بندر بھگانے کے لیے لنگور کی آواز نکال کر پارلیمنٹ کی حفاظت کرتے ہیں اسلم خان

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-08-2026
بندر بھگانے کے لیے لنگور کی آواز نکال کر پارلیمنٹ کی حفاظت کرتے ہیں اسلم خان
بندر بھگانے کے لیے لنگور کی آواز نکال کر پارلیمنٹ کی حفاظت کرتے ہیں اسلم خان

 



نئی دہلی: پارلیمنٹ ہاوس کے اسلم بھائی ۔ یہ کوئی فلمی کردار نہیں بلکہ ایوان کے باہر منڈلاتے بندروں کو دوڑانے اور بھگانے کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں ۔ ان کی منھ سے لنگور کی ایسی آواز نکلتی ہے جسے سننے کے بعد جارح اور مشتعل بندر بھی دم دبا کر بھاگنے لگتے ہیں ۔ ان کا مقصد پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران بندروں کو ایوان کے احاطے سے دور رکھنا ہے تاکہ ممبران پارلیمنٹ ان کے عتاب سے محفوظ رہ سکیں

پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں بندروں کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور ان کی شرارتوں پر قابو پانے کے لیے یہ  ایک منفرد طریقہ اختیار کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے اسلم خان کو خصوصی ملازم کے طور پر تعینات کیا گیا ہے جو اپنے منہ سے لنگور کی آواز نکالتے ہیں تاکہ بندر خوف زدہ ہو کر وہاں سے بھاگ جائیں۔اسلم خان روزانہ پارلیمنٹ ہاؤس کے مختلف حصوں میں گشت کرتے ہیں اور وقتاً فوقتاً لنگور کی آواز نکال کر بندروں کو دور رکھتے ہیں۔ ان کی ذمہ داری پارلیمنٹ آنے والے افراد کی حفاظت کے ساتھ ساتھ احاطے میں موجود درختوں اور پودوں کو بندروں کے نقصان سے بچانا بھی ہے۔

ایک گفتگو کے دوران اسلم خان نے بتایا کہ پارلیمنٹ کے احاطے میں تقریباً 500 سے 1000 بندر موجود ہیں۔ ان کے مطابق یہ بندر نہ صرف لوگوں کو پریشان کرتے ہیں بلکہ درختوں اور پودوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ اسی لیے مخصوص انداز میں لنگور کی آواز نکال کر انہیں وہاں سے بھگایا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں بندروں کو قابو میں رکھنے کے لیے چار افراد تعینات کیے گئے ہیں جن میں وہ بھی شامل ہیں۔ یہ ملازمین مختلف طریقوں سے بندروں کو دور رکھنے کا کام انجام دیتے ہیں۔ اسلم خان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھی نہایت سادہ انداز میں اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 25 برس سے بندروں کو بھگانے کا کام کر رہے ہیں اور اسی روزگار سے اپنے خاندان کی کفالت کرتے ہیں۔

لنگور کا استعمال بند 

 اسلم خان نے بتایا کہ ماضی میں بندروں کو بھگانے کے لیے حقیقی لنگور استعمال کیے جاتے تھے۔ لنگور عام گھریلو غذا، جیسے روٹی اور سبزی کھا لیتا تھا اور اس پر کوئی خاص خرچ نہیں آتا تھا۔ بعد میں جنگلی جانوروں کے استعمال پر پابندی لگنے کے بعد یہ طریقہ ختم ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ اب وہ خود اپنے منہ سے لنگور کی آواز نکالتے ہیں۔ مسلسل برسوں تک یہ کام کرتے کرتے انہیں اس کی عادت ہو گئی ہے اور وہ قدرتی انداز میں یہ آواز نکال لیتے ہیں، جس سے بندر خوف زدہ ہو کر وہاں سے بھاگ جاتے ہیں۔

 دراصل پارلیمنٹ سکیورٹی سروس کی جانب سے جاری ایک سرکلر میں بھی اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ پارلیمنٹ کے احاطے میں اکثر بندر دیکھے جاتے ہیں۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ بعض ملازمین کھانے پینے کی بچی ہوئی اشیا کو کوڑے دان کے بجائے کھلے مقامات پر پھینک دیتے ہیں جس کی وجہ سے بندروں کے علاوہ بلیاں اور چوہے بھی اس جانب متوجہ ہوتے ہیں۔اسی صورتحال کے پیش نظر پارلیمنٹ سکیورٹی سروس نے بندروں کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے ایک ٹیم  کو تعینات کیا ہے جن میں اسلم خان بھی شامل ہیں۔

 اسلم کے مطابق اس مشن میں  وہ اکیلے نہیں بلکہ آٹھ افراد پر مشتمل ایک ٹیم کا حصہ ہیں، جو مختلف سرکاری مقامات پر بندروں کو بھگانے کی ذمہ داری انجام دیتی ہے۔ یہ تمام افراد ایک ٹھیکیدار کے تحت کام کرتے ہیں اور انہیں اسی کے ذریعے تنخواہ ادا کی جاتی ہے۔ پہلے بندروں کو بھگانے کے لیے حقیقی لنگور رکھے جاتے تھے لیکن اس پر پابندی عائد ہونے کے بعد انسانی طریقہ اختیار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب انہیں معاہدے کی بنیاد پر پارلیمنٹ میں بندروں کو بھگانے کے لیے رکھا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ صرف لنگور کی آواز ہی نہیں نکالتے بلکہ دیگر طریقے بھی استعمال کرتے ہیں تاکہ بندر پارلیمنٹ کے احاطے سے دور رہیں۔ ان کے مطابق بندروں کو بھگانے کے لیے تعینات عملہ دو زمروں میں تقسیم ہے جن میں ایک تربیت یافتہ اور دوسرا غیر تربیت یافتہ عملہ شامل ہے۔

اسلم خان نے بتایا کہ انہیں بندروں کو بھگانے کا 15 سے 20 سال کا تجربہ حاصل ہے۔ پارلیمنٹ میں آنے سے پہلے وہ تیس ہزارہ عدالت کے احاطے میں بھی یہی ذمہ داری انجام دے چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ کنٹریکٹ پر ملازمت کر رہے ہیں اور انہیں تقریباً 18000 روپے ماہانہ تنخواہ ملتی ہے۔ وہ پورے پارلیمنٹ ہاؤس اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مسلسل گشت کرتے رہتے ہیں اور لنگور کی آواز نکال کر بندروں کو دور بھگاتے ہیں۔پارلیمنٹ کے احاطے میں کئی مقامات پر کھانے پینے کی کینٹینیں موجود ہیں جہاں بندر اکثر لوگوں سے کھانا چھیننے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسلم خان ایسے مقامات پر مسلسل موجود رہتے ہیں اور اپنی منفرد آواز کے ذریعے بندروں کو بھگا کر لوگوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں۔