ویکسین کی قلت نہیں ہمارا تذبذب ہے تشویش کا سبب

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
ویکسین کی قلت نہیں ہمارا تذبذب ہے تشویش کا سبب
ویکسین کی قلت نہیں ہمارا تذبذب ہے تشویش کا سبب

 

 

 شیکھر ایئر

دیر سے ہی صحیح ، کورونا وائرس کی ویکسین وافر مقدار میں دستیاب ہونے جا رہی ہے ۔ حکومت کے مینوفیکچررز سے ویکسین کی زیادہ مقدار میں پیداوار بڑھانے کے حکم سے تو اس کی قلت کا خدشہ ختم ہو جائے گا ۔ لیکن دو پریشانیاں باعِث تشویش ہیں۔ ایک یہ کہ ابھی بھی بہت بڑا طبقہ ایسا ہے جو یا تو ویکسین لگوانے سے گریزاں ہے یا وہ اس انتظار میں ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے پہلے لگوا لیں ۔ دوسرا مسئلہ ویکسین  کا ضیاع ہے۔

اگرچہ مئی 2021 تک ہندوستان میں ویکسین کی 21 کروڑ خوراکیں لوگوں کو لگ سکتی تھیں لیکن ویکسین کے حوالے سے دکھائی گیئی ہچکچاہٹ سے ایک بڑا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔ در حقیقت ، عالمی ادارہ صحت نے ویکسین سے متعلق ہچکچاہٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ویکسینیشن خدمات کی دستیابی کے باوجود ویکسین کی قبولیت یا انکار میں تاخیر" کو ویکسین ہچکچاہٹ کہیں گے ۔ کچھ تو بے جا خوف کے سبب ہو رہا ہے یا پھر روایتی طور پر ویکسینیشن کے خلاف غلط عقائد رکھنے کی وجہ سے بھی لوگ اس حوالے سے شک میں مبتلا رہتے ہیں ۔ ہریانہ کے نوح ضلع میں ویکسین لینے والے مشکل سے ملتے ہیں۔ بہت سارے مراکز میں صحت سے متعلق کارکنوں نے کم سے کم دس افراد تک ویکسین لگوانے کا انتظار کیا ہے۔ چونکہ نوح ایک مسلم اکثریتی ضلع ہے ، انتظامیہ اب برادری کے مذہبی رہنماؤں پر انحصار کر رہی ہے۔ وبائی امراض کو روکنے کے لئے ویکسین کے کردار سے متعلق علاقے کی مساجد سے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ معروف مذہبی رہنماؤں نے ٹیکے لگانے کے کئی کیمپوں کا افتتاح بھی کیا۔ حال ہی میں ، ضلع میں ایک مدرسہ چلانے والے مفتی زاہد حسین نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور اس کے بجائے جلد از جلد خود کو ویکسین لگوائیں ۔ انہوں نے خود ویکسین لگوا کر لوگوں کا اعتماد بحال کیا ۔

سچ تو یہ ہے کہ نوح ضلع کوو ڈ 19 ویکسین کے ضیاع کے معاملے میں بھی سب سے آگے ہے ۔ ویکسین کے باکس اس امید میں کھولے جاتے ہیں کہ لوگ ویکسینیشن مراکز میں رجوع کریں گے۔ جب وہ نہیں آتے تو ویکسین ضائع ہوجاتی ہے ۔ ضلعی عہدیداروں کے مطابق لوگوں میں ہر طرح کی ویکسینوں کے خلاف ہچکچاہٹ ہے۔ نوح ضلعی انتظامیہ نے اس وہم اور غلط فہمی سے لڑنے اور اپنے پیغام کو گھر تک پہنچانے کے لئے ایک کمیونٹی ریڈیو پروگرام کی شروعات کی ہے ۔

یہ ریڈیو ، جو 225 دیہات تک پہنچتا ہے ، ویکسینیشن مراکز آنے والے لوگوں کی تعداد بڑھانے کے لئے باقاعدگی سے ویکسین کے بارے میں معلومات نشر کرتا ہے۔ ہندوستان میں بہت سارے لوگ ہیں جو اب بھی کھلے عام کہتے ہیں کہ کورونا ویکسین ایک ‘موت کی ویکسین’ ہے۔ آئیے ہم ان رپورٹس پر غور کریں:

اترپردیش کے بارابانکی میں جب صحت کے عہدیداروں کی ایک ٹیم ان کو ٹیکہ لگانے پہنچی تو گاؤں والوں نے ویکسین سے بچنے کے لئے سرایا ندی میں چھلانگ لگا لی ۔ تمل ناڈو میں مقامی لوگوں نے مقبول مزاح نگار اداکار وویک کی ویکسین لینے کے دو دن بعد ہی دل کے عارضے سے انتقال کر جانے کا حوالہ دیتے ہوئے اس لگوانے سے انکار کردیا ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ سب کو ویکسین لینے کی تاکید کرنے کے لئے وویک نے خود کے ویکسین لگوانے کی تشہیر کی تھی۔ لہذا ان کی موت ویکسینیشن مہم کے لئے ایک زبردست دھکّا تھا حالانکہ ڈاکٹروں کو ان کی موت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ویکسینیشن سے نہیں ہوئی ۔

راجستھان میں ایک ٹی وی چینل کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ضلع پالی میں کم سے کم دو صحت مراکز میں ویکسین کی شیشی کچرے کے ڈبوں میں پھینک دی گئی ۔ اجمیر شہر سے 14 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کیسر پورہ گاؤں میں کوویڈ 19 سے 15 افراد ہلاک ہوگئے۔ ریاستی حکومت 1300 رہائشیوں پر مشتمل گاؤں میں ویکسین کی شیشیوں والی ایک ٹیم لے گئی - لیکن ایک بھی شخص نے ویکسین نہیں لی۔ صرف ایک ہیلتھ ورکر نے ویکسین لگوائی ۔

بہار میں گاؤں والوں نے ویکسین لگانے والے ہیلتھ ورکرز کو دھکا دیا ۔ یہ ہیلتھ ورکرز باقاعدگی سے گاؤں والوں سے یہ ویکسین لینے کی التجا کرتے رہتے ہیں لیکن کوئی ان کی بات نہیں سنتا ۔ مہاراشٹر کے شاہ پور ، بھونڈی ، پال گڑھ اور تھانہ میں مقامی قبائلی ویکسین لینے میں بہت ہچکچاتے ہیں۔ اس سے بچنے کی کوشش میں کچھ لوگ صحت کارکنان کو دیکھ کر ضلع گونڈیا کے جنگلوں میں بھاگ گئے۔ کرناٹک میں بھی ایسا ہی تجربہ رہا ۔ میسورو ، کوڈاگو ، اور چماراجان نگر اضلاع کے بہت سے مقامی افراد نے ویکسین لینے سے انکار کردیا۔ ان اضلاع میں یہ بھی اطلاع دی گئی کہ 14 روزہ قرنطینہ کی مدت مکمل کیے بغیر ہی لوگ تنہائی مراکز سے فرار ہوجاتے تھے ۔

اترپردیش کے علی گڑھ ضلع میں ایک معاون نرس دائی کے خلاف ایف آئی آر درج کروانا پڑی ہے جس پر الزام تھا کہ اس نے ٹیکوں سے بھری 29 سرنجیں کوڑے دان میں پھینک دیں ۔ وہ جسم میں انجکشن تو داخل کرتی تھی لیکن کوویڈ 19 ویکسین نہیں لگاتی تھی۔

ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ آنے والے صحت کارکنان کو گاؤں والوں کی طرف سے بھی سخت مزاحمت کا سامنا ہوتا ہے۔ وہ احمقانہ طور پڑ یقین رکھتے ہیں کہ کوو ڈ ایک شہری بیماری ہے۔ کچھ تو یہ بھی سوچتے ہیں کہ 5 جی ٹاور (جو فی الحال نئی اسپیکٹرم ٹکنالوجی کے ساتھ تجربہ کررہے ہیں) کوو ڈ 19 کا سبب بن رہے ہیں۔ ان جگہوں پر ٹیسٹ کٹس یا ویکسین شیشوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ نیز کوو ڈ 19 کی دوسری لہر نے ہم سب کو دکھایا ہے کہ یہ کس قدر خطرناک ہوسکتا ہے۔ لہذا اب یہ بات ناگزیر ہو چکی ہے کہ جتنی جلدی آپ کو قطرے پلائے جائیں گے ، اتنا ہی جلد آپ کی حفاظت ہوگی۔

لیکن ویکسین صرف تب ہی کام کر سکتی ہیں جب تمام مختلف پس منظر ، عمروں اور نسلوں کے لوگ اس کو لگوا لیں ۔ ویکسین لگوانے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی ہچکچاہٹ کوو ڈ 19 کو معاشرے میں پھیلتے رہنے کی اجازت دیگی ۔ فیس بک کے ایک سروے میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں ویکسین کی مجموعی طور پر ہچکچاہٹ کی شرح تقریبا 28.7 فیصد ہے۔ تمل ناڈو اور پنجاب کے شہری مراکز میں ویکسین سے ہچکچاہٹ کی شرحیں کافی زیادہ ہیں ، جو بالترتیب 42 اور 41 فیصد ہیں۔ ایمس جودھ پور کے ایک سروے کے مطابق حتی کہ 22 ریاستوں کے میڈیکل طلباء جنھیں ویکسینیشن کی اہمیت کے بارے میں دوسروں سے بہتر طور پر آگاہ کیا جانا چاہئے ، نے بھی 10.6 فیصد ویکسین سے ہچکچاہٹ ظاہر کی ہے۔

عہدیداروں نے اعتراف کیا کہ گاؤں کے لوگ افواہوں کی وجہ سے یہ ویکسین لینے سے گریزاں ہیں ۔ اپنی طرف سے مرکز نے دسمبر تک 216 کروڑ ویکسینوں کی دستیابی کا وعدہ کیا ہے تاکہ تمام بالغوں کوکورونآ سے بچایا جاسکے۔

تاہم بہت ساری ریاستیں ان ویکسینوں کے ضیاع کو روکنے میں ناکام رہی ہیں - یا تو لاپرواہی کی وجہ سے یا پھر شیشیوں کے کھلنے پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد صحت کے مرکز پہنچتے ہی نہیں ۔ ویکسین کے ضیاع کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی بالکل واضح اور کھلی بات کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک خوراک بھی ضائع کرنے کا مطلب ہے کہ ایک زندگی کو ہم ڈھال نہ دے سکے ۔ انہوں نے زور دیا کہ ویکسین کے ضیاع کو روکنا ضروری ہے۔

وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے اعدادوشمار کے مطابق جنوری میں ویکسین لگانے کی مہم کے بعد سے اب تک ہندوستان نے گذشتہ ماہ تک 4.6 ملین خوراکیں ضائع کیں۔ مرکز ریاستوں پر زور دے رہا ہے کہ وہ بربادی کو 1 فیصد سے کم رکھیں۔ لیکن جیسا کہ مسٹر مودی نے اس ماہ کے شروع میں اشارہ دیا تھا کہ تلنگانہ ، آندھرا پردیش اور اتر پردیش میں کوو ڈ 19 کی 10 فیصد سے زیادہ ویکسین ضائع ہو رہی ہیں۔

بڑی ریاستوں میں جھارکھنڈ میں تقریبا 37.3 فیصد ویکسین ‘ضائع’ ہوچکی ہے جبکہ چھتیس گڑھ میں یہ 30.2 فیصد ہے۔ دوسری ریاستیں جیسے تمل ناڈو (15.5 فیصد ) ، جموں وکشمیر (10.8فیصد) ، مدھیہ پردیش (10.7فیصد) قومی اوسط (6.3فیصد) سے کہیں زیادہ ویکسینیں برباد کر رہے ہیں ۔ اہم بات یہ ہے کہ آٹھ ریاستوں نے اس کے برخلاف کام کیا ہے۔ کیرالہ ، مغربی بنگال ، ہماچل پردیش ، میزورم ، گوا ، د من اور دیؤ ، انڈمان اور نکوبار جزیروں کے ساتھ ساتھ لکشدیوپ میں بھی ’صفر بربادی‘ کی اطلاع ہے۔ اتر پردیش ، مدھیہ پردیش ، مہاراشٹر ، راجستھان ، بہار ، گجرات ، تمل ناڈو اور ہریانہ کے بہت سے دیہاتوں میں واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 2020 میں دیہی ہندوستان اس طرح بڑے پیمانے پر متاثر نہیں ہوا تھا۔

یہی وجہ ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر نے اس کے پھیلاؤ کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ تو اب سوال یہ ہے کہ ویکسین کے تعلق سے ہچکچاہٹ پر قابو کیسے پایا جائے ؟ اس سلسلے میں قانون کے ذریعہ حفاظتی ٹیکوں کو لازمی بنانے کے لئے 1892 کے لازمی ویکسینیشن ایکٹ اور اسی طرح کی قانون سازی کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں۔ لیکن اس سے طویل عرصے تک کام نہیں بنے گا اور عوام کی ناراضگی ہی بڑھے گی۔

خوش قسمتی سے ہمارے پاس پولیو کی کامیاب مہم بڑے پیمانے پر حفاظتی ٹیکوں کے کامیاب پروگرام کے لئے مثال کے طور پر موجود ہے جس کے لئے اداکار امیتابھ بچن ایک محرک قوت تھے۔ حکومتوں نے کمیونٹی اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مل کر ویکسین کے بارے میں غلط معلومات اور خوف کو رفع کیا - اس کے لئے تغذیہ ، بچوں کی صحت اور زچگی کی صحت کی وجوہ جیسی ترغیبات کا سہارا لیا گیا ۔

اسی طرح کمیونٹی کی شمولیت کے ساتھ ویکسین ہچکچاہٹ کے معاملے کو حل کرنے کے لئے ایک خیالی حکمت عملی اپنائی جانی چاہئے۔ بہت سے لوگ مہاراشٹر کے نندربار کی ضلعی انتظامیہ کی مثال پیش کررہے ہیں جو موبائل ٹیموں کو ویکسین ہچکچاہٹ سے نمٹنے کے لئے استعمال کررہی ہے۔ دیہی چھتیس گڑھ میں ویکسینیشن سے متعلق صحیح معلومات کو عام کرنے کے لئے لوک گیتوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔

ہمیں ان علاقوں اور برادریوں کی نشاندہی کرنا ہوگی جو سب سے زیادہ ویکسین ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ پھر معاشرے کے رہنماؤں اور بڑے پیمانے پر اثر و رسوخ رکھنے والے افراد سے ویکسینیشن کے بارے میں مثبت خیالات پیدا کرنے کی اپیل کرنا ایک خوش آئند اقدام ہوگا ۔