روس اور امارات نے خلیج میں قیام امن کی کوششیں تیز کیں

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 30-01-2026
روس اور امارات نے خلیج میں قیام امن کی کوششیں تیز کیں
روس اور امارات نے خلیج میں قیام امن کی کوششیں تیز کیں

 



ماسکو: امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان کریملن میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور عالمی و علاقائی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کریملن میں اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید کے اعزاز میں سرکاری استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جبکہ روسی فضائیہ نے ان کے طیارے کو اعزازی سلامی پیش کی۔

ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسرائیل۔فلسطین تنازعے کے منصفانہ حل کے لیے دو ریاستی حل کی حمایت پر زور دیا اور خطے میں جامع امن کے قیام کے لیے فوری اور مؤثر کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فریقین نے متحدہ عرب امارات اور روس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، خلاء اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ عالمی امن و استحکام کے حوالے سے دونوں رہنماؤں نے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور پرامن ذرائع کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر روس اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی معاہدوں کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کی امید کا اظہار بھی کیا گیا۔ ملاقات میں روس اور یوکرین کے قیدیوں کے تبادلے میں اماراتی ثالثی کے کردار کو سراہا گیا اور یوکرین بحران کے حل کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔