پلاب بھٹاچاریہ
ایک ایسی دنیا میں جو مذہبی شناختوں کی بنیاد پر تیزی سے تقسیم ہو رہی ہے جہاں ایمان کو شفا کے بجائے تقسیم کے لیے استعمال کیا جاتا ہے یہ بھول جانا آسان ہے کہ وہی مذاہب جن پر اختلاف کو ہوا دینے کا الزام لگایا جاتا ہے انسانیت کی کچھ گہری مشترکہ روایات کو بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ ان میں روزہ ایک خاموش مگر طاقتور دھاگے کی طرح نمایاں ہے جو تقریباً ہر بڑے مذہبی نظام میں پایا جاتا ہے۔ یہ کوئی معمولی رسم نہیں بلکہ ایک مشترکہ اخلاقی زبان ہے جو ضبط نفس ہمدردی عاجزی اور معنی کی تلاش کی بات کرتی ہے۔ ایسے وقت میں جب مذہبی اختلافات غالب نظر آتے ہیں یہ قدیم عمل اتحاد کی مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔
.jpg)
مختلف مذاہب اور براعظموں میں روزہ نفس کی تربیت اور روح کی بلندی کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ مسلمان ماہ رمضان میں سحری سے غروب آفتاب تک کھانے پینے سے پرہیز کرتے ہیں جو محض اطاعت نہیں بلکہ تقویٰ اور غریبوں کے احساس کا راستہ ہے۔ عیسائی چالیس دن کے عرصے میں پرہیز کرتے ہیں جو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بیابان میں گزارے گئے دنوں کی یاد دلاتا ہے اور توبہ اور روحانی تجدید کی تیاری کا ذریعہ بنتا ہے۔ یہودی یوم کپور کے دن روزہ رکھتے ہیں اور جسمانی ضروریات سے کنارہ کش ہو کر معافی مفاہمت اور اخلاقی اصلاح پر توجہ دیتے ہیں۔ ہندو مختلف برت رکھتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ پرہیز جسم اور ذہن دونوں کو پاک کرتا ہے اور ضبط نفس کو مضبوط بناتا ہے۔ جین مت میں روزہ روحانی زندگی کا مرکز ہے اور اسے کرم کے بوجھ سے نجات اور عدم تشدد اور معافی کے فروغ کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ بدھ مت کے پیروکار مقدس دنوں میں پرہیز کر کے بیداری کو تیز کرتے اور خواہشات سے وابستگی کم کرتے ہیں جبکہ بہائی عقیدہ کے ماننے والے نئے سال کی تیاری کے طور پر انیس دن کا روزہ رکھتے ہیں۔ سکھ مت اگرچہ رسمی روزے کو قبول نہیں کرتا لیکن خواہشات پر قابو اور ذہنی تربیت کے ذریعے اسی باطنی مقصد کو اہمیت دیتا ہے۔

دلچسپ بات صرف یہ نہیں کہ روزہ تقریباً ہر جگہ پایا جاتا ہے بلکہ یہ بھی کہ اس کا مقصد حیرت انگیز طور پر یکساں ہے۔ ہر روایت میں روزہ زیادتی کو روکنے انا کو جھکانے اور انسان کو یہ یاد دلانے کا ذریعہ بنتا ہے کہ زندگی صرف مادی آسائشوں سے قائم نہیں۔ بھوک ایک استاد بن جاتی ہے۔ جب انسان رضاکارانہ طور پر وہ کیفیت اختیار کرتا ہے جو لاکھوں لوگ مجبوری میں جھیلتے ہیں تو اس کے اندر ایسی ہمدردی پیدا ہوتی ہے جو کسی خطبے سے پیدا نہیں ہو سکتی۔ اسی لیے اکثر مذاہب میں روزہ خیرات کے ساتھ جڑا ہوتا ہے۔ رمضان میں سخاوت پر زور دیا جاتا ہے عیسائی روایت میں غریبوں کی خصوصی مدد کی تلقین ہوتی ہے یہودی تعلیمات میں توبہ کو انصاف سے وابستہ کیا جاتا ہے اور ہندو اور جین روایات میں روزے کے ساتھ عطیہ اور خدمت کو شامل کیا جاتا ہے۔ پیغام واضح ہے کہ روحانی تربیت اگر دل کو دوسروں کے لیے نہ کھولے تو وہ ادھوری ہے۔
اسی مشترکہ اخلاقی تصور میں روزے کی وہ صلاحیت پوشیدہ ہے جو منقسم دنیا میں پل کا کردار ادا کر سکتی ہے۔ جب مختلف مذاہب کے لوگ یہ پہچانتے ہیں کہ ان کے پڑوسی بھی کسی اعلیٰ مقصد کے لیے بھوک کی شدت کو جانتے ہیں تو شکوک نرم پڑنے لگتے ہیں۔ رمضان کے دوران مشترکہ افطار جیسے بین المذاہب اجتماعات نے دکھایا ہے کہ جب لوگ نظریاتی بحث کے بجائے تجربہ بانٹنے کے لیے ملتے ہیں تو مکالمہ کس قدر آسان ہو جاتا ہے۔ روزہ کھولنے کے لمحے میں ساتھ بیٹھ کر لوگ دریافت کرتے ہیں کہ ضبط کے ذریعے ان کی تلاش ایک جیسی ہے یعنی قلبی سکون اخلاقی وضاحت اور کسی بڑی حقیقت سے تعلق کا احساس۔ ایسے مواقع دوسرے کو انسان کے طور پر دیکھنے کا موقع دیتے ہیں اور خوف اور نفرت کی کہانیوں کو کمزور کرتے ہیں جو لاعلمی سے جنم لیتی ہیں۔

روزہ جدید دور کی اس حد سے بڑھی ہوئی مصرفی ثقافت کو بھی چیلنج کرتا ہے جو مذہبی حدود سے ماورا ہے۔ ایسی معاشرت میں جہاں فوری تسکین اور بے جا استعمال کو فروغ دیا جاتا ہے خود سے یہ کہنا کہ بس اب کافی ہے ایک انقلابی پیغام بن جاتا ہے۔ جب مختلف مذاہب کے لوگ اسے اجتماعی طور پر اپناتے ہیں تو اعتدال کمزوروں کی دیکھ بھال اور زمین کے لیے ذمہ داری کا مشترکہ اخلاق پیدا ہو سکتا ہے۔ اس معنی میں روزہ صرف روحانی عمل نہیں بلکہ سماجی عمل بھی ہے جو یاد دلاتا ہے کہ ضبط محرومی نہیں بلکہ طاقت کا سرچشمہ ہو سکتا ہے۔

اس سب کے لیے یہ ضروری نہیں کہ مذاہب اپنے عقیدتی اختلافات مٹا دیں۔ اتحاد یکسانیت کا تقاضا نہیں کرتا۔ روزے کی اصل قوت اسی میں ہے کہ لوگ اپنی اپنی روایات میں جڑے رہتے ہوئے ایک مشترکہ انسانی خواہش کو پہچان سکتے ہیں۔ ہر مذہب اپنے مقدس متون اور فلسفے کے مطابق روزے کی تعبیر کرتا ہے مگر اس کا عملی تجربہ سرحدوں سے ماورا ہو کر ایک دوسرے سے ملتا جلتا دکھائی دیتا ہے۔
جب مذہبی کشیدگیاں سیاست اور سماجی زندگی کو متاثر کر رہی ہیں تو ایسے مشترکہ نکات کی بازیافت محض آئیڈیلزم نہیں بلکہ ضرورت بن چکی ہے۔ روزہ ایک نادر موقع فراہم کرتا ہے جو اپنی روایت میں گہری عزت رکھتا ہے اور ساتھ ہی تعلق کا مشترکہ نقطہ بھی بن سکتا ہے۔ جب بھوک کو اخراج کے ہتھیار کے بجائے مشترکہ کمزوری اور امید کی یاد دہانی کے طور پر اپنایا جائے تو وہ ایسی زبان بن جاتی ہے جسے ہر کوئی سمجھ سکتا ہے۔ اسی زبان میں ایمان اختلاف کی لکیر نہیں بلکہ ایک بار پھر پل بن جاتا ہے۔