آواز دی وائس :شادی زندگی کا ایک نیا آغاز ہوتی ہے۔ لوگ اس موقع پر اپنے مہمانوں کو مٹھائیاں یا چھوٹے تحفے دیتے ہیں۔ مگر کیرالہ کے ضلع تروننت پورم کے قریب پالوڈ کے ایک مسلم جوڑے نے اپنی شادی کو ایک منفرد رنگ دیا۔ جابر الحسن اور آسیہ نہ صرف ایک دوسرے سے بندھن میں بندھے بلکہ انہوں نے اپنے نکاح کو دستورِ ہند کی روشنی میں منانے کا عزم کیا۔
نکاح میں دستور کا تحفہ
اس جوڑے نے اپنی شادی میں آنے والے ہر مہمان کو ایک انوکھا تحفہ دیا۔ یہ تحفہ تھا ہندوستانی دستور کی ایک کاپی۔ یہی نہیں بلکہ جابر الحسن اور آسیہ نے ایک دوسرے کو بھی دستور کی کاپی پیش کی۔ اس تقریب میں دستور کی تمہید بھی نمایاں طور پر آویزاں کی گئی تھی۔
نکاح کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کو دستور پیش کرتے ہوئے اس کے پیغام پر مبنی عہد پڑھا۔ تقریب کا اختتام قومی ترانہ پیش کر کے کیا گیا۔
“ہماری کوشش بیداری پیدا کرنا ہے”
جابر الحسن پہلے بھی دستور بیداری کے منصوبے سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ وہ کولم ضلع پنچایت کے تحت چلنے والے ’جامع دستور خواندگی منصوبہ‘ کے رکن تھے۔ اسی منصوبے سے متاثر ہو کر انہوں نے عام لوگوں میں دستور کی اہمیت اجاگر کرنے کا بیڑا اٹھایا۔
جابر اس وقت ’کانسٹی ٹیوشن لٹریسی کونسل‘ نامی غیر سرکاری تنظیم کے خزانچی ہیں۔ سال 2022 میں انہیں دستور خواندگی منصوبے کے ’سینیٹر‘ کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔ انہوں نے مختلف کالجوں میں مذاکرے کیے۔ عام لوگوں کے لیے کلاسیں چلائیں۔ طلبہ میں دستور کی آگہی کے پروگرام منعقد کیے۔
ایک گفتگو میں انہوں نے کہاہماری کوشش ہے کہ لوگوں میں بیداری پیدا ہو۔ ہم چاہتے ہیں کہ دستور کی قدریں صرف کتابوں میں نہیں بلکہ گھروں اور خاندانوں میں جگہ پائیں۔ میری شریکِ حیات آسیہ بھی اس خیال سے متفق تھیں۔ جیسے ہی میں نے تجویز رکھی تو انہوں نے فوراً ہاں کر دی۔ ہمارے گھر والوں نے بھی بھرپور حمایت کی۔

“دستور کی حفاظت ہر ہندوستانی کا فرض ہے”
دلہن آسیہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق
آج کے دور میں دستور کی حفاظت ہر ہندوستانی کی ذمہ داری ہے۔ اسی لیے ہم نے فیصلہ کیا کہ اپنی زندگی کے اس اہم ترین دن کا آغاز دستور کے تحفے سے کریں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری شادی ایک مثال بنے۔
مہمانوں کا ردِ عمل
شادی میں شریک مہمانوں نے بھی اس منفرد خیال کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بہتر سماج اسی وقت وجود میں آ سکتا ہے جب دستور کی قدریں عام زندگی کا حصہ بن جائیں۔
ایک مہمان نے کہا
ہم نے دستور کی تمہید دروازے پر آویزاں کی اور ہر مہمان کو ایک کتابچہ دیا جس میں بنیادی قدریں لکھی تھیں۔ یہ واقعی ایک قابلِ تقلید قدم ہے۔
نئی روایت کا آغاز
ان کے گروپ کے ایک رکن نے بتایا کہ شاید یہ پہلا موقع ہے جب کسی شادی میں دستور کی کاپی بطور تحفہ پیش کی گئی۔
ان کے مطابق
دو سال پہلے ہمارے گروپ کے ایک اور رکن نے بھی اسی طرز کی شادی کی تھی۔ ہمیں خوشی ہے کہ اب ہمارا دوسرا دوست اس روایت کو آگے بڑھا رہا ہے۔
دستور سے جڑا محبت کا پیغام
جابر الحسن اور آسیہ کی یہ شادی نہ صرف ان کی ذاتی خوشی کی علامت تھی بلکہ ایک سماجی پیغام بھی۔ انہوں نے یہ باور کرایا کہ دستور صرف حکومتی دستاویز نہیں بلکہ انسانی قدروں کا آئینہ ہے۔ اگر خاندان دستور کی روح کو اپنائیں تو معاشرہ زیادہ مضبوط، منصفانہ اور پرامن بن سکتا ہے۔