راجیو نارائن
ہندوستان نے اپنے شہریوں کی زندگی میں برسوں کا اضافہ تو کیا ہے لیکن ان برسوں کے لیے مالی تحفظ فراہم نہیں کر سکا۔ لوگ پہلے سے زیادہ طویل عمر پا رہے ہیں لیکن ریٹائرمنٹ خاموشی سے ہندوستان کے سب سے بڑے مالی اور سماجی چیلنج میں تبدیل ہوتی جا رہی ہے۔ کبھی ریٹائرمنٹ ملازمت کا آخری باب ہوا کرتی تھی۔ آج یہ زندگی کا شاید سب سے طویل اور سب سے غیر یقینی باب بن چکی ہے۔
ہر ماہ کے پہلے کام کے دن کروڑوں ہندوستانی والدین ایک ہی خاموش معمول دہراتے ہیں۔ اخبار کھولنے یا صبح کی چائے ٹھنڈی ہونے سے پہلے وہ بینکنگ ایپ کھولتے ہیں یا پاس بک تازہ کرتے ہیں اور ایک مانوس اندراج تلاش کرتے ہیں۔ سود کی رقم جمع ہونے کا اندراج۔
یہ چھوٹی سی رقم محض بینک کھاتے کے توازن کا تعین نہیں کرتی۔ اسی سے دوائیں خریدی جاتی ہیں۔ گھر کا راشن آتا ہے۔ بجلی کا بل ادا ہوتا ہے۔ خون کا معائنہ کرایا جاتا ہے اور کبھی کبھی ڈاکٹر کے معائنے کی فیس کی فکر کیے بغیر ڈاکٹر کے پاس جانے کا حوصلہ بھی اسی رقم سے آتا ہے۔ یہی رقم طے کرتی ہے کہ پرانا فریج ایک اور گرمی برداشت کر پائے گا یا نہیں اور یہ بھی کہ پوتے یا پوتی کے ہاتھ میں 500 روپے رکھتے ہوئے دوسری بار سوچنا پڑے گا یا نہیں۔
یہ لوگ فضول خرچ نہیں ہیں۔ یہ وہ نسل ہے جس نے وہ سب کچھ کیا جو اسے کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔ انہوں نے سخت محنت کی۔ باقاعدگی سے بچت کی۔ قرض سے گریز کیا۔ قیاس آرائی پر مبنی سرمایہ کاری کے بجائے مقررہ مدتی جمع پر بھروسا کیا اور ریٹائرمنٹ کا خیرمقدم اس یقین کے ساتھ کیا کہ مالی احتیاط انہیں تحفظ فراہم کرے گی۔ کسی نے انہیں خبردار نہیں کیا تھا کہ خود ریٹائرمنٹ ہی تبدیل ہوجائے گی۔
ایک مختلف حساب
ایک وقت تھا جب ریٹائرمنٹ تقریباً ایک دہائی تک محدود رہتی تھی۔ اوسط عمر کم تھی۔ پنشن عام تھی۔ صحت کی دیکھ بھال نسبتاً سستی تھی اور خاندان ایک ہی چھت کے نیچے رہتے تھے۔ ریٹائرمنٹ کو سنہرے برسوں کا آغاز سمجھا جاتا تھا نہ کہ طویل مالی حساب کتاب کا آغاز۔وہ دنیا خاموشی سے ختم ہوچکی ہے۔ ہندوستان میں اوسط متوقع عمر 1960 کی دہائی میں 41 برس تھی جو آج تقریباً 70 برس ہوگئی ہے۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق 2050 تک تقریباً 35 کروڑ ہندوستانی 60 برس سے زیادہ عمر کے ہوں گے۔ یعنی تقریباً ہر پانچ میں سے ایک شہری۔ یہ آزاد ہندوستان کی صحت عامہ کی عظیم کامیابیوں میں سے ایک ہے۔ لیکن اب یہ ملک کے لیے سب سے بڑے معاشی امتحانات میں سے ایک بھی بنتی جارہی ہے۔
مسئلہ یہ نہیں ہے کہ ہندوستانی زیادہ عرصے تک زندہ رہ رہے ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ ریٹائرمنٹ کے لیے بنایا گیا مالی نظام طویل عمر کے مقابلے میں پیچھے رہ گیا ہے۔ ہندوستان کے 10 میں سے 9 کارکن اپنی عملی زندگی منظم شعبے سے باہر گزارتے ہیں جہاں ریٹائرمنٹ کے وقت پنشن نہیں ملتی۔ ریٹائر ہونے والوں کی پسندیدہ سرمایہ کاری مقررہ مدتی جمع ہے لیکن اس سے ملنے والا منافع پہلے کے مقابلے میں کم ہوگیا ہے جبکہ صحت اور گھریلو اخراجات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
ہندوستان نے شاید اپنے لوگوں کو زیادہ عرصے تک زندہ رہنے کے لیے تیار کیا ہے لیکن ان اضافی برسوں کے اخراجات پورے کرنے کے لیے تیار نہیں کیا۔ نتیجہ ایک المناک الٹ پھیر کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ ملازمت کے دوران آمدنی بڑھتی ہے جبکہ وقت محدود محسوس ہوتا ہے۔ ریٹائرمنٹ میں وقت بڑھ جاتا ہے لیکن آمدنی اکثر نہیں بڑھتی۔ آمدنی 60 برس کی عمر میں ریٹائر ہوجاتی ہے لیکن اخراجات کبھی ریٹائر نہیں ہوتے۔
ریٹائرمنٹ کا حساب
فرض کیجیے کہ ایک جوڑا 60 برس کی عمر میں ریٹائر ہوتا ہے۔ اس کے پاس زندگی بھر کی بچت کے طور پر 1 کروڑ روپے ہیں۔ کوئی پنشن نہیں ہے اور اپنا گھر موجود ہے۔ زیادہ تر ہندوستانیوں کے لیے 1 کروڑ روپے اب بھی مالی آسودگی کی انتہا محسوس ہوتے ہیں۔ لیکن حساب کچھ اور کہتا ہے۔ آج کی مقررہ مدتی جمع کی تقریباً 6.5 سے 7 فیصد شرح کے حساب سے اس رقم سے سالانہ 6.5 سے 7 لاکھ روپے آمدنی ہوگی جو ٹیکس سے پہلے تقریباً 55 ہزار سے 60 ہزار روپے ماہانہ بنتی ہے۔
اب اس کا موازنہ اخراجات سے کیجیے۔ متوسط طبقے کے گھر میں گھریلو اخراجات ماہانہ 40 ہزار سے 50 ہزار روپے تک پہنچ جاتے ہیں۔ ذیابیطس یا بلند فشار خون کی دوائیں۔ صحت بیمے کی قسطیں۔ تشخیصی معائنے۔ گھریلو مددگار۔ بجلی۔ دیکھ بھال کے اخراجات اور کبھی کبھار خاندان سے متعلق ذمہ داریاں شامل کر دی جائیں تو ماہانہ خرچ 70 ہزار روپے سے تجاوز کرسکتا ہے۔ پہلے سال یہ فرق بہت بڑا محسوس نہیں ہوتا لیکن تیزی سے بڑھنے لگتا ہے۔
اگر سالانہ مہنگائی کی شرح 6 فیصد ہو تو آج کے 70 ہزار روپے ماہانہ اخراجات کو 20 برس بعد اسی معیار زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے 2 لاکھ روپے سے زیادہ ہونا پڑے گا۔ ریٹائرمنٹ اب صرف اتنی رقم جمع کرنے کا نام نہیں رہی کہ ایک بڑا سرمایہ تیار ہوجائے۔ اصل مسئلہ یہ یقینی بنانا ہے کہ وہ سرمایہ تین دہائیوں تک مہنگائی۔ غیر یقینی صورتحال اور بڑھتے ہوئے طبی اخراجات کا مقابلہ کرسکے۔
اور ان واقعات کا کیا ہوگا جنہیں ریٹائرمنٹ کا کوئی مالی حساب کبھی خوش آمدید نہیں کہتا؟ مثلاً صحت کا اچانک بحران اور نجی اسپتال میں کئی لاکھ روپے کا علاج۔ ایک بیماری چند دنوں میں برسوں کی سودی آمدنی ختم کرسکتی ہے۔ اس لیے نہیں کہ ریٹائر ہونے والوں نے ناقص منصوبہ بندی کی تھی بلکہ اس لیے کہ جدید طب زیادہ ترقی یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ زیادہ مہنگی بھی ہوگئی ہے۔
یہ بڑھتی عمر کا نیا حساب ہے۔ زیادہ عرصے تک زندہ رہنا اب آسان ہے۔ ان اضافی برسوں کے اخراجات برداشت کرنا آسان نہیں۔
بدلتے ہوئے اصول
کئی دہائیوں تک ہندوستانیوں کے لیے مالی زندگی کا ایک سادہ اصول تھا۔ سخت محنت کرو۔ سمجھ داری سے بچت کرو اور محفوظ سرمایہ کاری کرو۔ لیکن ریٹائرمنٹ کے اصول بدل چکے ہیں۔ ایک نسل پہلے ریٹائر ہونے والے شخص کے پاس پنشن ہوتی تھی۔ متوقع عمر کم تھی اور خاندان ایک ہی گھر اور اخراجات دونوں میں شریک ہوتا تھا۔ اب کروڑوں لوگ بغیر پنشن کے ریٹائر ہوتے ہیں۔ 80 برس یا اس سے زیادہ عمر تک زندہ رہتے ہیں اور اکثر ایسے خاندانوں میں زندگی گزارتے ہیں جہاں بچے کسی دوسرے شہر یا کسی دوسرے ملک میں ملازمت کرتے ہیں۔
ریٹائرمنٹ اب زندگی کا وہ مرحلہ بن چکی ہے جہاں آمدنی محدود ہوجاتی ہے اور غیر یقینی صورتحال لامحدود ہوجاتی ہے۔ کوئی نہیں جانتا کہ 10 برس بعد شرح سود کہاں ہوگی۔ کوئی نہیں جانتا کہ 2046 میں دواؤں کی قیمت کتنی ہوگی۔ یہ بھی معلوم نہیں کہ مہنگائی بچت سے زیادہ تیز ہوگی یا نہیں اور ریٹائرمنٹ خود کتنے برس تک جاری رہے گی۔
ریٹائرمنٹ اب صرف دولت جمع کرنے کا نام نہیں بلکہ غیر یقینی صورتحال کو سنبھالنے کا نام ہے۔ یہی صورتحال بہت سے لوگوں کو ایسے فیصلے کرنے پر مجبور کررہی ہے جن کا انہوں نے کبھی تصور نہیں کیا تھا۔ ضروری نہ سمجھے جانے والے طبی علاج کو مؤخر کرنا۔ گھر کی مرمت ملتوی کرنا۔ غیر ضروری اخراجات کم کرنا یا اس اصل رقم کو استعمال کرنا جسے وہ محفوظ رکھ کر اپنی اولاد کے لیے چھوڑنا چاہتے تھے۔ اصل خوف فضول خرچی نہیں بلکہ بچت کے مسلسل گھٹتے جانے کا ہے۔
بڑھاپے کی بدلتی ہوئی صورت
اس تبدیلی کی سب سے خاموش عکاسی ہندوستان بھر میں بزرگوں کے لیے رہائشی بستیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان سے ہوتی ہے۔ کبھی انہیں غیر معمولی سمجھا جاتا تھا لیکن اب یہ شہری زندگی کا مستقل حصہ بنتی جارہی ہیں۔ کچھ جگہیں ساتھ اور رفاقت۔ پیشہ ورانہ نگہداشت اور خود مختاری فراہم کرتی ہیں۔ کچھ اس لیے وجود میں آئی ہیں کہ بہترین خواہش کے باوجود خاندان مختلف شہروں اور ملکوں میں رہتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر اپنے بزرگوں کی دیکھ بھال نہیں کرسکتے۔ آج ریٹائرمنٹ محض مالی زندگی کا ایک مرحلہ نہیں رہی بلکہ سماجی زندگی میں ایک بڑی تبدیلی بھی بن چکی ہے۔
اسی لیے اب یہ گفتگو صرف ذاتی بچت تک محدود نہیں رہ سکتی۔ پنشن میں اصلاحات۔ سستی صحت کی سہولت۔ مالی معاملات سے متعلق آگاہی۔ عمر رسیدہ افراد کے لیے موزوں رہائش۔ طویل مدتی نگہداشت۔ ریٹائرمنٹ کی آمدنی پر عائد ٹیکس اور مضبوط سماجی تعاون اب الگ الگ پالیسی مسائل نہیں رہے۔ یہ سب مل کر اس آبادی کے معیار زندگی کا تعین کرتے ہیں جو ہندوستان میں سب سے تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
آخری وعدہ
سنہرے برسوں کی اصطلاح آج بھی ایک خوشگوار احساس پیدا کرتی ہے۔ لیکن کروڑوں ریٹائر ہونے والوں کے لیے یہ برس اب کچھ خاموش سوالات بھی ساتھ لے کر آتے ہیں۔ کیا بچت پوری زندگی چل سکے گی؟ کیا علاج معالجہ قابل برداشت رہے گا؟ کیا مہنگائی کے باوجود خود مختاری برقرار رہے گی؟ کیا ایک سنگین طبی ہنگامی صورت حال کے بعد بھی کچھ رقم باقی بچے گی؟ یہ صرف ذاتی پریشانیاں نہیں ہیں۔ یہ ان سوالات کا حصہ ہیں جو اس معاشرے کی نوعیت سے متعلق ہیں جس میں ہندوستان تبدیل ہورہا ہے۔
ہر نسل کو ایک ایسا معاشی چیلنج ورثے میں ملتا ہے جو اس کے دور کی شناخت بن جاتا ہے۔ ہمارے والدین کے لیے یہ کافی آمدنی حاصل کرنا تھا۔ نوجوان خاندانوں کے لیے یہ گھر خریدنا ہے۔ ریٹائرمنٹ میں داخل ہونے والوں کے لیے شاید سب سے بڑا چیلنج صرف یہ یقینی بنانا ہے کہ ان کی بچت ان سے زیادہ عرصے تک قائم رہے۔ سادہ الفاظ میں ریٹائرمنٹ کا سب سے بڑا خطرہ اب زندگی کا ختم ہوجانا نہیں بلکہ زندگی ختم ہونے سے پہلے پیسہ ختم ہوجانا ہے۔
مصنف تجربہ کار صحافی اور ابلاغی امور کے ماہر ہیں۔