عارف الاسلام / گوہاٹی
بین الاقوامی شہرت یافتہ آرٹ ڈائریکٹر نورالدین احمد کی زندگی اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ صلاحیت، محنت اور ثابت قدمی کے ذریعے انسان بڑے سے بڑے رکاوٹوں کو عبور کر سکتا ہے۔ آسام کے ایک دور افتادہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے نورالدین احمد نے اپنے فن اور لگن کے بل پر ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزازات میں سے ایک پدم شری حاصل کرکے تاریخ رقم کی ہے۔منگل کے روز راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے انہیں فنونِ لطیفہ، اسٹیج ڈیزائن، مجسمہ سازی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے میدان میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں پدم شری سے نوازا۔نورالدین احمد گزشتہ پانچ دہائیوں سے فن کی خدمت میں مصروف ہیں۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کا ذاتی اعزاز ہے بلکہ آسام کی فنّی روایت، تخلیقی صلاحیت اور ثقافتی ورثے کا بھی قومی سطح پر اعتراف ہے۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد ’’آواز دی وائس‘‘ سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ "میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومتِ ہند اور حکومتِ آسام کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ میں ایک سادہ لوح دیہاتی اور معمولی فنکار ہوں۔ یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے اس اعزاز کے قابل سمجھا گیا۔ ساتھ ہی میں محسوس کرتا ہوں کہ اس اعزاز نے معاشرے کے تئیں میری ذمہ داریاں مزید بڑھا دی ہیں۔"
نورالدین احمد کا تعلق مغربی آسام کے ضلع نال باڑی کے ایک چھوٹے سے گاؤں ہاتیکوچی سے ہے۔ انہوں نے اپنے فنّی سفر کا آغاز مرحوم ادیا شرما کی رہنمائی میں کیا۔ بعد ازاں ممبئی گئے اور پھر لکھیم پور میں معروف مصور چندرکمل بردولئی سے تربیت حاصل کی۔ 1981 سے 1983 کے درمیان انہوں نے دہلی میں جدید مجسمہ سازی اور پتلی تماشے (پپٹری) کی خصوصی تربیت بھی حاصل کی۔
President Droupadi Murmu presents Padma Shri to Shri Nuruddin Ahmed for his exceptional contribution to the field of Art. Shri Ahmed is a visionary Art Director, Sculptor and Set Designer widely recognised for introducing modern techniques in sculpture and stagecraft. He has also… pic.twitter.com/b6ttW4W1pb
— President of India (@rashtrapatibhvn) June 23, 2026
ان کی فنّی روایت کو ان کے دونوں بیٹے بھی آگے بڑھا رہے ہیں، جو تھیٹر، اسٹیج ڈیزائن اور بصری فنون کے شعبوں میں اپنی الگ شناخت قائم کر چکے ہیں۔نورالدین احمد نے فخر کے ساتھ کہا کہ"میرے بیٹے مجھ سے بھی بہتر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے تھیٹر، ڈرامے اور فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ خصوصاً بردوا میں، جو عظیم سنت سری منت شنکردیو کی جائے پیدائش ہے، ان کی خدمات کو عوام نے بے حد سراہا ہے۔ان کے چھوٹے بیٹے دیپ احمد، جو اعزازی تقریب میں موجود تھے، نے اسے خاندان کی زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز ہمارے لیے بہت بڑی کامیابی ہے۔ یہ میرے والد کی عمر بھر کی محنت اور فن سے وابستگی کا بہترین اعتراف ہے۔ انہیں ملک کی ممتاز شخصیات کی موجودگی میں پدم ایوارڈ حاصل کرتے دیکھنا ہمارے لیے باعثِ فخر تھا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق تقریب کے بعد وزارتِ داخلہ کی جانب سے منعقدہ عشائیے میں انہیں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور آسام سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزیر سربانند سونووال سمیت کئی اہم شخصیات سے ملاقات کا موقع بھی ملا۔تقریب میں ان کی اہلیہ جونو راجکھوا، چھوٹے بیٹے دیپ احمد اور بڑی بہو رسنا دیوی بھی موجود تھیں، جنہوں نے اس تاریخی لمحے کو فخر و مسرت کے ساتھ دیکھا۔
نورالدین احمد نے بچپن کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دیتے ہوئے ایک شاندار فنّی سفر طے کیا ہے۔ آسام کے مشہور ’’موبائل تھیٹر‘‘ کی تاریخ میں ان کا نام ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے 450 سے زائد موبائل تھیٹر پروڈکشنز کے لیے اسٹیج ڈیزائن تیار کیے جبکہ مختلف ہندوستانی زبانوں میں تقریباً 5,600 ڈراموں کی آرٹ ڈائریکشن انجام دی، جو اپنی نوعیت کا ایک غیر معمولی ریکارڈ ہے۔انہوں نے تاریخی عمارتوں، مشہور مقامات، کلاسیکی فن پاروں اور عظیم شخصیات کے مجسموں کو اپنے فن کے ذریعے نئی زندگی بخشی۔ حال ہی میں انہوں نے معروف آسامی گلوکار زوبین گارگ کا ایک دیوقامت مجسمہ اپنی ذاتی لاگت سے تیار کیا، جسے صرف 18 دنوں میں مکمل کیا گیا اور ان کی یاد میں منعقدہ تقریب کے موقع پر نصب کیا گیا۔
گوہاٹی کے کئی مشہور درگا پوجا پنڈالوں کی تخلیق میں بھی ان کا اہم کردار رہا ہے۔ اپنے بیٹوں کے ساتھ مل کر انہوں نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما کی دوسری مدتِ حلف برداری تقریب کا اسٹیج بھی ڈیزائن کیا۔ان کے مشہور فن پاروں میں اندرا پرستھ، دیوارِ چین اور کولوسیم کی فنّی نقلیں شامل ہیں، جنہوں نے انہیں ملک بھر میں شہرت دلائی۔قومی سطح کے اس بڑے اعزاز کے باوجود نورالدین احمد مستقبل کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ گوہاٹی کے علاقے کہلی پاڑہ میں اپنے گھر کے قریب ایک عجائب گھر اور آرٹ اسکول قائم کرنا چاہتے ہیں، جہاں نئی نسل کے فنکاروں اور مجسمہ سازوں کی تربیت کی جا سکے۔
ان کا ادارہ ’’راج دیپ اسٹوڈیو‘‘ پہلے ہی نوجوان فنکاروں، مجسمہ سازوں اور تخلیقی افراد کے لیے ایک اہم مرکز بن چکا ہے، جہاں تربیت کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2005 میں کمل لال میموریل ایوارڈ اور 2017 میں سنگیت ناٹک اکادمی ایوارڈ سمیت کئی اہم اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔
LIVE: President Droupadi Murmu presents Padma Awards 2026 at Civil Investiture Ceremony-II at Rashtrapati Bhavan https://t.co/u5KmQX0UnS
— President of India (@rashtrapatibhvn) June 23, 2026
شہرت اور کامیابی کی بلندیوں پر پہنچنے کے باوجود ان کے ساتھی اور مداح آج بھی ان کی سادگی، انکساری اور فن سے غیر متزلزل وابستگی کو ان کی سب سے بڑی خوبی قرار دیتے ہیں۔ نال باڑی کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے راشٹرپتی بھون تک کا سفر صرف ایک شخص کی کامیابی کی داستان نہیں بلکہ آسام کے لیے فخر اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ نورالدین احمد کی زندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ عزم، محنت اور تخلیقی صلاحیت کے ذریعے انسان تاریخ میں اپنا مستقل نقش چھوڑ سکتا ہے۔