شمال مشرق میں کرسمس - سب سے روشن اور زندہ ثقافتی خزانوں میں سے ایک

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 24-12-2025
 شمال مشرق میں کرسمسبھارت کے سب سے روشن اور زندہ ثقافتی خزانوں میں سے ایک
شمال مشرق میں کرسمسبھارت کے سب سے روشن اور زندہ ثقافتی خزانوں میں سے ایک

 



منی بیگم۔ گوہاٹی۔

بھارت میں کرسمس کا تصور عموماً گوا کے ساحلوں یا کیرالہ میں رنگین روشنیوں سے سجی گرجا گھروں سے جوڑا جاتا ہے۔ مگر بھارت کے شمال مشرقی خطے میں کرسمس وادیوں کی ڈھلوانوں اور سفید دھند میں لپٹی پہاڑیوں کے درمیان ایک نفیس حسن کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ یہ ملک کی ان غیر معمولی مگر کم بیان کی گئی کہانیوں میں سے ایک ہے۔

شمال مشرق میں کرسمس محض ایک تہوار نہیں بلکہ شناخت برادری موسیقی اور یادوں کا امتزاج ہے۔ ناگالینڈ میزورم میگھالیہ منی پور اروناچل پردیش اور آسام کے کچھ حصوں میں مسیحی آبادی کی بڑی تعداد رہتی ہے۔ یہاں کے لوگوں کے لیے عیسائیت صرف مذہب نہیں بلکہ سماجی تبدیلی تعلیم تحریری روایت اور ثقافتی ارتقا بھی ساتھ لائی۔ اسی لیے یہاں کرسمس روحانی اور اجتماعی اخلاص کے ساتھ منایا جاتا ہے۔

شمال مشرق کے دیہات میں کرسمس کی تیاری ہفتوں پہلے شروع ہو جاتی ہے۔ ہر شام گرجا گھروں میں عبادتی موسیقی کے لیے کوائرز کی مشق ہوتی ہے۔ موسیقی یہاں کرسمس کی دھڑکن ہے۔ اگر شمال مشرق نے دنیا کو کچھ دیا ہے تو وہ کرسمس کی موسیقی ہے جو یہاں زندہ وجود بن جاتی ہے۔ نوجوان بزرگوں اور بیماروں کے گھروں پر جاتے ہیں۔ برادریاں پورے محلوں کو صاف اور سجاتی ہیں۔ یہاں کرسمس عوامی تہوار ہے جو تجارت سے وابستہ نہیں۔

ناگالینڈ میں پہاڑی دیہات میں کیرولز اور گٹار کی دھنیں گونجتی ہیں۔ ہر گھر کیرول کے لیے تیار ہوتا ہے جہاں چرچ کے گروپ سرد راتوں میں دروازے دروازے گیت گاتے ہیں۔اسی طرح میگھالیہ میں کرسمس کے موقع پر یورپی طرز کی موسیقی کی روایت نظر آتی ہے۔ شیلانگ جو بھارت کا میوزک کیپیٹل کہلاتا ہے ایک زندہ کنسرٹ اسٹیج میں بدل جاتا ہے۔ یہاں گرجا گھر اور نوجوان گروپ مغربی کلاسیکی روایت کی عکاسی کرتے ہوئے ہم آہنگ کیرولز وائلن اور کی بورڈ کی دھنیں پیش کرتے ہیں۔

میزورم کے ہر خطے میں کرسمس کے دن اپنے اپنے کنسرٹس ہوتے ہیں۔ یہاں کے پروگرام طاقتور کوائرز پر مشتمل ہوتے ہیں جہاں ہزاروں آوازیں ایک دل کی دھڑکن کی طرح یکجا ہو کر گاتی ہیں۔شمال مشرق میں کرسمس کا کھانا محض ریستوران کا مینو نہیں بلکہ قبائلی روایت پر مبنی صدیوں پرانی آہستہ پکی غذا ہے جو سب میں بانٹی جاتی ہے۔

ناگالینڈ میں بانس کی کونپل کے ساتھ بھنا ہوا گوشت خمیر شدہ سویا بین چپچپا چاول اور تازہ جڑی بوٹیاں بڑے لکڑی کے برتنوں میں پوری بستی کے لیے تیار کی جاتی ہیں۔ میزورم میں خاندان کرسمس کے دوران مہمانوں کے لیے گھروں کے دروازے کھلے رکھتے ہیں اور تازہ گوشت کی یخنی سبزیاں اور روایتی چپچپا چاول بائی پیش کرتے ہیں۔ میگھالیہ میں جادو جو بیف پرمبنی ایک بھرپور ڈش ہے اور لکڑی کی آنچ پر بنے چاول کے کیک پیش کیے جاتے ہیں اور ہر گھر مہمانوں کو گرم کھانے اور مسکراہٹ کے ساتھ خوش آمدید کہتا ہے۔ یہ بانٹنا محض عادت نہیں بلکہ ثقافت ہے۔

شمال مشرق میں کرسمس قدرتی حسن کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ یہاں پلاسٹک سجاوٹ کے بجائے جنگل سے لائے گئے صنوبر کے درخت ہاتھ سے بنی بانس کی ستارے شیشے کے جار میں چھوٹی موم بتیاں بچوں کی بنائی ہوئی دستکاری اور رنگ برنگے پھول استعمال ہوتے ہیں۔ گرجا گھر روزانہ خوبصورت روشنیوں سے جگمگاتے ہیں۔یہاں آدھی رات کی عبادت کرسمس کی سب سے اہم رسم ہے۔ یہ اجتماعات ایک بڑے سماجی میلے کا احساس دیتے ہیں جہاں ثقافتی پیشکشیں کیرول مقابلے بائبلی ڈرامے اور نوجوانوں کی قیادت میں جلوس شامل ہوتے ہیں۔ مقامی قبائلی زبان میں خطبات دیے جاتے ہیں۔ بزرگ شال اوڑھ کر آتے ہیں۔ بچے روایتی لباس پہنتے ہیں نوجوان رات گئے تک گیت گاتے ہوئے گلیوں میں نظر آتے ہیں۔

یہاں ایمان سخت یا رسمی نہیں بلکہ خوشی اور گہرے اجتماعی احساس سے بھرا ہوتا ہے۔ کرسمس خریداری کا وقت نہیں بلکہ دینے کی روایت ہے۔ نوجوان یتیم خانوں کا رخ کرتے ہیں۔ گرجا گھر کمبل اور کھانا تقسیم کرتے ہیں۔ پڑوسی گھریلو مٹھائیاں بانٹتے ہیں۔ طلبہ بزرگوں کے گھروں کو سجاتے ہیں۔ یہاں کرسمس کسی برانڈ کا نام نہیں بلکہ وابستگی کا احساس ہے۔برف کے بغیر بھی شمال مشرق میں کرسمس ایک سرمائی پریوں کی کہانی جیسا محسوس ہوتا ہے۔ ٹھنڈی پہاڑی ہوا۔ صنوبر پر ٹھہری دھند۔ خاموش وادیوں پر چمکتے ستارے۔ رات کی خاموشی میں دور سے آتی مدھم دھنیں۔ یہاں ایک ایسا سکون ملتا ہے جو تجارت کے شور سے دور کر کے کرسمس کو خالص بنا دیتا ہے۔

شمال مشرق میں کرسمس بھارت کے سب سے روشن ثقافتی خزانوں میں سے ایک ہے۔ یہ ہمیں سکھاتا ہے کہ تہوار برادری موسیقی سادگی مہربانی اور یکجہتی کا نام ہے۔ ہر روشن گرجا گھر۔ ہر پلیٹ میں رکھا کھانا۔ کھلے آسمان تلے گایا گیا ہر ہم آہنگ گیت یاد دلاتا ہے کہ کرسمس کے دل میں انسانیت ہے۔شمال مشرق میں کرسمس وہ تہوار ہے جہاں ایمان ثقافت سے ملتا ہے۔ روایت محبت سے جڑتی ہے۔ اور نوجوان و بزرگ کی آوازیں مل کر ہم آہنگی کی حمد بن جاتی ہیں۔