نئی دہلی/ آواز دی وائس
حکومت ہند نے یوم جمہوریہ کی شام 25 جنوری کو پدم ایوارڈز 2026 کا اعلان کیا جو ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزازات میں شمار ہوتے ہیں۔ یہ ایوارڈ عوامی خدمات فنون ادب سائنس تعلیم کھیل طب سماجی خدمت اور دیگر شعبوں میں غیر معمولی اور نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیے جاتے ہیں۔ روایت کے مطابق ان اعزازات کا باضابطہ راشٹرپتی بھون میں منعقد ہونے والی تقریب میں کیا جائے گا جہاں منتخب شخصیات کو تمغے پہنائے جائیں گے اور ان کی خدمات کو قومی سطح پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
سال 2026 کے لیے صدر جمہوریہ نے کل 131 پدم ایوارڈز کی منظوری دی ہے جن میں دو ڈبل شامل ہیں، جنہیں ایک ہی ایوارڈ شمار کیا جاتا ہے۔ اس فہرست میں 5 پدم وبھوشن 13 پدم بھوشن اور 113 پدم شری شامل ہیں۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں 19 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 6 غیر ملکی این آر آئی پی آئی او اور او سی آئی زمرے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ 16 اعزازات بعد از وفات دیے جا رہے ہیں۔
Congratulations to all the Padma Awardees for their outstanding contributions to our nation. Their excellence, dedication and service across diverse fields enrich the fabric of our society. The honour reflects the spirit of commitment and excellence that continues to inspire… https://t.co/Bpf8eze4Bp
— Narendra Modi (@narendramodi) January 25, 2026
اس سال بڑی تعداد میں شخصیات کو پدم شری کے لیے منتخب کیا گیا ہے جو ملک کا چوتھا بڑا شہری اعزاز ہے اور نمایاں خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا جاتا ہے۔ پدم شری 2026 کی فہرست میں ایسے خاموش ہیرو بھی شامل ہیں جن کی زمینی سطح پر کی گئی کوششوں اور طویل خدمات نے مقامی برادریوں پر گہرا اثر ڈالا ہے۔ ان اعزازات کے ذریعے سماج کے لیے کام کرنے والی شخصیات کو قومی سطح پر پہچان دی گئی ہے۔
پدم وبھوشن حاصل کرنے والوں میں دھرمیندر سنگھ دیول بعد از وفات کے ٹی تھامس، این راجم، پی نارائنن اور وی ایس اچوتھانندن بعد از وفات شامل ہیں۔ پدم بھوشن پانے والوں میں الکا یاگنک، بھگت سنگھ، کوشیاری مموٹی، ادے کوٹک اور وجئے امرت راج شامل ہیں جنہوں نے فن طب کھیل اور عوامی خدمات کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
پدم شری ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی فہرست سب سے طویل ہے جس میں سائنس ادب کھیل سماجی خدمات زراعت آثار قدیمہ طب اور فنون لطیفہ سے وابستہ شخصیات شامل ہیں۔ ان میں ہرمندرپریت کور بھلر روہت شرما ساوتا پونیا پروسنجیت چیٹرجی اور ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کئی نامور افراد شامل ہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق پدم ایوارڈز کا مقصد ان افراد کو قومی سطح پر خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے اپنی محنت صلاحیت اور خدمات سے ملک اور معاشرے کو مضبوط بنایا ہے۔ یہ اعزازات نئی نسل کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتے ہیں تاکہ وہ مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
#PadmaAwards 2026 announced: 131 awardees honoured, including 5 Padma Vibhushan, 13 Padma Bhushan, and 113 Padma Shri, recognising excellence and service across diverse fields.#PadmaAwards2026 #PeoplesPadma pic.twitter.com/iuhyldgeSE
— DD News (@DDNewslive) January 25, 2026
پانچ ممتاز مسلم شخصیات بنیں پدم ایوارڈ کی حقدار
پدم ایوارڈز کی فہرست میں پدم شری ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں چار ممتاز مسلم شخصیات شامل ہیں، جن میں ایک ممتاز کشمیری اسکالر پروفیسر شفیع شوق۔ راجستھان کہ مشہور گاکک غفور الدین اور آسام کے مجسمہ سازی نور الدین احمد کے ساتھ گجرات کے میر حاجی بھائی قاسم کو ڈھولک کے فن کے لیے پدم شری ایوارڈ سے نوازے جانے کا فیصلہ ہوا ہے- جبکہ محمد کٹی پناپرمبل اسماعیل جو ماموٹی کے نام سے مشہور ہیں پدم بھوشن کے حقدار بنے جو ملیالم اداکار اور فلم پروڈیوسر ہیں ۔
آئیے نظر ڈالتے ہیں ان پانچ مسلم شخصیات کے کارناموں پر ---
پروفیسر شفیع شوق
سری نگر کے معروف کشمیری اسکالر شاعر ماہر لسانیات اور مترجم پروفیسر شفیع شوق کو پدم شری ایوارڈ 2026 کے لیے منتخب کیا گیا ہے جو ہندوستان کا چوتھا بڑا شہری اعزاز ہے۔ یہ اعزاز انہیں تعلیم زبان اور ادب کے میدان میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ اس اعلان کے بعد علمی اور ادبی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اعزاز ملنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے پروفیسر شفیع شوق نے کہا کہ یہ ان کے لیے بے حد خوشی کا لمحہ ہے کہ ان کا نام ان شخصیات میں شامل ہوا جنہوں نے سماج میں حقیقی تبدیلی پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ماضی میں کئی اعزازات ملے ہیں لیکن پدم شری بہت کم لوگوں کو دیا جاتا ہے جو زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیتے ہیں۔ ان میں شامل ہونا ان کے لیے بڑے فخر کی بات ہے۔
پروفیسر شوق نے بتایا کہ انہیں صبح سویرے فون کے ذریعے اطلاع دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکام ان کے ادبی کام اور کتابوں سے بخوبی واقف تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی ایوارڈ یا شہرت کے لیے نہیں لکھا بلکہ جو کچھ ملا اسے سادگی کے ساتھ قبول کیا۔
پروفیسر شفیع شوق نے کشمیری اور انگریزی سمیت مختلف زبانوں میں درجنوں کتابیں تصنیف کی ہیں جن میں شاعری تاریخ لغات اور قواعد پر مبنی کام شامل ہیں۔ انہیں شاعری کے میدان میں کئی بین الاقوامی اعزازات بھی مل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اعزاز کی خاص بات یہ ہے کہ اب ان کا نام اختر محی الدین اور رحمان راہی جیسی عظیم ادبی شخصیات کے ساتھ شامل ہو گیا ہے جنہیں پہلے پدم شری سے نوازا جا چکا ہے۔
1950 میں شوپیان ضلع کے کپرین گاؤں میں پیدا ہونے والے شفیع شوق کو کشمیریات کے میدان میں ایک مستند آواز مانا جاتا ہے۔ یونیورسٹی آف کشمیر میں تین دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط علمی کیریئر کے دوران انہوں نے کشمیری اردو ہندی اور انگریزی زبان میں سو سے زائد کتابیں تصنیف مرتب اور ترجمہ کیں۔ ان کی نمایاں تصانیف میں کیشور لغات کیشریوک گرامر اور کیشیر زبان تہ ادبوک تواریکھ شامل ہیں جنہیں کشمیری زبان اور ادب کی بنیادی کتب کا درجہ حاصل ہے اور آج بھی طلبہ اساتذہ اور محققین کے لیے ناگزیر سمجھی جاتی ہیں۔
سائنس اور انگریزی کے تعلیمی پس منظر کے باوجود پروفیسر شفیع شوق نے اپنی زندگی کے پچاس برس سے زیادہ کشمیری زبان اور ادب کے لیے وقف کیے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف کشمیر میں تین دہائیوں سے زائد عرصہ تک بطور پروفیسر خدمات انجام دیں اور کشمیری ادب پڑھایا اور طلبہ اور ریسرچ اسکالروں کی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کا کام طلبہ اور محققین کے لیے فائدہ مند ہو تو یہی ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
پدم شری کے حوالے میں نہ صرف ان کی علمی خدمات کو سراہا گیا ہے بلکہ انہیں ایک ثقافتی محافظ کے طور پر بھی تسلیم کیا گیا ہے جنہوں نے کشمیر کی صوفیانہ شعری اور فکری روایت کو قومی اور عالمی سطح تک پہنچایا۔ ان کی مشہور سیریز دی بیسٹ آف کشمیری لٹریچر میں لال دید اور نند رشی جیسے عظیم صوفی شعرا کو شامل کیا گیا جس نے کشمیر کے روحانی اور ادبی ورثے کو محفوظ کرنے اور مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے مقامی علم کو محفوظ کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ملک اور بیرون ملک سے کشمیری زبان میں پودوں پھولوں اور کیڑوں کے ناموں سے متعلق سوالات موصول ہوتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زبانیں اسی طرح کے علم سے تشکیل پاتی ہیں۔ شاعری اہم ہے لیکن تحقیق اور معلوماتی تحریر بھی اتنی ہی ضروری ہے۔
نوجوان لکھنے والوں کے لیے پیغام دیتے ہوئے پروفیسر شفیع شوق نے کہا کہ صرف شاعری تک محدود نہ رہیں بلکہ تحقیق پر مبنی تحریر کی طرف بھی آئیں۔ انہوں نے کہا کہ لکھاری اکثر شکایت کرتے ہیں کہ لوگ انہیں نہیں پڑھتے۔ سوال یہ ہے کہ کیا آپ ایسا لکھ رہے ہیں جسے لوگ پڑھنے کی ضرورت محسوس کریں۔ انہوں نے نوجوانوں کو ماحول نباتات حیوانات اور مقامی علم جیسے موضوعات پر لکھنے کی تلقین کی۔
غفور الدین
پدم ایوارڈز 2026 کی فہرست میں اس بار راجستھان کے ڈیگ ضلع کے میوات علاقے کا نام نمایاں ہوا ہے۔ کاماں اسمبلی حلقہ کے گاؤں کیتھواڑا کے رہنے والے عالمی شہرت یافتہ بھپنگ وادک اور میواتی زبان میں مہابھارت گائیکی یعنی پاندن کا کڑا کے فنکار 62 سالہ غفور الدین میواتی جوگی کو پدم شری سے نوازا جائے گا۔
گاؤں کی چوپال سے لے کر لندن اور پیرس کے اسٹیج تک جس فن نے سفر طے کیا اسی فن کے سادھک کو اب ملک کا بڑا شہری اعزاز ملا ہے۔ میوات کی تقریباً ناپید لوک روایت بھپنگ اور پاندن کا کڑا کو زندگی وقف کرنے والے غفور الدین میواتی کو پدم ایوارڈ دے کر حکومت ہند نے لوک فنکاروں کی ریاضت کو قومی پہچان دی ہے۔ یہ اعزاز صرف ایک فنکار کا نہیں بلکہ راجستھان کی اس ثقافت کا ہے جو نسلوں سے لوک روایت میں بہتی آ رہی ہے۔
غفور الدین ان گنے چنے فنکاروں میں شامل ہیں جنہوں نے ساٹھ برس سے زیادہ عرصہ تک ایک معدوم ہوتی لوک فن کو زندہ رکھا اور اسے عالمی شناخت دلائی۔ انہیں پاندن کا کڑا کا واحد زندہ ماہر مانا جاتا ہے۔ وہ ڈھائی ہزار سے زیادہ دوہے یاد رکھنے والے فنکار ہیں۔ بھپنگ کے ساتھ مہابھارت۔ مہادیو کا بیاولا۔ برج لوک گیت اور شری کرشن بھجن کی ان کی پیشکش سامعین کو لوک اور عقیدت کی دنیا میں لے جاتی ہے۔ پھاگن کے موسم میں ان کے ہولی گیت آج بھی گاؤں سے لے کر بڑے اسٹیج تک گونجتے ہیں۔
ان کے فن کے قدردان سات سمندر پار بھی موجود ہیں۔ غفور الدین لندن۔ پیرس۔ آسٹریلیا۔ کینیڈا۔ فرانس اور امریکہ سمیت کئی ممالک میں اپنی فنکاری پیش کر چکے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کی سالگرہ پر بھپنگ کی پیشکش ان کی زندگی کا یادگار لمحہ تھا۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ اگر فن میں روح ہو تو وہ سرحدوں کا پابند نہیں رہتا۔
غفور الدین کو یہ فن وراثت میں ملا۔ ان کے والد بدھو سنگھ جوگی اس فن کے بڑے سادھک تھے اور انہی سے انہوں نے بھپنگ اور پاندن کا کڑا سیکھا۔ آج وہ اس وراثت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ وہ اپنے بیٹے شاہ رخ اور پوتوں دانش جوگی اور وندل جوگی کو بھی اس فن کی تربیت دے رہے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں تک یہ روایت زندہ رہے۔ اس سے پہلے بھی انہیں قومی اور ریاستی سطح کے اعزازات مل چکے ہیں۔ مہاتما گاندھی کی 150 ویں جینتی پر وزیر اعظم دفتر کی جانب سے انہیں مدعو کر کے اعزاز دیا گیا تھا۔
غفور الدین بتاتے ہیں کہ پہلے زمانے میں ان کے فن کو بہت عزت دی جاتی تھی۔ شادی بیاہ طے کرتے وقت لوگ پہلے ان کی دستیابی پوچھتے تھے۔ اگر وہ کسی اور جگہ بک ہوتے تو تاریخ بدل دی جاتی تھی۔ آج ٹیکنالوجی کے دور میں نوجوان سوشل میڈیا میں مصروف ہیں لیکن لوک فن کی جڑیں اب بھی گاؤں کی مٹی میں ہیں۔ میواتی جوگی ثقافت ہندو اور مسلم روایتوں کا خوبصورت سنگم ہے۔
غفور الدین میواتی کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت کو ایک ادارہ قائم کرنا چاہیے تاکہ اس قدیم فن کا تحفظ ہو سکے۔ وہ اب تک 25 سے 30 نوجوانوں کو اس فن میں ماہر بنا چکے ہیں جو ملک اور بیرون ملک اس کی روشنی پھیلا رہے ہیں۔ مگر موجودہ دور میں سرکاری کوششیں بھی ضروری ہیں۔
میر حاجی بھا ئی قاسم
سال 2026 کے پدم شری اعزاز کے لیے جس نام کی سب سے زیادہ چرچا ہو رہی ہے وہ گجرات کے میر حاجی بھائی قاسم بھائی ہیں۔ پدم ایوارڈز کا اعلان ہو چکا ہے اور ہر سال کی طرح اس بار بھی ادب تعلیم فن طب اور سماجی خدمت جیسے شعبوں سے وابستہ تقریباً 45 شخصیات کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ انہی میں ایک نمایاں نام میر حاجی بھائی قاسم بھائی کا ہے جنہیں ان کے غیر معمولی کام کے لیے پدم شری دیا جائے گا۔ یہ اعزاز ہندوستان کی صدر دروپدی مرمو 26 جنوری کی شام کو فاتحین کو عطا کریں گی۔
گجرات کے رہنے والے میر حاجی بھائی نے ڈھولک کو ایک نئی پہچان دی۔ انہوں نے اس ساز کو غزل سنت وانی بھجن اور قوالی میں استعمال کیا لیکن لوک موسیقی کی روح کو برقرار رکھا۔ انہوں نے گایوں کے تحفظ کے لیے تین ہزار سے زیادہ پروگرام کیے۔ اس کے علاوہ تین نسلوں کے فنکاروں کے ساتھ ایک ہزار سے زیادہ اسٹیج پروگرام بھی انجام دیے۔ ان کی محنت اور لگن نے نہ صرف ایک ساز کو مقام دلایا بلکہ ثقافت اور سماجی خدمت کو بھی مضبوط کیا۔
نور الدین احمد
آسام کے معروف مجسمہ ساز اور آرٹ ڈائریکٹر نورالدین احمد کو باوقار پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ بورڈوا میں حال ہی میں افتتاح ہونے والے بتادراوا کلچرل پروجیکٹ پر ان کے کام کو بے حد سراہا گیا ہے جو ان کے شاندار کیریئر کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے۔ نورالدین احمد اس سال آسام سے پدم شری حاصل کرنے والی پانچ شخصیات میں شامل ہیں۔ کالیابور میں آسام ناٹیا سمیلن کی جانب سے اسٹیج پر ایک اور اعزاز ملنے کے فوراً بعد انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ اس فہرست میں سابق مرکزی وزیر کبندر پرکاشستھ سمیت ریاست کی کئی ثقافتی شخصیات شامل ہیں۔
مرکزی حکومت کی جانب سے اس اعزاز کو نورالدین احمد نے اپنے لیے نئی توانائی اور جذبے کا سبب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی محبت اور عزت ہی ان کی کامیابی کی اصل وجہ ہے جو انہیں مزید بہتر کام کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ ان کا فنی سفر پتلی تماشے سے لے کر اسٹیج کرافٹ تک پھیلا ہوا ہے اور یہ فنون لطیفہ میں عمر بھر کی جدوجہد اور جدت کی علامت ہے۔
اداکار ماموٹی کو پدم بھوشن سے نوازا گیا
چار دہائیوں سے زیادہ عرصے تک کسی اداکار کا اپنے فن کے عروج پر قائم رہنا معمولی بات نہیں ہوتی۔ سال 1981 میں ماموٹی نے فلم اہنسا میں معاون اداکار کے کردار پر کیرالہ اسٹیٹ فلم ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ اتوار کے روز وہ اپنی فلم برامایوگم 2024 میں خوفناک اداکاری پر نواں اسٹیٹ ایوارڈ وصول کرنے والے تھے کہ اسی وقت انہیں یہ خوشخبری ملی کہ ان کا انتخاب پدم بھوشن کے لیے ہو گیا ہے۔ یہ ایوارڈ ملک کی جانب سے اعلیٰ درجے کی نمایاں خدمات پر دیا جاتا ہے۔ اس طرح یہ لمحہ ہندوستان کے عظیم ترین اداکاروں میں شمار ہونے والے ماموٹی کے لیے دوہرا اعزاز بن گیا۔
بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد ماموٹی نے کہا کہ ملیالم فلم انڈسٹری میں یہ اعزاز ملنا بڑے فخر کی بات ہے کیونکہ یہ انڈسٹری ملک کی بہترین فلمیں پیش کرتی ہے۔
محمد کٹی پناپرمبل اسماعیل جو 7 ستمبر 1951 کو پیدا ہوئے اور ماموٹی کے نام سے مشہور ہیں ہندوستانی اداکار اور فلم پروڈیوسر ہیں جو زیادہ تر ملیالم زبان کی فلموں میں کام کرتے ہیں۔پانچ دہائیوں پر محیط کیریئر میں وہ 400 سے زیادہ فلموں میں مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں جن میں ملیالم تمل تیلگو کنڑ ہندی اور انگریزی زبانیں شامل ہیں۔ انہیں تین نیشنل فلم ایوارڈ گیارہ کیرالہ اسٹیٹ فلم ایوارڈ گیارہ کیرالہ فلم کریٹکس ایوارڈ اور پندرہ فلم فیئر ایوارڈ ساوتھ مل چکے ہیں۔ سال 2026 میں انہیں فلمی خدمات کے اعتراف میں پدم بھوشن دیا گیا جبکہ اس سے پہلے 1998 میں حکومت ہند نے انہیں پدم شری سے بھی نوازا تھا۔ 2022 میں حکومت کیرالہ نے انہیں کیرالہ پربھا ایوارڈ سے بھی سرفراز کیا۔ ماموٹی کو سی این این نے ان شخصیات میں شامل کیا جنہوں نے ہندوستانی سنیما کی شکل بدل دی۔