جلگاؤں :یاول شہر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک دل کو چھو لینے والی مثال سامنے آئی ہے جہاں ایک ہندو خاندان نے اپنے مسلم محافظ اور گھر کے فرد کی طرح زندگی گزارنے والے بزرگ کی نماز جنازہ اپنے ہی گھر سے روانہ کی۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سیاست میں ذات پات اور مذہب کے نام پر الزامات اور تقسیم کی کوششیں عروج پر ہیں۔ اس واقعے نے ثابت کیا کہ انسانیت سب سے بڑا مذہب ہے۔
قیوم خان نور خان جنہیں دیوڑے سونار خاندان پیار سے خان بابا کہتا تھا بیس برس کی عمر میں اشوک دیوڑے سونار کے ساتھ سنار کے کاریگر کے طور پر کام کرنے آئے تھے۔ اس کے بعد مسلسل 80 برس تک وہ اسی گھر کا حصہ بنے رہے۔ آہستہ آہستہ مالک اور ملازم کا رشتہ ختم ہو گیا اور خان بابا اس خاندان کے ستون بن گئے۔ 100 برس کی عمر تک انہوں نے بے مثال وفاداری اور دیانت کے ساتھ اس خاندان سے ایسا رشتہ قائم رکھا جو خون کے رشتوں سے بھی بڑھ کر تھا۔
.webp)
خان بابا کا انتقال بڑھاپے کے سبب ہوا۔ خبر ملتے ہی دیوڑے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ پونے اور ممبئی میں تعلیم اور روزگار کے سلسلے میں مقیم بچوں اور دامادوں نے فوراً یاول پہنچ کر اپنے محبوب بابا کو آخری وداع دی۔ اگرچہ خان بابا کا اصل خاندان قاضی پورہ علاقے میں رہتا تھا اور ان کے بھتیجے صادق خان اور ذاکر خان جنازے کی تیاری کر رہے تھے مگر دیوڑے خاندان نے ایک جذباتی درخواست پیش کی۔
اشوک دیوڑے جیوتی دیوڑے اور رشی دیوڑے نے خان خاندان سے کہا کہ چونکہ بابا نے اپنی پوری زندگی ان کے گھر میں گزاری ہے اس لیے ان کی آخری رسومات اور جنازہ ان کے ہی گھر سے شروع ہونا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی درخواست کی کہ ایک دن کی مہلت دی جائے تاکہ پونے اور ممبئی سے آنے والے اہل خانہ آخری دیدار کر سکیîں۔ خان خاندان نے اس محبت کا احترام کیا اور بدھ کی صبح اسلامی طریقے کے مطابق ایک ہندو گھر کی دہلیز سے خان بابا کا جنازہ روانہ ہوا۔
.webp)
اس منظر نے وہاں موجود ہر شخص کی آنکھیں نم کر دیں۔ سونار خاندان کے افراد نے کندھا دے کر تابوت اٹھایا اور قبرستان میں تدفین کے عمل میں پیش قدمی کی۔ اس کے ساتھ ساتھ ہندو خاندان نے اسلامی روایت کے مطابق سپرد خاک کی رسم بھی ادا کی۔
آج کے دور میں جب مذہب کے نام پر دیواریں کھڑی کی جا رہی ہیں یاول کا یہ واقعہ ثابت کرتا ہے کہ انسانیت کا مذہب سب سے برتر ہے۔ 80 برس کی خدمت اور 100 برس کی زندگی کا یہ سفر اگرچہ ایک ہندو گھر کے آنگن سے ختم ہوا مگر قومی یکجہتی کی ایک لازوال مثال چھوڑ گیا۔