نئی دہلی /آواز دی وائس
ہندوستان کے چار مختلف کونوں سے تعلق رکھنے والے چار خاندان، جو ایک دوسرے سے کبھی نہیں ملے تھے، ایک مشترکہ اور بے بسی بھری حقیقت کے باعث ایک دوسرے سے جڑ گئے۔ سب کے سامنے ایک ہی سوال تھا: اگر وہ اپنے پیارے کی جان نہیں بچا سکتے تو شاید کسی دوسرے کے پیارے کی جان بچانے میں مدد کر سکتے ہیں۔
ایک خاندان ناگالینڈ سے تھا، دوسرا کشمیر سے، تیسرا پنجاب سے اور چوتھا بہار سے۔ مختلف برادریوں، مذاہب اور علاقوں سے تعلق رکھنے کے باوجود ان چاروں خاندانوں کا مسئلہ ایک جیسا تھا۔ ہر خاندان کے کسی عزیز کو فوری طور پر گردے کی پیوند کاری کی ضرورت تھی، اور وقت تیزی سے ہاتھ سے نکل رہا تھا۔چاروں مریضوں کے پاس ایسے افراد بھی موجود تھے جو انہیں اپنی ایک گردہ عطیہ کرنے کے لیے تیار تھے۔ لیکن مسئلہ یہ تھا کہ گردے دینے والے افراد درست مریضوں کے لیے موزوں نہیں تھے۔ہر خاندان میں عطیہ دینے کے لیے تیار شخص مریض کا قریبی رشتہ دار تھا، یعنی ایسا ڈونر جسے ہندوستانی اعضا کی پیوند کاری کے قانون کے تحت عطیہ دینے کی اجازت دی جا سکتی تھی۔ لیکن طبی اعتبار سے دونوں ایک دوسرے کے لیے موزوں نہیں تھے۔

کئی مریضوں کے معاملے میں مسئلہ صرف بلڈ گروپ کے نہ ملنے تک محدود نہیں تھا۔ چار میں سے تین مریض ایسے تھے جن کے جسم میں پہلے سے بڑی مقدار میں اینٹی باڈیز موجود تھیں۔ انہیں طبی زبان میں ہائیلی سینسی ٹائزڈ(Highly Sensitised)مریض کہا جاتا ہے۔ ان کے کراس میچ ٹیسٹ بھی مثبت آئے تھے، جس کا مطلب یہ تھا کہ ان کے خون میں موجود اینٹی باڈیز کسی مخصوص ڈونر کے گردے کے خلیوں پر حملہ کر سکتی تھیں۔
تب ان خاندانوں نے ایک ممکنہ حل تلاش کیا
جس شخص سے آپ محبت کرتے ہیں، اسے گردہ دینے کے بجائے کسی دوسرے خاندان کے عزیز کو گردہ دے دیں۔یعنی:
یوں یہ اجنبی لوگوں کا ایک دائرہ بن جاتا ہے، جس میں ہر شخص ایسے خاندان کی جان بچاتا ہے جسے اس نے کبھی دیکھا تک نہیں، اس امید کے ساتھ کہ کوئی دوسرا اجنبی بھی اس کے خاندان کے لیے یہی قربانی دے گا۔
لیکن اس پورے منصوبے کے سامنے ایک اور بڑی رکاوٹ تھی:قانون۔
چار جوڑوں کی منظوری دو جوڑوں کے مقابلے میں اتنی مشکل کیوں تھی؟ہندوستان میں کڈنی سواپ ٹرانسپلانٹ یا گردوں کی تبادلے کے ذریعے پیوند کاری کوئی نیا تصور نہیں ہے۔ اس کا بنیادی اصول نسبتاً سادہ ہے۔ جب کوئی عطیہ دینے والا شخص حیاتیاتی عدم مطابقت کی وجہ سے اپنے مطلوبہ مریض کو گردہ نہیں دے سکتا تو ایک دوسرے ڈونر-مریض جوڑے کو اس تبادلے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔یعنی دونوں خاندانوں کے ڈونر ایک دوسرے کے مریضوں کو گردے عطیہ کر دیتے ہیں۔مثال کے طور پر اگر پہلے خاندان کا ڈونر اپنے مریض کے لیے موزوں نہیں ہے، لیکن دوسرے خاندان کے مریض کے لیے موزوں ہے، تو وہ دوسرے مریض کو گردہ دے سکتا ہے۔ اسی طرح دوسرے خاندان کا ڈونر پہلے خاندان کے مریض کو گردہ دے سکتا ہے۔لیکن جیسے جیسے مزید جوڑے اس نظام میں شامل ہوتے ہیں، معاملہ تیزی سے پیچیدہ ہوتا جاتا ہے۔ٹرانسپلانٹ ٹیم کے لیے صرف یہ ثابت کرنا کافی نہیں ہوتا کہ ہر ڈونر کسی نہ کسی مریض کے لیے موزوں ہے۔ اسے یہ بھی یقینی بنانا ہوتا ہے کہ پورا سلسلہ ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہو اور آخر میں مکمل دائرہ بن جائے۔
امیونولوجیکل ٹیسٹنگ کا اہم کردار
اس عمل میں مریض اور ڈونر کے درمیان امیونولوجیکل ٹیسٹنگ انتہائی اہم ہوتی ہے۔مثلاً سنگل اینٹی جن بیڈ (SAB) ٹیسٹ کے ذریعے یہ معلوم کیا جا سکتا ہے کہ مریض کے جسم میں ایسی اینٹی باڈیز موجود ہیں یا نہیں جو ممکنہ ڈونر کے گردے پر موجود مخصوص ہیومن لیوکوسائٹ اینٹی جنز (HLA) کے خلاف ردعمل ظاہر کر سکتی ہیں۔ماضی میں ہونے والی حمل کی تاریخ، خون کی منتقلی اور پہلے کیے گئے ٹرانسپلانٹ جیسے عوامل بھی کسی شخص کے جسم میں حساسیت یعنی sensitisationپیدا کر سکتے ہیں۔چار طرفہ گردوں کے تبادلے میں ممکنہ جوڑیاں کہیں زیادہ ہو جاتی ہیں اور ہر ایک کڑی کا درست ہونا ضروری ہوتا ہے۔آپریشن کی قیادت کرنے والے ڈاکٹر اننت کمار نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ تین طرفہ سواپ کی کوششیں پہلے دستی طور پر کی جا چکی ہیں، لیکن ڈونرز کو غیر متعلقہ مریضوں کے ساتھ ملانا ایک انتہائی مشکل، پیچیدہ اور وقت طلب کام ہے۔ان چاروں خاندانوں کے لیے، جو پہلے ہی کئی برس انتظار کر چکے تھے، اب سوال صرف یہ نہیں تھا کہ کیا کوئی موزوں گردہ دستیاب ہے؟
ایک سوال یہ تھا
کیا قانون انہیں اس گردے کو استعمال کرنے کی اجازت دے گا؟
قانونی رکاوٹ کیسے دور ہوئی؟
چار طرفہ گردوں کے تبادلے کی تجویز کو آتھرائزیشن کمیٹی(Authorisation Committee) نے مسترد کر دیا۔ یہ وہ قانونی ادارہ ہے جو ہندوستان کے ٹرانسپلانٹیشن آف ہیومن آرگنز اینڈ ٹشوز ایکٹ(THOTA) کے تحت قائم کیا گیا ہے۔اس فیصلے کے خلاف اپیل کی گئی، لیکن اپیلیٹ اتھارٹی(Appellate Authority) نے بھی آتھرائزیشن کمیٹی کے فیصلے کو برقرار رکھا۔اتھارٹیز نے THOTA کی دفعہ 9(3A) کی تشریح کرتے ہوئے یہ مؤقف اختیار کیا کہ قانون صرف دو ایسے ڈونر-مریض جوڑوں کے درمیان گردوں کے تبادلے کی اجازت دیتا ہے جو آپس میں مطابقت نہیں رکھتے۔ان کے مطابق اس سے بڑا سلسلہ، یعنی تین یا چار جوڑوں پر مشتمل کڈنی سواپ، موجودہ قانون کے تحت ممکن نہیں تھا اور اس کے لیے قانون میں ترمیم کرنا ضروری ہوگا۔لیکن پھر 26 مئی 2026 کو دہلی ہائی کورٹ نے اس قانونی خلا میں مداخلت کی۔ مقدمہ Shivani Khurana & Ors. v. Union of India & Ors. میں جسٹس پروشویندر کمار کورو نے آتھرائزیشن کمیٹی اور اپیلیٹ اتھارٹی کے سابقہ احکامات کو منسوخ کر دیا۔عدالت نے قرار دیا کہ THOTA کی دفعہ 9(3A) کو اس طرح نہیں پڑھا جا سکتا کہ گردوں کے سواپ ٹرانسپلانٹ کو صرف دو ڈونر-مریض جوڑوں تک محدود سمجھا جائے۔عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ قانون میں استعمال ہونے والے الفاظ "پہلا ڈونر" (First Donor) اور "دوسرا ڈونر" (Second Donor) محض اس طریقۂ کار کو سمجھانے کے لیے مثال کے طور پر استعمال کیے گئے ہیں۔ انہیں اس بات کی قانونی حد نہیں سمجھا جا سکتا کہ گردوں کے تبادلے میں صرف دو ہی جوڑے شامل ہو سکتے ہیں۔
دوسرے لفظوں میں، قانون میں ایسی کوئی واضح حد موجود نہیں تھی جو چار یا اس سے زیادہ جوڑوں پر مشتمل سواپ ٹرانسپلانٹ کو لازماً ممنوع قرار دے۔یہ فیصلہ اس فرق کو بھی نمایاں کرتا ہے جو بعض اوقات ٹیکنالوجی اور طب کی صلاحیت اور قانونی دفعات کی روایتی تشریح کے درمیان پیدا ہو جاتا ہے۔
جہاں جدید طبی ٹیکنالوجی اور میچنگ کے نظام نے متعدد خاندانوں کو ایک دوسرے کے لیے گردے عطیہ کرنے کا راستہ دکھا دیا تھا، وہیں حکام قانون کے الفاظ کی ایک محدود تشریح کی بنیاد پر اس پورے سلسلے کو روک رہے تھے۔دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے نے اسی رکاوٹ کو دور کرتے ہوئے چار خاندانوں کے لیے ایک نئی راہ کھول دی—ایسی راہ جس میں چار اجنبی خاندان ایک دوسرے کے عزیزوں کی جان بچانے کے لیے اپنے گردوں کا تبادلہ کر سکتے تھے۔ یہ مقدمہ دوبارہ آتھرائزیشن کمیٹی کو بھیج دیا گیا تاکہ عدالت کی تشریح کے مطابق چار طرفہ گردوں کی پیوند کاری پر غور کیا جا سکے۔ تاہم، ٹرانسپلانٹ کے قانون میں موجود حفاظتی شرائط بدستور لاگو رہیں، جن میں یہ لازمی شرط بھی شامل تھی کہ اعضا کی کوئی تجارتی خرید و فروخت نہ ہو۔13 جولائی 2026 کو چار ڈونرز اور چار مریضوں سمیت کل آٹھ افراد کو میکس سپر اسپیشلٹی ہسپتال، ساکیت میں داخل کیا گیا۔ دن ختم ہونے تک چار گردے ایک خاندان سے دوسرے خاندان تک منتقل ہو چکے تھے۔
ایک انتہائی پیچیدہ اور خطرناک آپریشن
چار طرفہ گردوں کے تبادلے کو ایک انتہائی احتیاط سے ترتیب دی گئی مسلسل زنجیر کے طور پر انجام دینا تھا۔
اس پورے عمل میں آٹھ آپریشن شامل تھے:
چار زندہ ڈونرز کی نیفریکٹومی، یعنی ان کے جسم سے گردے نکالنے کے آپریشن۔
چار مریضوں کے گردوں کی پیوند کاری کے آپریشن۔
یہ تمام آپریشن بیک وقت پانچ آپریشن تھیٹروں میں کیے گئے۔ کارروائی صبح تقریباً 7 بجے شروع ہوئی اور شام 6 بجے تک جاری رہی۔
آٹھ افراد کی میچنگ پہلے ہی Alliance for Paired Kidney Donation (APKD) کے سافٹ ویئر کے ذریعے مکمل کی جا چکی تھی۔ اس کے بعد تفصیلی امیونولوجیکل ٹیسٹنگ کے ذریعے اس میچنگ کی دوبارہ تصدیق کی گئی۔

یہ کیسے کام کرتا ہے؟
APKD نوبیل انعام یافتہ ماہرِ معاشیات ایلوِن روتھ(Alvin Roth) کے تیار کردہ الگورتھم کی مدد سے ایسے دو غیر موزوں مریض اور عطیہ دہندگان کے جوڑوں کو تلاش کرتا ہے، جن کے درمیان گردوں کا تبادلہ ممکن ہو۔ بہترین ممکنہ میچ تلاش کرنے کے لیے صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین کی ایک ٹیم کے تیار کردہ اسکورنگ نظام کا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ بہرحال لیکن کاغذ پر آٹھ افراد کو کامیابی سے ایک دوسرے کے ساتھ ملانا صرف پہلا مرحلہ تھا۔ایک لمحے کی بھی گنجائش نہیں تھی آٹھوں افراد کو ایک دوسرے کے قریب واقع کمروں میں بے ہوشی کی حالت میں رکھا گیا تھا۔جیسے ہی کسی ایک ڈونر کے جسم سے گردہ نکالا جاتا، اسے فوری طور پر برف سے بھرے ایک برتن میں محفوظ کیا جاتا اور تیزی سے ساتھ والے آپریشن تھیٹر میں پہنچایا جاتا، جہاں اس گردے کا موزوں مریض پہلے ہی آپریشن کے لیے تیار ہوتا۔ادھر ایک گردے کی پیوند کاری جاری ہوتی، تو اسی دوران اگلے ڈونر اور مریض کے درمیان رابطے کی تیاری شروع کر دی جاتی۔یعنی پوری کارروائی ایک ایسی زنجیر تھی جس میں کسی بھی مقام پر وقفہ یا تاخیر کی گنجائش نہیں تھی۔ڈاکٹر اننت کمار نے کہا:"جس طرح فوج میں ذمہ داریاں ایک ایک سپاہی اور ایک ایک مورچے کے حساب سے تقسیم کی جاتی ہیں، اسی طرح یہاں بھی ہماری ڈاکٹروں کی ٹیم نے ذمہ داریاں تقسیم کر رکھی تھیں۔ہر ڈاکٹر، ہر سرجن اور ہر ٹیم ممبر کو اپنی مخصوص ذمہ داری معلوم تھی، تاکہ آٹھ آپریشنز پر مشتمل یہ پیچیدہ سلسلہ کسی رکاوٹ کے بغیر مکمل کیا جا سکے۔
قانونی وقت کی پابندی نے مشکل مزید بڑھا دی
اس پورے عمل میں صرف طبی پیچیدگیاں ہی نہیں تھیں، بلکہ قانونی وقت کی پابندی نے بھی انتظامات کو مزید مشکل بنا دیا تھا۔ہائی کورٹ کے حکم میں ہر مریض کی متعلقہ ریاستی حکومت سے الگ الگ منظوری لینے کی شرط ختم کر دی گئی تھی۔ عام حالات میں یہ منظوری حاصل کرنا لازمی مرحلہ ہوتا ہے۔ڈاکٹر کمار کے مطابق:"اس لیے ہمارے پاس آپریشن مکمل کرنے کے لیے صرف ایک دن تھا۔"یوں ڈاکٹروں کی ٹیم کو نہ صرف آٹھ انتہائی پیچیدہ آپریشن ایک ہی دن میں مکمل کرنے تھے بلکہ اس پورے عمل کو اس طرح انجام دینا تھا کہ چاروں گردوں کی منتقلی کی زنجیر میں ایک بھی کڑی نہ ٹوٹے۔ یہ آپریشن ایک طبی ریلے ریس کی طرح بن گیا تھا: جب ایک ٹیم ایک ڈونر کا گردہ نکال رہی تھی، اسی وقت دوسری ٹیم اس گردے کو وصول کرنے والے مریض کو آپریشن کے لیے تیار کر رہی تھی۔ ایک مریض میں پیوند کاری کا عمل جاری ہوتا تو دوسرے ڈونر کو آپریشن تھیٹر کی طرف لایا جا رہا ہوتا۔
کیا کچھ غلط ہو سکتا تھا؟
اس پورے آپریشن کے خطرات صرف کسی ایک سرجری تک محدود نہیں تھے۔ کسی بھی مرحلے پر کوئی ڈونر اپنا فیصلہ بدل سکتا تھا۔ کسی مریض کو اچانک طبی مسئلہ پیش آ سکتا تھا۔ کسی ایک آپریشن تھیٹر میں معمولی تاخیر بھی پورے سلسلے کو متاثر کر سکتی تھی۔اور ٹرانسپلانٹ مکمل ہونے کے بعد بھی یہ زنجیر ختم نہیں ہوتی تھی۔ ہر مریض کے مدافعتی نظام کو نئے گردے کو قبول کرنا ضروری تھا۔ ڈاکٹر کمار نے کہا:"اگر ایسے آپریشن کے بعد مریض کو بخار ہو جائے تو پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ اگر جسم گردے کو مسترد کر دے تو مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، جن میں دوبارہ ڈائیلاسس کی ضرورت پڑنا یا بدترین صورت میں ٹرانسپلانٹ کیے گئے گردے کا مکمل طور پر ضائع ہو جانا بھی شامل ہے۔"انہوں نے مزید کہا:"فرض کریں ڈونر C کو اچانک کوئی طبی مسئلہ پیش آ جاتا ہے اور وہ نیفریکٹومی نہیں کرا سکتا۔ ایسی صورت میں متعلقہ مریض گردے سے محروم رہ سکتا ہے اور اس کے نتیجے میں دوسرے خاندانوں سے جڑی پوری زنجیر بھی ٹوٹ سکتی ہے۔"
ڈونرز کے لیے بھی خطرہ موجود تھا
یہاں ایک اہم بات یہ ہے کہ ڈونرز خود گردوں کے مریض نہیں تھے۔ وہ صحت مند افراد تھے، جو اپنی مرضی سے نیفریکٹومی یعنی ایک گردہ نکلوانے کے عمل سے گزر رہے تھے تاکہ کسی دوسرے انسان کو زندگی مل سکے۔اس لیے ڈاکٹروں کے سامنے ایک بڑا چیلنج یہ بھی تھا کہ وہ مریض کی فوری ضرورت اور ہر ڈونر کی حفاظت کے درمیان توازن برقرار رکھیں۔ڈونر صحت مند ہوتا ہے اور اسے سرجری کی طبی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس لیے طبی ٹیم کے لیے یہ یقینی بنانا انتہائی ضروری ہوتا ہے کہ گردہ عطیہ کرنے کے عمل میں ڈونر کو غیر ضروری خطرے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ہندوستان میں گردوں کی شدید کمی
ہندوستان میں گردوں کی پیوند کاری کے میدان میں ایک بہت بڑا مسئلہ موجود ہے: گردے کے ضرورت مند مریضوں کی تعداد اور دستیاب اعضا کے درمیان بہت بڑا فرق۔حالیہ ذرائع کے مطابق ہندوستان میں ہر سال تقریباً 13,000 س14,000 گردوں کے ٹرانسپلانٹ کیے جاتے ہیں، جن میں زیادہ تر گردے زندہ ڈونرز سے حاصل ہوتے ہیں۔ایسے حالات میں پئیرڈ کڈنی ایکسچینج ایک نئی امید فراہم کرتا ہے۔
پیئرڈ کڈنی ایکسچینج کیسے کام کرتا ہے؟
گردے کی پیوند کاری میں سب سے بڑی رکاوٹوں میں خون کے گروپ، ٹشو یا دیگر طبی عوامل کا ایک دوسرے سے مطابقت نہ رکھنا شامل ہے۔ مثال کے طور پر اگر مریض ’اے‘ کا کوئی رشتہ دار اسے اپنا گردہ عطیہ کرنا چاہتا ہے، لیکن طبی جانچ کے بعد یہ معلوم ہو کہ دونوں کا میچ نہیں بنتا، تو وہ ڈونر اپنا گردہ مریض ’اے‘ کو نہیں دے سکتا۔ اسی طرح مریض ’بی‘ کے پاس موجود ڈونر بھی میچ نہ ہونے کی صورت میں اسے گردہ عطیہ نہیں کر پاتا۔ایسی صورت میںAPKD کا سافٹ ویئر ان تمام مریضوں اور عطیہ دہندگان کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرتا ہے۔ سافٹ ویئر یہ تلاش کرتا ہے کہ آیا ڈونر ’اے‘ کا گردہ مریض ’بی‘ کے لیے موزوں ہے اور ڈونر ’بی‘ کا گردہ مریض ’اے‘ کے لیے۔ اگر دونوں جانب مناسب مطابقت پیدا ہو جائے تو دونوں خاندان ایک دوسرے کے ساتھ گردے کا تبادلہ کر سکتے ہیں۔ اسے پیئرڈ کڈنی ایکسچینج یا سویپ ٹرانسپلانٹ کہا جاتا ہے۔اگر دو خاندانوں کے درمیان گردوں کا تبادلہ ممکن ہو تو مزید خاندانوں کو شامل کرکے اس دائرے کو وسیع کیا جا سکتا ہے۔ ملٹی وے ایکسچینج اسی امکان کو مزید بڑھا دیتا ہے۔اس معاملے میں چاروں خاندان ابتدا میں ایک دوسرے کے لیے بالکل اجنبی تھے۔ لیکن جیسے جیسے ٹرانسپلانٹ کا عمل آگے بڑھا، ان کی زندگیاں ایک دوسرے سے جڑتی چلی گئیں۔ہر ڈونر کو یہ اعتماد رکھنا تھا کہ دوسرا خاندان بھی اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔ہر مریض کی نئی زندگی کی امید اس بات سے وابستہ تھی کہ کسی دوسرے خاندان کا عزیز اپنا گردہ عطیہ کرے گا۔ یوں چار خاندان، جو کبھی ایک دوسرے کو جانتے تک نہیں تھے، ایک ایسی انسانی زنجیر کا حصہ بن گئے جس میں ایک شخص کی قربانی دوسرے کے لیے زندگی بن گئی۔