ریاض احمدکا انوکھا اسکول

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 27-05-2022
ریاض احمدکا انوکھا اسکول
ریاض احمدکا انوکھا اسکول

 

 

شاہ تاج خان،ممبئی

ریاض احمد جعفر شاہ مہاراشٹر کے جلگاؤں میں اقرا اردو ہائی اسکول میں استاد ہیں۔ ریاض احمد صرف تنخواہ دار ملازم نہیں ہیں۔ ان کی سوچ اور کوششوں سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ حقیقتاً استاد ہیں۔ ریاض احمد نے لاک ڈاؤن کے دوران نہ صرف بچوں کی تعلیم کے نقصان کا احساس کیا بلکہ اس کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی۔ ان کا منصوبہ دوسروں سے مختلف تھا۔ بچے اسکول نہ آ سکے تو ریاض احمد پورے اسکول کو لے کر بچوں کے پاس پہنچ گئے۔

awaz

استادوں کے استاد

ٹریکٹر ٹرالی میں دو بلیک بورڈ، سائنس لیب، ریاضی، جغرافیہ اور سائنس کے ماڈل، مراٹھی، انگریزی اور اردو زبان کی کتابوں کی چھوٹی لائبریری۔۔۔ یہ سکول دنیا کے مشہور سائنسدانوں کی تصویروں سے سجاہوا بھی ہے۔ ریاض احمد اپنی موٹر سائیکل کو باندھ کر جہاں چاہتے ہیں لے جاتے ہیں۔ اسے کہتے ہیں جہاں چاہ، وہاں راہ۔ لوگوں نے استاد کی اس پہل کو ہاتھوں ہاتھ لیا۔

ریاض احمد ’’تعلیم ہماری، ہرحال میں جاری‘‘ کا پیغام لے کر چلے تو بچے اور بڑے سب متوجہ ہوئے۔ کچی آبادیوں میں رہنے والے لوگوں نے اس "انوویٹیو موبائل اسکول" کا بڑے جوش و خروش سے استقبال کیا۔

علم کی شمع جلاتے ہیں ہمارے استاد

استاد وہ ہوتا ہے جو اپنے طلباء کو زندگی کے حقیقی مسائل کا سامنا کرنے کے قابل بناتا ہے۔ وہ نئی نسل کو مستقبل کے ناقابل تسخیر چیلنجوں کے لیے تیار کرتا ہے۔ ریاض احمد کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن اساتذہ کے لیے کسی چیلنج سے کم نہ تھا۔ سب نے اپنے لیے اس کا حل تلاش کیا۔ میں نے بھی اپنے طور پر کوشش کی۔ ریاض احمد نے خودتو ماڈل بنائے ہی ساتھ ہی بچوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے اردگرد موجود مواد سے ورکنگ ماڈل بنائیں۔ نتیجتاً بچوں نے اپنے گھروں میں منی لیبز تیار کیں۔

awaz

بچوں نے کچن میں موجود نمک، ہلدی، بیکنگ سوڈا اور ایسی بہت سی عام چیزوں کے فارمولے تلاش کر کے اپنے استاد کو حیران نہیں بلکہ خوش کیا۔

وہ اساتذہ جو ہماری درسگاہوں میں ہیں۔ درحقیقت یہ کمیونٹی کی بنیاد ہے۔

ریاض احمد کا کہنا ہے کہ میں بچوں میں سائنس کی دلچسپی اور سائنسی رجحان پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہوں۔ اسکول کے اندر بھی میری یہی کوشش تھی اور جب اسکول میرے ساتھ باہر آیا تو بھی میری کوشش یہی تھی کہ تربیت کسی بھی حالت میں بند نہ ہو۔ ان کا کہنا ہے کہ جب بچے ان ماڈلز کو اپنے ہاتھوں سے استعمال کرتے ہیں تو ان کے چہروں پر خوشی اور ان کی آنکھوں کی چمک میرے لیے کسی انعام سے کم نہیں۔

ہمارے استادقوم کے معمار

اب اسکول کھل گئے ہیں۔ بچے اسکول آنے لگے ہیں۔ لیکن ریاض احمد کا کارواں رکا نہیں۔ اب ان کا موبائل اسکول بستیوں، گلیوں کے ساتھ ساتھ اسکولوں سے ملنے والی دعوت پر اسکول جاتا ہے۔ موٹر سائیکل سے بندھی ٹریکٹر ٹرالی پر سجے ریاض احمد کے اختراعی موبائل اسکول کا سفر جاری ہے۔ کیونکہ ریاض احمد جعفر شاہ خود کہتے ہیں کہ ’’تعلیم ہماری،ہر حال میں جاری‘‘۔ امید ہے تعلیم کا یہ سفر اسی طرح جاری رہے گا۔