یوکرین اور غزہ کی جنگیں: انجام خاموش نہیں بلکہ دھماکے دار ہوگا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-09-2025
یوکرین اور غزہ کی جنگیں: انجام خاموش نہیں بلکہ  دھماکے  دار ہوگا
یوکرین اور غزہ کی جنگیں: انجام خاموش نہیں بلکہ دھماکے دار ہوگا

 



سعید نقوی
یوکرین اور غزہ کی جنگیں ہماری اسکرینوں پر مسلسل نشر ہونے والے ٹی وی سیریلز کی مانند ہیں کیونکہ مصنفین کو ابھی تک آخری منظر لکھنے کا طریقہ نہیں آ سکا۔ کہانی کا عمومی بہاؤ سب کو معلوم ہے، مگر انجام واضح نہیں۔غزہ کی جنگ کا اختتام مسلسل مؤخر ہو رہا ہے کیونکہ امریکہ اور اسرائیل دونوں اس بات کے اعتراف سے کتراتے ہیں کہ ایک کی عالمی برتری اور دوسرے کی علاقائی بالادستی کا تصور کھوکھلا ہو چکا ہے۔ خصوصاً اس وقت جبکہ 2008 میں لیہمن برادرز کے انہدام کے بعد دنیا میں طاقت کا توازن تیزی سے شمال سے جنوب کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔

ویتنام کی شکست کے بعد امریکی عوام میں جو گہری مزاحمت پیدا ہوئی تھی، اس کے اثرات سے نکلنے میں دہائیاں لگیں۔ 1975 میں سائگون کے المیے کے بعد امریکی عوام غیر ملکی مداخلتوں کے سخت خلاف ہو گئے تھے۔نائن الیون کے بعد شروع ہونے والی جنگوں نے گویا امریکہ میں ایڈرینالین کا طوفان پیدا کر دیا۔ نیوکانز نے امریکی صدی کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کا بیڑا اٹھایا۔ امریکہ چھوٹے بڑے درجنوں محاذوں پر الجھ گیا اور دنیا بھر میں 760 فوجی اڈے قائم کیے۔ اسی دوران امیدوار ٹرمپ نے صدر جمی کارٹر سے سوال کیا: "چین امریکہ سے آگے نکل رہا ہے، ہمیں کیا کرنا چاہیے؟" کارٹر کا جواب مختصر مگر معنی خیز تھا: "ویتنام کے ساتھ 1978 کے جھڑپ کے سوا، چین کسی جنگ میں نہیں رہا؛ ہم نے جنگ بند ہی نہیں کی۔"

اگست 2021 میں افغانستان سے انخلا نے امریکی، بلکہ مغربی وقار کو اس سے بھی زیادہ ٹھیس پہنچائی جتنی ویتنام میں شکست نے 50 سال قبل پہنچائی تھی۔ ویتنامیوں کی ناقابلِ تسخیر قوم پرستی ایک عنصر تھا، لیکن اصل فیصلہ امریکی رائے عامہ نے کیا تھا جسے والٹر کرانکائٹ جیسے صحافیوں کی بے مثال رپورٹنگ نے ہموار کیا۔افغانستان میں اس کے برعکس، مین اسٹریم میڈیا نے منفی کردار ادا کیا اور حقیقت چھپائی۔ مغربی میڈیا کی ساکھ کے زوال کی ایک بڑی وجہ بھی یہی ہے۔ اس بداعتمادی کی کئی جہتیں ہیں مگر میں دو پر روشنی ڈالنا چاہوں گا۔

اوّل، ایک یکساں "مرڈوکائزیشن" نے عارضی "تنہا سپر پاور" کے لمحے کو مستقل حقیقت سمجھ لیا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ واشنگٹن پوسٹ کی اداریہ نگاری لوموند سے مختلف دکھائی نہ دیتی۔ یک قطبی دنیا تو ختم ہو گئی لیکن میڈیا پرانی عادتوں کا اسیر رہا اور اب بھی خود کو اسی لمحے کا خادم سمجھتا ہے۔

دوم، جب بھی جنگ چھڑتی ہے تو جنگی نامہ نگار لا محالہ پروپیگنڈہ نگار اور قصہ گو بن جاتا ہے۔ چونکہ امریکہ 1990 کی دہائی سے مسلسل جنگوں میں ملوث رہا ہے، اس لیے صحافیوں کی حیثیت پروپیگنڈہ کرنے والے افراد کی سی ہو گئی ہے، جن کی ساکھ باقی نہیں رہی۔

یوکرین اور غزہ دونوں محاذوں پر کہانی کا بیانیہ زمینی حقائق کے برخلاف ہے۔ میڈیا نے یہ منظرنامہ گھڑ لیا کہ پیوٹن نے بلا اشتعال حملہ کر کے اپنی "سامراجی خواہشات" پوری کرنے کی کوشش کی۔فراموش کر دیا گیا کہ 1991 میں جیمز بیکر نے گورباچوف کو یقین دلایا تھا کہ "نیٹو ایک انچ بھی روس کی سرحد کی طرف نہیں بڑھے گا۔" 2008 کے بخارسٹ اجلاس میں صدر جارج بش نے پیوٹن کی آنکھوں میں انگلی ڈال کر اعلان کیا کہ جارجیا اور یوکرین نیٹو میں شامل ہوں گے۔ یہ ریڈ لائن روس کبھی برداشت نہیں کرتا کیونکہ یہ اس کے لیے وجودی خطرہ تھا۔اس سے بھی بڑھ کر 2014 کا وہ بغاوت نما عمل تھا جب منتخب صدر یانوکووچ، جو غیر جانب دار رہنا چاہتے تھے، کو ہٹا کر مغرب نواز حکومت قائم کر دی گئی۔ ان سب باتوں پر مغربی میڈیا کی اجتماعی یادداشت ختم ہو گئی۔

غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی اور بھوک سے مار ڈالنے کی پالیسی کو دو برس تک اس لیے درست ٹھہرایا گیا کہ حماس نے 7 اکتوبر 2023 کو 1200 یہودیوں کو قتل کیا اور 251 کو یرغمال بنایا۔

یوکرین میں نیٹو، یورپی یونین اور امریکہ سب مل کر روس سے لڑ رہے ہیں۔ لیکن روس اور چین کے درمیان فروری 2022 میں اعلان کردہ "لامحدود شراکت داری" نے مغربی منصوبوں پر پانی پھیر دیا۔

درحقیقت دونوں جنگوں کو جاری رکھنے کا راز بورس جانسن نے افشاں کیا۔ اپریل 2022 میں استنبول میں ایک معاہدہ طے ہو گیا تھا مگر جانسن، جو "پارٹی گیٹ" اسکینڈل میں گھرے تھے، کیف پہنچ گئے اور زیلنسکی کو روکا: "مغرب ابھی جنگ ختم کرنے کو تیار نہیں۔" ان کے نزدیک یہ جنگ یوکرین کی نہیں بلکہ مغربی بالادستی کی تھی۔

یوکرین میں ہلاکتوں کی تعداد 17 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق روسی پیش قدمی مسلسل ہے۔ ڈونلڈ رمزفیلڈ جسے "پرانا یورپ" کہہ کر حقیر سمجھتے تھے، اس کے سات رہنما زیلنسکی کو ساتھ لے کر ٹرمپ کے دربارِ اوول میں پہنچے تاکہ پیوٹن سے بات نہ ہو اور جنگ اس کے شرائط پر ختم نہ کی جائے۔

غزہ میں دو برس بعد کیا نقشہ ہے؟ حماس کا حملہ اسرائیل کو شکست دینے کے لیے نہیں بلکہ اسرائیلی جوابی کارروائی کو دعوت دینے کے لیے تھا۔ اسرائیل نے عین اسی جال میں آ کر ایسی درندگی دکھائی کہ دنیا دنگ رہ گئی۔

سوچیے اگر ہٹلر جنگ کے بعد زندہ بچ جاتا تو کیا کسی عالمی فورم پر اس کا استقبال ہوتا؟ جواب ہے: ہرگز نہیں۔ تو پھر وہی منطق اسرائیل پر کیوں لاگو نہ ہو جس نے براہِ راست ٹی وی پر نسل کشی کی اور جس کی جنگی مہارت صرف مقبول رہنماؤں کے قتل تک محدود ہے۔اس جنگ کے بعد کا منظرنامہ؟ میں یہ تصور بھی نہیں کر سکتا کہ نیتن یاہو پر پھول برسائے جائیں گے۔ نہ وہ اور نہ ہی ان کا "دریا سے سمندر تک" کا منصوبہ باقی رہ سکے گا۔

اب سوال یہ ہے کہ مغرب دو نئی شکستوں کا سامنا کیسے کرے گا—ایک یورپ کے دل میں اور دوسری مغرب کے سب سے بڑے قلعے یعنی مغربی ایشیا میں؟ یہ آسان نہیں ہوگا۔ ٹاؤرس اور درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی باتیں ہو رہی ہیں۔ مایوسی میں شاید انہیں میدان میں اتار دیا جائے اور ماسکو و سینٹ پیٹرزبرگ کے گرد پہلے سے نصب کیمروں سے آتش بازی دکھا دی جائے تاکہ زمینی حقائق پر پردہ پڑ جائے۔ اسرائیل بھی کمر دیوار سے لگنے پر ایران کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ دنیا ماسکو اور تہران کی جانب خوف و جمود کے ساتھ نظریں جمائے رکھے گی