ڈاکٹر یاسین علی- شمال مشرقی خطہ میں برونکوسکوپی کے علاج کی نئی امید

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2025
 ڈاکٹر یاسین علی- شمال مشرقی خطہ میں برونکوسکوپی کے علاج کی نئی امید
ڈاکٹر یاسین علی- شمال مشرقی خطہ میں برونکوسکوپی کے علاج کی نئی امید

 



 مُنی بیگم / گوہاٹی

بچوں کی سانس کی نالی کی پیچیدہ بیماریوں کے علاج کے میدان میں آسام میں ایک نئی سمت کی ایجاد ہوئی ہے۔ یہ علاج پہلے آسام میں دستیاب نہیں تھا اور اس کے لیے بچوں کو ریاست سے باہر لے جانا پڑتا تھا۔ اب بچوں کی اس نہایت پیچیدہ بیماری کا علاج آسام میں ہی ممکن ہو گیا ہے۔ ممتاز ماہرِ اطفال ڈاکٹر یاسین علی نے آسام اور پورے شمال مشرقی خطے میں پہلی مرتبہ برونکوسکوپی کے ذریعے بچے کا علاج کر کے آسام کے شعبۂ طب میں ایک نیا باب کھول دیا ہے۔

حال ہی میں گوہاٹی کے خاناپارا کے ہیلتھ سٹی اسپتال کے شعبۂ اطفال کے سربراہ ڈاکٹر یاسین کی قیادت میں ایک ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ناگالینڈ کے ڈیڑھ سالہ ایک بچے کا اس برونکوسکوپی طریقۂ علاج کے ذریعے کامیاب علاج کیا، اور بچہ اب مکمل طور پر صحت مند ہے۔

برونکوسکوپی دراصل ایک ایسا علاج ہے جس میں ایک باریک نلی کو سانس کی نالی کے اندر داخل کیا جاتا ہے۔ نوزائیدہ بچوں کے معاملے میں یہ طریقہ نہایت مشکل ہوتا ہے، کیونکہ ان کی سانس کی نالی بہت باریک ہوتی ہے۔ اس لیے جب آلات اندر داخل کیے جاتے ہیں تو جسم میں آکسیجن کی مقدار تیزی سے کم ہو جاتی ہے۔ پہلے نوزائیدہ بچوں کے لیے اتنے باریک آلات دستیاب نہیں تھے۔ لیکن حالیہ برسوں میں نئی طبی ٹیکنالوجی اور نہایت باریک آلات کی ایجاد کے باعث اب بچوں کی جان بچانا آسان ہو گیا ہے۔ نئی تیار شدہ 2 ملی میٹر اور 3 ملی میٹر سائز کے بال سے بھی باریک آلات کی مدد سے اب بچوں کی جان بچانا ممکن ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے 800 گرام کے نوزائیدہ بچوں سے لے کر بالغ افراد تک کا علاج کیا جا سکتا ہے۔ عام طور پر بالغ مریضوں کے لیے یہ نلی 15-16 ملی میٹر کی ہوتی ہے، جو نوزائیدہ بچوں کے لیے موزوں نہیں۔

ڈاکٹر یاسین علی نے کہا کہ آسام میں اس پیچیدہ بیماری کا علاج پہلے دستیاب نہیں تھا۔ اسی وجہ سے بچوں کو دوسرے ریاستوں میں بھیجا جاتا تھا جہاں ان کا آپریشن کے ذریعے علاج ہوتا تھا۔ میں اکثر یہ دیکھتا تھا اور دل ہی دل میں سوچتا تھا کہ اس علاج کے لیے کچھ نہ کچھ کرنا ہوگا۔ کیونکہ کوئی نہ کوئی اس سمت میں آگے بڑھنا ہی تھا۔ اسی لیے میں نے 2024 میں دہلی کے گڑگاؤں کے فورٹس میموریل ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں انڈین اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس کے زیر اہتمام برونکوسکوپی سے متعلق بنیادی کورس کامیابی سے مکمل کیا اور اسی سال اس کا ایڈوانس کورس بھی پہلی ہی کوشش میں مکمل کیا۔ اس کورس کے لیے چنئی، مہاراشٹر، پونے، اوڈیشہ، دہلی، ہریانہ، چندی گڑھ وغیرہ سے کئی ماہر اطفال اور پلمونولوجسٹ نے درخواست دی تھی لیکن صرف 20 امیدواروں کو منتخب کیا گیا۔ میں نے اس کورس میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔‘‘

پہلے اس بیماری کے علاج کے لیے موزوں آلات دستیاب نہیں تھے اور بچوں کی سرجری ناگزیر تھی۔ لیکن گزشتہ 5 سے 10 برسوں میں اس میدان میں جدید ٹیکنالوجی آئی ہے۔ اب 2-3 ملی میٹر کے باریک پائپ کے ذریعے ناک سے سانس کی نالی میں داخل ہو کر اینڈوسکوپی کے ذریعے آسانی سے معائنہ اور علاج کیا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر یاسین کے مطابق کہ پہلے بچوں کا علاج آپریشن کے ذریعے کیا جاتا تھا لیکن اب اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم تقریباً 95 فیصد بچوں کا علاج بغیر آپریشن کے کر سکتے ہیں۔ اب ہم بچوں کو تکلیف دیے بغیر ان کی ناک سے پھیپھڑوں تک ممکنہ مختلف مسائل کی تشخیص اور علاج کر سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ کئی بچے سانس کی نالی کی مختلف خرابیوں کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں، جنہیں اس طریقے سے درست کیا جا سکتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم لیزر تھراپی، کریو، چھوٹے چھوٹے کٹ لگانے، سانس کی نالی میں اسٹنٹ ڈالنے، ٹیومر کی جانچ، سانس کی نالی میں پھنسے کھانے کو نکالنے جیسے پیچیدہ علاج بھی آسانی سے کر سکتے ہیں۔‘‘

ڈاکٹر یاسین علی نے 1994 میں کے کے بی بی گولاگھاٹ سے اسکولی تعلیم مکمل کی اور 1996 میں شریمنت شنکر اکیڈمی، گوہاٹی سے ہائر سیکنڈری پاس کیا۔ انہوں نے شیلچر میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی۔ گوہاٹی میڈیکل کالج سے ’ڈپلومہ ان چائلڈ ہیلتھ‘ کیا۔ نئی دہلی کے ایم اے ایم سی سے ایم ڈی (پیڈیاٹرکس) کی ڈگری حاصل کی۔ علاوہ ازیں، 2017 میں آئی اے پی دہلی کے سالانہ اجلاس میں سوشل پیڈیاٹرکس پر تحقیقاتی مقالہ پیش کرنے پر ڈاکٹر ستیا گپتا ایوارڈ سے نوازے گئے۔ انہوں نے 2018 میں ہیلتھ سٹی اسپتال میں شمولیت اختیار کی اور اس وقت وہ شعبۂ اطفال کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر یاسین نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہیلتھ سٹی اسپتال میں ایک مکمل یونٹ قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اب بچوں کی عام سرجری کی ضرورت کم ہو کر اینڈوسکوپی کے ذریعے علاج ممکن ہو جائے گا۔ اگرچہ اس علاج کی لاگت کچھ زیادہ ہے، لیکن روایتی آپریشن کے مقابلے میں کم ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ بچوں کی جان بچانا زیادہ آسان اور محفوظ ہو گیا ہے۔‘‘

قابلِ ذکر ہے کہ ڈاکٹر یاسین علی نے 2022 میں طب کی تاریخ میں پہلی بار ایک بچے میں بیک وقت تین نہایت نایاب بیماریاں دریافت کی تھیں۔ ایک سال کی مسلسل تحقیق کے بعد انہوں نے ایک بچے میں ’’ہارس شو کڈنی‘‘، ’’پرائمری سیلیری ڈسکائنیزیا‘‘ اور ’’نونانس سنڈروم‘‘ جیسی نایاب بیماریاں شناخت کیں۔

یہ نئی برونکوسکوپی علاجی ٹیکنالوجی اب آسام میں اطفال کے شعبے کی تاریخ میں ایک سنہری باب کے طور پر درج ہوگی۔ کیونکہ یہ علاج پہلے صرف دہلی، چنئی یا دیگر بڑے مراکز میں ممکن تھا، لیکن اب یہ آسام میں بھی دستیاب ہے، جو بچوں کی جان بچانے کے لیے ایک تاریخی قدم سمجھا جائے گا۔