مسلمان ہونے کی وجہ سے کبھی کام میں رکاوٹ نہیں آئی ناصرالدین شاہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-02-2026
مسلمان ہونے کی وجہ سے کبھی کام میں رکاوٹ نہیں آئی ناصرالدین شاہ
مسلمان ہونے کی وجہ سے کبھی کام میں رکاوٹ نہیں آئی ناصرالدین شاہ

 



آواز د وائس: نئی دہلی

میتھڈ ایکٹنگ کے بادشاہ کہلانے والے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ کا آواز د وائس کو دیا گیا ایک پرانا انٹرویو اِن دنوں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ اس گفتگو میں نصیر الدین شاہ نے صاف لفظوں میں کہا کہ انہیں ان کے بھائیوں کو یا ان کے والد صاحب کو کبھی بھی مسلمان ہونے کی وجہ سے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طالب علمی کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی تین نسلوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی ہے۔ انہوں نے اس دور کے تعلیمی اور سماجی ماحول پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے اساتذہ کا خصوصی ذکر کیا۔

نصیر الدین شاہ نے بتایا کہ ان کی ایک استانی زاہدہ زیدی تھیں جو ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کرتی تھیں۔ وہ انہیں نصیحت کرتی تھیں کہ اپنی صلاحیت پر بھروسا رکھو۔ کبھی کوئی پریشانی نہیں آئے گی۔ ان کے مطابق یہ نصیحت ان کی پوری زندگی میں ان کے ساتھ رہی۔

آواز د وائس کے اے وی ایڈیٹر منجیت ٹھاکر سے گفتگو میں نصیر الدین شاہ نے ملک میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے امتیاز پر ہونے والی بحث پر بھی اپنی رائے پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی بھی انفرادیت یعنی الگ تھلگ کیے جانے کا تجربہ نہیں کیا۔ نہ ہی انہوں نے کبھی اپنے کام کو ایک مسلمان کی شناخت کے ساتھ جوڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں کام کرتے ہوئے ان کے مذہب نے کبھی بھی ان کے راستے میں رکاوٹ نہیں ڈالی۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد سرکاری ملازمت میں رہے۔ انہیں بھی مسلمان ہونے کی وجہ سے کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں اٹھانا پڑا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے دو بھائی بھی اپنے اپنے شعبوں میں آگے بڑھے۔ ان میں سے ایک نے پوری زندگی فوج میں خدمات انجام دیں اور 2 جنگوں میں حصہ لیا۔ لیکن وہاں بھی مذہب کبھی رکاوٹ نہیں بنا۔

 انہوں نے کہا کہ برداشت ہماری ڈی این اے میں شامل ہے۔ ہندو مسلم سکھ کے گیت ایسے ہی نہیں گائے جاتے تھے۔ یہ کوئی دکھاوا نہیں تھا۔ نفرت کا یہ دور بھی گزر جائے گا۔نصیر الدین شاہ کی یہ مکمل اور فکر انگیز گفتگو آواز د وائس کے یوٹیوب چینل پر دستیاب ہے۔ وہاں وہ اپنے ذاتی تجربات کے ذریعے سماج اور نظام پر ایک متوازن اور پراعتماد نقطہ نظر پیش کرتے نظر آتے ہیں۔