اہم محسوس ہونے لگتی ہیں، خصوصاً پسماندہ طبقے کے لیے جن کا اسلام ہمیشہ مقامی ثقافت سے جڑا رہا۔اصل آزادی تب آئے گی جب مسلمان اپنی ثقافتی ہیچ بینی کو چھوڑ کر یہ سمجھیں کہ ہندوستانی شناخت اور اسلامی وقار ایک دوسرے کے مخالف نہیں۔ حیا کردار سے آتی ہے، نہ کہ لازماً کسی مخصوص غیر ملکی لباس سے۔
ڈاکٹر عظمٰی خاتون سابق فیکلٹی، علیگڑھ مسلم یونیورسٹی؛ مصنفہ، کالم نگار اور سماجی مفکر۔