انتولے سے پنٹو تک؛ جب اقلیتیں بھی سب کی رہنما تھیں

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-11-2025
انتولے سے پنٹو تک؛ جب اقلیتیں بھی سب کی رہنما تھیں
انتولے سے پنٹو تک؛ جب اقلیتیں بھی سب کی رہنما تھیں

 



کامل پرکھے

ہندوستان کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، ممبئی کے دادا بھائی نوروجی، بدرالدین طیب جی، سر فیروز شاہ مہتا، ممبئی کے سابق میئر اور مہاراشٹر کے وزیر صحت ڈاکٹر لیون ڈیسوزا، ممبئی کے ایم ایل اے ایف ایم پنٹو، ممبئی کے لوک سبھا کے سابق رکن جارج فرنینڈس، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ عبدالرحمان انٹولے، وسائی کے سابق ایم ایل اے راجپال سنگھ، پونے کے سابق ایم ایل اے جی ڈی سوزا اور راجدھانی کے معروف سماجی رہنما علی راجپوت نے اپنے اپنے ادوار میں سیاست میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان سب میں ایک بات مشترک تھی۔

یہ سب اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے کے باوجود عوام، یعنی اکثریتی سماج، کی نمائندگی کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے تھے۔ اس زمانے میں ان کی ذات یا مذہب ان کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنتی تھی۔ کانگریس کے دورِ اقتدار میں اقلیتی برادری کے لوگوں کو اکثر پورے سماج کی نمائندگی کا موقع دیا جاتا تھا، خواہ علامتی طور پر ہی سہی۔ ایسے فیصلوں کے ذریعے معاشرے کو ایک مثبت اور جامع پیغام پہنچایا جاتا تھا۔

مہاراشٹر میں شیو سینا اور بی جے پی کی مخلوط حکومت کے دور میں شیو سینا کے صابر شیخ، وزیر اعلیٰ منوہر جوشی اور نارائن رانے کی کابینہ میں وزیر رہے۔ یہ فیصلہ بلاشبہ شیو سینا کے بانی بال ٹھاکرے کا تھا۔ تاہم بعد کے برسوں میں بی جے پی-شیو سینا کی کابینہ میں پہلی مرتبہ ریاست کی تاریخ میں مسلم برادری کو مکمل طور پر کابینہ سے باہر رکھا گیا۔

آج ایک عیسائی کے لیے ریاستی کابینہ میں شامل ہونے کا امکان تقریباً ختم ہو چکا ہے، اسمبلی کے لیے منتخب ہونا تو دور کی بات ہے۔ میرا-بھائیندر کے سابق ایم ایل اے گلبرٹ مینڈونسا، جن کا حال ہی میں انتقال ہوا، شاید مہاراشٹر کے آخری عیسائی رکنِ اسمبلی تھے۔

ایک دہائی سے زائد عرصے سے برسرِ اقتدار سیاسی جماعت کے پاس مرکزی کابینہ میں ایک بھی مسلم وزیر نہیں ہے۔ ملکی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے۔ سوال یہ ہے کہ اس صورتِ حال سے ہم کیا سبق حاصل کریں؟

مجھے آج یہ ساری بات اس لیے یاد آئی کہ نیویارک شہر کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی نے اپنی تاریخی فتح کے بعد پنڈت جواہر لال نہرو کی شہرۂ آفاق تقریر A Tryst with Destiny(عہدِ تقدیر سے ملاقات) کا ایک اقتباس دہرایا۔

انہوں نے کہا،آپ کے سامنے کھڑے ہو کر مجھے پنڈت نہرو کے وہ الفاظ یاد آ رہے ہیں،ایسا لمحہ کبھی کبھار ہی تاریخ میں آتا ہے جب ہم پرانے سے نکل کر نئے کی طرف قدم بڑھاتے ہیں،جب ایک دور ختم ہوتا ہے اور جب کسی قوم کی دبی ہوئی روح اپنی آواز پاتی ہے۔

ظہران ممدانی نے مزید کہا آج رات نیویارک نے ایک پرانے عہد سے نکل کر ایک نئے عہد میں قدم رکھا ہے۔سوال یہ ہے کہ ہم، ہندوستانی سماج، کس دور سے نکل کر کہاں قدم رکھ رہے ہیں؟

مصنف سینئر صحافی ہیں اور مہاراشٹر میں اقلیتی برادریوں پر ان کی تصنیفات معروف ہیں