دلائی لامہ کا اعلان: اگلا دلائی لامہ آزاد دنیا میں پیدا ہوگا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 06-07-2025
 دلائی لامہ کا اعلان: اگلا دلائی لامہ آزاد دنیا میں پیدا ہوگا
دلائی لامہ کا اعلان: اگلا دلائی لامہ آزاد دنیا میں پیدا ہوگا

 



ریٹا فرحت مکنڈ

دلائی لامہ کے چونکا دینے والے الفاظ "اگلا دلائی لامہ آزاد دنیا میں ہوگا" نے دنیا بھر میں گونج پیدا کی ہے۔ اس بیان نے کئی حلقوں میں امید اور امکان کی روشنی بکھیر دی، جبکہ کچھ لوگوں کو اس کے مفہوم پر غور و فکر میں ڈال دیا۔ کچھ کے لیے یہ بیان کسی دور کے خطرے کی گونج کی مانند بےچینی کا باعث

۔ یاد رہے کہ دلائی لامہ کا لقب، جس کا مطلب ہے "دانائی کا سمندر"، تبتی عوام کے لیے روحانی و سیاسی رہنما کی حیثیت رکھتا ہے۔

اتوار، 6 جولائی 2025 کو ہماچل پردیش کے دھرم شالہ میں دلائی لامہ کی 90ویں سالگرہ کی شاندار تقریبات منعقد ہوں گی۔ تبتی کیلنڈر کے مطابق یہ سالگرہ پانچویں مہینے کے پانچویں دن آتی ہے۔ بھارت کی مرکزی حکومت کی جانب سے مرکزی وزراء کرن ریجیجو اور راجیورنجن تقریب میں شرکت کریں گے اور دلائی لامہ کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔

پانچ سو سال پرانی روایت کے تسلسل میں موجودہ اور چودھویں دلائی لامہ، تینزن گیاتسو، 6 جولائی 1935 کو چین کے چنگھائی علاقے میں ایک کسان گھرانے میں لامو دھوندوپ کے نام سے پیدا ہوئے۔ جب وہ صرف دو برس کے تھے تو رِنپوچوں نے انہیں مختلف روحانی اشاروں کے ذریعے منتخب کیا۔ تبتی عوام انہیں "اوالوکیتیشورا" کا اوتار مانتے ہیں، جو محبت اور ہمدردی کے بودھی ستو کی شکل ہیں۔1913 میں جب چین میں چِنگ بادشاہت کا خاتمہ ہوا، تو 13ویں دلائی لامہ نے تبت کی آزادی کا اعلان کیا۔ تاہم بیجنگ کی حکومت نے اس دعوے کو کبھی تسلیم نہیں کیا

اکتوبر 1950 میں چین نے تبت پر حملہ کیا اور زیادہ تر علاقے پر قبضہ کرلیا۔ 10 مارچ 1959 کو چینی فوج نے لاسہ کو گھیر لیا۔ چینی افواج کے اس قدم سے خوفزدہ ہوکر تبتی عوام نے دلائی لامہ اور ان کے اہل خانہ سے درخواست کی کہ وہ فرار ہوجائیں۔

31 مارچ 1959 کو دلائی لامہ نے اپنے خاندان، محافظوں اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اروناچل پردیش کے کھنزیمانے پاس کے راستے بھارت میں داخل ہوکر جلاوطنی کا سفر شروع کیا۔ بھارتی سرحدی محافظوں نے ان کا خیرمقدم کیا، اور چُتانگمو چوکی پر حکومتی افسران نے باضابطہ استقبال کیا۔ اسی کے ساتھ دلائی لامہ نے دھرم شالہ، ہماچل پردیش میں تبتی حکومتِ جلاوطن کی بنیاد رکھی۔دلائی لامہ نے بارہا بھارت کے سیکولر کردار کو سراہا ہے اور اسے اپنی وسعتِ فکر کا ذریعہ قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے:

"سیکولرازم کے میدان میں بھارت جیسا کوئی دوسرا ملک نہیں۔"

گزشتہ چھ دہائیوں میں دلائی لامہ نے اپنے علم، سکون، ہمدردانہ رویّے اور دلکش مزاح سے عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی۔ ان کے جان اولیور کے ساتھ مشہور انٹرویو میں وہ مزاحاً کہتے ہیں کہ انہوں نے منگولیا کی شراب نوشی کا علاج گھوڑے کے دودھ سے کیا، جو وڈکا جیسا ذائقہ رکھتا ہے!

انہوں نے تبتی قوم کو آزاد، شفاف اور باوقار مستقبل کی تیاری کے لیے تربیت دی ہے۔ دلائی لامہ اپنی جاذب شخصیت، پرامن سوچ اور عالمی ہم آہنگی کے پیغام کے باعث دنیا بھر میں یکساں احترام حاصل کر چکے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ "میں صرف ایک انسان کے طور پر بات کرتا ہوں، ان انسانی اقدار کا حامی جو مہایان بدھ مت ہی نہیں بلکہ دنیا کے تمام مذاہب کی بنیاد ہیں۔ میری نظر میں عالمی مسائل کا حل انسان دوستی ہے، اور ہمدردی ہی عالمی امن کی بنیاد ہے۔"

انہیں 1989 میں نوبل امن انعام سے نوازا گیا، اس بنیاد پر کہ انہوں نے برداشت اور باہمی احترام کے ذریعے تبتی ثقافت و ورثے کے تحفظ کی پرامن کوششیں کیں۔البتہ 2014 میں بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا یہ بیان چونکا دینے والا تھا:

"دلائی لامہ کا ادارہ ایک دن ختم ہوجائے گا، کیونکہ یہ انسان کا بنایا ہوا ادارہ ہے۔ کوئی گمراہ شخصیت بھی اس منصب پر آ سکتی ہے، جو اس کی توہین کرے۔"

اس تناظر میں انہوں نے تجویز دی تھی کہ دلائی لامہ کی روحانی و سیاسی حیثیت ختم ہو، تاکہ تبتی برادری خود مختار ہو اور جمہوریت کے ساتھ ترقی کرے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ مذہبی پیشوا کو ملک نہیں چلانا چاہیے۔ تاہم تبتی عوام کا اصرار ہے کہ تبت آج بھی آزاد نہیں ہے، اور چین کی عسکری و سیاسی بالادستی قائم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اگلے دلائی لامہ کی ضرورت اب بھی برقرار ہے۔اب 89 برس کی عمر میں دلائی لامہ نے تسلیم کیا کہ ان کے بعد پندرہواں دلائی لامہ ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق تبت کے مستقبل کی جدوجہد ان کے بعد بھی جاری رہے گی۔

دلائی لامہ نے اپنی 2025 کی کتاب Voice for the Voiceless: Over Seven Decades of Struggle With China for My Land and My People میں لکھا:
"چونکہ تناسخ کا مقصد اپنے پیش رو کے مشن کو آگے بڑھانا ہوتا ہے، اس لیے نیا دلائی لامہ آزاد دنیا میں پیدا ہوگا تاکہ محبت و ہمدردی کی صدا بلند ہو، تبتی بدھ مت کی روحانی قیادت قائم رہے، اور دلائی لامہ کی علامتی حیثیت تبتی عوام کی امیدوں کا استعارہ بنی رہے۔"

دلچسپ بات یہ ہے کہ اپنی سالگرہ سے چند دن پہلے، دلائی لامہ نے اعلان کیا کہ ان کے جانشین کا انتخاب "آزاد تبتی عوام" اور گڈن پھودرانگ ٹرسٹ کے ذریعے ہوگا، اور چینی مداخلت کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے پہلے بھی کہا تھا کہ ان کی اگلی جنم بھارت میں ہو سکتا ہے۔

چین نے دلائی لامہ کے اس اعلان کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ صرف بیجنگ حکومت کو ان کے جانشین کے انتخاب کا حق حاصل ہے۔

اس کے برعکس، بھارت کے اقلیتی امور کے وزیر کرن ریجیجو نے دلائی لامہ کے اعلان کی حمایت کی۔ جواباً چین نے سخت بیان جاری کیا اور امید ظاہر کی کہ بھارت تبت سے متعلق معاملات میں مداخلت سے باز رہے گا، تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہ ہوں۔

بھارتی وزارت خارجہ نے معاملے کو سفارتی نرمی سے سنبھالتے ہوئے بیان دیا کہ بھارت تمام مذاہب کے ماننے والوں کی مذہبی آزادی کا احترام کرتا ہے، اور مذہب و عقیدے سے متعلق کسی بھی مسئلے پر پوزیشن لینے سے گریز کرتا ہے۔وزیر کرن ریجیجو نے بھی چین کے بیان پر کوئی ردعمل دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ "میں بطور عقیدت مند بول رہا ہوں، اور دلائی لامہ پر میرا ایمان ہے۔ جو لوگ دلائی لامہ کو مانتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ انہی کے ذریعے جانشین کا تعین ہو۔"

اب جبکہ دلائی لامہ کی 90ویں سالگرہ قریب ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس موقع پر مستقبل کے اہم منصوبوں کا اعلان کریں گے، دنیا بھر کے کروڑوں افراد ان کے خطاب کے منتظر ہیں۔ یہ کرشماتی روحانی پیشوا ایک بار پھر عالمی منظرنامے میں تبدیلی لا سکتے ہیں، اور شاید نئی تاریخ رقم کریں۔