این ایس اے اجیت ڈوبھال: ہندوستان کے فیصلہ کن انسداد دہشت گردی نظام کے معمار

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-05-2025
این ایس اے اجیت ڈوبھال: ہندوستان کے فیصلہ کن انسداد دہشت گردی نظام کے معمار
این ایس اے اجیت ڈوبھال: ہندوستان کے فیصلہ کن انسداد دہشت گردی نظام کے معمار

 



تحریر: اریترا بنرجی

22 اپریل 2025 کو پہلگام میں ہونے والے ہولناک دہشت گرد حملے، جس میں 25 ہندوستان ی اور ایک نیپالی شہری شہید ہوئے، نے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کا تقاضا کیا۔ نئی دہلی کا جواب "آپریشن سیندور " کی صورت میں سامنے آیا—ایک نہایت منظم حملہ جو پاکستانی سرزمین میں گہرائی تک کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر کے ہندوستان کی حکمت عملی، منصوبہ بندی، اور قومی سلامتی کے مشیر (NSA) اجیت ڈوبھال کی فیصلہ کن قیادت کو نمایاں کیا گیا، جو ہندوستان کے جدید انسداد دہشت گردی فریم ورک کے اصل معمار ہیں۔ڈوبھال کا قومی سلامتی کا نقطۂ نظر ان کی دہائیوں پر محیط انٹیلی جنس تجربے پر مبنی ہے، جو پنجاب میں علیحدگی پسندی، کشمیر میں خفیہ آپریشنز، اور 1999 کے قندھار طیارہ اغوا جیسے بحرانوں سے نمٹنے کے دوران پروان چڑھا۔ ان کی حکمت عملی، جسے "جارحانہ دفاع" (Offensive Defence) کے نام سے جانا جاتا ہے، پیشگی اقدامات، ہدفی کارروائیوں، اور ایٹمی حد سے نیچے رہتے ہوئے فیصلہ کن جوابی حملوں کو ترجیح دیتی ہے۔ یہی حکمت عملی "آپریشن سیندور " کی منصوبہ بندی میں مرکزی حیثیت رکھتی تھی، جس کی بدولت دہشت گردی کے ٹھکانوں پر درست نشانہ لگایا گیا۔

"آپریشن سیندور " کی کامیابی اتفاقیہ نہ تھی۔ اس سے قبل مفصل انٹیلی جنس تیاری کی گئی، جس میں دہشت گرد کیمپوں کی ترتیب، ڈھانچوں، زمینوں اور نقشوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا—خصوصاً سوائی نالہ، مریدکے، اور بہاولپور میں۔ یہ تیاری ڈوبھال کے اس اصول کی عکاسی کرتی ہے کہ قابلِ عمل انٹیلی جنس کسی بھی اسٹریٹجک کامیابی اور عسکری کارروائی کی بنیاد ہونی چاہیے۔

اس کارروائی کے دوران کئی اہم دہشت گرد لیڈران کو ختم کیا گیا، جن میں مریدکے میں لشکرِ طیبہ کا ذمہ دار مدثر خڈیان خاص، بہاولپور میں جیشِ محمد کا مرکزی حکمت عملی ساز حافظ محمد جمیل، اور افغانستان سے اسلحہ اسمگل کرنے والا خالد ابو عکاشہ شامل ہیں۔ ایسے اعلیٰ قیمت اہداف کو ان کے مراکز پر نشانہ بنانا ڈوبھال کے اس نظریے کی عملی تعبیر ہے کہ دہشت گردی کے خیالات پر نہیں بلکہ ان کے عملی مظاہر اور انفراسٹرکچر پر کاری ضرب لگائی جائے۔

"آپریشن سیندور " کے اثرات محض جنگی میدان تک محدود نہ رہے۔ اس کارروائی نے پاکستان کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے سول-فوجی گٹھ جوڑ کو بے نقاب کر دیا۔ پاکستانی افواج کے اعلیٰ افسران، بشمول کور کمانڈر IVکور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ، جی او سی 11 انفنٹری ڈویژن میجر جنرل راؤ عمران سرتاج، اور پنجاب کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر عثمان انور، مریدکے میں مارے گئے دہشت گردوں کے جنازوں میں کھلے عام شریک ہوئے۔ یہ حقیقت عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے اور اسے سفارتی طور پر الگ تھلگ کرنے کے ڈوبھال کے وژن سے پوری مطابقت رکھتی ہے۔

آپریشن کے بعد کی تیاری—جو کہ ڈوبھال کی مدتِ کار کا امتیازی پہلو ہے—نے ہندوستان کی دفاعی حکمت عملی میں پیدا ہونے والی تبدیلی کو مزید نمایاں کیا۔ آپریشن کے فوراً بعد ہندوستان ی افواج نے رام نگر، نوشہرہ، اور میراں صاحب میں پاکستانی ڈرونز کی دراندازی کو بروقت ناکام بنایا۔ یہ حقیقی وقت میں ہونے والی کارروائیاں ڈوبھال کی دیرینہ زور دہی کا نتیجہ ہیں، جنہوں نے ڈرون اور نگرانی کی صلاحیتوں کو سرحدی سلامتی کے لیے ناگزیر قرار دیا تھا۔

ادارہ جاتی طور پر، ڈوبھال کے دور میں قومی سلامتی کونسل سیکریٹریٹ (NSCS) کو غیر معمولی تقویت ملی۔ 2019 میں اسے قانونی اختیار اور کابینہ سطح پر اثر و رسوخ حاصل ہوا، جس سے یہ ہندوستان کا اسٹریٹجک اعصابی مرکز بن گیا۔ ان کی حکمت عملی نے تجربہ کار اور نوجوان ماہرین کو شامل کر کے تسلسل اور جدت کو یقینی بنایا، جن میں ہندوستان کے پہلے ایڈیشنل NSAراجندر کھنہ اور نائب NSAٹی وی روی چندرن اور پون کپور شامل ہیں۔

"آپریشن سیندور " نے اس امر کو بھی واضح کر دیا کہ ڈوبھال مختلف سلامتی پہلوؤں کو یکجا کر کے ایک مربوط اور موثر کارروائی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دفاعی منصوبہ بندی کمیٹی (DPC) میں ان کی قیادت نے مختلف ایجنسیوں کے مابین رابطہ کاری کو بہتر بنایا، جس کی بدولت بدلتے ہوئے خطرات کے مقابلے میں فوری اور موثر ردعمل ممکن ہوا۔ یہ ہم آہنگی ہندوستان کو پاکستان اور چین جیسے دو محاذوں سے بیک وقت نمٹنے کی بہتر تیاری دیتی ہے۔

اجیت ڈوبھال کی اسٹریٹجک بصیرت اور عملی مہارت—جس کا بھرپور مظاہرہ "آپریشن سیندور " میں ہوا—نے نہ صرف ہندوستان کی موجودہ سلامتی کو مضبوط کیا بلکہ مستقبل کے لیے ایک پائیدار دفاعی خاکہ بھی وضع کر دیا۔ بدلتے خطرات کے درمیان، ہندوستان آج زیادہ پرعزم اور محفوظ ہے، اور یہ سب ممکن ہوا اجیت ڈوبھال کی دور اندیشی، حکمت عملی کی وضاحت، اور تفصیلی منصوبہ بندی کی بدولت، جو بلاشبہ ہندوستان کے سب سے نمایاں سلامتی معمار ہیں۔

اریترہ بنرجی دفاع، خارجہ امور، اور ایروسپیس کے صحافی اور کتاب "The Indian Navy @75: Reminiscing the Voyage" کے شریک مصنف ہیں۔ انہوں نے ٹی وی، پرنٹ، اور ڈیجیٹل میڈیا میں کام کیا ہے اور قومی و بین الاقوامی اشاعتوں میں اسٹریٹجک امور پر کالم لکھے ہیں۔ ان کی صحافتی سرگرمیوں میں یورپ میں سیکیورٹی اور ہوا بازی کے اہم ایونٹس کی کوریج اور کشمیر جیسے تنازع زدہ علاقوں کا دورہ شامل ہے۔