کیرالہ کی 10 غیر معمولی شخصیات ، جنہوں نے معاشرے میں انقلاب برپا کیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-08-2025
کیرالہ کی 10 غیر معمولی شخصیات ، جنہوں نے معاشرے میں انقلاب برپا کیا
کیرالہ کی 10 غیر معمولی شخصیات ، جنہوں نے معاشرے میں انقلاب برپا کیا

 



آواز دی وائس : نئی دہلی 

کیرالہ میں  مختلف شعبوں کی کامیاب شخصیات کی ایک طویل فہرست ہے،جنہوں نے  یا تو معاشرے میں تبدیلی لانے کی کوشش کی ہے یا کاروبار کے میدان میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے موسیقی، ادب اور کبھی کبھار محبت کو انسانیت کو قریب لانے، خوشی اور امن پھیلانے کا ذریعہ بنایا ہے۔اس فہرست میں سماجی کارکن، گلوکار، روحانی رہنما، وکیل، اساتذہ اور آئی اے ایس افسران شامل ہیں۔ان میں سے کچھ منتخب شخصیات  کی زندگی پر ہم خصوصی طور پر روشنی ڈالیں گے ۔ 

عائشہ عبدالباسط
عائشہ نعت گوئی میں مشہور ہیں اور محض 20 سال کی عمر میں 80 سے زیادہ ممالک کے سامعین کو محظوظ کر چکی ہیں۔ کیرالہ میں پیدا ہونے والی عائشہ ابوظہبی منتقل ہو چکی ہیں اور روحانی موسیقی کو عالمی امن و خیر سگالی کا ذریعہ بنا رہی ہیں۔

صفنا  نذرالدین
ان کا خواب تھا کہ وہ سماج کے پسماندہ طبقات کی مدد کرنے والی شخصیت بنیں۔ ان کا ماننا تھا کہ آئی اے ایس افسر بن کر وہ یہ مقصد حاصل کر سکتی ہیں۔ صرف 23 سال کی عمر میں وہ کیرالہ کی سب سے کم عمر مسلم آئی اے ایس افسر بن گئیں۔

پی سی مصطفیٰ
غربت میں پلے بڑھے مصطفیٰ نے والد کو کھیتوں میں مزدوری کرتے دیکھا اور ان کی زندگی بہتر بنانے کا عزم کیا۔ آئی آئی ایم سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد، انہوں نے اپنے کزنز کے ساتھ 500 اسکوائر فٹ کے کمرے سے 30 دکانوں کو 100 پیکٹ اِڈلی بیٹر بیچنا شروع کیا۔ آج وہ 10 سے زائد ممالک میں سپلائی کرنے والے اِڈلی بیٹر کے بادشاہ ہیں اور 4000 کروڑ روپے کے کاروبار پر حکمرانی کر رہے ہیں۔

وی پی سوہارا
وی پی سوہارا مسلم پرسنل لا میں تبدیلی کے لیے سرگرم ہیں اور وراثت کے حقوق میں صنفی مساوات کی درخواست گزاروں میں شامل ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ امید کم ہے، لیکن وہ اپنی جدوجہد سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔

 خدیجہ  ممتاز

ساہتیہ  اکیڈمی ایوارڈ یافتہ ناول نگارخدیجہ ممتاز آج کل کل وقتی کارکن بن چکی ہیں اور ان کا بنیادی مقصد مختلف مذاہب کے درمیان بہتر تعلقات اور مکالمے کو فروغ دینا ہے۔

ایڈوکیٹ شکور 

ایڈوکیٹ شکور نے اپنی قانونی بیوی سے دوبارہ شادی کر کے مسلم برادری میں ایک پیغام دیا کہ خصوصی شادی ایکٹ کے تحت شادی کر کے بیٹیوں کو وراثت کے حقوق دیے جا سکتے ہیں۔

نور جلیلہ
نور کے معنی روشنی ہیں، اور نور جلیلہ کی مسکراہٹ اس کے نام کو سچ کر دکھاتی ہے۔ وہ بغیر چار اعضا کے پیدا ہوئیں لیکن ان کی مسکراہٹ میں اس معذوری کا شائبہ تک نہیں۔ وہ بہادری اور تخلیقی صلاحیت کی علامت ہیں، انفلوئنسر، آرٹسٹ اور گلوکارہ بھی ہیں۔

پدم شری ممتاز علی 
تھرواننتاپورم سے تعلق رکھنے والے روحانی رہنما پدم شری ممتاز علی، جنہیں ان کے ماننے والے "سری ایم" کہتے ہیں، ست سنگھ فاؤنڈیشن" کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے روحانیت اور انسانیت کی یکجہتی کا پیغام پھیلایا اور مختلف مذاہب کے لوگوں کو اپنی تعلیمات کے ذریعے قریب کیا۔ وہ لوگوں کو اپنے مذہب پر قائم رہتے ہوئے مراقبہ اور روحانی مشقوں کے ذریعے خود کو پہچاننے کی ترغیب دیتے ہیں۔

ہادیہ حکیم
کیا فٹ بال صرف ایک کھیل ہو سکتا ہے؟ ہادیہ حکیم نے اسے خواتین کے بااختیار ہونے کی علامت بنا دیا۔ وہ کوژی کوڈ کی فٹ بالر ہیں جنہوں نے صنف، قومیت اور مذہب کی تمام رکاوٹوں کو عبور کر کے اپنی صلاحیتوں سے ایک منفرد مقام حاصل کیا۔

اونم پَلی محمد  فیضی 
ترقی پسند اسکالر اور سنسکرت کے شوقین اونم پَلی محمد فیضی ،تریچور کے مشہور عالم ہیں جو اپنے مدرسے میں بین المذاہب تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے دیگر مذاہب کے  کی تعلیم دے کر جہالت کی دیوار کو توڑنے اور برادریوں کو قریب لانے کی کوشش کی ہے۔