مکہ کی وادیوں سے عالمی ادب تک حج کی بازگشت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-05-2026
مکہ کی وادیوں سے عالمی ادب تک حج کی بازگشت
مکہ کی وادیوں سے عالمی ادب تک حج کی بازگشت

 



زیبا نسیم : ممبئی

“ہم رات کے وقت دوبارہ اس مبارک وادی سے روانہ ہوئے جسے مر کہا جاتا ہے۔ ہمارے دل اپنی آرزوؤں کی منزل تک پہنچنے کی خوشی سے بھرے ہوئے تھے۔ ہم اپنی موجودہ حالت اور آئندہ نصیب پر مسرور تھے۔ صبح کے وقت ہم امن کے شہر مکہ پہنچے۔ اللہ تعالیٰ اس کی عزت بڑھائے۔

یہ الفاظ سیاح ابن بطوطہ نے 1326 میں تحریر کیے۔ وہ اس سے ایک سال قبل مراکش سے روانہ ہوئے تھے اور شمالی افریقہ عبور کرتے ہوئے قاہرہ پہنچے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے یروشلم اور دمشق کا سفر کیا اور پھر مدینہ اور مکہ کی طرف روانہ ہوئے۔ 

دراصل دنیا کے تمام سفرناموں میں شاید ہی کوئی ایسا سفر ہو جسے حج کے سفرناموں کی طرح عقیدت۔ محبت۔ روحانیت اور قلبی وارفتگی کے ساتھ قلم بند کیا گیا ہو۔ حج کے سفرنامے محض ایک سفر کی داستان نہیں ہوتے بلکہ ایمان۔ شوقِ بندگی اور روحانی کیفیات کی ایسی دل آویز جھلک پیش کرتے ہیں جو قاری کے دل کو بھی وجد اور سرشاری کی کیفیت میں مبتلا کر دیتی ہے

ایسا ہی کچھ ابن بطوطہ کے ساتھ ہوا، وہ مکہ پہنچنے سے قبل چار دن مدینہ میں گزارے جہاں انہوں نے سادہ سفید احرام پہنا اور حج کے مناسک میں مشغول ہوگئے۔ کعبہ کے بارے میں انہوں نے لکھا کہ ۔۔ ہم نے اس کے گرد آمد کا سات مرتبہ طواف کیا اور حجر اسود کو بوسہ دیا۔ ہم نے مقام ابراہیم پر دو رکعت نماز ادا کی اور ملتزم پر کعبہ کے پردوں سے لپٹ گئے جو دروازے اور حجر اسود کے درمیان واقع ہے جہاں دعا قبول ہوتی ہے۔ ہم نے زمزم کا پانی پیا۔ پھر صفا اور مروہ کے درمیان سعی کی اور باب ابراہیم کے قریب ایک گھر میں قیام کیا۔

مراکشی سیاح تقریباً سات سو سال پہلے اسلام کے پانچویں رکن کی ایک حیرت انگیز تصویر پیش کرتے ہیں اور وہ اس سلسلے میں تنہا نہیں ہیں۔ حج دنیا بھر کے اسلامی ادب شاعری اور فنون میں بار بار نظر آنے والا موضوع رہا ہے لیکن سب سے زیادہ یہ سفرناموں میں دکھائی دیتا ہے۔ اندلس کے جغرافیہ دان ابن جبیر سے لے کر ہسپانوی سیاح علی بے العباسی تک اس صنف میں بے شمار خوبصورت اور تفصیلی تحریریں موجود ہیں جو نہ صرف حج کو زندہ کردیتی ہیں بلکہ ان مختلف ادوار کی جھلک بھی پیش کرتی ہیں جن میں یہ سفر کیے گئے۔


دراصل  جب کوئی ایسا شخص حج سے واپس آتا ہے جو علمی۔ ادبی یا قلمی ذوق رکھتا ہو تو وہ اس روحانی سفر کو لفظوں میں محفوظ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس کی خواہش صرف یہ نہیں ہوتی کہ وہ اپنے جذبات اور مشاہدات دوسروں تک پہنچائے بلکہ وہ ان خوش نصیبوں کی رہنمائی بھی کرنا چاہتا ہے جو حج کی سعادت حاصل کرنے کے آرزو مند ہوں۔ اسی جذبے کے تحت حج کے بے شمار سفرنامے تحریر کیے گئے جن میں عقیدت۔ محبت۔ روحانی کیفیت اور تاریخی مشاہدات کا حسین امتزاج نمایاں نظر آتا ہے

بہت سے لوگوں نے اپنے حج کے سفر کو قلم بند کیا اور اسی لیے ہمارے پاس ایک صنف موجود ہے جسے الرحلہ الحجازیہ کہا جاتا ہے یعنی حجاز کی طرف حج کے لیے سفر۔ ہمارے پاس حج کے متعدد سفرنامے موجود ہیں۔ ابن بطوطہ کا سفر بنیادی طور پر حج کی دستاویز تھا۔

ابو جبیر کا سفر نامہ 

 بارہویں صدی میں اسپین کے مشہور سیاح ابو جبیر نے اندلس سے حجاز کے سفر کا انتہائی غیرمعمولی احوال بیان کیا ہے جس میں اسکندریہ تک سمندری سفر کا ریکارڈ بھی ہے اور پھر مکہ کے زمینی سفر کا تذکرہ بھی۔ ابو جبیر نے احرام، طواف، سعی اور میدانِ عرفات میں رُکنے اور پھر جمرات کو کنکریاں مارنے کا بیان ایسے کیا ہے جس میں درست تاریخ کے ساتھ ساتھ گہری روحانی سوچ بچار کی جھلک بھی پائی جاتی ہے

قیم الجوزیہ کے تجربات

چودھویں صدی کے پہلے نصف میں عالم دین اور روحانی مصنف ابن قیم الجوزیہ نے “سفر محبت” کے عنوان سے ایک نظم لکھی جس میں حج کے باطنی روحانی سفر کو اس کی جسمانی مشقتوں کے ساتھ بیان کیا گیا۔ نظم میں ان کے سفر کعبہ عرفات مزدلفہ اور منیٰ کا ذکر تھا۔ رخصتی طواف اور دیگر حجاج کا بھی احوال شامل تھا۔

 انہوں نے لکھا۔

تم انہیں ان کی سواریوں پر دیکھتے ہو

ان کے بال گرد آلود اور بکھرے ہوئے ہیں۔

لیکن وہ پہلے کبھی اتنے مطمئن اور خوش نہیں تھے۔

وہ اپنے وطن اور خاندان کو مقدس شوق میں چھوڑ آئے تھے۔

واپسی کی کوئی خواہش انہیں متزلزل نہیں کرتی۔

میدانوں اور وادیوں سے قریب اور دور سے

پیدل اور سواریوں پر اللہ کے سامنے سر جھکائے ہوئے

کعبہ کے بارے میں انہوں نے کہا۔
جب وہ اس کے گھر کو دیکھتے ہیں۔ وہ عظیم منظر۔
جس کے لیے تمام مخلوق کے دل روشن ہوجاتے ہیں۔
یوں لگتا ہے کہ انہیں کبھی تھکن محسوس ہی نہیں ہوئی۔
کیونکہ ان کی تکلیف اور مشقت ختم ہوجاتی ہے۔”

اگرچہ حج اسلامی عقیدے کا مرکزی حصہ ہے لیکن اس نے دنیا کے دوسرے خطوں کے مصنفین کو بھی متاثر کیا۔ یورپ مشرق بعید اور یہاں تک کہ شمالی امریکا سے بھی لوگ اس تجربے کو بیان کرنے آئے جن میں 1964 میں آنے والے انسانی حقوق کے رہنما میلکم ایکس بھی شامل تھے۔ مکہ میں انہوں نے اسلام کو عالمی احترام اور بھائی چارے کے دین کے طور پر دیکھا۔انہوں نے واپسی پر لکھا۔

وہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں حجاج تھے۔
ان میں نیلی آنکھوں والے سنہرے بالوں والے لوگ بھی تھے اور سیاہ فام افریقی بھی۔
لیکن ہم سب ایک ہی عبادت میں شریک تھے اور اتحاد و اخوت کا ایسا جذبہ دکھا رہے تھے جس کے بارے میں امریکا میں میرے تجربات نے مجھے یقین دلایا تھا کہ سفید اور غیر سفید لوگوں کے درمیان ایسا کبھی ممکن نہیں ہوسکتا۔”

سر رچرڈ فرانسس برٹن  اور ایلڈن  رٹر کی زبانی

یورپی مغربی مصنفین نے بھی حج کے اس منظر کو قریب سے دیکھنے کی کوشش کی۔ وکٹورین دور کے سیاح جغرافیہ دان اور مصنف سر رچرڈ فرانسس برٹن نے 1855 میں المدینہ اور مکہ کے سفر کی ذاتی روداد شائع کی۔ انہوں نے درویش کا بھیس بدل کر خفیہ طور پر مکہ میں داخلہ حاصل کیا تھا۔

ایک اور برطانوی ایلڈن رٹر نے 1925 اور 1926 کے درمیان مکہ اور مدینہ کا سفر کیا اور 1928 میں “عرب کے مقدس شہر” شائع کی۔ اس کتاب کو عالمی سطح پر بے حد سراہا گیا اگرچہ رٹر جو اسلام قبول کرچکے تھے ایک غیر معروف شخصیت ہی رہے۔رٹر نے لکھا --- ستونوں کے جنگل کے درمیان میں بمشکل اس وسیع کنکریلی صحن کو دیکھ سکتا تھا جو ساڑھے چار ایکڑ سے زیادہ پر مشتمل تھا۔ اس کے وسط میں سیاہ غلاف میں ڈھکا بیت اللہ کھڑا تھا جو تاریکی میں مدھم دکھائی دیتا تھا۔

برآمدوں کے نیچے ننگے پاؤں لمبے جبے پہنے خاموش لوگ اماموں کے پیچھے اپنی جگہ لینے کے لیے تیزی سے بڑھ رہے تھے۔ عظیم صحن کے ہر حصے میں عبادت گزار کعبہ کی طرف رخ کیے قطاریں بنا رہے تھے اور فجر کی نماز کی تیاری کررہے تھے۔ ابو قبیس پہاڑی کے اوپر صبح کی پہلی مدھم روشنی آسمان پر یوں ظاہر ہوئی جیسے گہرے نیلے شیشے میں شفاف دھبہ ہو۔

اگرچہ ادب ہمیں حج کو دیکھنے کے لیے ایک دریچہ فراہم کرتا ہے لیکن کہا جاسکتا ہے کہ فن ہی اس کی وسیع تر تفہیم میں سب سے اہم کردار ادا کرتا ہے۔ آخرکار اسلام کا یہی وہ رکن ہے جو سب سے زیادہ فنی اظہار کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 جدید دور میں بنت الشاطی نے اپنی کتاب ارض المعجزات میں اپنے حج کے سفر کو قلم بند کیا۔ ابراہیم المازنی نے بھی اپنے حج کے سفر کی تفصیل لکھی۔

ایک خزانہ ہے
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ حج کی مطبوعہ وراثت کئی اہم اور بڑی بڑی کتابوں کا فخر ہونے پر ناز کر سکتی ہے۔ اِن میں ’فی منزلِ الوحی‘، ’دا روڈ ٹُو مکہ‘ اور ’ٹُو دا لینڈ آف پروفٹ ہُڈ‘ جیسی قیمتی کتابیں ہیں جنھوں نے حجاج کے روحانی اور انسانی تجربات کو مختلف ادبی اور فکری انداز میں ملخص کیا ہے۔ قطعِ نظر اس کے کہ اِن میں صدیوں کا فاصلہ کتنا ہے اور زبانوں کا فرق کس قدر ہے، یہ تحریریں اور اِن کے موضوعات آج بھی باقی ہیں۔ تحقیق کار کہتے ہیں کہ حج اور اِس کے سفر کی ارتقائی منازل کے بارے میں یہ معلومات کا ایک جیتا جاگتا رجسٹر  ہے-
جس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ حج مکمل طور پر ایک تہذیبی ایونٹ تھا۔ ’ایک ایسا ایونٹ جس کی مدد سے مسلم حیات کا دستاویزی اندارج ہُوا جس کے ذریعے مختلف زمانوں میں معاشروں کی قسمتوں کی تبدیلی کی وجوہات کا سراغ مل جاتا ہے- یہی وجہ ہے کہ حج کے بیشتر سفر نامے اسلامی معاشروں کے مزاج اور بُنت کو سمجھنے کے لیے آج ایک ناگزیر تاریخی وسیلہ ہیں - یہ حیرت کی بات نہیں کہ حج فنون میں اتنی نمایاں جگہ رکھتا ہے۔ ادیب مصور شاعر اور موسیقار عموماً انہی چیزوں سے متاثر ہوتے ہیں جو ان کے دلوں کو سب سے زیادہ متاثر کریں۔ اس لیے حج جو بہت سے لوگوں کے لیے زندگی کا سب سے بڑا روحانی تجربہ ہوتا ہے تخلیقی اظہار کے لیے بھی زرخیز زمین ہے۔