کشمیر: منظور وانگو نے کردیا جڑواں جھیلوں کو دوبارہ زندہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-07-2025
کشمیر:  منظور وانگو نے کردیا جڑواں جھیلوں کو دوبارہ زندہ
کشمیر: منظور وانگو نے کردیا جڑواں جھیلوں کو دوبارہ زندہ

 



احسان فضلی / سرینگر

سرینگرکی تقریباً مردہ ہو چکی خوشال سر- گل سر جڑواں جھیلوں کی صفائی کے لیے تین سالہ مسلسل جدوجہد  رنگ لائی ہے،معروف تاجر سے ماہرِ ماحولیات بننے والے منظور احمد وانگو نے کی قیادت میں اس مہم نے دو مردہ جھیلوں کو زندہ کردیا ہے ۔"مشن احساس" کے نام سے جاری اس صفائی مہم کو نگین لیک کنزرویشن آرگنائزیشن (این ایل سی او) نے انجام دیا، جو وانگو نے قائم کی تھی۔ اس کے تحت جھیلوں سے تقریباً 5000 ٹرک کیچڑ اور کچرا نکالا گیا۔ تین ماہ قبل این ایل سی او نے یہ جھیلیں فخر کے ساتھ جے اینڈ کے لیک کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (ایل سی اینڈ ایم اے) کے سپرد کر دیں۔

وانگو کو توقع ہے کہ جھیل اتھارٹی اب ان جھیلوں کی دیکھ بھال اور تحفظ کو یقینی بنائے گی، جو وادی کے صحت مند قدرتی ماحولیاتی نظام کے لیے نہایت اہم ہیں۔وانگو کا پہلا بڑا پراجیکٹ نگین جھیل کی بحالی تھا، جو 20 سال قبل غیر ملکی اور امیر سیاحوں کے ہاؤس بوٹس میں قیام کی پسندیدہ جگہ ہوا کرتی تھی۔

منظور احمد وانگو، چیئرمین این ایل سی او نے کہا کہ مشن احساس کے تحت ان آبی ذخائر نے بے مثال بحالی کا تجربہ کیا۔ یہ محض جھیل کی صفائی نہیں تھی بلکہ سرینگر کے لوگوں کو ان کے کھوئے ہوئے ورثے سے دوبارہ جوڑنے کی کوشش تھی۔انہوں نے کہا کہ تین سال سے زائد عرصے تک کیچڑ اور ٹھوس کچرے کو ہٹانے سے ان جھیلوں کو دوبارہ حاصل کرنا ممکن ہوا۔وانگو کا کہنا ہے کہ اگر جے اینڈ کے لیک اتھارٹی مناسب دیکھ بھال، حدود کا تعین اور مزید حفاظتی اقدامات کرے تو یہ جڑواں جھیلیں سیاحوں کے لیے نئی دلکش مقامات بن سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ جھیلیں دم توڑ رہی تھیں اور کوڑا کرکٹ اور آلودگی کا ڈھیر بن چکی تھیں، جبکہ انتظامیہ نے آنکھیں بند کر رکھی تھیں اور تجاوزات بڑھتی چلی جا رہی تھیں۔تقریباً 35 برسوں تک زمین مافیا نے ان جھیلوں پر بے روک ٹوک قبضے کیے اور ان کی مکمل نظر اندازی کی گئی۔ ان کی بحالی سے سرینگر سے گاندر بل (مانسبل جھیل) اور شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ میں ولر جھیل تک آبی نقل و حمل کے رابطے کو بھی نئی زندگی ملی ہے۔

وانگو کا مشن صرف نگین جھیل (2002) یا حالیہ خوشال سر-گل سر تک محدود نہیں۔ انہوں نے اب تک سرینگر اور گاندر بل ضلع کے آس پاس کم از کم 12 قدرتی چشمے بحال کیے ہیں اور حال ہی میں اننت ناگ ضلع کے بیج بہاڑہ تک اپنے کام کو وسعت دی ہے۔این ایل سی او نے 2005 میں شمالی کشمیر کے اوڑی اور ٹنگڈار علاقوں میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں کی بازآبادکاری اور 2014 کے سیلاب کے بعد سرینگر کے آبی ذخائر کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

وانگو نے آواز۔ دی وائس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سرینگر اور گاندر بل میں 12 بند چشمے بحال کر دیے ہیں جبکہ بیج بہاڑہ میں ایک اور چشمے پر کام جاری ہے۔ گاندر بل میں بحال شدہ چار چشموں کا پانی لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد پینے کے قابل قرار دیا گیا۔اس سے قبل انتظامیہ نے ان چشموں کے پانی کے استعمال پر پابندی لگا رکھی تھی۔وانگو نے بتایا کہ مشن احساس کے تحت جاری کام میں بیج بہاڑہ کے جابلی پورہ چشمے کی بحالی بھی شامل ہے۔

جب ہم نے یہاں کام شروع کیا تو فوراً اندازہ ہوگیا کہ یہ محض بحالی نہیں بلکہ ایک ریسکیو آپریشن ہے۔ برسوں کی لاپرواہی نے اس کی بنیاد تک کو کھوکھلا کر دیا تھا۔ ہم اپنی استطاعت کے مطابق کر رہے ہیں لیکن دیرپا بحالی کے لیے ادارہ جاتی تعاون ضروری ہے۔ یہ چشمہ ایک بار مکمل بحال ہو جائے تو نسلوں کی پیاس بجھا سکتا ہے اور مقامی پانی کی قلت کو دور کر سکتا ہے۔"

انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ ان کی اس تحریک کو قومی سطح پر پذیرائی ملی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 27 فروری 2022 کو من کی بات" میں خوشال سر-گل سر جھیلوں کی بحالی کی کوششوں کی تعریف کی۔وانگو نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے شکریے کا بھی ذکر کیا جنہوں نے "عوام کی آواز" خطاب میں اس مہم کی تعریف کی اور گزشتہ سال عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر مشن احساس کے مرحلہ چہارم کا افتتاح کیا۔

کشمیر کی مرتی ہوئی جھیلوں کو دوبارہ زندگی دینے کی کوششوں کے اعتراف میں منظور وانگو کو کئی اعزازات سے نوازا گیا۔ حالیہ اعزازات میں "انوائرمنٹل اسٹیورڈشپ ایوارڈ" شامل ہے جو حیدرآباد میں شاہین گروپ کی کانوکیشن اور پرسنلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام میں 2 جون کو پیش کیا گیا، جس میں انہیں "ماحول کے گرین ایمبیسیڈر" کے طور پر سراہا گیا۔

اس موقع پر بطور مہمان خصوصی وانگو نے کہاکہ یہ کوئی ایوارڈ نہیں، بلکہ ایک پیغام ہے کہ ہمیں اپنا کام جاری رکھنا ہے۔انہیں 14 جون کو سری نگر میں انڈیا ٹریول ایجنٹس فیڈریشن (TAFI) کی جانب سے "گرین ایمبیسیڈر آف کشمیر" کا اعزاز بھی دیا گیا۔