عارف الاسلام / گوہاٹی
آسامی عوام ایک مہینے سے اپنے محبوب فنکار زوبین گرگ کے بغیر ہیں۔ ان کے انتقال کے بعد سے ریاست کے مختلف حصوں میں لوگ اپنے طور پر خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں اور یادگاری تقاریب منعقد کر رہے ہیں۔ انہی میں سے ایک معروف مجسمہ ساز نورالدین احمد ہیں، جنہوں نے اپنے انداز میں زوبین گرگ سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرنے کا انوکھا طریقہ چنا۔ سنگیت نٹک اکیڈمی ایوارڈ یافتہ احمد نے زوبین گرگ کا مکمل قد کاٹھ کا مجسمہ بنا کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ آرٹ ڈائریکٹر اور مجسمہ ساز نورالدین احمد نے یہ پورا مجسمہ اپنی ذاتی رقم سے تیار کیا۔
ایسے بڑے مجسمے عام طور پر لاکھوں روپے کے خرچ سے بنائے جاتے ہیں، مگر نورالدین احمد نے زوبین گرگ سے اپنی بے پناہ محبت کے باعث یہ مجسمہ اپنے خرچ پر صرف 18 دنوں میں مکمل کیا۔ انہوں نے خود کو یہ مختصر مدت دی تاکہ زوبین گرگ کے انتقال کو ایک ماہ مکمل ہونے پر 19 اکتوبر کو انہیں اپنے انداز میں خراجِ عقیدت پیش کر سکیں۔
زوبین گرگ کا یہ مجسمہ اپنی نوعیت کا پہلا ہے۔ "ہمِنگ کنگ" کہلانے والے گلوکار کے اس مکمل قد کے مجسمے کی نقاب کشائی 19 اکتوبر کو کہلی پارہ کے فرانزک سائنس لیبارٹری میدان میں ان کے مہینے بھر کے "شرادھ" یعنی یادگاری موقع پر کی گئی

آواز دی وائس سے بات کرتے ہوئے نورالدین احمد نے کہا کہ میں نے یہ اپنے خرچ پر بنایا۔ زوبین اور میں ایک ہی علاقے کے رہنے والے ہیں، ہم ساتھ پلے بڑھے۔ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ زندگی میں زوبین گرگ کا مجسمہ بنانا پڑے گا۔ وہ مجھ سے کافی چھوٹے تھے اور ہمیشہ مجھے بڑے بھائی کہہ کر بلاتے تھے۔ چونکہ ہمارے علاقے کہلی پارہ میں سب مذاہب اور برادریوں کے لوگ ساتھ رہتے ہیں، اس لیے ہم نے ان کی روح کے لیے مشترکہ مذہبی دعا کا اہتمام کیا۔"
انہوں نے بتایا کہ: "میں نے اپنے بڑے بیٹے سے مشورہ کیا اور ہم نے طے کیا کہ زوبین کا مجسمہ بنائیں۔ 3 اکتوبر سے کام شروع کیا اور 18 دن میں مکمل کر لیا۔ میں نے زوبین سے بہت محبت کی، اس لیے یہ مجسمہ اپنے خرچ پر بنایا۔ اب میں اسے زوبین کی اہلیہ گارما سائیکیا گرگ کو تحفے میں دوں گا۔"نورالدین احمد نے یہ بھی کہا کہ وہ گارما گرگ سے گزارش کریں گے کہ وہ مجسمے کو کسی عوامی مقام پر نصب کرائیں، لیکن کسی سرکاری عمارت میں نہیں۔
ایسے مجسمے عام طور پر دو سے ڈھائی لاکھ روپے میں بنتے ہیں، لیکن احمد نے اس خرچ کی پرواہ کیے بغیر مسلسل کام جاری رکھا۔ عام طور پر وہ ایسے مجسمے بنانے میں ایک سے ڈیڑھ مہینہ لیتے ہیں۔ زوبین گرگ کے اس مجسمے کو انہوں نے فائبر گلاس اور ماربل کے ذرات سے تیار کیا۔
کہلی پارہ کے ایک مقامی شخص دھروجوٹی شرما نے بتایا
"ہمارے پیارے چچا نورالدین احمد کی کوششوں سے یہ مجسمہ تیار ہوا۔ زوبین گرگ کا مجسمہ ان کی برسی کے موقع پر سب لوگوں کی موجودگی میں نقاب کشا ہوا۔ ہم سب غم میں ہیں، مگر ساتھ ہی نورالدین احمد کے مشکور بھی ہیں جنہوں نے اپنے ہاتھوں سے زوبین گرگ کی اتنی خوبصورت یادگار تخلیق کی۔ نقاب کشائی کے موقع پر ہزاروں لوگ موجود تھے۔ ہم خراج پیش کر رہے ہیں لیکن یہ بھی چاہتے ہیں کہ زوبین کو انصاف ضرور ملے۔
.webp)
یہ مجسمہ زوبین گرگ کے قریبی ساتھی کھاگن گوگوئی نے نقاب کشا کیا، جو "توکاری گیت" (نیواشنیوی روایت کا ایک لوک گیت) کے معروف گلوکار ہیں۔ زوبین نے انہیں اپنا بڑا بھائی مانا تھا۔ مجسمے میں زوبین ایک ہاتھ میں گٹار، دوسرے میں مائیک لیے ہوئے ہیں، اور ان کے سر پر گاموچھا بندھا ہے ، جیسے وہ ہمیشہ اسٹیج پر دکھائی دیتے تھے۔
تقریب کے دوران موسیقار سادانندا گوگوئی نے کہا کہ زوبین گرگ ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ ان کا یوں اچانک چلے جانا آسام کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ ایسے فنکار صدیوں میں ایک بار پیدا ہوتے ہیں۔اس موقع پر سینئر اداکار پرنجل سائیکیا، موسیقار ڈاکٹر ہیتیش بروا اور کہلی پارہ کے کئی معزز شہری بھی موجود تھے۔یادگاری تقریب میں تمام مذاہب کے ماننے والوں نے اجتماعی دعاؤں میں حصہ لیا۔ بھگوت پاتھ، قرآن خوانی، گرو گرنتھ صاحب اور بائبل کی تلاوت کے ساتھ ساتھ دیہنام، گیان بیان، برگیٹ، زِکِر اور خواتین کی جانب سے خصوصی دیہنام پیش کیا گیا۔
آخر میں فضا میں شَنگ کی آواز گونج اٹھی اور زوبین گرگ کا مشہور نغمہ "مایابنی راتیر بوکوت..." اجتماعی طور پر گایا گیا۔ شام ڈھلے لوگوں نے اپنے گھروں اور دکانوں کے باہر دیا روشن کیے تاکہ اپنے محبوب فنکار کو خراجِ عقیدت پیش کر سکیں۔یہ تقریب "شرادھانجلی – زوبین کوآرڈینیشن کمیٹی" کے ڈاکٹر راجندرناتھ کھونڈ، ہرنیہ کمار بورا، نورالدین احمد اور دھرمیشور پھوکن کی رہنمائی میں منعقد ہوئی۔