زیبا نسیم : ممبئی
امام حسین علیہ السلام کا ایک اہم سماجی پیغام لوگوں کی جہالت کے خلاف جہاد تھا۔ اس زمانے کے ظالموں نے حق اور باطل کے درمیان حدیں مٹا دی تھیں، چنانچہ امام حسین علیہ السلام نے عزم کیا کہ وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ اور اصحاب کی جانیں قربان کر دیں گے تاکہ نیکی کا حکم دیں اور برائی سے روکیں۔
ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام وہ ہیں جنہوں نے اسلام کو اس شکل میں بچایا جسے ہم جانتے ہیں۔ عاشورا کے دن ان کا دین کی خاطر عظیم قیام ان گنت نسلوں کے لیے تحریک کا باعث بنا ہے۔
ان کے لازوال اسباق تقریباً چودہ صدیوں بعد بھی مسلمانوں اور غیر مسلموں دونوں کے لیے اللہ اور اس کے رسولوں کی بندگی میں رہنمائی کرتے ہیں۔ یہاں امام حسین علیہ السلام سے سیکھے گئے 7 اسباق پیش ہیں
اللہ کی مرضی کے سامنے سر تسلیم خم کرنا
امام حسین علیہ السلام بچپن سے اپنی تقدیر سے واقف تھے، جب ان کے نانا حضرت محمد ﷺ نے کئی بار فرمایا کہ وہ کربلا نامی ایک سرزمین میں تنہا رہ جائیں گے۔ پھر بھی امام حسین علیہ السلام ہمیشہ اپنی تقدیر پر راضی رہے اور عاشورا کے دن جب وہ بالکل تنہا رہ گئے تو بھی اللہ کی تدبیر پر ذرہ برابر شک نہ کیا۔ کیا عبد اللہ علیہ السلام کا اللہ کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کا سب سے خوبصورت اظہار دعائے عرفہ میں ملتا ہے، جہاں پوری دعا میں اللہ کی حمد و ثنا اور شکر ادا کیا اور آخر میں دوزخ سے بچنے کی دعا مانگی۔ یہ ہمیں یہ اہم سبق سکھاتا ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی اللہ کی رضا پر راضی رہنا چاہیے۔
ذلت کو قبول نہ کرنا
اگرچہ کربلا کی جنگ اور اس کے بعد کی مصیبتوں کو امام حسین علیہ السلام اور ان کے اہل خانہ کی ذلت بنا کر پیش کیا گیا، لیکن عزت ہمیشہ امام علیہ السلام کی تھی، یزید کی نہیں۔
امام حسین علیہ السلام چاہتے تو مدینہ میں ہی یزید کی بیعت کر سکتے تھے؛ لیکن یہ ذلت اس لیے ہوتی کہ اسلام کی اصل روح یزید کے ہاتھوں ان کی آنکھوں کے سامنے تباہ ہوتی۔ امام حسین علیہ السلام کا ظالم کی بیعت سے انکار ان سب کے لیے اہم سبق ہے جو ظلم کے سامنے خاموش رہتے ہیں کہ مر جانا ذلت کے ساتھ جینے سے زیادہ عزت والا ہے۔ یہی بات ابا عبد اللہ علیہ السلام نے ایک خطبے میں خود فرمائی تھا
۔معاف کرنے کا جذبہ
عاشورا کی رات امام حسین علیہ السلام نے معاف کرنے کا قیمتی سبق دیا۔ دشمن لشکر کے کمانڈر حر بن یزید ریاحی نے امام حسین علیہ السلام کے قافلے کو روکا اور کربلا میں ٹھہرنے پر مجبور کیا۔ جب حر کو اپنی غلطی کا احساس ہوا تو وہ امام کے خیمے میں آئے اور قدموں میں گر کر معافی مانگی۔
امام حسین علیہ السلام انہیں آسانی سے معاف نہ بھی کرتے تو کوئی عجب نہ تھا کہ ان کے سبب یہ مصیبت آن پہنچی تھی۔ مگر امام نے فوراً معاف کر دیا اور انہیں یقین دلایا کہ رسول اللہ ﷺ نے بھی انہیں معاف کر دیا ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اگر کوئی شخص دل سے معافی مانگے تو اسے ضرور معاف کرنا چاہیے
۔نماز کی اہمیت
کربلا کی جنگ کے عین درمیان بھی امام حسین علیہ السلام نے نماز کی اہمیت کو نہیں بھلایا۔ جب ظہر کا وقت آیا تو امام اور ان کے اصحاب نے نماز ادا کی، اگرچہ یزیدی لشکر ان پر تیر برسا رہا تھا۔اسی لیے زیارت امام حسین علیہ السلام میں ہم گواہی دیتے ہیں کہ "میں گواہی دیتا ہوں کہ آپ نے نماز کو قائم کیا"۔ امام حسین علیہ السلام کی نماز کو اہمیت دینا ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم بھی جہاں ہوں اور جیسی بھی حالت ہو، نماز کو مقدم رکھیں۔
بچپن سے اسلام کی وفاداری
اگرچہ سب سے زیادہ عاشورا کو یاد کیا جاتا ہے، لیکن امام حسین علیہ السلام نے بچپن ہی سے اسلام کے لیے اپنی وفاداری دکھائی تھی۔انہوں نے مباہلہ کے دن رسول اللہ ﷺ کی مدد کی اور واقعہ کساء میں بھی موجود تھے۔ وہ اور امام حسن علیہ السلام سات اور آٹھ سال کی عمر میں ہی رسول اللہ ﷺ کے ہاتھوں "سیدا شباب اہل الجنة" کہلائے۔ یہ ہمیں بتاتا ہے کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی بندگی میں عمر کی کوئی قید نہیں
۔نیکی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا
امام حسین علیہ السلام کا ایک اہم پیغام لوگوں کی جہالت کے خلاف جہاد تھا۔ اس وقت کے ظالموں نے حق و باطل کی سرحدیں مٹا دی تھیں۔ امام حسین علیہ السلام نے عزم کیا کہ اپنی اور اپنے اہل بیت اور اصحاب کی جانیں قربان کر دیں گے تاکہ نیکی کو پھیلائیں اور برائی کو روکے، جو ان کی اسلام سے سچی وابستگی کی دلیل ہے۔واقعی ایسا ہی ہوا؛ امام کی شہادت کے بعد ابن زبیر اور مختار ثقفی کی تحریکیں اٹھیں جنہوں نے آخرکار اموی خلافت کو ختم کیا۔ یہ ہمیں سکھاتا ہے کہ نیکی کا حکم اور برائی سے روکنا کبھی ترک نہ کریں، چاہے اس کی قیمت اپنی جان کی قربانی ہو۔
انکساری سے رفاقت بنتی ہے
امام حسین علیہ السلام اللہ کے آخری نبی ﷺ کے نواسے تھے اور امام علی علیہ السلام کے بیٹے تھے۔ پھر بھی ابا عبد اللہ انکساری کا پیکر تھے۔ وہ کبھی خود کو دوسروں پر فوقیت نہ دیتے۔
انہی کی انکساری نے کئی اصحاب کو ان کی طرف کھینچا، جیسے حضرت حبیب بن مظاہر جو بڑھاپے میں بھی امام کی مدد کو دوڑے آئے، اور انہی کی انکساری کی بدولت اصحاب کربلا میں جان دینے کو بے تاب رہے۔ حضرت قاسم علیہ السلام نے اپنی شہادت کو "شہد سے زیادہ میٹھا" کہا۔ امام حسین علیہ السلام کی انکساری ایسی خوبی ہے جسے ہمیں بھی اپنانا چاہیے تاکہ مضبوط رفاقتیں قائم ہوں۔